روس کا یوکرین کا ایک اور لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی وزارت دفاع نے یوکرین کے ایک اورایس یو-25 لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کردیا ہے۔
روسی حکام کے مطابق یوکرین کے علاقے میکولائیو میں روسی حملے کے دوران یوکرین کا طیارہ مار گرایا گیا، حملے میں ایک ریڈار اسٹیشن اور دو اسلحہ ڈپو بھی تباہ کردیے گئے۔
دوسری جانب یوکرین میں گرفتار دو روسی فوجیوں کو جنگی جرائم کے الزامات پر سزائیں سنا دی گئیں، دونوں اہلکاروں پر رہائشی علاقے پر فائرنگ کی الزام تھا، عدالت نے روسی اہلکاروں کو ساڑھے گیارہ برس قید کی سزا سنا دی۔

کریم بینزیما چیمپئنز لیگ کے پلیئر آف دی سیزن نامزد

لندن: (ویب ڈیسک) چیمپئن ٹیم ریال میڈرڈ کے سپر سٹار کریم بینزیما چیمپئنز لیگ کے پلیئر آف دی سیزن نامزد ہو گئے۔
34 سالہ کریم بینزیما کو سخت محنت اور شاندار کارکردگی کا انعام ملنے لگا، لیور پول کو ایک صفر سے ہرا کر چیمپئن بننے والی ریال میڈرڈ کے فارورڈ کو چیمپئنز لیگ سیزن کے بہترین کھلاڑی نامزد کر دیا گیا ہے۔
انگلش کلب کے ساتھ ساتھ فرانس کی نمائندگی کرنے والے سپر سٹار نے چیمپئنز لیگ کے 12 میچز میں 15 گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا، اس پر وہ فٹبال کے سب سے بڑے ایوارڈ بیلان ڈی آر جیتنے کی دوڑ میں بھی شریک ہو گئے ہیں۔

’پڑ دادا‘ کے نام سے جانا جانے والا 5000 سال پُرانا درخت

چلی: (ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جنوبی چلی میں ’پڑ دادا‘ کے نام سے جانا جانے والے قدیم الیئرس کا درخت 5000 سال سے زیادہ پُرانا ہو سکتا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سائنس دانوں کی جانب سے درخت کے تنے مین موجود چھلوں کا معائنہ کر کے درخت کی عمر کا تعین نہیں کیا جاسکا کیوں اس کے تنے کے غیر معمولی جسامت کی وجہ سے ایسا کرنا ممکن نہیں تھا۔ لیکن ایک نتیجہ جو وہ اخذ کر سکے وہ یہ کہ یہ درخت دنیا کا سب سے قدیم درخت ہے۔
عام طور سے درخت کے تنے میں موجود چھلوں کو گننے کے لیے ایک میٹر لکڑی کا سلینڈر تنے سے نکالا جاتا ہے لیکن اس قدیم درخت کے تنے کا قطر چار میٹر کا ہے۔
تحقیق کے سربراہ سائنس دان جونیتھن بیرِیچِیوچ کا کہنا تھا کہ درخت سے حاصل کیے گئے نمونے اور عمر کا تعین کرنے والے دیگر طریقہ کار یہ بتاتے ہیں کہ اس درخت کی عمر 5 ہزار 484 برس تک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ طریقہ ہمیں بتاتا ہے کہ نمو کے تمام ممکنہ اطوار کے 80 فی صد امکانات یہی بتاتے ہیں کہ اس درخت کی عمر 5000 ہزار سے زیادہ ہے۔ صرف 20 فی صد امکانات یہ ہیں کہ درخت اس سے کم عمر کا ہے۔
اندازہ لگائی گئی اس عمر کے بعد یہ درخت موجودہ قدیم ترین درخت کا ریکارڈ رکھنے والے درخت سے یہ خطاب لے لے گا۔ یہ امریکی ریاست کیلیفورنیا میں برسٹلکون پائن کا درخت ہے 4جو ہزار 853 سال پرانا ہے۔
جونیتھن نے بتایا کہ ہر سال ہزاروں لوگ اس درخت کو دیکھنے آتے ہیں، اس کی جڑوں پر پیر رکھتے ہیں اور تنے کی چھالیں لے کر جاتے ہیں۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے چڑیا گھر میں جانور ناقابلِ برداشت حالات میں نمائش کے لیے رکھا ہوا ہو۔
ان کو امید ہے کہ لوگ ضرور اس متعلق سوچیں گے کہ 5000 ہزار سال زندہ رہنے کا کیا مطلب ہوتا ہے، اس جگہ اپنی زندگیوں کو رکھیں گے اور موسمیاتی تغیر کے نکتہ نظر سے سوچیں گے۔

