نزیر چوہان 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر FIA کے حوالے، ایک اور مقدمہ درج

ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف تھانہ گرین ٹاؤن میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ ایس ایچ او گرین ٹاؤن صغیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مقدمے میں کار سرکار میں مداخلت، جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت دیگر دفعات لگائی گئیں۔

متن کے مطابق آزاد کشمیر الیکشن کے دن ایم پی اے نذیر چوہان اپنے کوآرڈینیٹر اور پچیس نا معلوم افراد کے ساتھ پولنگ اسٹیشن آئے ،  ایم پی اے نذیر چوہان نے ایس ایچ او سے بد تمیزی کی ، پولنگ اسٹیشن کے اندر زبردستی جانے کی کوشش کی اور پولیس کے روکنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

لاہور: عدالت نے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے ساتھ تنازعے میں گرفتار جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا ہے جب کہ ’ترین گروپ‘‘ نے گرفتاری پر حکومت کے خلاف شدید ردعمل دینے کا فیصلہ کر لیا۔

ایف آئی اے نے جہانگیر ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو لاہور کی ضلع کچہری عدالت میں پیش کیا۔ فریقین کا موقف سننے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے نذیر چوہان کا 2 دن کاجسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

پاکستان نے مہنگی ترین ایل این جی خرید لی، چار کارگو ستمبر میں آئیں گے

 پاکستان نے 2015ء کے بعد مہنگی ترین ایل این جی خریدی ہے۔ اس کا ریٹ 15 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سے بھی زیادہ ہے۔

ایل این جی کارگو ستمبر 2021ء میں پاکستان آئیں گے۔ ایل این جی کے 4 شمپنٹ کا ریٹ پندرہ ڈالر فی یونٹ سے زیادہ ہے اور ملک بھر میں ترسیل کرتے وقت یہ 19 سے 22 ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

 کہ 6 سے 7 ستمبر 2021ء کی ایل این جی کا ریٹ 15.39 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو جبکہ 12 سے 13 ستمبر کی ایل این جی کا ریٹ 15.49 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو ہے۔

اس کے علاوہ 17 سے 18 ستمبر کی ایل این جی کا ریٹ 15.39 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو ہے جبکہ 27 سے 28 ستمبر کی ایل این جی کا ریٹ 15.19 ڈالر ایم ایم بی ٹی یو ہے۔

عالمی منڈی ایل این جی کی پیداوار کم اور طلب زیادہ ہونے کی وجہ سے قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکا کا افغانستان میں دہشتگردی کے کیمپ نظر آنےکی صورت میں کارروائی کا اعلان

امریکا نےکہا ہےکہ اگر افغانستان میں دہشت گردی کے کیمپ نظر آئے تو امریکا فوری کارروائی کرے گا۔

 امریکی محکمہ خارجہ کے اردو ترجمان زید تارڑ نے کہ افغانستان کے پڑوسیوں پرفرض ہےکہ امن کے لیے دہشت گردوں کی مدد نہ کریں۔

زید تارڑ کا کہنا تھا کہ امن کے لیے خطے میں پاکستان کا کردار اہم ہے، امن کے لیے بھارت کے ساتھ شراکت بھی انتہائی ضروری ہے،  افغانستان کے تمام پڑوسی ممالک سےرابطے میں ہیں۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پُرتشدد واقعات افسوناک اور تشویشناک ہیں،  افغان فوج اور طالبان میں حالیہ جھڑپوں پر بھی افسوس ہے، افغان حکومت سے تعاون جاری رہے گا اور افغانستان میں ترقیاتی پروجکیٹ بھی   جاری رہیں گے۔

زید تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ کابل پر طالبان کی حکومت قائم ہونا ابھی مفروضہ ہے۔

سری لنکا نے بھارت سے ٹی 20 سیریز جیت لی

کولمبو: سری لنکا نے بھارت کو آخری ٹی 20 میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر 2-1 سے سیریز جیت لی۔

