جتنی بھی طاقت استعمال کر لیں لوگوں کے ذہنوں کو تبدیل نہیں کر سکتے، اسد عمر

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے حکمرانوں سے الیکشن کی تاریخ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد طریقہ الیکشن ہے، فوری انتخابات ملک کے لیے ناگزیر ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک جن حالات سے آج گزر رہا ہے اس سے پہلے کبھی نہیں گزرا لیکن ہم پہل نہیں کریں گے، یہ حکومت بیرونی مداخلت سے آئی ہے، قومی سلامتی کمیٹی کےاجلاس میں مداخلت کی بات تسلیم ہوئی تھی۔
عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ وہ تیار ہیں، عمران خان میں عوام کو موبلائز کرنے کی صلاحیت ہے، انہوں نے جو جو جدوجہد کی قوم بیدار ہو چکی ہے، جتنی بھی طاقت استعمال کر لیں ذہنوں کو تبدیل نہیں کر سکتے، نوازشریف کو کہنا چاہتا ہوں کہ جی ٹی روڈ بدل چکی ہے، نواز شریف کوکہنا چاہتا ہوں یہ وہ جی ٹی روڈ نہیں جو آپ چھوڑ کر گئے تھے، کوئی لندن امریکہ میں بیٹھ کر پاکستان کے فیصلے نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس دن عمران خان اسلام آباد پہنچے گے اس دن عوام کا سمندر ہوگا، حکمرانوں کو شرم آنی چاہیے، اسی عوام سے ووٹ لیتے ہیں اوراسی کو جتھے کہتے ہیں،جو غلطی سے وزیر اعظم بن گئے، ان کو خود یقین نہیں کہ وہ اس عہدے پرہیں، ہمارے ملک میں جمہوری نظام صرف کاغذ پر ہے۔
افواج پاکستان کی ملک کے لیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ملکی ادارے اسلحہ سے مضبوط نہیں ہوتے ، مضبوط قوم پیچھے ہوتی ہے، ایک دم سے نہیں کہہ سکتے کہ کیا منصوبہ ہے، صورتحا ل دیکھ کرہی حکمت عملی طے ہوتی ہے،ایک طرف کہہ رہے ہیں 200 لوگ نکل رہے ہیں، دوسری طرف عدالت سے رجوع کر رہے ہیں، اگر 200 لوگ نکل رہے ہوتے تو اسلام آباد کو کنٹینرز سے بند نہ کر دیا جاتا۔
حکمرانوں کو نظر آرہا ہے کہ عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں، دو آپشن تھے جلدی کر کے جمعے تک اسلام آباد پہنچیں یا دن زیادہ لگتے ہیں تو لگ جائیں۔

مریخ پر ساڑھے 3 ارب سال پرانا سمندر مل گیا

امریکا: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں کو مریخ پر ساڑھے تین ارب سال پرانے سمندر کے آثار مل گئے۔
امریکی تحقیق کاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں مریخ پر بہت بڑے سمندر کے آثار ملے ہیں۔ جو تقریباًساڑھے تین ارب سال پہلے موجود تھا۔
تحقیق کاروں کو ساڑھے 6 ہزار کلومیٹر رقبے پر پھیلی ہوئی بہاؤ والی چوٹیاں ملیں ہیں جو ممکنہ طور پر دریا اور سمندر کی وجہ سے وجود میں آئیں۔سمندر کی شناخت مریخ کی سطح کی متعدد سیٹلائٹ تصاویر کے ذریعے کی گئی ہے۔
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ کسی زمانے میں اس سیارے پر گہرا سمندر، گرم اور نم موسم بھی رہا ہوگا۔ انہوں نے سمندر کے آثار کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔
تحقیق کاروں کے مطابق اتنے بڑے سمندر کی موجودگی زندگی کے امکانات کو مزید تقویت دیتی ہے۔یہ بھی معلوم ہوا کہ کسی زمانے میں مریخ گرم سیارہ تھا۔

موجودہ نازک صورتحال میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں: پیر پگارا

