اسلا آباد ہائیکورٹ: چیئرمین سی ڈی اے عامر علی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین سی ڈی اے عامر علی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے چیئرمین سی ڈی اے کیخلاف درخواست نا قابل سماعت قرار دے دی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سابق ممبر سی ڈی اے ایاز خان کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار پر عدالتی وقت ضائع کرنے پر 50 ہزار جرمانہ عائد کر دیا۔ عدالت نے سی ڈی اے افسر کی چئیرمین کے خلاف درخواست بدنیتی پر قرار دے دی۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ چئیرمین سی ڈی اے نے مس کنڈکٹ پر افسر کو شو کاز نوٹس جاری کیا، جس پر افسر نے تقرری چیلنج کر دی۔ عدالت نے سی ڈی اے کو جرمانے کی رقم افسر کی تنخواہ سے کٹوتی کرنے کا حکم دے دیا۔

این سی اوسی کی سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن کی مخالفت: اسد عمر

اسلام آباد: این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ شہروں کو ہفتوں بند کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے، مکمل لاک ڈاون کے بعد کورونا وبا بہت تیزی سے پھیلتی ہے۔

سربراہ این سی او سی اسد عمر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی صحت ڈاکٹرفیصل سلطان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کیسزکی شرح میں اضافہ ہوا ہے، ملک بھرمیں کورونامثبت کیسزکی شرح7.5 فیصد ہے، تشویشناک مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت بڑے شہروں میں دبائو بڑھ رہا ہے، بالخصوص کراچی میں کوروناکیسزمیں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، کراچی میں 50 فیصد بیڈز پر کورونا مریض موجود ہیں۔

سربراہ این سی اوسی اسد عمر کا کہنا تھا کہ کئی لوگ اب بھی کورونا کو سنجیدہ نہیں سمجھ رہے، سندھ حکومت کورونا کے پھیلاؤ کوروکنے کیلئے اقدامات کو دیکھ رہی ہے، لیکن شہروں کو ہفتوں بند کرنا یا مکمل لاک ڈاؤن مسئلے کا حل نہیں ہے، مکمل لاک ڈاون کے بعد کورونا وبا بہت تیزی سے پھیلتی ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کوروناسےبچنےکاواحدحل صرف احتیاط ہے، ایس اوپیز پر عمل درآمد سے ہی کورونا کو کنٹرول کیا جاسکتاہے، سندھ اور بلوچستان میں ایس اوپیز پرعملدرآمد سب سے کم نظر آتا ہے، کورونا روکنے کے لئے سندھ حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے، اگر وہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے فورسز کی مدد چاہتے ہیں تو ہم فوج سمیت تمام فورسز دینے کے لئے تیار ہیں۔

سربراہ این سی اوسی نے کہا کہ شہر بند کرنا اس وبا کا علاج نہیں، ویکسینیشن موجودہ حالات سے نکلنے کا واحد حل ہے، اور یہ خوش آئند بات ہے کہ لوگ ویکسینیشن کرارہے ہیں، گزشتہ روز ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن ہوئی جو نیا ریکارڈ ہے، صرف پنجاب میں پانچ لاکھ سے زائد ویکسین لگائی گئی، اسی طرح دیگر صوبوں میں بھی ویکسینیشن میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے، دس لاکھ ویکسی نیشن روزانہ کو کراس کرنا ہمارا ہدف ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ یکم اگست سے ہوائی سفر کرنے والوں کے لئے کورونا ویکسین لازمی قرار دے دی گئی ہے اور اس حوالے سے پہلے بتایا جاچکا ہے، لیکن اب 31 اگست تک 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لئے کورونا ویکسینیشن لازمی ہوگی، وہ اساتذہ جنہوں نے کورونا ویکسین نہیں لگوائی وہ 31 جولائی تک ویکسینیشن کرالیں ورنہ اسے کے بعد وہ اسکولوں میں نہیں  جا سکیں گے، کیوں کہ ہم بچوں کی صحت خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔

سربراہ این سی او سی نے بتایا کہ 31 اگست سے ڈرائیور ہیلپر، اسٹاف بسس چلانے والے وہ افراد جنہوں نے ویکسینیشن نہیں کرائی انہیں کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، پبلک سیکٹرز اور دفاتر میں جانے والے، میرج ہال، ہوٹل میں کام کرنے والے، بسز، ٹرین، کوسٹرز چلانے والے اور ان کا عملہ، چائے خانے، بینکس نادرا آفس، مارکیٹس اور  دکانوں میں کام کرنے والوں کے لئے بھی 31 اگست آخری تاریخ ہے۔

فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز بھی کورونا کے نشانے پر، حملوں میں تیزی

 ملک میں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز پر کورونا کے حملوں میں تیزی آگئی، 24 گھنٹوں کے دوران 20 ہیلتھ کیئر ورکرز میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔

ذرایع کے مطابق 24 گھنٹے میں 8 ڈاکٹرز، 3 نرس اور 9 ہیلتھ ورکرز میں کورونا رپورٹ ہوا، ملک میں کورونا سے متاثرہ ہیلتھ ورکرز کی تعداد 16995 ہوگئی۔ 10177ڈاکٹرز، 2409نرسز اور 4409ہیلتھ اسٹاف کورونا پازیٹو ہیں۔ ملک میں اب تک 166 ہیلتھ ورکرز کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

