مغرب جھوٹ کا شہنشاہ ہے، روسی صدر

روس : (ویب ڈیسک) یوکرین روس تنازع، اقوام متحدہ میں روسی مشن کے 12 ارکان کو امریکہ چھوڑنے کا حکم دے دیا، روسی مندوب نے بتایا کہ روسی مشن کے ارکان کو7 مارچ تک امریکہ چھوڑنے کا کہا گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ میں روسی مشن ارکان کی تعداد 100 کے قریب ہے۔
اقوام متحدہ میں امریکی مشن کے ترجمان نے بیان دیا ہے کہ روسی مشن ارکان جاسوسی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے، روسی مشن ارکان نے امریکہ میں رہائش کے استحقاق کا غلط استعمال کیا، روسی مشن ارکان کی سرگرمیا ں امریکی نیشنل سیکیورٹی کے خلاف ہیں۔
جسے روس نے دشمنی پر مبنی بیان قرار دیا ہے،روسی مستقل مندوب کا کہنا ہے کہ امریکی اقدام انتہائی مایوس کن ہے، ہم یہ سارے الزامات مسترد کرتے ہیں۔
یوکرین نے روس کو انٹر پول سے نکالنے کا مطالبہ کر دیا ہے، برطانیہ کا کہنا ہے کہ کوشش ہو گی کہ یوکرین کے مطالبہ پر روس کی انٹر پول رکنیت معطل کرائیں۔
روس 1990 سے انٹر پول عالمی پالیسنگ کا رکن ہے۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغرب کو جھوٹ کا شہنشاہ قرار دیدیا ہے، روسی صدر کا کہنا ہے کہ امریکی سیاستدان اور صحافی مانتے ہیں کہ ملک میں جھوٹ کی بادشاہت قائم ہے،مغربی ممالک امریکہ کی ہاں میں ہاں ملا رہے ہیں، پیروی کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یوکرین میں آپریشن ہی ملک کو خونریزی سے بچانے کا واحد آپشن تھا۔
دوسری جانب روس نے 24 سے زائد یورپی ممالک اور کینیڈا کے لیے فضائی حدود بند کر دی ہیں، اس سے پہلے یورپی ممالک نے ماسکو پر فضائی پابندی لگائی تھی۔

امریکیوں کو جوہری جنگ کی فکر نہیں کرنی چاہیے ، جو بائیڈن

امریکہ : (ویب ڈیسک) یوکرین پر روس کے حملے پر مغربی انتقامی کارروائیوں کے درمیان ماسکو کی جانب سے اپنے جوہری ڈیٹرنٹ کو ہائی الرٹ پر رکھنے کے بعد امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امریکیوں کو جوہری جنگ کی فکر نہیں کرنی چاہیے۔
وائٹ ہاؤس میں تقریب کے دوران صدر جو بائیڈن سے صحافی نے سوال پوچھا تھا کہ کیا امریکیوں کو ممکنہ ایٹمی جنگ سے فکر مند ہونا چاہیے یا نہیں جس پر انہوں نے واضح طور پر کہا تھا کہ نہیں۔
وائٹ ہاؤس کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ کو اس وقت اپنے جوہری الرٹ کی سطح کو تبدیل کرنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آرہی ہے۔
یاد رہے کچھ روز قبل روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ملکی جوہری ہتھیاروں کا کھل کر نام لیے بغیر انہیں خصوصی الرٹ پر رکھنے کا حکم دے دیا تھا۔ انہوں نے اس کے لیے ’ڈیٹیرنٹ ہتھیاروں‘ کی اصطلاح استعمال کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ نیٹو ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے جارحانہ بیانات کے تناظر میں وہ ملکی وزیر دفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف کو کہتے ہیں کہ وہ روسی فوج کی ’ڈیٹیرنٹ فورسز‘ کو خصوصی الرٹ کی سطح پر رکھیں۔
یاد رہے یوکرین نے روسی جارحیت کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں درخواست جمع کرا دی ہے۔ روس کے خلاف درخواست جمع کرانے کے بعد یوکرین کے صدر زیلینسکی نے امید ظاہر کی ہے کہ عدالت روس کو فوری طور پر حملے روکنے کا حکم دے گی۔

ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن نے روسی صدر سے اعزازی بلیک بیلٹ واپس لے لی

