انگلش کرکٹ ٹیم کی قیادت معین علی کو ملنے کا امکان

لندن: (ویب ڈیسک) انگلش کرکٹ ٹیم کی قیادت آل راؤنڈر معین علی کو ملنے کا امکان ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان جوز بٹلر کی فٹنس مسائل کے باعث دورہ پاکستان میں شرکت مشکوک ہے جس کی وجہ سے دورہ پاکستان کے دوران ٹیم کی قیادت معین علی کو ملنے کا امکان ہے۔
17 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والے انگلینڈ کے اسکواڈ کا اعلان رواں ہفتے کر دیا جائے گا۔ جوز بٹلر پنڈلی کے زخم کی وجہ سے دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ سے پہلے ہی باہر ہوچکے ہیں جبکہ دورہ پاکستان کے دوران جونی بیرسٹو اور بین اسٹوکس کو آرام دیئے جانے کا امکان موجود ہے۔
انگلینڈ کے جارح مزاج اوپنر لیام لیونگ اسٹون کی بھی دورہ پاکستان میں شرکت مشکوک ہے اور انہی وجوہات کی بنیاد پر معین علی کو ٹیم کی قیادت کے لیے فیورٹ سمجھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاک انگلینڈ ٹی 20 سیریز 20 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔

بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار

لاہور : (ویب ڈیسک) آئی سی سی نے تینوں فارمیٹس میں پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ ٹیسٹ رینکنگ میں بھی بابر اعظم نے ٹاپ تھری میں رہتے ہوئے تیسری پوزیشن پر قبضہ جما رکھا ہے۔
محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی باولرز رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان نے دو درجے ترقی کے بعد تیسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔
قومی فاسٹ باولر شاہین آفریدی کی ٹیسٹ باولنگ رینکنگ میں ایک درجہ ترقی ہوئی ہے، شاہین آفریدی چوتھے سے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

