میری جان نکال لیتے پروا نہیں تھی لیکن میری عزت پر ہاتھ ڈالا گیا: اعظم سواتی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہےکہ میری جان نکال لیتے اس کی پروا نہیں تھی لیکن انہوں نے میری عزت پرہاتھ ڈالا جب کہ مجھے نامعلوم جگہ لے جاکر میری ویڈیو بنائی گئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اعظم سواتی نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو سرٹیفائیڈ مجرم اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جو تم پاکستانی قوم کے سامنے بورہے ہو وہی کاٹو گے، میرے گھر سے تلاشی کے دوران قیمتی چیزیں لے گئے، تفتیشی افسر نے 2 دن بعد اپنی کسٹڈی میں مجھ سے دستخط کروایا۔انہوں نے کہا کہ میری جان نکال لیتے اس کی پروا نہیں تھی لیکن انہوں نے میری عزت پرہاتھ ڈالا، مجھے نامعلوم جگہ لے جاکر میری ویڈیو بنائی گئی۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ میرا کیس کھولنے پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کرتا ہوں، میری سی سی ٹی وی کیمرے کو عدالت عظمیٰ اپنی تحویل میں لے، اس کا فارنزک کرایا جائے تاکہ معلوم ہوسکے کہ کتنے بندے میرے گھر آئے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ میرے آدھے کیس کی شہادت وہ سی سی ٹی وی کیمرا ہے لیکن سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ بیک اپ بھی اٹھا کرلے گئے۔

ایلون مسک ٹوئٹر کے بلیو ٹک پر کتنے روپے ماہانہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں؟

سان فرانسسکو: (ویب ڈیسک) دنیا کے امیر ترین شخص کی جانب سے ٹوئٹر کا انتظام سنبھالنے کے بعد متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو کمپنی سے باہر نکال دیا ہے جبکہ مختلف رپورٹس کے مطابق ملازمین کی چھانٹی پر بھی غور کیا جارہا ہے۔مگر اس کے ساتھ ساتھ وہ ٹوئٹر کے ویریفائیڈ صارفین کے حوالے سے پالیسی میں تبدیلی لانے پر کام کررہے ہیں، جس کو ایلون مسک نے مکمل طور پر بدلنے کا عندیہ دیا ہے۔
31 اکتوبر کو رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ ٹوئٹر کے صارفین کو بلیو ٹک برقرار رکھنے کے لیے 20 ڈالرز ماہانہ ادا کرنا پڑسکتے ہیں۔
اب واقعی ایسا ہوتا ہے تو کتنی فیس ہوگی ابھی تو کچھ کہنا مشکل ہے مگر ایلون مسک نے ضرور ماہانہ فیس کی رقم کا عندیہ ایک ٹوئٹ میں دیا۔
معروف مصنف اسٹیفن کنگ کی جانب سے 20 ڈالر ماہانہ فیس پر ایک ٹوئٹ میں سخت ردعمل ظاہر کیا گیا تھا جس کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے کہا کہ ٹوئٹر محض اشتہارات پر نہیں چل سکتا، آمدنی کے دیگر ذرائع بھی ضروری ہیں۔
انہوں نے صارفین سے پوچھا کہ 8 ڈالرز (1773 پاکستانی روپے) ماہانہ فیس ادا کرنے کے بارے میں کیا خیال ہے؟
خیال رہے کہ یہ کمپنی اس وقت مخصوص ممالک میں ٹوئٹر بلیو سبسکرائپشن کے لیے ساڑھے 4 ڈالرز ماہانہ لے رہی ہے۔
ایلون مسک کا کہنا تھا کہ ہمیں بلوں کو ادا کرنا ہی ہوگا جس کے بغیر کمپنی کو چلانا ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس منصوبے پر عملدرآمد سے قبل مکمل وضاحت کریں گے، اس سے ہی ہم بوٹس اور ٹرولز کو شکست دے سکتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹوئٹر میں ایک بڑی تبدیلی پہلے ہی آچکی ہے جس کا علم بیشتر افراد کو نہیں ہوسکا۔
اگر آپ ٹوئٹر کی سائٹ اوپن کریں تو لاگ ان اسکرین مختلف ہوگی اور لاگ ان ہوئے بغیر بھی ٹوئٹس کو دیکھنا ممکن ہے، پہلے ایسا نہیں تھا۔
ایلون مسک اس وقت ٹوئٹر کے سی ای او اور چیئرمین ہیں اور ان کے مطابق وہ عارضی طور پر کمپنی کے واحد ڈائریکٹر بھی ہیں۔

