ایشیا کپ: سلو اوور ریٹ پر پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو جرمانہ

دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان اور بھارت کی ٹیموں پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان اور انڈیا کی ٹیموں کو سلو اوور ریٹ پر 40 فیصد میچ فیس کا جرمانہ کیا گیا، دونوں ٹیموں کو ایشیا کپ میں اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں سلو اوور ریٹ پر جرمانہ کیا گیا، کھلاڑیوں کو ایک اوور کا میچ فیس کا بیس فیصد جرمانہ ہوا۔
اس حوالے سے آئی سی سی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے غلطی کے ساتھ جرمانے کو تسلیم کیا، الاٹ شدہ ٹائم میں دونوں ٹیمیں دو دو اوورز پیچھے رہیں۔

موقف واضح، انفرادی حیثیت نہیں سب کیلئے بات کی ہے: شوکت ترین

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ اُن کاواضح موقف ہے اُنہوں نے کسی انفرادی حیثیت کیلئے بات نہیں بلکہ سب کی بات کی ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ اُنہوں نے 22 کروڑ عوام کی بات کی ہے کوئی غداری نہیں کی، اگر یہ غداری ہے تو انہوں نے بھی آئی ایم ایف کاغذات پھاڑنے کی بات کی۔
شوکت ترین کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے بھی کہا تھا آئی ایم ایف پروگرام پھاڑ دیں گے اور ریورس کر دیں گے۔

دہرا نظام انصاف نامنظور، مریم نواز کا عمران خان توہین عدالت کیس پر ردعمل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ترازو سیدھا نہیں ہو سکا، دہرا نظام انصاف نامنظور۔
مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو فراہم کردہ ڈھیل اور سہولیات سے اور کچھ ثابت ہو نا ہو نواز شریف اور مسلم لیگ ن سے ہونیوالی ناانصافیاں اور زیادتیاں ایک بار پھر پوری قوم کے سامنے عیاں ہو گئیں۔ ترازو سیدھا نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ اصل میں توہین کی سزا جج زیبا صاحبہ کو ہونی چاہیے جنھوں نے انصاف کر کے عمران خان کی شان میں گستاخی کی تھی، دوہرا نظام انصاف نامنظور۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے عبوری جواب کو غیر تسلی بخش قرار دے کر انہیں شوکاز نوٹس کا دوبارہ جواب جمع کرانے کا ایک اور موقع دے دیا ہے۔

سینیٹ قائمہ کمیٹی کا اجلاس، آرٹیکل 62 سے لفظ ’امین‘ نکالنے کا بل پیش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون اور انصاف کے اجلاس میں آئین کے آرٹیکل 62 سے لفظ ’امین‘ نکالنے کا بل پیش کردیا گیا۔
سینیٹ قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کے اجلاس میں رانا مقبول احمد نے آرٹیکل 62 ون ایف میں ترمیم کا بل پیش کیا۔
رانا مقبول احمد نے کہا کہ آرٹیکل 62 سے لفاظ ’امین‘ نکال دینا چاہیے۔ امین کا لفظ نبی کریم ﷺ کے لئے استعمال ہوتا ہے اس کو ارکان قومی اسمبلی کی اہلیت جانچنے کے لئے شامل نہیں ہونا چاہیے۔
فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ آرٹیکل 62 ون این آئین کا حصہ ہونا بھی چاہیے یا نہیں؟ آرٹیکل 62 ون ایف تو جنرل ضیاء الحق نے شامل کیا تھا۔کسی بھی ممبر کی نااہلی کا طریقہ کار تو آرٹیکل 63 میں دیا گیا ہے۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ایک رکن جب فارم بھرتا ہے تو اپنی اہلیت کا ہی ثبوت دیتا ہے۔کیا ممبر چار یا پانچ سال بعد ایک اسمبلی کا رکن ہونے کے بعد نااہل ہو جاتا ہے؟ سپریم کورٹ آئین کو دوبارہ سے تحریر کر رہا ہے۔ سپریم کورٹ کو کوئی اختیار نہیں ہے کہ آئین کو دوبارہ لکھے۔
چئیرمین سینٹ کمیٹی سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اہلیت نااہلی سے متعلق قوانین کی تشریح کر دی ہے۔ آرٹیکل 62 کے الفاظ بہت مبہم ہیں۔ شاہد ہوں کہ جس نے ضیا دور میں آرٹیکل 62 تحریر کیا تھا وہ بچہ تو نہیں تھا۔ آرٹیکل 62 کے معاملے کو فی الحال موخر کر رہے ہیں۔
سینیٹر کامران مرتضٰی کا کہنا تھا کہ ممبران اسمبلی کی نااہلی سے متعلق تمام ترامیم پر بحث پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے۔ اب اگر آرٹیکل 62 ون ایف میں ترمیم ہو رہی ہے تو یہ بھی فرد واحد کے لیے ہی لگ رہی ہے۔
رانا مقبول احمد نے کہا کہ آرٹیکل 62 ون ایف کی سزا تو فرد واحد کے لیے لگتی ہے۔کہتے ہیں کہ جس نے آرٹیکل 62 تحریر کیا تھا وہ بچہ تھا۔

