فیصل آباد سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی لفٹ 3 ماہ سے خراب، مریض پریشان

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی لفٹ گزشتہ 3 ماہ سے خراب ہے، جس کی وجہ سے روزانہ سیکڑوں مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال فیصل آباد کا دوسرا بڑا ہسپتال ہے، جس کے ایمرجنسی وارڈ میں روزانہ شہر میں ہونے والے سینکڑوں َٹریفک حادثات اور لڑائی جھگڑوں کے مریضوں کو طبی امداد کے لئے لایا جاتا ہے۔
ایمرجنسی وارڈ کے گراونڈ فلور پر مریض کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فرسٹ فلور پر میڈیکل ایمرجنسی، سینکڈ فلور پر سرجیکل ایمرجنسی یا پھر تھرڈ فلور پر آرتھو ایمرجنسی میں شفٹ کیا جاتا ہے۔ لیکن گذشتہ 3 ماہ سے ایمرجنسی وارڈ کی لفٹ خراب ہونے کی وجہ سے بند پڑی ہے جس کا خمیازہ شہریوں کو بگھتنا پڑ رہا ہے جو مریض کو وہیل چئیر پر بٹھا کر یا سٹریچر پر لٹا کر ریمپ کے زریعے منتقل کرنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے چیک اپ اور ضروری ٹیسٹوں کے لئے روزانہ 2 سے 3 بار مریض کو ریمپ سے نیچے اور اوپر لے کر جاتے ہیں جو کہ انتہائی تکلیف دہ عمل ہے۔ ڈائریکٹر ایمرجنسی کے مطابق لفٹ کی عمر پوری ہوچکی ہے، لفٹ کی مرمت کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں اربوں روپے خرچ کرنے کی دعویدار تو ہے لیکن ہسپتالوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔

ایف بی آر کراچی نے ایک ہزار ارب سے زائد ریکارڈ ٹیکس وصولی کر لی

کراچی: (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو لارج ٹیکس آفس کراچی نے آٹھ ماہ کا ہدف عبور کرکے ایک ہزار ارب روپے سے زائد کی ریکارڈ ٹیکس وصولی کر لی۔
ترجمان لارج ٹیکس آفس کراچی کے مطابق وفاقی حکومت نے جولائی دو ہزار اکیس سے فروری دو ہزار بائیس کیلئے 920 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف دیا تھا۔ گزشتہ مالی سال کے آٹھ ماہ میں ٹیکس وصولی 693 ارب روپے تھی۔ لارج ٹیکس آفس نے ہدف عبور کرتے ہوئے مالی سال کے آٹھ ماہ میں 1ہزار ارب سے زائد کی ریکارڈ ٹیکس وصولی کی۔
ایف بی آر لارج ٹیکس آفس کراچی نے آٹھ ماہ میں 45 فیصد سے زائد کی وصولی کی۔ ماہ فروری کا ہدف بھی لارج ٹیکس آفس نے عبور کرلیا، ترجمان کے مطابق لارج ٹیکس آفس نے فروری میں 107 ارب روپے حاصل کئے، ہدف 105 ارب روپے تھا۔

پاک آسٹریلیا ٹیسٹ میچ: راولپنڈی میں ٹریفک کے متبادل راستے کون سے؟ایڈوائزری جاری

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) پاکستان آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچ کی سیکیورٹی کے پیش نظر راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی، ٹیموں کی اسٹیڈیم آمدو رفت کے موقع پر مری روڈ کو سکستھ روڈ سے بند کردیا جائے گا۔
میچ کے دوران ڈبل روڈ نائنتھ ایونیو تک مکمل بند رہے گی، راولپنڈی سائیڈ سے ڈبل روڈ سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک فیض آباد سے جاسکے گی۔
شائقین کرکٹ کے لیے دو پارکنگ لاٹس راول روڈ پر قائم کردی گئی ہیں، پارکنگ سے اسٹیڈیم تک شٹل سروس چلائی جائے گی، ٹیموں کی آمد کے وقت فیض آباد کو بھی بند کردیا جائے گا۔ اسلام آباد کی ٹریفک کو ایکسپریس ہائی وے کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
آسٹریلیا اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے مابین 3 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہو گا۔ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

