تازہ تر ین

اداکارہ ماہِ نور حیدر کا اپنے گھر جنات کے بسیرے کا انکشاف

لاہور: مقبول ترین ڈرامہ سیریل ‘خئی’ میں ‘آپانا’ کے کردار سے شہرت پانے والی پاکستانی اداکارہ و ماڈل ماہِ نور حیدر نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کے گھر گزشتہ کئی عرصے سے جنات کا بسیرا ہے۔

گزشتہ دنوں ماہِ نور حیدر نے اپنے ساتھی اداکار شجاع اسد کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے کامیڈی شو میں بطورِ مہمان شرکت کی تھی جہاں اُنہوں نے اپنے گھر سے متعلق ایک حیران کُن انکشاف کیا۔

شو کے میزبان تابش ہاشمی نے ماہِ نور حیدر سے سوال کیا کہ آپ نے اسکردو، گلگت بلتستان کے علاقوں میں شوٹنگ کی تو کبھی شوٹنگ کے دوران جنات وغیرہ سے سامنا ہوا؟

اس سوال کے جواب میں ماہِ نور حیدر نے کہا کہ میرے گھر میں جنات ہیں کیونکہ مجھے اکثر کچن سے میرے نام کی آوازیں سُنائی دیتی ہیں لیکن جب میں پیچھے مُڑ کر دیکھتی ہوں تو وہاں کوئی نہیں ہوتا۔

ماہِ نور حیدر نے کہا کہ مجھ سے قبل میری والدہ کو بھی اسی طرح کی آوازیں سُنائی دیتی تھیں، کوئی میری والدہ کو اُن کے نام سے پُکارتا تھا۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ سب کافی عرصے سے چل رہا ہے، کئی سال پہلے ایک بار ایسا ہوا تھا کہ میرے والد صاحب صبح کی واک کے لیے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے لیکن میری والدہ کو میرے والد صاحب گھر میں دکھائی دیے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ دراصل یہ واقعہ کچھ اس طرح ہوا کہ میرے والد صاحب صبح فجر کی نماز پڑھتے ہی واک پر چلے گئے تھے اور جب میری والدہ فجر کی نماز کے لیے اُٹھیں تو میری والدہ نے والد کو کمرے میں دیکھا۔

ماہِ نور حیدر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر جب میرے والد صاحب واک کرکے واپس گھر آئے تو والدہ نے اُن سے پوچھا کہ آپ تو گھر میں تھے تو اب آپ اچانک باہر سے کیسے آرہے ہیں؟ جس پر میرے والد صاحب نے کہا کہ میں تو تمہارے اُٹھنے سے پہلے ہی واک پر چلا گیا تھا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ اُس وقت سے ہمیں اپنے گھر میں عجیب و غریب سرگرمیاں محسوس ہوتی ہیں لیکن اب ہمیں عادت ہوچکی ہے۔



خاص خبریں



سائنس اور ٹیکنالوجی



تازہ ترین ویڈیوز



HEAD OFFICE
Khabrain Tower
12 Lawrance Road Lahore
Pakistan

Channel Five Pakistan© 2015.
© 2015, CHANNEL FIVE PAKISTAN | All rights of the publication are reserved by channelfivepakistan.tv