‘419ہیلتھ ورکرز گھر اور 30اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں، ملک میں 16380 ہیلتھ ورکرز کورونا سے صحتیاب ہوئے، کورونا سے متاثرہ اور جاں بحق بیشتر ہیلتھ ورکرز کا تعلق سندھ سے ہے’۔

اسی ضمن میں ذرایع نے مزید بتایا کہ سندھ میں 5976 ہیلتھ ورکرز پازیٹو اور 58 جاں بحق ہوئے۔ پنجاب میں 3489 ہیلتھ ورکرز کا کورونا مثبت آیا اور 29 کی اموات ہوئیں۔ پختونخوا میں 4010 ہیلتھ ورکرز کورونا پازیٹو ہوئے اور 44 جان سے گئے۔ اسلام آباد میں 1560 ہیلتھ ورکرز پازیٹو، 14 جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان 295 ہیلتھ ورکرز کورونا کا شکار ہوئے جبکہ 3جاں بحق ہو چکے ہیں۔ بلوچستان میں 855 ہیلتھ ورکرز پازیٹو آئے اور 9 کی موت واقع ہوئی۔ اسی طرح آزادکشمیر میں بھی 810 ہیلتھ ورکرز کورونا کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے 9 جاں بحق ہوئے۔

ترین گروپ کا اجلاس، پنجاب اسمبلی میں پر امن احتجاج کا فیصلہ

تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کی گرفتاری پر ترین گروپ نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ 

ترجمان ترین گروپ کا کہنا ہے کہ انتقامی کارروائیوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، اسلام آباد میں بیٹھا ایک شخص اداروں کو اپنے مقصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ  نذیر چوہان کی گرفتاری کے خلاف پنجاب اسمبلی کے فلور پر احتجاج کیا جائے گا، کسی بھی انتہائی اقدام کے لیے مجبور نہ کیا جائے، جہانگیر ترین سندھ میں ہیں اور دو دن بعد لاہور آنے کا امکان ہے، اسی روز اجلاس بلایا جائے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ترین گروپ حکومتی ہتھکنڈوں کے حوالے سے اپنی سیاسی اور قانونی حکمت عمل اختیار کرے گا، اداروں کو ذاتی انا کی تسکین کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جب کہ بے بنیاد مقدمات ترین گروپ کے حوصلے نہیں توڑ سکتے۔

اشرف غنی نے گھنٹے ٹیک دیئے ،طالبان کو براه راست مذاکرات کی دعوت

افغان صدر اشرف غنی نے امن کے لیے ملک میں قبل از وقت  انتخابات کی پیش کش کردی۔

 اشرف غنی نے صدارتی محل میں اجلاس سےخطاب کرتےہوئے کہا کہ ہم سیاسی مصالحت پر یقین رکھتے ہیں۔

افغان صدر کا کہنا تھا کہ 5 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی ہماری امن کی خواہش کو ظاہرکرتی ہے، افغانستان کےمسئلےکا کوئی فوجی حل نہیں، طالبان سے براہ راست مذاکرات کے لیے تیارہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  افغانستان سےامریکی فوجی انخلا کے امریکا کےفیصلےکا احترام کرتے ہیں،افغان عوام کو اپنا مستقبل خود بناناچاہیے۔

انسان حقوق کی خلاف ورزیاں ،امریکی وزیر خارجہ نے مودی کی سرزنش کر دی

امریکا نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کوخبردار کردیا۔

دورہ بھارت پر گئے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے مودی حکومت کو متنبع کیا کہ وہ جمہوریت کو کمزور کرنے سے باز رہیں۔

بلنکن نے بھارتی سول سوسائٹی کے رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ مودی حکومت پر انسانی حقوق کی پاسداری کے لیے دباؤ ڈالیں۔

جرمن اخبار ڈوئچے ویلے نے لکھا کہ امریکی وزیر خارجہ نے بھارت کو وارننگ ایسے موقع پر دی جب بھارتی حکومت اپنی مسلم اقلیت کے خلاف سرگرم ہے اور انہیں دبانے پر اسے شدید عالمی تنقید کا سامنا ہے۔

افغان عمل امن میں بھارتی شمولیت قبول نہیں عمران خان کا عالمی طاقتوں کو پیغام

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے جب تک بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال نہیں کردیتی، ہم بھارت، افغانستان پر مشتمل سہ فریقی مذاکرات نہیں کرسکتے۔

اسلام آباد میں پاک افغان یوتھ فورم کے تحت افغان صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 5اگست کو بھارت نے یکطرفہ طور پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کو مسترد کرتے ہوئے کشمیریوں سے ان کی ریاست کا حق چھین لیا۔