لاہور میں موسم بہار کا استقبال کرنے کے لیے جشن بہاراں فیسٹیول سج گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں موسم بہار کا استقبال کرنے کے لیے جشن بہاراں فیسٹیول سج گیا۔ آج شام وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار میلے کا افتتاح کریں گے۔
پرندوں کی چہچاہٹ، سہانا موسم اور باغوں کے دلفریب نظارے یہی تو ہیں موسم بہار کے انداز، موسم کے یہی رنگ ڈھنگ آجکل اپنے عروج پر دکھائی دے رہے ہیں۔ موسم کی مناسبت سے مختلف سرگرمیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اِسی سلسلے کی ایک اور کڑی سالانہ جشن بہاراں فیسٹیول بھی ہے جس کا آج باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔
جیلانی پارک میں منعقد ہونے والے اِس میلے کا شائقین پورا سال بے تابی سے انتظار کرتے ہیں۔ انتظار ہو بھی کیوں نہ کہ میلے میں مختلف اسٹالز، مزے مزے کے کھانے اور دیگر تفریحات سے شائقین محظوظ ہوتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ میلے کے باقاعدہ آغاز سے پہلے ہی یہاں آمدورفت کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے گویا یوں جان لیجئے کہ دعوت عام ہے یاران نکتہ داں کے لیے۔

یوکرین میں پھنسے پاکستانی پریشان، طلبہ کی حکومت سے اقدامات اٹھانے کی اپیل

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) یوکرائن میں پھنسے پاکستانی طلبہ مدد کے طلبگار ہیں۔ نہ کھانے پینے کا سامان ہے نہ ہی کوئی بیٹھنے کی جگہ، پولینڈ کی سرحد پر پھنسے پاکستانیوں نے حکومت سے اقدامات اٹھانے کی اپیل کر دی۔
یوکرین اورروس کےدرمیان تنازع میں پھنسے پاکستانی طالب علم پولینڈ کی سرحد پر موجود ہیں۔ موصول ہونیوالی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے۔ طالب علم بے ہوش ہونے لگے اور تاحال پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے غیر مطمئین دکھائی دیئے۔
نہ کھانے پینے کا سامان ہے نہ ہی کوئی بیٹھنے کی جگہ، اعصاب اور دماغ پر خوف سوار ہے۔ کچھ نوجوان بے بسی میں رو پڑے اور کچھ بیہوش، صرف اتنا ہی نہیں طالب علموں کیساتھ بدسلوکی کے مناظر ویڈیومیں دیکھے جا سکتے ہیں۔ منفی 2 کی شدید سردی میں 28 کلو میٹرکا فاصلہ طے کیا۔
پاکستان میں موجود متاثرہ بچوں کے والدین کے دن اور رات کربناک حالت میں گزر رہے ہیں جو بچوں کی خیریت سے وطن واپسی کے لیے حکومت اور قونصل خانوں سے اپیل کر رہے ہیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کرکٹ ٹیمیں راولپنڈی اسٹیڈیم پہنچ گئیں

اسلام آباد : (ویب ڈیسک)
24 سال بعد آسٹریلوی ٹیم پاکستان میں موجود ہے، اور اب ٹیسٹ میچ کی تیاری کرنے کے لیے پاکستان اور آسٹریلیا کرکٹ ٹیمیں راولپنڈی اسٹیڈیم پہنچ گئی ہیں۔
دونوں ٹیمیں آج باؤلنگ، بیٹنگ اورفیلڈنگ کی پریکٹس کریں گی، پاکستانی ٹیم کا آج راولپنڈی اسٹیڈیم میں تیسرا پریکٹس سیشن ہوگا، جبکہ راولپنڈی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کا آج پہلا پریکٹس سیشن ہوگا۔
آسٹریلیا اور پاکستان کرکٹ ٹیموں کے مابین 3 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہو گا۔ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
سیریز میں شامل چاروں وائٹ بال میچز بھی راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم 5 مارچ کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گی اور 5 مارچ کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائے گی۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 مارچ تک کراچی میں ہو گا اور تیسرا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کو ہرانے کے لیے بہترین کرکٹ کھیلنی پڑے گی، اسٹیو سمتھ

