وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں ریسکیو 1122 ایمبولینس سروس کا افتتاح کردیا

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں ریسکیو 1122 ایمبولینس سروس کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھاکہ آج سے 50 ایمبولینسز سڑکوں پر ہوں گی اور یہ تعداد 233 تک بڑھائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ پولیس، ایمبولینس اور فائر بریگیڈ سروس کو یکجا کیا جارہاہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ 1122 پر فون کرنے پر ہماری ٹیم مکمل مدد فراہم کرے گی، کسی بھی ایمرجنسی میں اس سروس کو استعمال کیا جاسکے گا۔

اوگرا کا جون کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جون کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا۔
اس ضمن میں جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے 9 پیسے فی کلو گرام کمی کی گئی ہے جس کے بعد ایک کلوگرام کی نئی قیمت 218 روپے 75 پیسے ہو گئی۔
ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 154 روپے 48 پیسے سستا ہوگیا، گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2581 روپے 35 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔ مئی میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈ ر2735 روپے 83 پیسے کا تھا۔
ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون 2022ء کیلئے ہے۔

گھی کی فی کلو قیمت میں 208 روپے تک کا اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مہنگائی کا طوفان شدت اختیار کر گیا، ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی اور کوکنگ آئل کی فی کلو قیمت میں 208 اور 213 روپے تک کا اضافہ ہوگیا۔
مختلف برانڈز کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگیا، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گھی کی فی کلو قیمت میں 208 روپے، مختلف برانڈ کے کوکنگ آئل کی فی لٹر قیمت میں 213 روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گھی کی فی کلو قیمت 555 روپے تک کر دی گئی اور کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت 605 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے

انقرہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے۔
ترکی کے دارالحکومت انقرہ پہنچنے پر ترک وزیردفاع اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر اعظم اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
انقرہ ائیرپورٹ پروزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنےکے بعد شہبازشریف کا یہ پہلا دورہ ترکی ہے۔
دورے میں وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر سے ون آن ون ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امورپرتبادلہ خیال ہوگا۔
وزیراعظم اور ترک صدر ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
اس کے علاوہ پاکستان اور ترکی کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات ہوگی جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ترکی کے ممتاز کاروباری افراد بھی ملاقات کریں گے۔

پاکستان اور بھارت کا سندھ طاس معاہدے کو حقیقی روح میں نافذ کرنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو حقیقی روح میں نافذ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کے مطابق پاکستان بھارت مستقل انڈس کمیشن کا نئی دہلی میں 118واں اجلاس ہوا، پاکستان کے 6 رکنی وفد کی قیادت سید محمد مہر علی شاہ نے کی، اجلاس میں پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، سیلاب کی معلومات کی پیشگوئی اطلاع اور مستقل انڈس کمیشن کی رپورٹ پر دستخط کئے گئے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان نے مغربی دریاؤں پر بھارت کے ہائیڈرو الیکٹرک منصوبوں پر اعتراضات سے آگاہ کیا، پاکل دل سمیت بھارتی منصوبوں پر پاکستان کے اعتراضات کا بھی جواب طلب کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین نے سندھ طاس معاہدے کو حقیقی روح میں نافذ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ دونوں فریقوں نے اگلا اجلاس جلد پاکستان میں منعقد کرنے کی امید کا بھی اظہار کیا۔

امن وامان کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے: وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ لاء اینڈ آرڈر کی فضا کو ہرصورت برقرار رکھا جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے۔کسی گروہ یا جتھے کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ صوبائی وزراء سردار اویس لغاری، خواجہ سلمان رفیق، عطا تارڑ، رکن پنجاب اسمبلی ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری، اعلیٰ پولیس حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ رکن پنجاب اسمبلی جہانگیر خانزادہ اور آر پی او شیخوپورہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
حمزہ شہباز کو لاہور سے تاوان کے لیے اغواء ہونے والے بچے کی بحفاظت بازیابی کے حوالے سے بھی رپورٹ پیش کی گئی اور بچے کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے پر لاہور پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیا جائے گا۔ پنجاب پولیس نے 25 مئی کو جانفشانی اور جذبے سے امن عامہ کی فضا قائم رکھنے کے لئے اقدامات کئے اور قانون کے نفاذ کے لئے پیشہ وارانہ انداز میں فرائض ادا کئے۔امن عامہ قائم رکھنے کے لئے پنجاب پولیس کی مکمل سپورٹ جاری رکھیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے جسے ہر صورت نبھائیں گے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کو چونیاں ریپ کیس کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ چونیاں کیس کو جلد منطقی انجام پر پہنچایا جائے اور تفتیش کو ڈی این اے سیمپلز اور سائنٹفک انداز سے تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔

عبد الخالق شیخ آئی جی بلوچستان تعینات

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے عبد الخالق شیخ کو انسپکٹر جنرل بلوچستان تعینات کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل بلوچستان کو تبدیل کر دیا گیا، محسن حسن بٹ کو اسٹبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ عبدالخالق شیخ نئے آئی جی بلوچستان پولیس تعینات کر دیا گیا ہے۔
عبدالخالق شیخ پولیس سروس گریڈ 21 کے افسر ہیں، عبدالخالق شیخ ڈپٹی ڈی جی آئی بی تھے۔

پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی جانے کا کوئی ارادہ نہیں: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے متعلق بدھ کو سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے، ہمارا قومی اسمبلی میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، سپیکر قومی اسمبلی کے پاس ہمارے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کا اختیار نہیں۔ جس معاشرے میں کمزور اور طاقتور میں اتنا فرق ہو آگے کیسے جائے گا۔
اسلام آباد میں حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ عمران فاروق کے قتل کے بعد بانی متحدہ بھی اسی طرح رو پیٹ رہے تھے، آپ نے نہتے لوگوں پر تشدد کیا اور خواتین کی بے حرمتی کی، پی پی نے لانگ مارچ کیا تو عمران خان نے چیئرمین سی ڈی اے کو کہا کہ ان کو سہولت دیں، اس حکومت کی بدمعاشی اور تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہر جگہ بات کر رہے ہیں، دھمکی آمیز سائفر کی تحقیقات ہونی چاہییں، سپریم کورٹ اس پر کمیشن کیوں نہیں بنا رہی، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو صدر مملکت عارف علوی خط لکھ رہے ہیں۔ سپریم کورٹ میں پٹیشن دینے جا رہے ہیں، سپریم کورٹ فیصلہ دیں کہ پرامن احتجاج ہمارا حق ہے یا نہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ لگتا ہے حکومت تماش بینوں کے حوالے کردی گئی، حکومت کا پیسہ تماش بین عیاشیوں پر لٹا رہے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف اپنے چھٹے غیر ملکی دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، یہ عوام کا پیسہ ایسے خرچ کر رہے ہیں جیسے باپ کا مال ہے، شہباز شریف نے آتے ہی 5 گھروں کو کیمپ آفس ڈکلیئر کردیا، آتے ہی انہوں نے سوئمنگ پول اور ٹینس کورٹ کروڑوں روپے سے اپ گریڈ کرا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے 40 روزہ اقتدار میں دوروں پر کروڑوں خرچ ہوئے، بلاول بھٹو بھی دوروں پر ہیں، قادر پٹیل جنیوا بیٹھے ہیں، ایسا لگتا ہے ڈبلیو ایچ او بھی قادر پٹیل کے مشورے سے چل رہا ہے، مصدق ملک پٹرولیم کے چھوٹے وزیر ہیں، مصدق ملک کہتے ہیں زہر کھانے کو پیسے نہیں مگر دوروں پر خرچ کر رہے ہیں، 4 سال پرائم منسٹر ہاوس میں رہیں ہمیں نہیں پتہ سوئمنگ پول کہاں تھا۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارا قومی اسمبلی میں جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، جس معاشرے میں کمزور اور طاقتور میں اتنا فرق ہو آگے کیسے جائے گا، آج الیکشن کمیشن پی ٹی آئی ممبران کو نوٹیفائی نہیں کر رہی، حمزہ شہباز پی ٹی آئی ممبران کی وجہ سے وزیر اعلیٰ بنے بیٹھے ہیں، اداروں کے اندر مخصوص لابیز حمزہ شہباز اور شہبازشریف کو سپورٹ کر رہی ہے، شفاف انتخابات کی راہ میں رکاوٹ موجودہ چیف الیکشن کمشنر ہیں۔

عمران خان کہتے ہیں، کرپشن کا الزام نہیں، بی آرٹی، مالم جبہ، راولپنڈی رنگ روڈ اور گوگی اسکینڈلز کیا ہیں؟: شازیہ مری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نا گزیرتھا، سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کیے تھے۔
پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والی وفاقی وزیرشازیہ مری نے فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک کروڑ 40 لاکھ خاندانوں کو 28 ارب روپے کا ریلیف دے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان مختلف طریقوں سے انتشار پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، محمود خان نے وزیراعظم کے خلاف جو زبان استعمال کی وہ قابل مذمت ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ عمران نیازی کو ہضم نہیں ہو رہا ہے کہ ان کی کرسی چلی گئی، یہ قابل قبول نہیں صوبے کے وسائل کو وفاق پر حملے کے لیے استعمال کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنے جتھوں کے ہمراہ اسلحہ لانے کا بھی اعتراف کیا ہے، عمران خان کہتے ہیں کہ میری حکومت پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے۔
شازیہ مری نے استفسار کیا کہ بی آرٹی، مالم جبہ، راولپنڈی رنگ روڈ اور گوگی اسکینڈلز کیا ہیں؟