عمران خان کا الیکشن کمشنر کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

گوجرانوالہ: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے الیکشن کمشنر کے خلاف ہرجانے کے لیے عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم اگر آزاد نہیں ہوتی تو اس کی عزت نہیں ہوتی اور پرواز کے لیے اللہ نے انسان کو پر دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتیں عوام کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرتی ہیں لیکن عام آدمی کچہری میں رلتا ہے اور اس کی شنوائی نہیں ہوتی۔ عام آدمی کے بنیادی حقوق نہیں ہوتے کیونکہ وہ غلام ہوتے ہیں۔ حکومت کو اسکرپٹ باہر سے ملتا ہے اور حکومت کو اسکرپٹ دیا جاتا ہے کہ روس سے سستا تیل نہیں لینا۔
عمران خان نے کہا کہ ارشد شریف کو ملک چھوڑنا پڑا اور اسے شہید کر دیا گیا۔ مجھ پر درجنوں مقدما ت درج کیے گئے اور الیکشن کمشنر کے خلاف تو میں ہرجانے کے لیے عدالت جاؤں گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف کو ان کے حلقے میں ہرا دوں گا اور آصف زرداری کے پیچھے سندھ آ رہا ہوں۔ میں نواز شریف نہیں کہ ملک سے فرار ہو جاؤں جبکہ نواز شریف نے میڈیکل رپورٹس میں بھی دھاندلی کی اور باہر گئے لیکن میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ لندن میں بھگوڑا نواز شریف اور آصف زرداری مل کر سازش کر رہے ہیں۔ آصف زرداری کا ولایتی بیٹا تو اردو انگریزی کی طرح بولتا ہے۔

