وزیراعظم جرأت کیساتھ ملکی مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

لاہور:  وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جرأت کے ساتھ عوامی امنگوں کے مطابق ملکی مفاد میں فیصلے کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار بڑے لوگوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا، ماضی میں جن لوگوں پر کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا تھا، آج وہ قانون کی گرفت میں ہیں، وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بت پاش پاش کئے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ لوٹ مار کی سیاست کرنے والوں کیلئے پاکستان کی زمین تنگ ہو چکی، کرپشن میں ملوث ٹولہ لوٹی گئی دولت کا تحفظ چاہتا ہے، ملک و قوم کے مفادات کو ٹھیس پہنچانے والے رہبر نہیں راہزن ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل منزل پائے گا۔

پاکستان خطوں کےدرمیان پل کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے: آرمی چیف

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے اور خطوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جس دوران آرمی چیف نے نیشنل سکیورٹی اور وارکورس کے شرکا سے خطاب میں اسٹریٹیجک اور خطے کی بدلتی صورتحال پر روشنی ڈالی۔

خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ مختلف حالات اور بدلتے چیلنجزسے نمٹنے کے لیے بہترین حکمت عملی کی ضرورت ہے، بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتیں، مہارت اورفرض کی لگن پاک فوج کا طرہ امتیاز ہے، تربیت یافتہ فوج عوامی حمایت سے ہر چیلنج کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ  افغانستان میں امن دشمن علاقائی استحکام کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں، پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے اور خطوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے جب کہ  مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ مسلح افواج اور قوم کےاٹوٹ رشتے کو کمزور کرنے کی خواہش رکھنے والی قوتوں کا مقدر ناکامی ہے۔