لاہور پولیس: لیڈی افسران انچارج انویسٹیگیشن تعینات

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور میں پولیس کا سافٹ امیج بہتر بنانے کےلیے لیڈی افسران کو انچارج انویسٹیگیشن تعینات کردیا گیا۔ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شہر کی چھ ڈویثرنز میں چھ لیڈی سب انسپکٹرز کو تعینات کیا گیا ہے جو مقدمات کی تفتیش سمیت ملزمان کو گرفتار کریں گی۔
لاہور شہر میں مقدمات کی تفتیش اور لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال کو بہتر بنانے کےلیے سولہ سال قبل دوہزار چھ میں پولیس کو دو مختلف ونگز میں تقسیم کیا گیا۔ شکایت سے لیکر اندراج مقدمہ تک آپریشن ونگ جبکہ مقدمہ درج ہونے کے بعد تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری کےلیے انویسٹیگیشن ونگ کام کرتا ہے۔
سولہ سال تک مرد افسران کو انچارج انویسٹیگیشن کے عہدوں پر تھانوں میں تعینات کیا جاتا رہا ہے لیکن لاہور کی تاریخ میں پہلی بار لیڈی سب انسپکٹرز کو تھانوں میں انچارج انویسٹیگشن تعینات کردیا گیا ہے۔ سب انسپکٹر فرحت کو انچارج انویسٹی گیشنز وحدت کالونی، صدف رشید تھانہ قائدِاعظم انڈسٹریل سٹیٹ، سمیرا نذیر ماڈل ٹاؤن، امبرین رحمان ڈیفنس اے، شازیہ کوثر تھانہ اکبری جبکہ سونیا لیاقت کو انچارج انویسٹی گیشن ریس کورس تعینات کیا گیا ہے۔
تعینات ہونے والی انچارج انویسٹیگیشنز کی جانب سے تھانوں میں سنگین نوعیت سمیت دیگر جرائم کے درج ہونے والے مقدمات کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ تھانہ ریس کورس میں تعینات ہونے والی سب انسپکٹر سونیا لیاقت نے بتایا کہ اس نے بارہ دنوں کے دوران سات مقدمات کی تفتیش شروع کی جس میں سے چار مقدمات کو ٹریس کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر تین کیسز میں ملزمان کی گرفتاری کےلیے سی سی ٹی وی فوٹیجز، فرانزک رپورٹ اور دیگر شواہد کی مدد کی تفتیش کی جارہی ہے۔
سونیا لیاقت نے بتایا انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں انہیں تفتیش کے تمام مراحل میں جدید ٹکنالوی کا استعمال اورجائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے سمیت چالان مکمل کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔ سونیا لیاقت نے بتایا کہ جب وہ اپنے کمرے میں موجود ہوتی ہے تو تھانے میں آنے والی کوئی خاتون اسکو دیکھ پاس آجائے تو وہ بڑے اعتماد کے ساتھ اپنا مسئلہ اسے بیان کرتی ہے اگر مسئلہ انویسٹگیشن سے متعلق ہو تو وہ فوری اسکے حل کے لیے کوشش کرتی ہے اور اگر وہ آپریشن ونگ سے متعلقہ ہو تو وہ ہر ممکن مدد فراہم کرنے کےلیے متعلقہ آفیسر کے بارے میں اسکو آگاہی دیتی ہے۔
تھانوں میں آنے والی خواتین شہری لیڈی سب انسپکٹرز کی تعیناتی کو سراہتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس سے تفتیش کے معاملے میں بہترین معاونت ہوگی۔ بشریٰ نامی خاتون نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دو روز قبل اسکی بیٹی کو کسی نے اغوا کرلیا تھا جسکا مقدمہ تھانہ ریس کورس میں درج ہوا تو تفتیش انچارج انویسٹیگشن سونیا لیاقت کے پاس تھی جب وہ انچارج سے ملی تو خاتون ہونے کی وجہ سے اس نے کھل کر اس سے بات کی اور تمام شواہد کے بارے میں آگاہ کیا جس پر سونیا لیاقت نے مختلف پہلوئوں سے تفتیش کرتے ہوئے جدید ٹکنالوجی کی مددد سے انکا کیس حل کروا دیا۔
ڈی آئی جی انویسٹیگیشن اطہر اسماعیل کے مطابق خواتین سب انسپکٹرز کی تعیناتی سے معاشرے میں پولیس کا امیج بھی بہتر ہوگا اورخواتین شہری اعتماد سے اپنی بات بھی کرسکیں گی۔ انہوں نے کہا ہمارے معاشرے میں پچاس فیصد سے زیادہ خواتین ہیں جسکی وجہ سے ہم نے کوشش کی ہے کی تھانوں میں بھی خواتین کو نمائندگی دی جائے تاکہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ اپنی صلاحیتوں کو منوا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے لیڈی افسران کی پوسٹنگ کی ہے تب سے آج تک شہریوں کی جانب سے اچھا ریسپانس موصول ہورہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی اگر اسی طرح ریسپانس اچھا رہا تو انویسٹیگیشن ونگ میں مزید خواتین کو تھانوں میں تعینات کیا جائےگا۔