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) آسٹریلوی بلے باز اسٹیو سمتھ دورہ پاکستان پر بے حد خوش ہیں، کہتے ہیں کہ اسلام آباد میں بہترین مہمان نوازی کی جا رہی ہے۔
اسلام آباد میں آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسٹیو سمتھ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات اطمینان بخش ہیں،اور ہم خود محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس بہترین کھلاڑی آرہے ہیں، پاکستان کو ہرانے کے لیے بہترین کرکٹ کھیلنی پڑے گی۔
اسٹیو سمتھ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں پاکستان میں پہلی بار کھیلنے کا موقع ملے گا۔ پاکستان کے دورے کے لیے آسٹریلیا کے پاس تین سپنرز ہیں، ابھی معلوم نہیں کہ پاکستان میں کیسی پچیں ملیں گی۔، میں مختلف کنڈیشنر میں کھیلنے سے لطف اندوز ہوتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس ورلڈ کلاس کھلاڑی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریزاس ماہ سے شروع ہورہی ہے، جس کے لیے آسٹریلوی ٹیم پاکستان میں موجود ہے، آسٹریلوی ٹیم 24 سال کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔
دورے میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جبکہ ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی دورے میں شیڈول ہے۔
تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 4 مارچ سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 12 تا 16 مارچ کراچی میں ہوگا اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ 21 مارچ تا 25 مارچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔
اسی طرح ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 29 مارچ، دوسرا 31 مارچ اور تیسرا 2 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ ون ڈے سیریز کے تمام میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کے دوران ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے بعد ایک ٹی ٹوئنٹی میچ بھی ہو گا جو 5 اپریل کو راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔

روس یوکرین مذاکرات: ڈیڈ لاک برقرار

ماسکو : (ویب ڈیسک) یوکرینی صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ مذاکرات میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوئے، انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران بھی روس نے حملے جاری رکھے تاہم روس نے اپنا موقف واضح کر دیا ہے اور یوکرین نے بھی جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی خواہشات کا ظہار کیا ہے.
یوکرینی صدر کے مطابق یوکرینی وفد کے ساتھ مذاکرات کے اگلے دور کے متعلق فیصلہ کریں گے، صدر زیلنسکی نے کہا کہ روس صرف دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن وہ اپنا وقت ضائع نہ کرے کیونکہ یوکرین اس طرح کے حربوں کو نہیں مانتا۔
دوسری جانب یوکرین پر متنازع بیان پر بلغاریہ کے وزیر دفاع اسٹیفن یانیف کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، بلغاریہ کے وزیر دفاع نے یوکرین پر روسی کارروائی کو جنگ کہنے سے گریز کیا تھا، اسٹیفن یانیف نے یوکرین میں روسی کارروائی کو فوجی مداخلت قرار دیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق اب تک روسی افواج نے 380 میزائل فائر کیے ہیں، یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف پر بھی قبضے کے لیے شدید لڑائی جاری ہے۔
روس کے مرکزی بینک نے شرح سود میں بھی اضافہ کر دیا ہے، روسی مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ شرح سود کو 9.5 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کر رہے ہیں، فیصلہ روبل کی قدر میں کمی اور افراطِ زر جیسے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹانے کے لیے اٹھایا گیا۔
ماسکو نے کمپنیوں کو غیر ملکی کرنسی سے ہونے والی آمدن کا80 فیصد فروخت کرنے کا بھی حکم دیا ہے، روس کے خلاف نئی پابندیوں کےاعلان کے بعد روبل کی قیمت کم ترین سطح پر آچکی ہے۔

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے 8 کشمیری شہید کر دئیے

لاہور: (ویب ڈیسک) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے، روز ظلم کی نئی داستان لکھی جا رہی ہے، فروری کے مہینے میں قابض فوج نے نہتے 8 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کالے قانون کے تحت 107 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ پُرامن مظاہرین پر فائرنگ سے 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
قابض فوج نے 179نام نہاد سرچ آپریشن کیے جبکہ 7 گھروں کو تباہ کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق 1989 سے اب تک 95 ہزار 979 کشمیری بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 7 ہزار 232 افراد کو ماروائے عدالت قتل کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 1 لاکھ 64 ہزار 230 عام شہریوں کو بےقصور گرفتارکرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد گھروں کو تباہ کر دیا گیا۔
بھارتی دردندوں سے خواتین بھی محفوظ نہیں اور ان سالوں میں 11 ہزار 250 خواتین کے ساتھ عصمت دری کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