مذاکرات سے انکار نہیں تاہم بے اختیار لوگوں سے نہیں کرنے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مذاکرات سے انکار نہیں تاہم بے اختیار لوگوں سے مذاکرات نہیں کرنے۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ اگر لانگ مارچ میں کم لوگ ہیں تو آپ سیکیورٹی واپس کیوں نہیں لے لیتے ؟
سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئی فیس سیونگ ایکسر سائز نہیں ہے، لوگ پیدل چل رہے ہیں اور تصادم ہمارا مقصد نہیں ہے بلکہ یہ سرکاری پراپیگنڈ ہے جو لوگوں کے ذہنوں میں ڈالا جارہا ہے، عمران خان صاحب نے پہلے بھی کہا کہ مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا تاہم مذاکرات بے اختیار لوگوں سے تو نہیں کرنے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا مقصد پورا ہو جاتا ہے تو بلاوجہ ملک کو اس کیفیت میں مبتلا نہیں رکھنا چاہتے۔ خان صاحب نے رات کہا کہ بھارتی میڈیا بلا وجہ شادیانے بجا رہا ہے تو میں اس کی نفی کرتا ہوں اور ہم کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک یا اداروں کو نقصان ہو۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چن دا قلعہ میں استقبال قابل دید تھا اور گوجرانوالہ میں دو تاریخی جلسے ہوئے۔ مسلم لیگ ن کو سمجھ جانا چاہیے اب جی ٹی روڈ وہ نہیں رہی اور ہمارے لانگ مارچ کو منفی رنگ دینے کے لیے منظم منصوبہ تیار کیا گیا ہے تاہم چار دن سے ہم لانگ مارچ میں ہیں کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لانگ مارچ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ خونی مارچ ہے۔ بدقسمتی سے گزشتہ دنوں افسوسناک حادثہ ہوا جس کا ہمیں دکھ ہے لیکن ہمارے مارچ نے ثابت کیا کہ ہم پر امن ہیں، اور پر امن رہیں گے اور اگر لانگ مارچ میں آگے کچھ ہوا تو ان کے زیراستعمال لوگ کریں گے۔ گزشتہ دنوں سے ایک بات ہو رہی ہے کہ ایک اور پریس کانفرنس آرہی ہے تو عمران خان کہہ چکے ہیں جو بھی پریس کانفرنس کرے گا خود کو نقصان پہنچائے گا۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ بڑے شہر میں داخلے سے قبل ہمیں بہتر کوریج دینے والے چینلز کو آف ائیر کر دیا جاتا ہے۔ ماضی میں بہت غلطیاں ہوئی ہیں اور ہمیں ان سے سیکھنا چاہیے۔ گوجرانوالہ میں عمران خان کے خلاف وال چاکنگ کی گئی لیکن آپ بیانیے کی جنگ ہار چکے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا کہ ہمارے کارواں میں لوگ بڑھتے جارہے ہیں اور ہم اسلام آباد کے لیے آگے بڑھتے جارہے ہیں۔ ہم ایک حادثے سے دوچار ہوچکے ہیں اس لیے آگے احتیاط کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز نواز شریف کا بیان آیا کہ لانگ مارچ میں 2،3 ہزار لوگ ہیں لیکن حکومت نے 41 کروڑ روپے کے اضافی گرانٹ اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے منظور کیے۔ حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ کیا آپ کا سامنا ملک دشمنوں سے ہے؟ احتجاج، دھرنا اور لانگ مارچ ہمارا بنیادی حق ہے اور اگر آپ سمجھتے ہیں کہ لانگ مارچ میں کم لوگ ہیں تو آپ سیکیورٹی واپس کیوں نہیں لیتے؟
فواد چودھری نے کہا کہ شہباز شریف کو خود یقین نہیں کہ وہ وزیر اعظم ہیں اور گزشتہ روز حکمرانوں نے 4 پریس کانفرنسز کیں اور کہا کہ پی ٹی آئی فوج کے خلاف ہے جبکہ فاطمہ جناح کے خلاف بھی ایسی مہمات چلائی گئی تھیں جو آج پی ٹی آئی کے خلاف چلائی جا رہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل کیا اور اگلے ہی ہفتے کرم سے ضمنی انتخابات میں فتح ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ 30 ہزار سے زیادہ لوگ اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں اور لانگ مارچ کو حادثے سے بچا کر اسلام آباد پہنچانا ضروری ہے۔ رانا ثنا اللہ اور مریم اورنگزیب کو خوف کس بات کا ہے اور ہم سب سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ فیصلہ عوام کو کرنے دیا جائے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا مطالبہ کوئی غیر آئینی اور غیر قانونی نہیں بلکہ شفاف انتخابات کا ہے اور انہیں عوام کے فیصلوں پر سر تسلیم خم کرنا پڑے گا جنہوں نے عمران خان کو تحریک عدم اعتماد سے نکالا انہیں فیصلے درست کرنا ہوں گے۔

پیرس اوپن ٹینس: کیمرون کا فاتحانہ آغاز، مرے کو ابتدائی راؤنڈ میں شکست

پیرس: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے ٹینس کھلاڑی کیمرون نوری اے ٹی پی پیرس ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
کیمرون نوری نے سربیا کے میومیر کیکمانووک کو شکست دی جبکہ برطانوی سابق عالمی نمبر ایک اینڈی مرے کو پہلے راؤنڈ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں 27 سالہ برطانوی ٹینس کھلاڑی کیمرون نوری نے عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے سربیا کے میومیر کیکمانووک کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 4-6 سے شکست دے کر نہ صرف ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کیا بلکہ دوسرے رائونڈ کے لئے بھی کوالیفائی کر لیا۔
فتح کے بعد کیمرون نوری نے اپنے 49 ویں اے ٹی پی میچز جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا، ایک اور میچ میں میزبان کھلاڑی گیل سائمن نے سخت مقابلے کے بعد 35 سالہ برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ گیل سائمن کی فتح کا سکور 6-4، 5-7 اور 3-6 تھا۔

