امریکا کا چین سے مقابلے کیلئے بھارت کو دفاعی اتحادی بنانے کا فیصلہ

امریکا : (ویب ڈیسک) چین سے مقابلے کے لیے امریکا نے بھارت کو دفاعی اتحادی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین سے متعلق امریکا کی دفاعی حکمت عملی جاری کردی گئی جس کے مطابق امریکا نے چین سے مقابلے کے لیے بھارت کو دفاعی اتحادی بنانے کا فیصلہ کیا ہے،امریکی نیشنل اسٹریٹجک رپورٹ میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے۔
پینٹاگون کی نیشنل ڈیفنس اسٹریٹجی کے مطابق چین امریکا کا اسٹریٹجک حریف ہے ،امریکا اور بھارت مل کر چین کا مقابلہ کریں گے،پالیسی کے تحت چین کی طرف سے جارحیت کی صورت میں امریکا بھارت کی مدد کرے گا۔امریکی حکمت عملی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ چین واحد ملک ہے جو عالمی آرڈر کو بدل سکتا اورارادہ بھی رکھتا ہے۔چین اور روس میں تعلقات بڑھ رہے ہیں، چین سے مقابلے کے لیے امریکی دفاع کو مزید مضبوط کیا جائے گا،افغانستان سے انخلا کے بعد مشرق وسطیٰ میں بھی فوجی موجودگی کو درست کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ گلف تعاون کونسل، یو اے ای اور سعودی عرب کے ساتھ فضائی اور میزائل ڈیفنس تعاون جاری رہے گا۔

حملہ آور امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کو اغوا کرنا چاہتا تھا، پراسیکیوٹر

سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کے گھر پر حملہ کرنے والا ملزم نینسی پلوسی کو اغوا کرنا چاہتا تھا۔
ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے گھر پر پچھلے ہفتے حملہ آور کی جانب سے دھاوا بولا گیا تھا اور ان کے شوہر پال کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پراسیکیوٹر کا دعویٰ ہے کہ کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والا ملزم ڈیوڈ ڈی پیپے نینسی پلوسی کو اغوا کر کے ان سے پوچھ گچھ کرنا چاہتا تھا اور تہیہ کیا ہوا تھا کہ اگر ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے جھوٹ بولا تو ان کے گھٹنے کی ہڈی توڑ دے گا تاکہ ڈیموکریٹس کو سبق سکھایا جاسکے۔رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد سان فرانسسکو پولیس کا کہنا تھا کہ جب پولیس نینسی پلوسی کے گھر پہنچی تو حملہ آور ہتھوڑے سے ان کے شوہر پال پر حملہ کر رہا تھا جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر اسے روک کر گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ شبہ ہے کہ حملہ آور اسپیکر نینسی پلوسی پر حملے کی غرض سے گھر میں داخل ہوا تھا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھیں۔ پال پلوسی کے سر میں فریکچر کی سرجری کی گئی ہے اور ان کے بائیں بازو میں بھی گہرے زخم آئے۔

امریکا تعصب کی عینک لگانا بند کرے، چین

چین : (ویب ڈیسک) چین کا کہنا ہے کہ امریکا کو چین سے معاملات میں تعصب کی عینک نہیں لگانی چاہیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ٹیلیفون پر بات چیت میں چینی وزیرخارجہ وانگ ای کا کہنا تھا کہ چین سے معاملات میں امریکا کو متعصب نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چین سے متعلق اندازوں میں امریکا تعصب کی عینک لگانا بند کرے، چین کی داخلی اور خارجی پالیسیاں صاف اور شفاف ہیں اور چین کے اسٹریٹجک ارادے بھی واضح ہیں۔

پی آئی اے خسارے سے نہ نکل سکی، رواں سال کے 9 ماہ میں67 ارب روپے کا خسارہ

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ائیرلائن پی آئی اے کو رواں سال 2022 کے 9 ماہ میں اربوں روپوں کے خسارے کا انکشاف ہوا ہے۔
پی آئی اے کی مالی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ قومی ائیرلائن کو رواں سال کے 9 ماہ میں 67 ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے،خسارے میں 57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ سال 2021 میں اسی عرصے میں 42 ارب روپے کا خسارہ ہوا تھا۔

سری لنکا سے شکست، افغانستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے نکلنے والی پہلی ٹیم