لاہور: (ویب ڈیسک) یوکرین تنازع، ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن نے روسی صدر سے اعزازی بلیک بیلٹ واپس لے لی ہے۔
روسی صدر کو 2013 میں جنوبی کوریا کے دورے کے دوران بلیک بیلٹ دی گئی تھی، انہیں تائیکوانڈو کا 9 واں ڈین اور گرینڈ ماسٹر قرار دیا گیا تھا، ورلڈ تائیکوانڈو فیڈریشن کا کہنا ہے کہ تائیکوانڈو نظریات کے تحت امن کو فتح پر فوقیت دی جاتی ہے۔
تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی تائیکوانڈو کے خیالات یوکرین کے لوگوں کے ساتھ ہیں اور ہم اس جنگ کے پرامن اور فوری خاتمے کی امید کرتے ہیں۔
یاد رہے یہ ​​اعزازی بلیک بیلٹس امریکی صدور کو بھی دی گئی ہیں، جن میں باراک اوباما اور ڈونلڈ ٹرمپ کے نام شامل ہیں۔ گزشتہ روز روسی صدر اور سفیر کے طور پر ان کی جوڈو کی اعزازی حیثیت بھی معطل کر دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان گزشتہ پانچ دنوں سے جنگ جاری ہے۔ اس جنگ کے دوران روسی افواج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت کئی دیگر شہروں کا مکمل محاصرہ کررکھا ہے۔
روس کی جانب سے کی جانے والی جارحیت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے کئی ممالک نے روسی صدر، متعدد اہم شخصیات اور روس کے مالیاتی اداروں پر مالی پابندیاں عائد کی ہیں۔

‘پیکا ترمیمی آرڈیننس: وزیر اعظم کے خطاب سے لگا انہیں کسی نے درست نہیں بتایا’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کیخلاف درخواستیں یکجا کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وزیر اعظم کے خطاب سے لگا انہیں کسی نے درست نہیں بتایا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیکا ترمیمی آرڈیننس کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ہتک عزت کا قانون پیکا سے الگ بھی موجود ہے، وزیر اعظم کے خطاب سے لگا انہیں کسی نے درست نہیں بتایا، ٹھیک سے معاونت ہی نہیں کی گئی، یہاں تو قانون نافذ ہی ناقدین کے خلاف کیا جاتا ہے۔

یوکرینی نژاد امریکی اداکارہ کی یوکرین کے لوگوں کی مدد کیلئے اپیل

لاہور: (ویب ڈیسک) ہالی وڈ انڈسٹری سے منسلک یوکرینی نژاد اداکارہ ملا جوووچ نے روسی حملوں کے سبب اپنے ہم وطنوں کی مدد کیلئے اپیل کر دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یوکرینی نژاد امریکی اداکارہ ملا جوووچ نے روس کے یوکرین پر حملوں کے بعد اپنے آبائی ملک یوکرین کے لوگوں کی اس مشکل وقت میں مدد کی اپیل کی ہے۔ ملا جوووچ نے انسٹاگرام پر تفصیلی نوٹ میں لکھا کہ‘اُن کے ملک اور لوگوں پر بمباری کی جا رہی ہے ، اُن کے دوست اور فیملی پناہ گاہوں میں چھپے ہوئے ہیں،میرا خون اور میرا تعلق روس اور یوکرین دونوں سے ہی ہے تو جب وہ ان خوفناک مناظر کو دیکھا تو وہ ٹوٹ گئی ہیں۔
اداکارہ نے ان اداروں سے رابطے کیلئے لنک بھی دیا ہے جو کہ یوکرین کے لوگوں کی مدد کرسکتے ہیں۔

کوئٹہ میں کراٹے لیگ، 400 مرد و خواتین کھلاڑیوں کی شرکت، جیتنے والوں میں میڈلز تقسیم

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ میں منعقدہ کراٹے لیگ میں 400 مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی، جیتنے والوں میں میڈلز تقسیم کئے گئے۔
کوئٹہ میں پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر کراٹے کھلینے والوں کے لئے پہلی کراٹے لیگ کا انعقاد پاکستان سپورٹس بورڈ کے ہال میں کرایا گیا، کراٹے لیگ میں 10 کلبز اور مختلف اداروں کی ٹیموں کے تقریبا 400 خواتین اور مرد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ لیگ میں گولڈ میڈلز جیتنے والوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ایونٹ ہونے چاہئیں ۔
چار روز تک جاری رہنے والے مقابلوں میں مختلف کیٹگیریز کے کھلاڑیوں نے خوب داو پیچ کھیلے، کراٹے لیگ منقعد کرانے والوں کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد صوبے کے ٹیلنٹ کومزید اجاگر کرنا ہے۔ مقابلوں کے اختتام پر مہمان خصوصی نے نمایاں پوزیشنز حاصل والوں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔

برطانیہ میں روسی بینکوں کے اثاثے منجمد، جاپان نے بھی نئی پابندیوں کا اعلان کردیا

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ نے روس پر مزید سخت پابندیاں عائد کر دیں، لندن میں روسی بینکوں کے تمام اثاثے منجمد کئے جائیں گے اور ماسکو کے بحری جہاز برطانیہ کی کسی بندرگاہ پر نہیں آسکیں گے۔ جاپان اور امریکا نے بھی نئی پابندیوں کا اعلان کردیا، روس نے ڈوبتی معیشت کو سہارا دینے کے لئے نئی پالیسی بنالی۔
یوکرین پر حملے کے بعد روس پر پابندیوں میں مسلسل اضافہ، برطانیہ نے مزید پابندیاں عائد کردیں۔ برطانوی وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ اگلے چند روز میں روس کے تمام بینکوں کے اثاثے منجمد کردیئے جائیں گے، روسی بحری جہازوں کے برطانوی بندرگاہوں میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔ حکومت نے شہریوں کو روس کے سفر سے اجتناب کرنے کا بھی کہہ دیا، برطانوی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ روس کو انٹرپول سے نکلوانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔
امریکہ نے روس کے مرکزی بینک پر مزید پابندیاں لگا دیں، ماسکو کے مرکزی بینک کے امریکہ میں موجود تمام اثاثے منجمد کئے جائیں گے۔ جاپانی وزیر اعظم نے ماسکو کے اتحادی بیلاروس کے صدر پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔ روس کے مرکزی بینک کے ساتھ تجارتی معاہدے کو محدود کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔
پابندیوں کے باعث ڈوبتی کرنسی کو سہارا دینے کے لئے روسی صدر نے نئے ضابطے جاری کردیئے، روسی شہریوں کی ملک سے باہر رقم کی منتقلی پر پابندی عائد کر دی گئی، کمپنیوں کو 80فیصد غیر ملکی کرنسی کو روبل میں منتقل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ روس کے مرکزی بینک نے شرح سود 20 فیصد کردی، ماسکو نے 36 ممالک کی ایئرلائنز پر پابندیاں عائد کردیں۔ برطانیہ، سپین ، اٹلی اور کینیڈا کی فضائی کمپنیاں بھی پابندیوں کی زد میں آ گئیں۔

روس اور یوکرین کے مابین وفود کی سطح پر مذاکرات ختم،خارکیف میں شدید لڑائی جاری

منسک: (ویب ڈیسک) بیلا روس کی سرحد پر روس اور یوکرین کے وفود کی سطح پر مذاکرات ختم ہو گئے، دونوں وفود اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد دوبارہ ملاقات کریں گے۔ دوسری جانب خارکیف پر قبضے کے لیے متحارب افواج میں شدید لڑائی جاری ہے۔
یوکرین پر روسی حملے کے بعد فریقین کی پہلی بیٹھک میں وفود کی سطح پر مذاکرات 5 گھنٹے جاری رہے، اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے لیے دونوں وفود اپنے اپنے دارالحکومت روانہ ہو گئے۔ یوکرینی صدر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مذاکرات کا بنیادی مقصد جنگ بندی تھا، صدر پیوٹن کے ترجمان کے مطابق فریقین نے ایسے نکات پر گفتگوکی جن پر اتفاق رائے ہوسکتا ہے، دونوں وفود کی اگلی ملاقات بیلا روس اور پولینڈ کی سرحد پر ہوگی۔
امریکی حکام کے مطابق روس یوکرین پر فضائی سبقت حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، روسی افواج نے گزشتہ 24 گھنٹے میں صرف 5 کلومیٹر پیش قدمی کی، آنے والے دنوں میں روس کیف کا محاصرہ کرنے کی کوشش کرے گا۔ امریکی حکام کے مطابق اب تک روسی افواج نے 380 میزائل فائر کیے ہیں، یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف پر قبضے کے لیے شدید لڑائی جاری ہے۔ دن بھر خارکیف پر میزائل برستے رہے، متعدد رہائشی عمارتیں اور عوامی مقامات بھی میزائل کی زد پر آئے۔ خارکیف میں ایک ٹیکسٹائل فیکٹری میزائل لگنے سے مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
اسنیک آئی لینڈ میں یوکرین کے 13 فوجی زندہ نکلے، اس سے پہلے روس سے لڑائی کے دوران تمام 13 فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع تھی۔ روسی میڈیا پر جاری ویڈیو میں یوکرینی فوجی کہہ رہا ہے کہ گولہ بارود ختم ہونے پر انہوں نے ہتھیار ڈال دیئے تھے، اب روس کی قید میں ہیں۔ روس نے یوکرینی شہریوں سے دارالحکومت کیف خالی کرنے کی اپیل کردی، روسی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ شہری علاقوں کو نہیں صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ کیف چھوڑنے والے شہریوں کے تحفظ کی ضمانت دی جائے گی۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر نے ایک بار پھر یورپی یونین میں شمولیت کی درخواست کی تھی تاہم یورپی یونین میں یوکرین کو رکنیت دینے پر اتفاق نہیں ہوسکا، یورپی یونین حکام کا کہنا ہے کہ چند ممبر ممالک یورپی بلاک کو مزید وسعت دینے کے حق میں نہیں ہیں۔