وزیر تجارت نے بھارت سے سبزی درآمد کرنے کی تردید کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر تجارت نوید قمر نے بھارت سے سبزی خریدنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور افغانستان سے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کا اجلاس سینیٹر ذیشان خانزادہ کی زیر صدارت ہوا جس میں ٹی ڈیپ بورڈ کا اجلاس ڈیڑھ سال سے نہ ہونے کا انکشاف ہوا۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے اجلاس نہیں ہوا ہمارے سینیٹرز ہم سے پوچھتے ہیں۔ سیکرٹری تجارت صالح فاروقی نے کہا کہ بورڈ ممبران کی عدم تعیناتی کی وجہ سے بورڈ کا اجلاس نہیں ہوا۔
کمیٹی نے وزارت تجارت سے ٹی ڈیپ بورڈ اجلاس میں تاخیر کی وجوہات طلب کر لیں اور کمیٹی نے وزارت کو ٹی ڈیپ بورڈ مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
سینیٹر پلوشہ خان نے بھارت سے سبزیوں کی درآمد کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ کہہ رہے کہ نجی کمپنیاں بھارت سے درآمد کی تجویز دے رہی ہیں تو کیا وزارت تجارت بھارت سے ٹماٹر اور پیاز درآمد کرنے پر غور کررہی ہے؟
وزیر تجارت نوید قمر نے بھارت سے سبزی درآمد کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور افغانستان سے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن بھارت سے پیاز اور ٹماٹر درآمد کرنے کے حوالے سے ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور افغانستان سے درآمد بھی نجی کمپنیوں کے ذریعے ہو گی اور حکومت صرف سہولت کار کا کردار ادا کرے گی۔ بھارت سے درآمد کا فیصلہ بھی تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا لیکن بھارت سے درآمد کی اب تک اجازت نہیں دی گئی ہے۔
نوید قمر نے کہا کہ سیلاب سے زرعی شعبہ متاثر ہوا ہے اور آئندہ ماہ ہمیں خوراک کی کمی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ سیلاب سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا اور نئی فصل پانی کے کھڑے ہونے سے کاشت نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور مارکیٹ میں بھی نرخوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکوٹ نےاعظم خان کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلانے پر پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ان کا نام اسٹاپ لسٹ سے نکالنے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللّٰہ نے سابق وزیرِ اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کیخلاف کیس کی سماعت کی۔
چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت یہ نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کیا گیا؟، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ایک مخصوص کردار ہے۔
انہوں نے ریمارکس دیے کہ جب یہ عدالت کوئی غیرقانونی کام نہیں کر سکتی تو کوئی بھی نہیں کر سکتا۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اعظم خان کا نام اسٹاپ لسٹ میں کیسے ڈال سکتی ہے؟
چیف جسٹس نے کہا یہ عدالت پہلے بھی کہہ چکی کہ ا سٹاپ لسٹ کے پیچھے کوئی قانون موجود نہیں۔ اعظم خان سرکاری افسر ہیں وہ کونسا بھاگ کر جا رہے ہیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اعظم خان کو کس معاملے میں طلب کیا تھا؟ کیا طیبہ گل کیس کے دیگر ملزمان کا نام بھی اسٹاپ لسٹ میں ڈالا گیا؟
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے مالم جبہ کیس میں نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا کہا۔
چیف جسٹس نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ جسٹیفائی کریں کہ اسٹاپ لسٹ کیا چیز ہے؟، پی این آئی ایل کا کوئی لیگل اسٹیٹس نہیں، ایسی کوئی وجہ نہیں کہ نام پی این آئی ایل میں شامل کیا جائے۔
عدالت نے کہا کہ اعظم خان کی 8 ستمبر کو روانگی اور 25 ستمبر سے پہلے واپسی ہے، ان کی آزادی پر کوئی قدغن نہیں لگائی جاسکتی۔
وکیل اعظم خان نے سوال کیا کہ کیا ان کو بلانا صرف شرمندہ کرنا ہے یا واقعی کچھ پوچھنا ہے؟ عدالت نے کہا کہ اعظم خان کو اگر پارلیمنٹ میں طلب کیا گیا تھا تو انہیں جانا چاہیے تھا۔

آئی ایم ایف کا ریلیف شادیانے بجانے والا نہیں، عارضی ہے، خواجہ سعد رفیق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا ریلیف شادیانے بجانے والا نہیں بلکہ عارضی ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 4 حکومتوں کو کنٹرول کرنے والی پارٹی حرکتوں سے باز نہیں آ رہی۔ حکومت پاکستان کو سری لنکا بنانے سے بچانے کی کوششیں کر رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا ریلیف شادیانے بجانے والا نہیں بلکہ یہ عارضی ریلیف ہے۔ پی ٹی آئی کے ارکان آئی ایم ایف کا معاہدہ خراب کرانے میں مصروف تھے اور بھارت بھی آئی ایم ایف کا معاہدہ خراب کرانے کی کوششوں میں مصروف تھا۔ شوکت ترین سے امید نہیں تھی کہ وہ ایسا کریں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے ملک بھر میں تباہی ہوئی ہے جبکہ سیلاب اور بارشوں سے ملک بھر میں بڑا معاشی نقصان ہوا۔ لوگ جاں بحق، جانور بہہ گئے اور مکانات منہدم ہوئے۔ قوم نے بہت سی آفات کا مقابلہ کیا اور اس وقت ملک شدید معاشی بحران کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے سب ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ ریلیف کے بعد اگلا مرحلہ متاثرین کی بحالی کا ہے۔ بارشوں اور سیلاب سے فصلیں تباہ ہوگئیں، مواصلاتی نظام درہم برہم ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومتیں، مخیر حضرات اور پوری قوم کار خیر کے لیے کمر بستہ ہوجائیں اور عالمی برادری ہماری تکلیف کا احساس کرتے ہوئے ہماری مدد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس میں سیلاب کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف اور وزرائے اعلیٰ بھی تھے لیکن خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلی شریک نہیں ہوئے۔ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم کو بھی شرکت کرنے نہیں دیا گیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلویز کے انفرانسٹرکچر کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ سبی میں ایک پل ٹوٹ چکا ہے جس کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ترکی سے 4 ٹرینز آرہی ہیں جس میں سے ایک روانہ ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تفتان میں ایران سے سامان آئے گا اور این ڈی ایم اے کے حوالے کیا جائے گا۔ توہین عدالت کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