برسبین : (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی جس کے ساتھ افغانستان کا ٹی توئنٹی ورلڈ کپ کا سفر ختم ہوگیا۔
برسبین میں ہونے والے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے فیلڈنگ کی دعوت دی۔ افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز اسکور کیے۔
سری لنکا نے145 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا۔
آج گروپ ون میں دوسرا اہم میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔
افغانستان اپنا آخری میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا جب کہ سری لنکا کو اب انگلینڈ سے کھیلنا ہے۔

لانگ مارچ کا نیا شیڈول ، اتوار کو جہلم پہنچے گا

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) تحریک انصاف کی جانب سے لانگ مارچ کا نیا شیڈول جاری کر دیا، نئے شیڈول کے مطابق جہلم تک کا پلان جاری کیا گیا ہے۔
تحریک انصاف کا لانگ مارچ اتوار کو جہلم پہنچے گا، عمران خان آج چن دا قلعہ سے مارچ شروع کرکے گوندالا والا باغ پر ختم کریں گے، لانگ مارچ کل ہندی بائی پاس سے شروع ہو کر گکھڑ منڈی پر اختتام پذیر ہو گا جبکہ جمعرات کو وزیر آباد سے گجرات تک کا سفر طے کیا جائے گا۔
نئے شیڈول کے مطابق جمعے کو گجرات سے لالہ موسیٰ تک لانگ مارچ پہنچے گا، لانگ مارچ ہفتے کو لانگ مارچ کھاریاں سے ہو کر سرائے عالمگیر پہنچے گا، اتوار کوسرائے عالمگیر سے لانگ مارچ جہلم پہنچے گا۔

پاک بھارت ٹیسٹ سیریز، بی سی سی آئی نے امکان مسترد کر دیا

دبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آسٹریلیا میں پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے امکان کو مسترد کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے عہدیدار نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی اور اے سی سی ایونٹس کے علاوہ کوئی سیریز کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، بھارتی بورڈ نجی ادارہ نہیں ہیں حکومتی پالیسیوں کا پابند ہے۔
عہدیدار نے کہا اگر مودی حکومت اجازات نہیں دیتی تو دونوں ممالک کے درمیان کسی قسم کی سیریز کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے، باہمی میچز کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہورہی،دبئی میں اے سی سی میٹنگ کے دوران چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ٹرائنگولر سیریز کی تجویز دی مگر بھارتی حکومت نے رضامندی ظاہر نہیں کی۔
گزشتہ روز میڈیا میں یہ بات گردش کررہی تھی کہ آسٹریلوی آل راؤنڈر سائمن اوڈونل نے کہا ہے کہ میلبرن اسٹیڈیم میں دونوں روایتی حریفوں کے مابین ٹیسٹ میچ کیلیے بات چیت ہورہی ہے جہاں پاکستان، بھارت اور آسٹریلیا کی ٹرائنگولر سیریز کا بھی امکان ہے جبکہ تینوں ملکوں کو شامل کرکے ون ڈے سیریز بھی ممکن ہوگی۔

ایران نے سمگل شدہ ایندھن لے جانیوالے غیر ملکی جہاز کو پکڑ لیا

تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے سمندری حدود سے سمگل شدہ ایندھن لے جانے والے غیر ملکی جہاز کو قبضے میں لے لیا، جہاز سے 11 ملین لٹر اسمگل شدہ ایندھن برآمد ہوا ہے۔
ایرانی خبررساں ایجنسی نے صوبہ ہرمزگان میں جوڈیشل اتھارٹی کے سربراہ مجتبیٰ جہرمانی کے حوالے سے بتایا پاسداران انقلاب نے ایک غیر ملکی بحری جہاز کی تلاشی لی جس سے 11 ملین لٹر سمگل شدہ ایندھن برآمد ہوا، جہاز کے کپتان اور عملے کے ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پاسداران انقلاب نے کہا جہاز کے عملے سے تفتیش کی جارہی ہے، فوری طور پر جہاز کی شناخت اور اس کی منزل کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

وائٹ ہاؤس میں ہیلووین کی سالانہ تقریب کا انعقاد

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) وائٹ ہاؤس میں ہیلووین کی تقریب کاانعقاد کیاگیا،امریکی صدر اور خاتون اول نے شرکت کی، اس موقع پر وہ بچوں اورشہریوں میں گھل مل گئے۔
تقریب کااہتمام وائٹ ہاؤس میں کیا گیا جس میں شہریوں اوربچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر وائٹ ہاؤس کے گارڈن میں مصنوعی مکڑی کے جال اور کدوؤں سے سجاوٹ کی گئی، وائٹ ہاؤس کے شیفس نے لذیذ مٹھائیاں، کوکیز اور چاکلیٹس سمیت بچوں کے من پسند پکوان تیار کئے۔
امریکی صدر جوبائیڈن اورخاتون اول بچوں اور شہریوں سے خوش گپیوں میں مصروف رہے، اس موقع پر صدر بائیڈن اور خاتون اول نے تحائف بھی تقسیم کئے۔