پاکستان میں فیس بک کا دفترکھولنے سے متعلق خبروں پر ایف آئی اےکا بیان سامنے آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستان میں فیس بک کا دفترکھولنے سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جعلی خبرگردش کر رہی ہےکہ پاکستان میں فیس بک کا دفتر کھولا جا رہا ہے تاہم ایف آئی اےکی جانب سے ایسا کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا، ایف آئی اے اس جعلی خبرکی سختی سے تردید کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ خبرمیں ایف آئی اےکے ایک افسرکا نام بھی شائع کیا گیا جوگمراہ کن ہے، ایف آئی اے ایسی بے بنیاد خبروں کی بغیر تصدیق اشاعت کی شدید مذمت کرتا ہے۔

سنجے دت ممبئی چھوڑ کر دبئی منتقل کیوں ہوئے؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اسٹار سنجے دت کو ممبئی سے دبئی منتقل ہوئے کافی عرصہ ہوچکا ہے
اب ایک انٹرویو میں سنجو کے نام سے مشہور اداکار نے دبئی منتقل ہونے کے بارے میں بات کی ہے۔
سنجے دت کے والدین سنیل اور نرگس دت معروف اداکاروں میں سے ایک تھے اور ان کے والد بھارت میں سیاسی طور پر بھی بہت زیادہ سرگرم تھے۔
مگر اب سنجے دت ، ان کی اہلیہ اور جڑواں بچے دبئی میں مقیم ہیں۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ آخر کس وجہ سے وہ ممبئی سے دبئی منتقل ہوئے تو انہوں نے کہا کہ یہ صرف ان کا اپنا فیصلہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا ‘میری بیوی نے یہ فیصلہ کافی عرصے پہلے کرلیا تھا اور وہ بہت عرصے سے یہاں مقیم ہے۔ میں اپنے کام کے باعث ممبئی اور دبئی کے درمیان چکر لگاتا رہتا ہوں، میرا خاندان دبئی آکر خوش ہے اور اگر وہ خوش ہیں تو میں بھی خوش ہوں’۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کا خاندان متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کی وبا سے قبل ہی منتقل ہوگیا تھا اور وہ یو اے ای کو ہی اپنا گھر سمجھنے لگے ہیں۔
اس سے قبل مئی 2022 میں ایک انٹرویو کے دوران سنجے دت نے کہا تھا کہ اگرچہ دبئی منتقل ہونا سوچا سمجھا قدم نہیں تھا مگر اپنے بچوں کو خوش دیکھنا ہی ان کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا ‘میں اپنے بچوں کو یہاں تعلیم حاصل کرتے دیکھ کر خوش ہوں، میری بیوی مانیتا بھی یہاں اپنی چیزیں کررہی ہے، میں ہر اس جگہ جاؤں گا جہاں وہ ہوں گے’۔
خیال رہے کہ سنجے دت اور مانیتا کی شادی 2008 میں ہوئی تھی اور 2010 میں جڑواں بچوں اقرا اور شہران کی پیدائش ہوئی تھی۔
سنجے دت نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ کسی منصوبہ بندی سے نہیں ہوا بلکہ ایسا خود ہی ہوگیا، مانیتا کا دبئی میں کاروبار چل پڑا اور بچے ماں کے ساتھ وہاں چلے گئے۔

سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 800 روپے کم ہوئی ہے اور فی تولہ قیمت ایک لاکھ 37 ہزار 300 روپے ہے۔
10 گرام سونے کی قدر 685 روپے کم ہوکر ایک لاکھ 17 ہزار 713 روپے ہے جبکہ عالمی صرافہ میں سونے کی قدر 6 ڈالرز کم ہوکر 1849 روپے فی اونس ہے۔

درآمدی اشیا پر لگائی گئی پابندی میں نرمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے 19 مئی کو درآمدی اشیا پر لگائی گئی پابندی میں نرمی کر دی۔
وزارت تجارت نے درآمدی چھوٹ دینے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق صنعتی شعبے کیلئے درآمد کردہ خام مال پر پابندی عائد نہیں ہو گی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق انٹرمیڈیٹ گڈز کی درآمد پر بھی پابندی عائد نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ چند روز پہلے وفاقی حکومت نے تمام امپورٹڈ گاڑیوں کی درآمد پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ساتھ ہی تمام اشیائے تعیش کی درآمد پر بھی پابندی عائد کردی تھی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے مطابق غیر ضروری امپورٹ پر مکمل پابندی عائد کی جارہی ہے جس سے مقامی انڈسٹریز اور سرمایہ کاروں کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے بتایا تھا کہ حکومتی فیصلے کے تحت موبائل فون، ڈرائی فروٹس، کراکری ، شوز، ڈیکوریشن کا سامان، کارپٹس، فوڈ آئٹمز، ٹشو پیپرز، لگژری میٹرز ، سن گلاسز، جوسرز، فش اور فروزن فوڈز کی درآمد پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کا پولیس کو دعا زہرا کو کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) کراچی سے پنجاب جاکر شادی کرنے والی دعا زہراکی ساس اور جیٹھ نے مبینہ ہراسانی کے خلاف لاہورہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے نورمنیر اور شبیراحمد کی درخواست پرسماعت کی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ کا کہنا تھاکہ درخواست ہائیکورٹ میں زیرالتوا رہےگی، پولیس اپنا کام کرے۔
درخواست گزار کے وکیل کا مؤقف تھاکہ دعا زہرا نے کراچی سے ظہیراحمد کے ساتھ آکرپنجاب میں نکاح کیا، نکاح کے بعد دعا زہرا نے بیان زیر دفعہ 164 بھی عدالت میں ریکارڈکروایا اور دعا زہرا نے اپنی مرضی سے شادی کرنے کا بیان دیا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست گزار وکیل سے استفسار کیا کہ بتائیں دعا زہرا کہاں ہے؟ اس پر وکیل کا کہنا تھاکہ دعا زہرا اپنے خاوند کے ساتھ ہے، کہاں ہے اس کا مجھے علم نہیں۔
جسٹس طارق سلیم نے استفسار کیا کہ آپ اسےعدالت میں پیش کیوں نہیں کرتے؟ پولیس انکوائری کرتی ہے تو آپ ہائیکورٹ میں رٹ دائرکردیتے ہیں، آپ اسے پیش کیوں نہیں کرتے؟ عدالتوں کامذاق بنایا ہوا ہے۔
درخواست گزار وکیل کا کہنا تھاکہ آپ پولیس کوتحفظ فراہم کرنےکاحکم دیں، دعا زہرا کوپیش کردیں گے۔
اس پر جسٹس طارق سلیم نے ریمارکس دیے کہ اس کامطلب آپ کوعلم ہےوہ کہاں ہے، تحفظ فراہم کرنے کا کیوں حکم دیں؟
وکیل کا کہنا تھاکہ اس کی جان کوخطرہ ہے اور وہ سندھ نہیں جانا چاہتی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ جو عدالت اسے بلائے گی اسے وہیں جانا پڑےگا، کیس کوزیرالتوا رکھ رہاہوں، پولیس اپنا کام کرے۔
عدالت نے پولیس کو دعا زہرا کو کل عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا اور دعا زہرا کے سسرالیوں کو ہراساں نہ کرنے کی استدعا رد کردی۔