کولمبو میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز پر ڈھیر ہوگئی جواب میں سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 14.3 اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا۔

ونندو ہسارنگا کو 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور ابتدائی 5 وکٹیں صرف 36 رنز پر گر گئیں۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو 23 رنز بنا کر نمایاں رہے باقی کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکا۔

سری لنکا کے ونندو ہسارنگا نے چار، چمیرا اور مینڈس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کے دھنن جیا ڈی سلوا 23 اور ونندو ہسارنگا 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، بھنوکا اور اویشکا فرننڈو نے بالترتیب 18 اور 12 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کی جانب سے راہول چاہر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ گزشتہ روز کھیلے گئے ٹی ٹوینٹی میچ میں بھی سری لنکا نے بھارت کو شکست دی تھی اور سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی، آخری میچ میں کامیابی حاصل کرکے میزبان ٹیم نے سیریز 2-1 سے جیت لی۔

پاک چین شراکت داری علاقائی امن واستحکام کیلئے انتہائی اہم ہے: آرمی چیف

راولپنڈی:  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی مفادات کے تحفظ کیلئے مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی شراکت داری علاقائی امن واستحکام کیلئے انتہائی اہم ہے

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات جی ایچ کیو میں پیپلز لبریشن آرمی کے 94ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس اہم تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں چینی سفیر، دفاعی اتاشی، چینی سفارتخانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے افسران نے بھی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دفاع، سیکیورٹی اور نیشن بلڈنگ میں پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی قیادت کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے منفرد اور انتہائی قریبی تعلقات ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین نےعہدے سے استعفیٰ دے دیا

وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین نےعہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

 کہ  ڈاکٹر عشرت حسین نے استعفیٰ وزیراعظم آفس بھیج دیا ہے۔

وزیراعظم آفس  کے مطابق وزیراعظم عمران خان  نے تاحال عشرت حسین کا استعفیٰ منظور نہیں کیا۔

 واضح رہے ڈاکٹر عشرت حسین وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ہیں۔

کینیڈین حکومت کا پاکستان کو 162 موبائل وینٹیلیٹرز کا تحفہ

اسلام آباد: کینیڈین حکومت کی جانب سے حکومت پاکستان کو 162 موبائل وینٹیلیٹرز کا تحفہ دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر  مینجمنٹ اتھارٹی  (این ڈی ایم اے) کے زیر اہتمام خصوصی تقریب ہوئی ،   تقریب میں چئیرمین این ڈی ایم اے، لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز، کینیڈا کی ہائی کمشنر اور معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان و دیگر نے  شرکت کی۔

کینڈین ہائی کمیشنر نےوینٹیلیرز این ڈی ایم اے حکام کے حوالے کیے۔چئیرمین این ڈی ایم اے نے حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی طرف سے کینیڈین حکومت اور کینیڈین عوام کا شکریہ اداکیا ۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے اس موقع پر کہا کہ  کورونا ایک عالمی وبا ہے اور بین الاقوامی سطح پرہم سب کو ملکر اس سے نمٹنا ہو گا، کرونا سے اس وقت تک کوئی بھی محفوظ نہیں جب تک سب محفوظ نہیں۔

کینیڈین ہائی کمیشنر کا کہنا تھا کہ   ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستان کے طبی شعبے کو مستحکم کرنے کے اس سفر میں شریک ہیں۔

ویکسین نہ لگوانے والوں کو 31 اگست تک کی ڈیڈ لائن

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے چیئرمین اسد عمر نے خبردار کیا ہے کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد 31 اگست سے قبل ویکسینیشن کرالیں بصورت دیگر انہیں کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ پریس کانفرنس میں اسد عمر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کام کرنے والے افراد اور 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طلبہ کے لیے 31 اگست تک ویکسینیش کرانا لازمی ہے۔