حالات کے باعث کم عمری سے ہی کمانے لگ گیا، ہمایوں سعید

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سپر اسٹار ہمایوں سعید کا کہنا ہے کہ ایک دور میں ان کے گھر کے حالات اتنے خراب ہوگئے تھے کہ انہیں کم عمر سے کمانے کی کوششیں کرنی پڑ گئیں۔
ایک حالیہ انٹریو میں ہمایوں سعید نے اپنی نجی زندگی اور لڑکپن کے دور کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے کالج کے دور میں ان کا چھوٹا بھائی ایک حادثے میں معذور ہوگیا تھا اور ان کے والد کے کسی بزنس میں پیسے ڈوب گئے تھے جس کی وجہ سے انہیں 18 سال کی عمر سے ہی کمانے کی فکر کھانے لگی۔
اداکار نے بتایا کہ میرے چھوٹے بھائی کو ڈاکٹرز نے کہہ دیا تھا کہ اب یہ کبھی نہیں چل سکتا اور زندگی بھر ویل چیئر پر ہی رہے گا۔
ہمایوں نے بتایا کہ اس وقت میں کالج میں پڑھ رہا تھا اور ساتھ ساتھ ساری ذمہ داری اسپتالوں کے چکر، پیسوں کا انتظام کرنا سب مجھ پر آگیا تھا اور میں کمانے کی کوششوں میں لگ گیا۔
ہمایوں سعید نے کہا میرا بھائی جو بہت شرارتی اور ہنس مکھ بچہ تھا مگر معذور ہوگیا تو امی ابو بھائی کو دیکھ دیکھ کر تکلیف سے بلکل ختم ہوگئے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ وقت ہمارے خاندان کیلئے بےحد مشکل وقت تھا اور ہمیں کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

جاپان میں 4 سال تک کے بچوں کیلئے ملازمت کی پیشکش

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں 4 سال تک بچوں کیلئے ملازمت کے دروازے کھل گئے، جس میں انہیں تنخواہ کے بجائے دودھ اور ڈائپرز فراہم کیے جائیں گے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کیٹاکیوشو نامی نرسنگ ہوم نے ملازمت کا اشتہار دیا کہ انہیں بچوں کو بھرتی کرنا ہے تاہم ان کی عمر چار سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو والدین یا سرپرست کو نرسنگ ہوم سے کنٹریکٹ پر دستخط کرنا ہوں گے جس کے تحت بچے اپنے موڈ کے مطابق جب چاہیں کام پر آ سکتے ہیں جبکہ انہیں بھوک، نیند یا کسی اور وجہ سے بریک لینے کی بھی اجازت ہوگی۔
بچے نرسنگ ہوم میں 100 سے زائد بزرگ افراد کو خوش رکھنے کی ڈیوٹی پر معمور ہوں گے، جن کی عمریں 80 برس یا اس سے زائد ہیں۔

ٹک ٹاک پر بھی مقبول، امریکا کا مشہور مگرمچھ

پنسلوانیا: (ویب ڈیسک) یارک کے علاقے سے تعلق رکھنا والا ویلی گیٹر نامی مگرمچھ پورے امریکا کی آنکھ کا تارہ ہے اور اسے مشہور پالتو جانور کا درجہ دیا گیا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ اسے ٹک ٹاک پر پسند کرنے والوں کی تعداد 80 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔
اسے ایموشنل سپورٹ جانور کا نام بھی دیا گیا ہے جس سے لوگ جذباتی لگاؤ رکھتے ہیں۔ اس وقت ویلی گیٹر کی عمر 7 برس ہے اور لوگ اسے بہت پسند کرتے ہیں۔ تاہم اب یہ پسندیدہ ترین پالتو جانوروں کے مقابلے میں شامل ہوگیا ہے اور دیکھنا یہ ہے کہ کتنے لوگ اسے ووٹ دیت ہیں۔ تاہم اس کی غیرمعمولی مقبولیت کے تحت اسے ایک بہتر امیدوار قرار دیا جارہا ہے۔
ویب سائٹ پر جاکر اسے ووٹ دیں اور اپنی رائے کا اظہار کریں۔ اس کے علاوہAmericasFavPet.comعوام سے کہا گیا ہے کہ وہ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے جانوروں کی فلاح کے لیے رقم بھی عطیہ کرسکتے ہیں۔
اگرویلی گیٹر یہ مقابلہ جیت جاتا ہے تو اسے 10 ہزار ڈالر کی رقم ملے گی اور ایک میگزین میں اس پردو صفحات شائع کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ایک گھوڑا، ہینک نامی کتا اور ایک نسل کا چوہا بھی شامل ہے۔ اس ضمن میں ووٹنگ کا پہلا مرحلہ یکم ستمبرکو ہوگا جس میں 20 پالتو جانور شامل ہیں۔
ویلی گیٹر کے مالک کہتے ہیں کہ یہ ایک خوبصورت مخلوق ہے اور توقع ہے کہ یہ مقابلہ جیت جائے گا۔ یہاں تک کہ اسے مریض اور ڈاکٹر دیکھ کر بھی بہت خوش ہوتے ہیں۔ رات کے وقت یہ بستر پرآدھمکتا ہے اور تکئے کے غلاف چراکر لے جاتا ہے۔ ایک دفعہ تو یہ ہوا کہ اس نے پورا کمبل لے جاکر اسے اپنے تالاب میں ڈبودیا۔
ویلی گیٹر کو بھنے مرغی کا کچا گوشت اور بھنی ہوئی مکئی بہت پسند ہے۔