ڈیڑھ لاکھ کی سبسڈی، حج پیکج ساڑھے 6 سے 7 لاکھ کے درمیان ہوگا، وزیر مذہبی امور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ رواں سال قربانی کے بغیر حج پیکج ساڑھے 6 سے 7 لاکھ کے درمیان ہوگا، ڈیڑھ لاکھ روپے حکومت ادا کرے گی۔
اسلام آباد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج کا سرکاری کوٹہ 32 ہزار ہے، باقی 48 ہزار عازمین پرائیویٹ آپریٹر کے ذریعے حج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حاجی کی مدد کی جاسکتی ہے ، علماء ہند اس پر متفق ہیں، بھارتی حکومت حجاج کی مدد کرتی ہے، قومی خزانے میں جمع مال اور حرام پیسے میں تمیز نہیں کی جاسکتی، سود کا پیسہ قومی خزانے میں آتا ہے۔ حجاج کو سپورٹ کی رقم حال پیسے سے شامل ہوگی۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج ایک اہم دینی اور مذہبی فریضہ ہے، سعودی عرب نے 2سال بعد انٹرنیشنل کوٹے کے تحت حج کی اجازت دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال سے حج اخراجات میں مسلسل اضافہ ہوا، اگر گزشتہ حکومت ہوتی توحج اخراجات 11 لاکھ روپے ہوتے۔
انہوں نے بتایا کہ حج انتظامات کے لئے انہوں نے سعودیہ کا دورہ کیا اور وہاں پر رہائش ، ٹرانسپورٹ وغیرہ کا خود جائزہ لیا۔
مفتی عبدالشکور نے کہا کہ ہم نے حاجیوں کے لیے فی بیڈ 21 سو ریال کی قیمت پر لیا ہے جب کہ گزشتہ حج پر 23 ریال میں لیا گیا تھا، 3 وقت کھانوں اور رہائش کا روزانہ بل صرف 27 ریال ہوگا۔ حجاج کے لئے حرم کے قریب جگہ لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے 6 ماہ کا حج آپریشن صرف 1 مہینے میں مکمل کیا، 80 فیصد عازمین حج کی تربیت کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عازمین حج کو پروازوں کی تفصیلات میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے ارسال کی جائے گی۔ پرائیویٹ آپریٹر سے کہا حج کی قیمیت 12 لاکھ سے کم کریں، پرائیویٹ حج میں پیکج ساڑھے 9 لاکھ سے شروع ہورہا ہے