معمولی جھگڑے پر تیزاب گردی، خواتین سمیت 4 افراد جھلس کر زخمی

لاہور: (ویب ڈیسک) شاہدرہ ٹاؤن میں تیزاب گردی کے باعث خواتین سمیت چار افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں رشتہ داروں میں معمولی جھگڑا خوف ناک صورت اختیار کرگیا، مشتاق نے گھر میں داخل ہو کر خواتین بچوں سمیت چار افراد پر تیزاب پھینک دیا، تیزاب سے جھلسنے والوں میں 11 سالہ صدف، رفعت، راشد اور صادق شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ملزم مشتاق کو تھانہ شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے گرفتار کرلیا۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے لگی

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے لگی ہے، امریکی کرنسی کی قیمت میں مزید کمی ہو گئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 39 پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعد امریکی کرنسی 220 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ کمی ہوئی ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 226 روپے 50 پیسے پر فروخت ہو رہا ہے۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 22 پیسے کمی ہوئی تھی جس کے بعد امریکی کرنسی 221 روپے 25 پیسے پر بند ہوئی تھی۔

عمران خان کا مقصد الیکشن نہیں، خون خرابہ اور مارشل لا ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان لانگ مارچ کی تقاریر میں دھمکیاں دیتے ہیں، لوگوں کو عمران خان کے منصوبے کا علم ہے، ان کا مقصد الیکشن ہی نہیں، خون خرابہ اور مارشل لا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک میں ایمرجنسی کے خواہاں ہیں، عمران خان کہتے ہیں پورا پاکستان کھڑا ہے لیکن کچھ لوگوں کے مجمع کو عوام نہیں کہا جاسکتا، عمران خان کہتے ہیں کہ میڈیا آزاد نہیں اگر میڈیا آزاد نہ ہوتا آپ کی آواز یہاں تک نہ آتی۔
ریاست اپنے لوگوں کی حفاظت کرنا جانتی ہے، عمران خان نے اعتراف کرلیا کہ وہ ملک میں مارشل لا لگوانا چاہتے ہیں، وہ خون خرابے سے انقلاب چاہتے ہیں، ایک طرف ادب دوسری طرف گالی، دماغ کی خرابی اور فرسٹیشن ہے، عمران خان نے آرمی چیف کو اقتدار بچانے کیلئے تاحیات ایکسٹینشن کی آفردی تھی، آرمی چیف کو مدت ملازمت میں تاحیات توسیع کی پیش کش آئین سے کھلواڑ ہے،
عمران خان نے کہا انہیں کہا گیا کہ یہ لوگ کرپٹ اور چور ہیں، تو پھر آپ نے کیوں جیلوں میں ڈالا؟ حکومت عمران خان کے دھرنے سے نمٹنا جانتی ہے ، عمران خان کو گھر بھیج دیں گے، انہیں اپنے منصوبے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ریڈزون کی توسیع ہنگامہ آرائی کا ماسٹر پلان ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریڈ زون کی توسیع ہنگامہ آرائی کا ماسٹر پلان ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی حکمت عملی نومبر میں فیصلہ لے کر جائے گی، نواز شریف کا بیانیہ دیوالیہ پن، انتخابات سے فراری اور جمہوریت دشمن ہے، یہ ریلیف دینے نہیں ریلیف لینے آئے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کی الیکشن سیاست دفن ہو گئی، اس لیے خوف پھیلا رہی ہے، انہیں اقتدار میں لانے والے پچھتا رہے ہیں، الیکشن ہر صورت کرانے ہوں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے ایم ایل 1 چھ ارب ڈالر میں ایکنک سے منظور کیا تھا، موجودہ حکومت نے تقریباً 10 ارب ڈالر کر دیا ہے، ریڈ زون کی 4 کلو میٹر اور 6 پوش سیکٹر تک توسیع ہنگامہ آرائی کا ماسٹر پلان ہے۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ارشد شریف اور صدف نعیم کی شہادت کو عمران خان کے گلے ڈالنے میں ناکام ہو گئی ہے، لال حویلی پر قبضے کے لیے میری لاش سے گزرنا ہو گا۔