پاکستانی فلمساز کی دستاویزی فلم ’ٹرننگ پوائنٹ‘ ایمی ایوارڈز کیلئے نامزد

نیویارک: (ویب ڈیسک) پاکستانی دستاویزی فلم ’ٹرننگ پوائنٹ: 9/11 اینڈ وار آن ٹیرر‘ کو ایمی ایوازڈز کیلئے نامزد کرلیا گیا۔
آسکر اکیڈمی کے ممبران میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد امریکی دستاویزی فلم ساز محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم ’ٹرننگ پوائنٹ: 9/11 اینڈ وار آن ٹیرر‘ کو مشہور بین الاقوامی فلم ایوارڈ ا’ایمی ‘ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔
یہ خبر محمد علی نقوی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ شیئر کی انہوں نے فلم کے پوسٹر اور ایمی ایوارڈز میں نامزدگی کی تصویر کا کولاج بنا کر شیئر کیا۔
فلمسازنے کیپشن میں لکھا کہ ’ہماری دستاویزی فلم ٹرننگ پوائنٹ: 9/11 اینڈ وار آن ٹیرر کو ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا ہے‘۔
غیر ملکی ہدایتکار برائن نیپنبرگر کی ہدایتکاری میں بننے والی اس دستاویزی سیریز کا آغاز 9/11 کے المناک واقعات سے ہوتا ہے جس میں 11 ستمبر 2001 کو ہونے والے حملوں کے ساتھ ساتھ امریکا اور افغانستان کے درمیان ہونے والے واقعات کی عکس بندی بھی کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ یہ فلم 2021 میں نیٹ فلکس پر ریلیز کی گئی تھی جس نے دستاویزی فلموں میں ٹاپ 10 کی فہرست میں اپنی جگہ بنائی تھی۔

پاکستان مشکلات سے نکل گیا، ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں: مفتاح اسماعیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان مشکلات سے نکل گیا ہے، ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں، قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف سے قرض حصولی کے لئے کیا گیا۔
وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے عالمی جریدے” بلوم برگ”کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سخت اقدامات سے درآمدات میں کمی واقع ہوئی، جولائی میں درآمدات 35 فیصد کمی کے بعد 5 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی، درآمدات میں کمی سے جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی ہوگی، اس کے علاوہ روپے پر دباؤ بھی کم ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکلات سے نکل گیا ہے اور اب ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں، آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے پاکستان تمام بیرونی ادائیگیاں وقت پر کردے گا۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بحال ہونے لگی

کراچی: (ویب ڈیسک) امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ دوسرے کاروباری روز بھی جاری رہا، امریکی کرنسی 53 پیسے کمی کے بعد 238 روپے 84 پیسے پر بند ہوئی۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے کمی کے بعد 241 روپے پر فروخت ہوا۔