واٹرتھراپی: ذہنی تناؤ اور ڈپریشن کا نیا علاج

نیویارک: (ویب ڈیسک) نفسیاتی ماہرین کا اصرار ہے کہ کم خرچ اور مؤثر سطح پر واٹرتھراپی ڈپریشن اور ذہنی تناؤ کو دور کرنے میں اہم کردار اداکرسکتی ہے۔
اس سے قبل سائنسی بنیادوں پر یہ بات سامنے آچکی ہے کہ سمندر، دریا، جھیلوں یا آبی ذخائر کے قریب وقت گزارنے سے پرسکون رہنے میں بہت مدد ملتی ہے۔
پانی کے دماغی اثرات کے ماہر ڈاکٹر ریکارڈو گِل ڈا کوسٹوو کہتے ہیں کہ پانی پر سرفنگ اور تیراکی دماغ کو فرحت دیتی ہے۔ اس طرح پریشانیوں میں گھرے افراد کو اس سے جذباتی سکون ملتا ہے۔ پانی شوروغوغا کی شدت کم کرتا ہے۔ اس طرح تھکے ماندے دماغ کی بیزاری دور ہوتی ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹروں کا اصرار ہے کہ پانی کی مدھر آواز سماعت کو سکون دیتی ہے اور خوشگوار یادوں کو بھی توانا کرتی ہے۔ اس کے علاوہ خود مثبت اثرات کے تحت دماغی قوت میں اضافہ کرتی ہے۔
ایک اور ماہر ڈاکٹر نکولس کہتے ہیں کہ شہروں میں سوئمنگ پول، فوارے اور ندی نالے بھی دل کو تسلی دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ غسل خانے میں باتھ ٹب بھی ذہنی تناؤ کو دور کرسکتے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پانی کی قربت ہمیں خوشی اور صحت عطا کرتے ہیں۔
یہاں تک کہ کسی ویڈیو میں بھی پانی دیکھنا یا آبشار کی ایچ ڈی ویڈیو پر اس کی آواز سننے سے سکون مل سکتا ہے۔ یہاں تک کہ ایک تجربے میں ورچول ریئلٹی میں لوگوں کو آبی ماحول دکھایا گیا تو اس سے بھی انہوں نے مثبت اثرات کی تصدیق کی ہے۔
2019 میں ایک تحقیق سامنے آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ہفتے میں دو گھنٹے قدرتی مقامات اور فطرت کے پاس گزارنے سے بہت اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اب ایک اور بات سامنے آئی ہے کہ پانی کے پاس وقت گزارنے سے بھی یہی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
اسی طرح جامعہ ویانا سے وابستہ ماحولیاتی ماہرِنفسیات، میتھیو وائٹ نے کہا ہے کہ گھر کے اندر رکھے چھوٹے سے مچھلی گھر کو 15 منٹ تک دیکھا جائے تو اس سے دل کی دھڑکن معتدل ہوتی ہے اور موڈ بہتر ہوسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہسپتالوں میں ایکویریئم عام موجود ہوتے ہیں۔

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید سستا

کراچی: (ویب ڈیسک) روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈالر کے مقابلے روپیہ جان پکڑنے لگا، انٹربینک میں ڈالر ایک روپیہ 35 پیسے کمی کے بعد 218 روپے 75 پیسے پر بند ہوا۔
انٹربینک کی دیکھا دیکھی اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کے دام گرگئے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے کمی کے بعد 219 روپے میں فروخت ہوا۔