یوکرین پر حملہ، ہالی ووڈ نے روس کا بائیکاٹ کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) روس کا یوکرین پر حملہ، ہالی ووڈ اسٹوڈیوز ڈزنی، وارنر بروس، سونی نے روس میں فلم ریلیز روکنے کا اعلان کردیا۔
ڈزنی کے مطابق مستقبل کے کاروباری فیصلے بدلتی ہوئی صورتحال کی بنیاد پر کریں گے، وارنر بروس کا کہنا ہے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں یوکرین کے معاملے کے پرامن حل کے منتظر ہیں، وارنر بروس نے “دی بیٹ مین” فلم کی ریلیز بھی روس میں روک دی۔
رپورٹ کے مطابق روس ہالی ووڈ کے لیے ایک اہم مارکیٹ ہے، ہالی ووڈ فلموں نے 2021 میں روس میں 601 ملین ڈالر کا بزنس کیا تھا۔
واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان گزشتہ چھ دنوں سے جنگ جاری ہے۔ اس جنگ کے دوران روسی افواج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت کئی دیگر شہروں کا مکمل محاصرہ کررکھا ہے۔
روس کی جانب سے کی جانے والی جارحیت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے امریکہ، برطانیہ اور یورپ کے کئی ممالک نے روسی صدر، متعدد اہم شخصیات اور روس کے مالیاتی اداروں پر مالی پابندیاں عائد کی ہیں۔

دنیا کے سب سے بڑے ورچوئل اسپتال کا افتتاح

سعودی عرب: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں ہیلتھ کیئر سیکڑ کو ڈیجیٹل بنانے کی کوششوں کے تحت پہلے ورچوئل اسپتال کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق یہ مشرق وسطی میں اپنی نوعت کا پہلا ہسپتال ہے، جس کا نام صحہ ورچوئل اسپتال رکھا گیا ہے، اس پروجیکٹ میں امریکہ کے ورچوئل نیٹ ورک سے 43 اسپتال منسلک ہیں جبکہ مملکت میں 130 اسپتال نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کا مستقبل روشن ہے اور ورچوئل اسپتال میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق 130 منسلک اسپتالوں کے بڑھتے ہوئے لائیو نیٹ ورک کے ساتھ صحہ ورچوئل ہسپتال دنیا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اسپتال ہے۔
اس اسپتال سے مریض ایک ہی کنسلٹنگ روم سے دوسری اور تیسری طبی رائے حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ ملک بھر میں موجود ڈاکٹرز کے ساتھ لائیو ویڈیو کلینکل سیشن بھی کیے جا سکیں گے۔

روس بھر میں جنگ مخالف مظاہرے، تقریباً 2 ہزار افراد گرفتار

روس : (ویب ڈیسک) روس میں جنگ مخالف مظاہرین کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔
روس کے درجنوں شہروں میں جنگ کی مخالفت کرنے والے کارکنوں نے یوکربن پر ملکی حملے کے خلاف ریلیاں نکالی ہیں۔
ہزاروں افراد نے ملک کے سخت احتجاجی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان مظاہروں میں حصہ لیا۔
بہت سے مظاہرین نے ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر ’جنگ بند کرو‘ اور ’یوکربن کے لیے امن‘ جیسے نعرے درج تھے۔
آزاد مبصرین کے مطابق اس دوران 2 ہزار سے زائد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
گزشتہ چار روز میں روس میں تقریبا 5 ہزار ایسے مظاہرین کی گرفتاریاں عمل میں آچکی ہیں۔

امریکی شہری کی گھر کے چار افراد کو قتل کرنے کے بعد خودکشی

کیلفورنیا : (ویب ڈیسک) امریکی ریاست کیلفورنیا کے چرچ میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حملہ ذاتی تھا، والد نے اپنے 3 بچوں کو ہلاک کرکے خود کو بھی مار لیا، تینوں بچوں کی عمر 15 سال سے کم تھی، ہلاک ہونے والے 5ویں شخص کی ابھی شناخت نہیں ہوسکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو تشدد سے متعلق تھا۔ چرچ میں دیگر لوگ بھی موجود تھے لیکن کسی کو کوئی زخم یا میڈیکل ایڈ کی ضرورت نہیں پڑی۔
مقامی گورنر گیون نیوزوم نے اس شوٹنگ کو “امریکہ میں بندوق کے تشدد کا ایک اور خوفناک عمل” قرار دیا ہے۔