ورلڈکپ جیتنے نہیں آئے بھارت کو ہرا کر اپ سیٹ کی کوشش کرینگے: شکیب الحسن

سڈنی: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا ہے کہ ہم ورلڈکپ کی فیورٹ ٹیم بھارت کو ہرا کر اپ سیٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران شکیب الحسن نے کہا کہ اس ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت فیورٹ ٹیم ہے جسے ہماری ٹیم اپ سیٹ کرنے کی پوری کوشش کرے گی۔
بنگلادیشی کپتان نے کہا کہ ہم ورلڈکپ جیتنے کا سوچ کر آسٹریلیا نہیں آئے تھے بلکہ ایک پاورفل سائٹ بھارت کو ہلانے کی اپنی بہترین کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کوئی ورلڈکپ کی فیورٹ ٹیم نہیں اس لیے ہم نے ورلڈکپ جیتنے کا نہیں سوچا، ہماری صورتحال سمجھی جاسکتی ہے، اگر ہم بھارت کے خلاف جیت جاتے ہیں تو یہ ایک اپ سیٹ کہلائے گا اور اس اپ سیٹ کو کرنے کے لیے بہترین کوشش کریں گے۔

جمہوریت پسند سیاستدان اداروں کو مارشل لاء پر نہیں اکساتا: شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کا مارشل لاء لگانے کا بیان قابل مذمت ہے، جو سیاستدان 26 سال سیاسی جدوجہد کا دعویٰ کرتا ہے وہ یہ نہیں کہتا کہ مارشل لا لگانا ہے تو لگا دو۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ جمہوریت پسند سیاستدان اداروں کو مارشل لا لگانے پر نہیں اکساتا، عمران خان چاہتے ہیں ملک میں مارشل لا لگے، عمران خان چاہتے ہیں وہ اقتدار میں نہیں تو کوئی اور بھی نا ہو۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ یہ جمہوری اور آئینی نہیں فاشسٹ سوچ کی نشانی ہے، ادارے کہ رہے ہیں ہم سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے یہ کہتے ہیں مداخلت کرو اور مجھے اقتدار میں لاؤ، ان کا مقصد ہے ڈیل دو یا مارشل لا لگاؤ، کیا کوئی پارلیمانی اور آئینی جمہوریت میں یقین رکھنے والا سیاست دان اداروں سے غیر آئینی کام کرنے کا مطالبہ کرسکتا ہے؟
رہنما پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ عمران نیازی کی 26سال کی جدوجہد صرف چیرٹی کے نام پر پیسے کھانے میں گزری ہے، کون سا سیاست دان اداروں سے غیر آئینی مداخلت یا مارشل لا لگانے کا مطالبہ کرتا ہے؟۔

اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے اضافہ کر دیا، نوٹیفکیشن جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی فی کلو گرام قیمت میں 2 روپے 95 پیسے اضافہ کر دیا، اوگرا کی جانب سے ماہ نومبر کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 34 روپے 91 پیسے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 134 روپے اضافہ کر دیا گیا۔
اضافے کے نتیجے میں فی کلو گرام ایل پی جی کی قیمت 204 روپے مقرر، گھریلو سلنڈر کی قیمت 2374 روپے سے بڑھ کر 2409 روپے 16 پیسے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت 9135 روپے سے بڑھ کر 9269 روپے ہوگئی۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ اوگرا کی جانب سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیا گیا ہے اور موسم سرما کے دوران قدرتی گیس کا تاریخ ساز شاٹ فال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے غریب صارفین کو ریلیف دینے کے لئے حکومت ایل پی جی پر عائد تمام ٹیکسوں کا خاتمہ کرے تاکہ لوگوں کو سستی گیس کی سہولت مل سکے، جے جے وی ایل کی بندش سے نہ صرف حکومت کو اربوں روپے مالیت کے ریونیو کا نقصان کا سامنا ہے بلکہ عوام بھی سستی گیس کی سہولت سے محروم ہوگئی ہے لہٰذا اس دوطرفہ نقصان سے بچنے کے لیے فوری طور پر جے جے وی ایل کو آپریشنل کیا جائے۔
چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں سوئی گیس کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایل پی جی امپورٹ کی جامع پالیسی بنائی جائے اور ایل پی جی کی مقامی آٹوموٹیو سیکٹر میں کے استعمال کو قانونی بنایا جائے۔

شہباز گل کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کا نام کابینہ کی منظوری کے بعد ای سی ایل میں ڈالا گیا۔
شہباز گل کا نام اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالا گیا۔