قومی اسمبلی کی نشستوں میں کمی کردی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کے بعد قومی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد میں کمی کردی ہے۔
الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کی ابتدائی رپورٹ شائع کردی ہے، جس کے مطابق قومی اسمبلی کی 6 نشستیں کم کردی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نئی حلقہ بندیوں میں فاٹا کی 6 نشستوں میں کمی کے بعد قومی اسمبلی کے تمام حلقوں کی تعداد 272 سے کم ہو کر 266 ہوگئی ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر متعلقہ حلقے کا ووٹر 30 جون تک اعتراض دائر کرسکتا ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن یکم جولائی سے 30 جولائی تک اعتراضات پر فیصلے کرے گا۔
خیال رہے کہ سابقہ فاٹا میں قومی اسمبلی میں نشستوں کی تعداد 12 تھی، تاہم قبائلی علاقوں کے خیبر پختون خواہ میں ضم ہونے کے بعد اس کی نشستوں میں کمی کی گئی ہے۔
جاری بیان کے مطابق حلقہ بندیوں پر اعتراضات میمورنڈم کی صورت میں سیکریٹری الیکشن کمیشن کے نام جمع ہونگے، جبکہ اعتراضات اور نقشہ جات کی 8 نقول الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ہوں گی۔
الیشکن کمیشن کا کہنا ہے کہ بذریعہ کوریئر، ڈاک یا فیکس اعتراضات قابل قبول نہیں ہوں گے۔

کامن ویلتھ گیمز، سہ فریقی سیریز کیلئے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا اعلان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کامن ویلتھ گیمز اور آئرلینڈ میں شیڈول سہ فریقی خواتین سیریز کے لئے قومی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔
چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال نے سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں کلین سویپ کرنے والے سکواڈ کو برقرار رکھا ہے۔
ٹیم کے اعلان سے قبل کپتان بسمہ معروف، ہیڈ کوچ ڈیوڈ ہیمپ سے بھی مشاورت کی گئی، دونوں ایونٹس کے لئے 15رکنی اسکواڈ سمیت تین ریزروکھلاڑی غلام فاطمہ، ام ہانی اور صدر شمس بھی ساتھ جائیں گی۔
پاکستان، آئرلینڈ اور آسٹریلیا کی خواتین ٹیموں کے مابین سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز 16 سے 24 جولائی تک بیلفاسٹ میں کھیلی جائے گی، کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ٹیم اپنے تین میچز 29، 31 جولائی اور 3 اگست کو بالترتیب بارباڈوس، بھارت اور آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی، قومی اسکواڈ کا تربیتی کیمپ یکم سے 11 جولائی تک اسلام آباد میں لگایا جائے گا،جبکہ اسکواڈ 12 جولائی کو برطانیہ روانہ ہوجائے گا۔
قومی سکواڈ میں‌ بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، گل فیروزہ (وکٹ کیپر)، ارم جاوید، کائنات امتیاز، منیبہ علی صدیقی (وکٹ کیپر)، ندا ڈار، عمیمہ سہیل ، سعدیہ اقبال اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔

ویمنز ٹی 20 رینکنگ: سری لنکا کیخلاف کلین سویپ کا صلہ قومی کھلاڑیوں کو مل گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 رینکنگ میں سری لنکا کے خلاف مختصر فارمیٹ کی سیریز میں کلین سویپ کرنے والی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کو عمدہ کارکردگی کا صلہ مل گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق سری لنکا کيخلاف ٹی 20 سيريز ميں کلين سويپ کا فائدہ پاکستانی بیٹرز اور باؤلرز کو ہوا، انعم امين 2 درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
باؤلرز درجہ بندی میں ميں ندا ڈار 2 درجے ترقی کے بعد ٹاپ ٹين ميں شامل ہوگئیں، فاطمہ ثنا کی رينکنگ ميں بھی 7 درجے ترقی ہوئی، بيٹرز ميں بسمہ معروف ايک درجہ ترقی پاکر 24ويں نمبر پر پہنچ گئیں۔

تاجکستان میں فوجی آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک

دوشنبے: (ویب ڈیسک) تاجکستان کے نیم خودمختار صوبے گورنو بدخشاں میں فوجی آپریشن کے دوران پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
تاجک وزارت داخلہ سے جاری کردہ بیان کے مطابق گورنو بدخشاں میں مزاحمت کاروں کے خلاف آپریشن کئی روز سے جاری ہے۔ تازہ کارروائی میں پانچ مسلح دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
گزشتہ ہفتے پرتشدد مظاہرین کے خلاف تاجک فوج کی کارروائی میں چالیس سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