کارکنوں کے مسلح ہونے کے اعتراف کے بعد کسی ثبوت کی ضرورت نہیں: رانا ثناء

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کارکنوں کے مسلح ہونے کے اعتراف کے بعد کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ،عمران خان دو سو فیصد گولی چلانے کے ارادے سے آئے، کس بلڈنگ میں کتنے لوگ تھے،تعین کررہےہیں، پی ٹی آئی والوں پر مقدمہ درج ہونا چاہیے اور سرغنہ گرفتار ہونا چاہیے۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد وزیر مواصلات اسعد محمود، وزیراعظم کے مشیر قمر زمان کائرہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک انصاف سیاسی جماعت اور تمام سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے اسلام آباد میں داخل ہوئی، ان کے گینگ میں کریمنل شامل تھے اور دیگر محکموں کے لوگوں کو بھی یہاں پر لایا گیا اور اس مجرمانہ سیاسی ایجنڈا، جو قوم کو تقسیم کرنے اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے پر مشتمل ہے ، کے ساتھ وفاق پر حملہ آور ہوئے، اسلام آباد میں صرف چند ہزار لوگ اکٹھے ہوئے۔
رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ عمران خان صوابی سے ہی مسلح افراد لے کر نکلے تھے، فسادی ٹولہ ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانا چاہتا ہے، لانگ مارچ کو اسلام آباد میں داخلہ سے روکا گیا تو پولیس فائرنگ کی گئی،پارلیمنٹ لاجز اور خیبرپختونخوا ہائوس میں بھی مسلح لوگوں کو پناہ دی گئی۔ پی ٹی آئی کے مارچ کو جب اٹک ڈسٹرکٹ، میانوالی اور اسلام آباد کی حدود پر روکا گیا تو اس نے پولیس پر فائرنگ کی اور مسلح انداز میں پولیس کو یرغمال بنایا گیا۔ جب سپریم کورٹ سے آرڈر آیا کہ راستے کھول کر انہیں یہاں آنے دیا جائے اور انہیں ایچ نائن میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جس کیلئے ہم نے انتظامات بھی کئے۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد جلسہ اور سیاسی سرگرمی نہیں بلکہ یہاں پر انارکی اور افراتفری پھیلانا تھا۔ انہیں سپریم کورٹ سے جب موقع ملا تو انہوں نے ایک لمحہ کیلئے نہیں سوچا کہ وہ جلسہ کریں گے بلکہ انہوں نے یہ تہیہ کر رکھا تھا کہ وہ ڈی چوک ضرور جائیں گے، ڈی چوک میں تحریک انصاف کے تین سے چار ہزار لوگ جمع ہو چکے تھے، ان سب کا تعلق ایک صوبے سے تھا اور وہ ایک جتھے کا فرنٹ تھے، یہ لوگ ایک دو دن پہلے یہاں آ چکے تھے، ہم ایک ایک کا نام درج کر رہے ہیں، یہ لوگ پارلیمنٹ لاجز اور کے پی کے ہائوس میں ٹھہرائے گئے، پارلیمنٹ لاجز میں پورے ملک سے اراکین مقیم ہیں، پی ٹی آئی نے مسلح لوگوں کو یہاں ٹھہرا کر بڑی غلطی کی، عمران خان نے عدالتی احکامات کے بعد ڈی چوک جانے کا اعلان کر دیا تھا یہ نہ صرف سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی بلکہ توہین عدالت تھی۔