انگلینڈ کا نیوزی لینڈ کیخلاف بیٹنگ کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
انگلینڈ کو اگر سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنا ہے تو اس میچ میں لازمی فتح حاصل کرنا ہوگی۔
ایونٹ میں اب تک نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں نے 3،3 میچز کھیلے ہیں جس کے بعد کیویز 5 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرِفہرست ہےجب کہ انگلینڈ کے 3 پوائنٹس ہیں۔
دونوں ٹیموں کا ایک ایک میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا جس کے بعد ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا تھا۔
اس سے قبل برسبین میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور یوں افغان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔

جرائم کی عالمی عدالت کا افغانستان میں مظالم کی تحقیقات دوبارہ شروع کرنے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) جرائم کی عدالت نے افغانستان میں مظالم کی تحقیقات دوبارہ شروع کرنے کا حکم دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں مظالم کیس کی عالمی تحقیقات 2 سال سے رکی ہوئی تھیں۔جرائم کی عالمی عدالت کے ججوں نے پراسیکیوٹر کو تحقیقات دوبارہ شروع کرنے کا کہا جس میں ججوں کا کہنا تھا کہ کابل عالمی جرائم کے دائرہ اختیار میں آنے والے مبینہ جرائم کی حقیقی تحقیقات نہیں کر رہا لہٰذا تحقیقات کو آگے بڑھایا جانا چاہیے۔
افغانستان میں جرائم کی تحقیقات کرنے والے پراسیکیوٹر کریم خان نے گذشتہ سال عدالت سے تحقیقات دوبارہ شروع کرانے کی استدعا کی تھی۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں طالبان اور داعش خراسان کے جرائم کی دوبارہ تحقیقات کرنا چاہتے ہیں اور تحقیقات میں افغانستان میں امریکی افواج اور افغان حکومتی فوجیوں کے مشتبہ جرائم کی تحقیقات کو ترجیح دی جائے گی۔

امریکا میں مسلم ووٹرز کے رجسٹرڈ ہونیکی شرح میں غیر معمولی اضافہ

امریکا : (ویب ڈیسک) امریکا میں مسلم ووٹرز کے رجسٹرڈ ہونے کی شرح میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق مڈٹرم الیکشن سے پہلے مسلم مرد اور خواتین کی بڑی تعداد نے خود کو ووٹرز کی حیثیت سے رجسٹرڈ کرالیا۔
2016 کے صدارتی انتخابات میں مسلم امریکی شہریوں کے خود کو ووٹر کی حیثیت سے رجسٹرڈ کرانے کی شرح 60 فیصد تھی جو اس سال بڑھ کر81 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
اس مرتبہ مختلف عہدوں پر الیکشن لڑنے والے مسلم امیدواروں کی تعداد بھی ماضی سے کہیں زیادہ ہے۔
مزید برآں اس بار مختلف ریاستوں میں ایوان،کونسل اور بورڈ سمیت مختلف عہدوں پر منتخب ہونے کے لیے بھی مسلم امریکیوں کی بڑی تعداد میدان میں ہے۔

سردیوں میں گھریلو صارفین کو تین اوقات میں گیس ملے گی: سوئی ناردرن

لاہور: (ویب ڈیسک) سوئی ناردرن گیس کمپنی کے سینئر جنرل منیجر سید جواد نسیم کا کہنا ہے کہ سردیوں میں گھریلو صارفین کو صرف تین اوقات میں گیس ملے گی تاکہ کھانا پکا سکیں ۔
لاہور چیمبر میں تاجروں سے گفتگو میں جواد نسیم نے کہا کہ اس وقت سسٹم میں گیس کم ہو چکی ہے اور انحصار درآمدی آر ایل این جی پر ہے جو بہت مہنگی ہے۔انہوں نے کہا کہ کمرشل صارفین کے لیے نیا کنٹریکٹ لازمی قرادیا گیا ہے، مشکل حالات میں تاجروں کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا، صنعت اور کمرشل صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے ۔
جواد نسیم کاکہنا تھا کہ سردیوں کے تین ماہ مشکل ہوں گے، بعض ایسے مقامات جو ٹیل پر ہیں وہاں گیس پریشر کم ہو سکتا ہے۔