کراچی: (ویب ڈیسک) حروں کے روحانی پیشوا پیرپگارا نے کہا ہے کہ نازک صورتحال میں جی ایچ کیو کے ساتھ کھڑا ہوں، فوج میرا خاندان، اس وقت سیاست نہیں ملک بچانا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پیرپگارا سے ان کی رہائش گاہ پر چند روز میں دوسری مرتبہ ملاقات کی، اس موقع پر سیاسی صورتحال پر گفتگو اور پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی مذمت کی گئی۔
پیرپگارا نے کہا کہ وہ ان کا خاندان اور حر جماعت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے، اس وقت سیاست نہیں ملک کو بچانا ہے، تمام سیاست دانوں کو سوچنا ہوگا کہ وہ کسی کے آلہ کار بن کر ملک کو نقصان تو نہیں پہنچا رہے، بھارت پاکستان اور اداروں کو آنکھیں دکھا رہا ہے، مسلمانوں کے قاتل بھارت کی کیا جرات کہ ہمارے اداروں پر تنقید کرے۔

ڈی آئی خان: کار اور منی مزدا کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق، 8 مزدور زخمی

ڈی آٸی خان: (ویب ڈیسک) کار اور منی مزدا کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 مزدور شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق چہکان کے قریب کار اور مزدوروں سے بھرے منی مزدے کے مابین خوفناک حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرک میں سوار 8 مزدور بھی شدید زخمی ہوئے، زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

جناح لاہور اور نشتر ہسپتال ملتان میں سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرانیکی منظوری

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے جناح ہسپتال لاہور اور نشتر ہسپتال ملتان میں سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں جناح ہسپتال لاہور اور نشتر ہسپتال ملتان میں سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں دونوں ہسپتالوں میں سائبر نائف ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائبر نائف ٹیکنالوجی کے ذریعے کینسر اور دیگر پیچیدہ امراض کا مفت علاج کیا جائے گا۔
چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ سائبر نائف ٹیکنالوجی سے طریقہ علا ج کے بارے میں ڈاکٹرز کو تربیت بھی دی جائے گی۔

کمیونسٹ پارٹی کے کانگریس اجلاس کے بعد دورہ چین میرے لئے اعزاز ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی کی نیشنل کانگریس کے تاریخی اجلاس کے بعد چین کا دورہ میرے لئے اعزاز ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج چین کے دورے پر روانہ ہورہا ہوں، سی پی سی کے 20 ویں قومی کانگریس اجلاس کے بعد مدعو کئے جانے والے چند رہنماؤں میں شامل ہونا اعزاز ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب دنیا متعدد چیلنجز سے نبرزآزما ہے پاکستان اور چین دوست اور شراکت دار کے طور پر ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا ہے کہ چینی قیادت کے ساتھ بات چیت اہم شعبوں خصوصاً سی پیک پر مرکوز ہو گی، سی پیک کا دوسرا مرحلہ سماجی اور اقتصادی ترقی کے نئے دور کے آغاز کی نوید ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنائے گا، چین کی اقتصادی ترقی سے بہت کچھ سیکھا جاسکتا ہے۔

کورونا کے مزید 27 کیسز مثبت، 52 مریضوں کی حالت نازک

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ادارہ صحت ( این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 6 ہزار 845 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
این آئی ایچ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 845 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 27 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کئے گئے مثبت کورونا ٹیسٹ کی شرح 0.39 فیصد رہی ہے، مزید برآں اس دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 52 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

الزامات بے بنیاد،عمران خان کی حکومت گرانے میں ملوث نہیں: امریکا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے سازش سے عمران خان کی حکومت گرانے کا دعویٰ ایک بار پھر مسترد کر دیا۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈپرائس نے واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران سازش کے ذریعے عمران خان حکومت گرانے کے دعویٰ کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ غلط اور جھوٹی اطلاعات کے جواب میں درست معلومات دے سکتے ہیں، پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ ان الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔
نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ پروپیگنڈا یا غلط اطلاعات کو دوطرفہ تعلقات کی راہ میں نہیں آنے دیں گے، جانتے ہیں کہ پاکستان میں انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی، پرامن آئینی و جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، ایسے مسائل پر تمام پارٹنرز کے ساتھ بات چیت رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین دیرینہ شراکت داری کی قدر کرتے ہیں، خوشحال پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں دوحہ میں طالبان کے ساتھ دوبارہ بات چیت ہوئی جس میں امریکی تحفظات کے بارے میں انہیں بتایا۔