انہوں نے کہا کہ 1948 میں اقوامِ متحدہ کی قرارداد میں کشمیریوں کے استصوابِ رائے کا حق رکھا گیا تھا جو انہیں نہیں دیا گیا اس لیے کشمیر کے عوام نے اس حق کی جدوجہد کی جس کی پاکستان نے حمایت کی تاہم 5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے بعد پاکستان نے بھارت کے ساتھ تمام سفارتی تعلقات منقطع کردیے اور جب تک بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال نہیں کردیتی، ہم بھارت، افغانستان کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ میں افغانستان گیا ہوں، افغان صدر اشرف غنی کے ساتھ میرے اچھے تعلقات ہیں اور ہمارے باہمی تعلقات بھی اچھے ہیں لیکن افغان رہنماؤں کے حالیہ بیانات میں افغانستان کی صورتحال کا الزام پاکستان پر لگایا گیا جو کہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ طالبان کو پہلے امریکا کے ساتھ اور پھر افغان حکومت کے ساتھ بات چیت کے لیے مذاکرات کی میز پر لانےنے کے لیے پاکستان سے زیادہ کسی ملک نے دباؤ نہیں ڈالا،ہم نے اپنی بھرپور کوشش کی اور کسی ملک نے اتنی محنت نہیں کی جتنی ہم نے کی۔

پی پی 38 ضمنی انتخاب، تحریک انصاف نے میدان مار لیا

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب  میں کامیابی حاصل کرلی۔

حلقے میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

ووٹنگ سے قبل بارش کے باعث بعض مقامات پر عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس سے پولنگ کا عمل متاثر بھی ہوا۔

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار نے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرلی۔

پی پی 38 کے تمام 165 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے احسن سلیم بریار60588 ووٹ لے کرکامیاب قرار پائےجبکہ ن لیگ کے طارق سبحانی کو 53471 ووٹ ملے۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار  نے لیگی امیدوار کو 7117 ووٹوں سے شکست دی۔

خیال رہےکہ یہ نشست ن لیگ کے خوش اختر سبحانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

طالبان کی چین کو افغان سرزمین کسی بھی ملک کیخلاف استعمال نہ ہونےکی یقین دہانی

افغان طالبان کا 9 رکنی وفد ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں چین کے دو روزہ دورےپر موجود ہے۔

قطر میں طالبان سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے کہا ہے کہ طالبان وفد ملاعبدالغنی برادر کی قیادت میں گزشتہ روز 2 روزہ دورے پر چین پہنچا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ طالبان کے وفد نے چینی وزیرخارجہ سےملاقات کی ہے جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور امن عمل پرتبادلہ خیال ہوا۔

طالبان وفد ملاعبدالغنی برادر کی قیادت میں گزشتہ روز 2 روزہ دورے پر چین پہنچا ہے— فوٹو: چینی وزرات خارجہ
طالبان وفد ملاعبدالغنی برادر کی قیادت میں گزشتہ روز 2 روزہ دورے پر چین پہنچا ہے— فوٹو: چینی وزرات خارجہ

محمد نعیم کا کہنا تھاکہ طالبان وفدنےافغان سرزمین کسی بھی ملک کی سلامتی کے خلاف استعمال نہ ہونےکی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ چین نے افغان امور میں مداخلت نہ کرنے اور امن کیلئے کوششو ں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دے دی

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چینی کے اسٹریٹیجک ذخائر قائم کرنے کیلئے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کے مطابق چینی درآمد کرنے کا فیصلہ ملک میں چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اسٹریٹجک ذخائر قائم کرنے کیلئے کیا گیا جبکہ 5 سالہ اسٹریٹیجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک کی سمری اگلے ہفتے تک مؤخر کردی۔

کمیٹی نے گزشتہ مالی سال کے دوران کورونا کی مد میں خرچ ہونے والے غیر استعمال شدہ فنڈز استعمال کرنے کی بھی منظوری دی جبکہ یہ فنڈز رواں مالی سال میں بطور سپلیمنٹری گرانٹ استعمال کیے جائیں گے۔

کمیٹی نے کپاس کی امدادی قیمت کا تعین کرنے کیلئے وزیر خزانہ، وزیر غذائی تحفظ اور مشیر تجارت پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔

سندھ میں سخت لاک ڈاؤن، 48 گھنٹے انتہائی اہم قرار

کراچی: محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں سخت لاک ڈاؤن کے لیے 48 گھنٹے انتہائی اہم قرار دے دیے۔

 سندھ میں بڑے لاک ڈاؤن کے لیے 48 گھنٹے انتہائی اہم قرار دے دیے گئے، اسپتالوں کو وینٹی لیٹرز اور بیڈز تیار کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

ذرائع محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت سخت اور بڑے فیصلے کرنے جارہی ہے۔

کورونا کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے، ناصر حسین شاہ

دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا کی صورت حال انتہائی خطرناک ہے، کراچی میں کورونا کی شرح 26 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں پردباؤ میں ہرگزرتے دن کیساتھ اضافہ ہورہا ہے، شہری خود بھی محفوظ رہیں اوردوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔

ناصر شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی، متحدہ، جماعت اسلامی کورونا کے معاملے پر پوائنٹ اسکورنگ نہ کریں، کورونا کا ڈیلٹا ویرینٹ انتہائی خطرناک ہے۔