حکومت میں تھے تو اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دباؤ تھا: عمران خان کا انکشاف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت میں تھے تو اسرائیل کو تسلیم کرنے کیلئے دباؤ تھا،امریکا کے زیر اثر لابی مسلم ممالک سے صیہونی ریاست کو تسلیم کرانا چاہتی ہے۔ نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق کبھی نہیں سوچا، نہیں معلوم نیا آرمی چیف کون ہو گا۔
ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات میں پی ٹی آئی چیئر مین نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت میں تھے تو اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے دباؤ تھا، پیغام بیجھا گیا کہ اپنے ملک کا سوچیں ، پیغام کس کی طرف سے آیا تھا یہ ابھی نہیں بتا سکتا، امریکا کے زیر اثر مخصوص لابی مسلم ممالک سے اسرائیل کو تسلیم کروانا چاہتی ہے۔
عدم اعتماد کے دوران انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے رابطوں کی تردید کی اور بزنس مین ملک ریاض کے درمیان گفتگو سے بھی لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ 26 سال سے کہ رہا ہوں کہ سابق صدر آصف زرادری اور ن لیگ ایک ہی ہے، لانگ مارچ ختم کرنے کے پیچھے کوئی ڈیل نہیں ہے، لانگ مارچ ختم نہ کرتا تو خون خرابہ ہوتا۔
عمران خان نے کہا کہ اسمبلیوں سے مستعفی ہوچکے ہیں، استعفوں کی تصدیق کے لئے جانے کی ضرورت نہیں ہے، قومی اسمبلی کے فلور پر سپیکر کے سامنے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ، جس دن اسمبلی میں واپس گئے اس کا مطلب امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کرنا ہے، اب کسی رکن کو انفرادی طور پر اسمبلی جانے کی ضرورت نہیں۔ نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق کبھی نہیں سوچا، نہیں معلوم نیا آرمی چیف کون ہو گا۔
انہوں نے ایف آئی اے کےمعطل پراسیکیوٹر سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کل ٹی وی پر نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالقرنین اسکندر کا انٹرویو دیکھا۔ ذوالقرنین اسکندر نے کہا شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کا اوپن اینڈ شٹ کیس تھا۔ شریف خاندان نے جان بوجھ کر کیس کو تاخیر کا شکار کیا۔ کیس میں تاخیر نہ ہوتی تو ڈیڑھ سال میں ان کو سزا مل جانی تھی۔ عمران خان نے کہا کہ ذوالقرنین کو کہا گیا کیس اب آگے نہیں بڑھے گا۔ ہماری حکومت میں شریف خاندان کے خلاف تحقیقات میں مشکلات تھیں۔ تحقیقات کرنے والے لوگ ڈرتے تھے۔ انہوں نے مشرف دور کے دوران تحقیقات کرنے والوں سے انتقام لیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کا ریکارڈ نکالنا مشکل تھا لیکن تگڑے افسر ڈٹ گئے۔ ڈاکٹر رضوان تگڑا افسر تھا اس پر بھی دباو ڈالا گیا۔ نیب اور ایف آئی اے میں 40 ارب روپے کے کیسز ختم ہو جائیں گے

مفت کھانے کے لیے نام بدلنے والے افراد نئی مشکل کے شکار ہوگئے

تائیوان: (ویب ڈیسک) قارئین کو یاد ہوگا کہ چند ماہ پہلے ہم نے خبردی تھی کہ تائیوان کی ایک ریستوران میں مفت سوشی کھانے کے لیے سینکڑوں افراد نے شناختی کارڈ میں اپنے نام کے ساتھ ’سامن‘ لکھوالیا تھا۔ لیکن اب رعایتی اسکیم ختم ہونے پر وہ شناختی کارڈ پر دوبارہ اپنا نام درست کرانے سے قاصر ہیں۔
مارچ 2021 میں مشہور تائیوانی ریستوران ’سیوشیرو‘ نے اپنی تمام شاخوں پر ایسے افراد کے لیے مفت سوشی ڈش کا اعلان کیا تھا جن کے شناختی کارڈ میں کسی جگہ سامن Salmon کا لفظ الگ یا کسی اور لفظ کے ساتھ لکھا ہوا ہو۔ اس کے بعد لگ بھگ تین سو لوگوں نے شناختی کارڈ دفاتر سے رابطہ کیا اور اپنے نام میں کسی جگہ سامن لکھوایا ان میں کسی نے ’ڈانسنگ سامن‘ کا اضافہ کیا تو کسی نے ’ہینڈسم سامن‘ کے الفاظ لگائے۔
واضح رہے کہ سامن ایک مچھلی کا نام ہے جو رغبت سے کھائی جاتی ہے۔
اس صورتحال کو تائیوانی حکومت نے ’سامن افراتفری‘ کا نام دیا۔ لیکن قانون کے تحت شناختی کارڈ پر صرف تین مرتبہ ہی نام بدلوانے کی گنجائش ہے۔ ریستوران کی اسکیم ختم ہونے پر بعض خوش نصیب شناختی کارڈ پر اپنا پرانا نام بحال کرانے میں کامیاب ہوگئے جبکہ کچھ لوگ لاکھ کوشش کے باوجود اپنی شناخت پر سامن نہیں ہٹاسکے اور اب تک پریشان ہیں۔
تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ لوگوں نے بار بار سوشی کھانے کے لیے سرکاری عملے کا وقت ضائع کیا ہے۔ تاہم تائیوان کی پاور پارٹی سے وابستہ رکن چیو سائن چی نے کہا ہے کہ قانون کی رو سے صرف تین مرتبہ ہی شناختی کارڈ پرنام بدلا جاسکتا ہے جبکہ کئی لوگوں کی یہ آخری کوشش تھی اور ان کا نام سامن رکھ دیا گیا۔ اب اس نام کو ہٹانا ناممکن ہے کیونکہ وہ اپنی تین باریاں استعمال کرچکے ہیں۔
ایک طالبعلم جس نے شناختی کارڈ پر ’ٹرونگ سامن ڈریم‘ لکھوایا تھا ، اسے معلوم ہوا کہ والدین بچپن میں ہی دو مرتبہ اس کا نام بدلواچکے ہیں، تیسری بار اس نے سامن کا اضافہ کیا تو اب مزید گنجائش ختم ہوچکی ہے۔
انٹرنیٹ پر پیٹو افراد پر بھی تنقید کی گئی ہے کہ انہوں نے مفت کھانے کے لیے سامن مچھلی کا نام، اپنے نام کے ساتھ ملایا ۔
واضح رہے کہ اس کے بدلے انہیں سوشی ڈش کھانے پر ملی تھی جو بحری جانوروں اور چاولوں پر مشتمل ایک مہنگا اور مشہور کھانا بھی ہے۔