‘عوام تکلیف میں، اب بیساکھیاں بھی حکومت کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتیں’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام تکلیف میں ہیں، اب بیساکھیاں بھی حکومت کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتیں، سارے وزراء مرجھائے ہوئے نظر آتے ہیں۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غیر آئینی طریقے سے آئی تھی اور آئینی طریقے سے گھر جائے گی، آج پھر نام نہاد احتساب کا عمل سب کے سامنے ہے، موجودہ حکومت میں احتساب کے تماشے کا بھانڈہ پھوٹ گیا، آج عدالتوں میں کوئی معاملہ ہے، ثبوت نہ کوئی گواہ، چیئرمین نیب روزانہ کی اجرت پر ہیں، کاغذ لہرانے اور پگڑیاں اچھالنے والے جہاز میں بیٹھ کر فرار ہوچکے، باقی لوگ بھی جلد فرار ہونیوالے ہیں، احتساب کے نعرے لگا کر آنیوالی حکومت کرپٹ ترین ثابت ہوئی۔

وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور آئیں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور آئیں گے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر سے ملاقاتیں ہوں گی۔ انڈستریل پیکج کا اعلان کریں گے۔ راولپنڈی ، ملتان ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن کے ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے
وزیراعظم عمران خان دورہ لاہور کے دوران گورنر ہاؤس میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔ وزیراعظم سے وزیراعلی پنجاب ملاقات کریں گے۔ عثمان بزدار صوبے کے اہم امور پر اعتماد میں لیں گے۔ وزیراعظم سے گورنر پنجاب چودھری سرور بھی ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز پر مشاورت ہوگی۔ گورنر پبجاب، وزیراعظم عمران خان کو یورپی یونین کے نمائندوں سے ملاقات بارے بھی بر یفنگ دیں گے۔
چودھری سرور یونیورسٹیز میں ریفارمز کے لیے اقدامات بارے بھی آگاہ کرینگے۔ وزیراعظم کو گورنر پنجاب آب پاک اتھارٹی کے منصوبوں کی تفصیلات سے بھی آگاہ کرینگے۔ وزیراعظم راولپنڈی ساہیوال، ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے ارکان پارلیمنٹ سے ملا قات اور خطاب کریں گے۔

سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے فرد جرم چیلنج کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے فرد جرم چیلنج کر دی۔ رانا شمیم کی جانب سے فرد جرم کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی۔
رانا شمیم کی جانب سے دائر انٹرا کورٹ اپیل میں موقف اپنایا گیا کہ جنہوں نے بیان حلفی چھاپا انہیں چھوڑکر مجھ پر فرد جرم لگانا غیر قانونی ہے، فرد جرم عائد کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دے کر کیس ختم کیا جائے، کچھ ریکارڈ پر نہیں کہ میں نے کسی کو بیان حلفی چھاپنے کیلئے دیا۔

‘وزیراعظم نے مہنگائی کیخلاف ‘لانگ مارچ’ کا اعلان کر کے عوام کے دل جیت لئے’

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے خلاف ‘لانگ مارچ’ کا اعلان کر کے عوام کے دل جیت لئے، یہ ہے وہ تبدیلی جو کپتان لا رہا ہے۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور بجلی سستی کر کے عوام کو حقیقی ریلیف دیا گیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کا اعزاز پی ٹی آئی حکومت کو حاصل ہوا ہے، پٹرول، ڈیزل اور بجلی سستی ہونے سے دیگر اشیاء ضروریہ بھی سستی ہوں گی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو مزید خوشخبریاں دیں گے، وزیراعظم کا خطاب عوام کے احساس کا آئینہ دار ہے، عمران خان ہی حقیقی عوامی لیڈر ہیں، وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدام کا اعلان کیا۔

یوکرین پر حملہ، فیفا نے روسی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت پر بھی پابندی لگادی

زیورخ: (ویب ڈیسک) فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے یوکرین پر حملے کے بعد روسی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت پر بھی پابندی لگا دی۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیفا اور یورپی فٹبال ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق روس کسی بھی قسم کےفٹبال مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکے گا۔
اس کے علاہ یوئیفا نے روسی توانائی کمپنی سے سپانسر شپ کا معاہدہ بھی منسوخ کر دیا ہے، روس کی قومی فٹبال ٹیم نے 24 مارچ کو قطر دو ہزار بائیس ورلڈکپ کے پلے آف میچ میں پولینڈ کے ساتھ کھیلنا تھا۔