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی

کراچی: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے تیسرے روز پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ دوران ٹریڈنگ مارکیٹ میں 200 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا، مگر اختتام پر سرمایا کاروں نے حصص فروخت کرکے منافع کمانے کو ترجیح دی۔
کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 155 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 42 ہزار 351 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

توہین عدالت کیس، عمران خان کو 7 دن میں دوبارہ جواب جمع کروانے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو 7 دن میں دوبارہ تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا۔
عمران خان کے وکیل حامد خان روسٹرم پر آئے تو چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے کہ آپ عمران خان کے وکیل کے ساتھ اس کورٹ کے معاون بھی ہیں، آپ نے جو تحریری جواب جمع کرایا اس کی توقع نہیں تھی، یہ کورٹ توقع کرتی تھی آپ ادھر آنے سے پہلے عدلیہ کا اعتماد بڑھائیں گے۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کو قانون اور آئین کی حکمرانی پر یقین رکھنا چاہیے، تحریری جواب سے مجھے ذاتی طور پر دکھ ہوا، ماتحت عدلیہ جن حالات میں کام کررہی ہے سب کے سامنے ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید کہا کہ عمران خان کی کافی فین فالوونگ ہے، عمران خان کے پائے کے لیڈر کو ہر لفظ سوچ سمجھ کر ادا کرنا چاہیے، میں توقع کر رہا تھا کہ احساس ہوگا کہ غلطی ہوگئی، جس طرح گزرا ہوا وقت واپس نہیں آتا اسی طرح زبان سے نکلی بات بھی واپس نہیں جاتی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ کو جوبھی لکھ کر دینا ہے سوچ سمجھ کر لکھیں، آپ اس معاملے کی سنگینی کا بھی اندازہ لگائیں۔
دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دیے کہ توہین عدالت کی کارروائی آج ختم ہوسکتی تھی مگر اس جواب کے باعث ایسا نہیں ہوا، آپ کو جواب داخل کرانے کا ایک اور موقع دیا گیا ہے، آپ اس پر سوچیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ عدالت ساری کارروائی کو شفاف انداز میں آگے بڑھائے گی، یہ کوئی پہلی بار نہیں، حامد خان صاحب، دانیال عزیز، نہال ہاشمی اور طلال چودھری کیس پڑھیں، یہ عدالت سپریم کورٹ کے فیصلوں کے خلاف نہیں جاسکتی، آپ معاملے کی سنگینی کوسمجھیں اور سوچ سمجھ کرجواب دیں۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان کو 7 دن میں دوبارہ تحریری جواب دینے کا حکم دیا اور چیف جسٹس نے کہا کہ 7 دن میں سوچ سمجھ کرجواب داخل کریں اور کیس کی مزید سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کردی۔
قبل ازیں عمران خان کی عدالت پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے اور وکلا کے سوا کسی بھی شخص کو کمرہ عدالت میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

ایشیا کپ، عمر گل کی اہلیہ کا پاکستان کیخلاف میچ میں “ہاتھ ہولا” رکھنے کی درخواست

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ 2022 میں پاکستان کے سابق باؤلر عمر گل کی اہلیہ نے شوہر سے “ہولا ہاتھ” رکھنے کی درخواست کر دی۔
پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر اور افغان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ عمر گل کی اہلیہ ڈاکٹر مریم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ “پاکستان کے خلاف ذرا ہاتھ ہولا رکھنا کوچ صاحب”
ڈاکٹر مریم نے اپنے شوہر عمر گل کو افغانستان کے دوسرا میچ جیتنے پر مبارکباد بھی دی۔
اس سے قبل عمر گل نے افغانستان کے دوسرا میچ جیتنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ “اس ٹیم پر فخر ہے اور ابھی مزید میچز میں کامیابی حاصل کرنی ہے”
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر عمر گل افغانستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ ہیں جبکہ افغانستان کی ٹیم ایشیا کپ میں 2 میچز جیت کر سپر فور میں پہنچ چکی ہے۔

الیکشن دیکھ رہا ہوں، سیلابی پانی ایک ماہ میں نیچے آ جائے گا، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں الیکشن دیکھ رہا ہوں کیونکہ سیلابی پانی تو ایک ماہ میں نیچے آ جائے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ راستے بند کرانے کی سمجھ نہیں آئی کہ اتنا خوف کیوں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کارکنان کو بھی کہا ہے کہ کسی نے بھی نہیں آنا۔ یہ جملہ میں نے صحافی کے تنگ کرنے پر کہا تھا کہ “میں بڑا خوف ناک ہوں”
عمران خان نے کہا کہ میں نے قانونی کارروائی کا کہا تھا وہ ایکشن لیا بھی گیا جبکہ میں الیکشن دیکھ رہا ہوں کیونکہ سیلابی پانی تو ایک ماہ میں نیچے آ جائے گا۔