وزیراعظم کا خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، 10 ارب امداد کا اعلان

سوات: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقے کالام اور کانجو کا دورہ کیا، دورہ کے دوران سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم خیبرپختونخوا کے سیلاب زدہ علاقے کالام اور کانجو پہنچے، دورہ کے موقع پر کالام میں پھنسے ہوئے سیاحوں سے ملاقات کی، سیاحوں کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپیر فراہم کرتے ہوئے فوری محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی اور اپنی نگرانی میں سڑکوں کی ہنگامی بنیادوں کی بحالی کا حکم دیا۔
سیلاب زدہ علاقے دورہ کانجو میں وزیراعظم کو سیلاب سے نقصان، ریسکیو اور ریلیف کے کاموں پر بریفنگ دی گئی، دوران بریفنگ کہا گیا کہ سیلاب سے پلوں ،شاہراہوں ہوٹلوں اورگھروں کو نقصان پہنچا، کانجو میں سیلاب سے 22افراد جاں بحق ہوئے ہیں، بھاری مشینری کے ذریعے شاہراہوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔
بعد ازاں دورہ کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے لیے 10 ارب روپے کی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے تباہی ہوئی کیونکہ لوگوں نے دریا کے اوپر اور اندر تعمیرات کر رکھی تھیں۔ آرمی چیف نے سیاحوں کو منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹرز فراہم کیے ہیں۔این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، صوبائی حکومتوں اور افواج پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر داد دیتا ہوں، سیلاب اور بارشوں سے بہت زیادہ تباہی بڑی ہے۔ وفاقی حکومت نے این ڈی ایم اے اور بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 28 ارب روپے جاری کیے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرہ فی خاندان کو 25 ہزار روپے دیئے جائیں گے، برادر ممالک بھی اس مشکل میں سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں اور ہمیں جہاں جہاں سے سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز ملیں گے ہم اس کے امین ہیں۔
آئی ایم ایف پروگرام پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اللہ کرے آئی ایم ایف کا یہ ہمارا آخری پروگرام ہو۔ ہم نے اخوت کے ساتھ مشکل حالت سے نکلنا ہو گا۔

مقبوضہ کشمیر، قابض فوج کی ریاستی دہشتگردی، 3 کشمیری نوجوان شہید

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے باعث مزید 3 کشمیری شہید ہو گئے۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
قابض فون نے ضلع شوپیاں میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران بربریت کا مظاہرہ کیا، بزرگوں اور خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ 3 کشمیری نوجوانوں کو تشدد کے بعد فائرنگ کر کے شہید کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ بھارتی فوج کے خلاف نعرے بھی لگائے گئے۔