ایف ڈی اے سے منظور شدہ درست ترین وائرلیس ’اسٹیتھے اسکوپ‘

سان ڈیاگو: (ویب ڈیسک) امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے ایک دلچسپ طبی ایجاد کی منظوری دیدی ہے جو وائرلیس اسٹیتھے اسکوپ ہے۔ تاہم اسے دیگر اہم امور کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
’اسٹیمواسکوپ پرو‘ نامی یہ ایجاد ایک چھوٹی سی ڈبیا کی مانند ہے جو دیگر فالتو آوازوں کو ہٹاکر صرف دل کی دھڑکن، سانس کی آمدورفت اور دیگر پھیپھڑوں کے عارضے کی آواز سناسکتی ہے۔ وائرلیس کی بدولت اس کا سارا ڈیٹا اسمارٹ فون ایپ پر موصول ہوتا ہے۔ یہ ڈیٹا محفوظ ہوتا ہے اور اسے بار بار دیکھا جاسکتا ہے۔
وائرلیس اسٹیتھواسکوپ کو دیگر بہت سے کاموں میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ حاملہ مائیں اسے اپنے پیٹ سے چپکا کر بچے کےدل کی دھڑکن بھی سن سکتی ہے۔ اس کے علاوہ آپ وائرلیس اسٹیھتواسکوپ کو اپنے بازو کی بڑی رگ سے چپکا کر اس کی جسمانی آواز بھی سن سکتے ہیں۔ بلیوٹوتھ ٹیکنالوجی کی بدولت تمام طبی آوازیں فون پر موصول ہوتی ہیں۔
یہاں تک کہ وائرلیس اسٹیتھواسکوپ پالتو جانوروں کے جسم سےلگا کر ان کے دل کی دھڑکن کو بھی نوٹ کیا جاسکتا ہے۔ اس کی حساسیت کا یہ عالم ہے کہ اس چھوٹے سے ڈبیا نما آلے کو درخت پر لگا کر اس کے اندر سے موصول ہونے والی آوازیں بھی محسوس کی جاسکتی ہیں۔
دوسری جانب کووڈ کے ماحول میں ڈاکٹرمریض کے قریب جانے سے گریز کرتے رہے اور اس صورتحال میں اسٹیمواسکوپ پرو ایک بہترین حل ثابت ہوسکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس ایجاد کا مستقبل بہت روشن ہے۔
اسٹیمو اسکوپ پرو کی تعارفی قیمت 180 ڈالر ہے جبکہ اگست 2022 سے اس کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