بلوچستان میں سیلاب متاثرین کو معاوضے کی فوری ادائیگی ہونی چاہیے: وزیراعظم

قلعہ سیف اللہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے طوفانی بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے قائم خشنوب خیمہ بستی میں مقیم افراد کو کھانےاور پانی کی عدم فراہمی اور مریضوں کا ریکارڈ نہ رکھنے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوتاہی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، متاثرین کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو،کاغذی کارروائی برداشت نہیں کریں گے، امدادی سرگرمیاں بھر پور انداز میں جاری ہیں، وفاقی حکومت ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں میں صوبائی حکومتوں کی بھرپور مدد کرے گی، پل اور سڑکوں کی بحالی کےلئے سروے کے بعد کام شروع ہوگا، متاثرین کو معاوضے کی فوری ادائیگی کی جانی چاہیے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے یہاں خشنوب خیمہ بستی کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو ، وفاقی وزیرہائوسنگ مولانا عبدالواسع، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین ، وزیر مملکت برائے توانائی محمدہاشم نوتیزئی اور رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے قائم کی جانے والی خیمہ بستی کا دورہ کیا لیکن بعض کمزوریاں سامنے آئی ہیں جن پرفوری ایکشن لیاجائے گا۔ میڈیکل کیمپ میں عملہ موجودہے لیکن مریضوں کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے۔ عملہ ہونے کے باوجود ریکارڈ نہ ہونا بڑی کمزوری ہے۔ یہ خیمہ بستی ان لوگوں کے لئے لگائی گئی ہے جن کا گھر بار بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے تباہ ہو گیا ہے ۔میری بزرگوں اور بچوں سے بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔8 بچے اور ایک بچی یہاں جاں بحق ہوئی ، ان کے لواحقین کے ساتھ فاتحہ خوانی بھی کی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ خیمہ بستی میں لگائے گئے کیمپوں میں کھانا اور پانی نہ ملنے کی شکایات کی گئی ہیں اور انہوں نے بتایا کہ وہ باہرسے کھانا منگوانے پر مجبور ہیں۔ امدادی کیمپ میں کھانا فراہم نہ کرنے پر انتظامیہ کے خلاف ایکشن لیاجائے گا۔ ایک 8 سالہ ذہین بچے نے جس طریقے سے اپنی مشکلات بیان کی ہیں،اس سے بہت متاثر ہوا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اس بچے کی مفت تعلیم کے لئے اقدامات کریں۔ کھانے اور پانی کے بغیر یہاں پر کیمپ لگے ہوئے ہیںَ۔ انتظامیہ کے خلاف فوری ایکشن ہونا چاہیے۔ مجھے امید ہے کہ وزیراعلیٰ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ لوگوں کو آج سے کھانے اور پانی کی فراہمی ہونی چاہیے۔ انہیں کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو۔ اگر متاثرین کو ہم کھانا بھی فراہم نہیں کرسکتے تو ہماری ان تمام تر کوششوں کا کیافائدہ ہے۔ کھانے کے ساتھ ساتھ علاج معالجہ کی سہولیات کا بھی جائزہ لیاجائے، صرف کاغذی کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔ وفاقی حکومت تمام وزرائے اعلیٰ کے ساتھ مل کر بحالی ، ریسکیو اور آبادکاری کے لئے تعاون کرے گی۔ بارشوں اور سیلاب سے فصلیں ، سڑکیں ، پل اور دیگر بنیادی ڈھانچہ متاثر ہواہے اور جو جانی نقصان ہواہے اس پر فوری مالی امداد اور معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو10 لاکھ روپے کا معاوضہ ادا کرے گی۔ صوبائی حکومت نے بھی 10 لاکھ روپے معاوضہ کی ادائیگی کا اعلان کیاہے ۔مکمل طورپر تباہ ہونے والے گھروں کا معاوضہ 5 لاکھ روپے اور جزوی طور پر متاثر ہونے والے گھروں کے لئے2 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔ پلوں ،سڑکوں اور فصلوں اور مال مویشی کو ہونےوالے نقصانات کے تخمینہ لگانے کے لئے پی ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتیں مل کر سروے کریں گی اور اس سروے کے مطابق متاثرین کو معاوضہ اداکیاجائے گا اور نقصان کا ازالہ کیاجائے گا۔ متاثرہ پلوں اور سڑکوں کے سروےکے بعد تعمیر نو کے کام کاآغازکیاجائےگا۔
اس موقع پر بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے خیمہ بستی میں کھانےاور پانی کی عدم فراہمی پر ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ، متعلقہ تحصیلداراور پی ڈی ایم اےکے انچارج کو معطل کرکے انکوائری کا حکم دیتے ہوئے چیف سیکرٹری سے کہاکہ ان افسران کے خلاف کارروائی کی جائے کہ کیوں انہوں نے کوتاہی برتی ہے۔ آج سے خیمہ بستی میں تمام متاثرین کو کھانے اور دیگر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔جس جس ضلع میں بھی سیلاب اور بارشوں سے متاثرہ افراد کو سہولیات فراہم نہ کیں گئی ، وہاں کے ڈپٹی کمشنر اپنے آپ کو معطل سمجھیں۔
وفاقی وزیر ہائوسنگ وتعمیراتی مولانا عبدالواسع نے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ دور دراز علاقوں کا دورہ کرنے اور متاثرین کی دلجوئی کرنے پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا شکریہ اداکرتا ہوں ۔ متاثرین کی مکمل بحالی تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