وزیراعظم کی کالام میں پھنسے ہوئے سیاحوں سے ملاقات

کالام : (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کالام میں پھنسے ہوئے سیاحوں سے ملاقات کی۔ ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
وزیر اعظم شہباز شریف خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے دورے کے دوران کالام پہنچ گئے۔ وزیرا عظم شہباز شریف کو سیلاب کے باعث تباہ کاریوں اور امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
انہوں نے کالام میں پھنسے ہوئے سیاحوں سے ملاقات کی اور ان سے حالات دریافت کیے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرین کو بھرپور مدد کی یقین دہانی کروائی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ متاثرین فکر نہ کریں ،ہم بھر پور اقدامات کررہےہیں۔کالام میں موجود متاثرہ خواتین نے وزیر اعظم شہباز شریف سے شکوے بھی کیے۔
ہیلی کاپٹر کے ذریعے کالام میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کا کام جاری ہے ۔ وزیراعظم نے ریسکیو آپریشن مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعظم نے ایف ڈبلیو او کو ٹوٹی ہوئی سڑکوں کو ہنگامی بنیادوں پہ بحال کرنے کی ہدایت کی ، کہا بحالی کے کام کی خود نگرانی کریں گے۔
واضح رہے کی شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث سیاح کالام میں پھنس گئے تھے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے زلفی بخاری کی ملاقات، سیلابی صورتحال پر تبادلہ خیال

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، متاثرین سیلاب کی بحالی کے اقدامات پر بات چیت ہوئی، اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، رہنما تحریک انصاف زلفی بخاری نے وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے سیلاب زدگان کی مدد کے اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر زلفی بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب سے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد میں مصروف ہے، آپ راجن پور، تونسہ، ڈی جی خان کے سیلاب متاثرین کے پاس سب سے پہلے پہنچے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے سیاسی و انتظامی ٹیمیں فیلڈ میں ہیں، پنجاب کابینہ ایک ماہ کی تنخواہ وزیر اعلی فلڈ ریلیف فنڈ میں دے گی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج آزمائش میں ایک بار پھر متاثرین کی مدد میں پیش پیش ہے۔

آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی، ڈالر کی پرواز تھم گئی، روپے کی قدر میں اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پروگرام کی بحالی کے بعد پاکستان میں ڈالر کی قدر میں آج بھی کمی دیکھی گئی۔
انٹر بینک میں ڈالرکی قیمت میں ایک روپیہ 62 پیسے کمی ہوئی ہے جس کے بعد انٹر بینک میں امریکی کرنسی 218 روپے 50 پیسے پر ٹریڈ کررہی ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 3 روپے سستا ہونے کے بعد 221 روپے پر آگیا ہے۔
خیال رہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے قرض پروگرام سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق قرض پروگرام میں جون 2023 تک توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے، پاکستان کیلئے قرض پروگرام 6 ارب ڈالر سے بڑھا کر ساڑھے 6 ارب ڈالر کر دیا گیا ہے۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کیلئے ایک ارب 10 کروڑ ڈالرز کی قسط منظور کر لی گئی ہے۔

سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھرمیں ریلیف آپریشن کے لیے ہیلی کاپٹر کی 140 پروازیں چلائی گئیں اور سیلاب سے متاثرہ مختلف علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے 550 سے زائد پھنسے ہوئے افراد کو نکالا گیا۔
پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران راشن اور امدادی سامان پہنچایا گیا جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران سیلاب متاثرین میں 6 ہزار140 راشن کے پیکٹ اور 325 خیمے تقسیم کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مختلف میڈیکل کیمپوں میں 5 ہزار 213 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔

نیوزی لینڈ کے آل راونڈر کولن ڈی گرینڈہوم نے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیا

نیوزی لینڈ: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ آل راونڈر کولن ڈی گرینڈہوم نے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔
نیوزی لینڈ کے آل راونڈر کولن ڈی گرینڈ نے انٹر نیشنل کرکٹ کو خیر باد کر دیا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے آل راونڈر کو سینٹرل کنٹریکٹ سے ریلیز کردیا گیا ہے۔
کولن ڈی گرینڈ کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ اپنی فٹنس اور فیملی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔
انکا کہنا ہے کہ میں مزید جوان نہیں ہوسکتا۔ سخت ٹریننگ اور اسکے ساتھ ساتھ انجری کے مسائل بھی ریٹائرمنٹ کی ایک وجہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب وہ زیادہ وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔
کولن ڈی گرینڈہوم نے بطور آل راونڈر نیوزی لینڈ کی طرف سے تینوں فارمیٹ میں ایک سو سے زائد میچز کھیلے۔