علاوہ ازیں چیئرمین این سی او سی نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک میں تاحال کورونا وبا سے متعلق غیر سنجیدہ رویہ پایا جاتا ہے، ایس او پیز پر عملدر آمد کی سب سے کم شرح سندھ، بلوچستان میں ریکارڈ کی گئی۔

‘پورے پورے شہر ہفتوں کے لیے بند نہیں کرسکتے’

اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہم نے دنیا میں وبا سے رونما ہونے والے مسائل اور اس کے نتیجے میں جنم لینے والے حالات کے تناظر میں ڈیٹا پر مبنی نظام تشکیل دیا اور اب ہمیں دوبارہ اس نظام کو رائج کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے پورے شہر ہفتوں کے لیے بند کریں یہ مسئلے کا علاج نہیں ہے اور علاج یہ ہے کہ متاثرہ علاقے یا محلے کا اسمارٹ لاک ڈاؤن اور ایس او پیز پر عمل کرکے کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔

‘ایس او پیز پر عملدر آمد کی سب سے کم شرح سندھ اور بلوچستان میں ریکارڈ’

اسد عمر نے اعداد و شمار کا حوالے دے کر بتایا کہ ایس او پیز پر عملدر آمد کی سب سے زیادہ شرح اسلام آباد میں 56.4 فیصد جس کے بعد بتدریج خیبرپختونخوا میں 46.6 فیصد، آزاد جموں و کشمیر 42.7 فیصد، گلگت بلتستان میں 37.4 فیصد اور پنجاب میں 38 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

چیئرمین این سی او سی نے بتایا کہ ایس او پیز پر عملدر آمد کی سب سے کم شرح سندھ اور بلوچستان میں ریکارڈ کی گئی جو محض 33 فیصد تھی۔

انہوں نے کہا کہ خصوصاً کراچی میں ہدایات سے متعلق عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے حکومت سندھ کے ساتھ تعاون کریں گے اور اس سلسلے فوج یا رینجرز کی معاونت بھی فراہم کی جاسکتی ہے۔

اسد عمر نے ویکسین سے متعلق کہا کہ جو لوگ اب بھی ویکسین کی اہمیت نہیں سمجھ رہے اور ان کی وجہ سے دوسروں کی زندگی کو خطرہ ہے تو ایسے حالات میں مخصوص نوعیت کی بندش کا وقت آگیا ہے۔

’31 اگست کے بعد مختلف بندش کا اطلاق ہوگا’

انہوں نے کہا کہ کم از کم ایک ویکسین لگوانے والے ہی یکم اگست سے فضائی سفر کرسکیں گے اور اسی طرح سے وہ اساتذہ جنہوں نے اب تک ویکسین نہیں کرائی وہ اسکول، کالج یا کسی بھی تدریسی مرکز میں جا کر نہیں پڑھا سکیں گے۔

اسد عمر نے واضح کیا کہ 31 اگست سے مزید کئی سیکٹرز ہیں جہاں بندش کا اطلاق ہوگا مثلاً بچوں کو اسکول لے جانی والی ویگن، بس یا دیگر گاڑیوں کے ڈرائیورز اور اس کے کنڈیکٹرز کے لیے ویکسینیشن کرانا لازمی ہوگا ورنہ انہیں یہ کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

چیئرمین این سی او سی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کام کرنے والے افراد اور 18 سال یا اس سے زائد عمر کے طلبہ کے لیے 31 اگست تک ویکسینیش کرانا لازمی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پبلک سیکٹر، بینک، نادرا، پراپرٹی آفس میں کام کرنے والے عملے کے لیے بھی 31 اگست آخری تاریخ ہے اگر وہ اپنی ویکسینیشن نہیں کراتے تو انہیں دفتر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ شادی ہالز، شاپنگ مال، سپر اسٹورز، الیکٹرونک مارکٹیں وغیرہ میں کام کرنے والا عملہ بھی ویکسینیشن کرائے بصورت دیگر انہیں کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسد عمر نے واضح کیا کہ کچھ وقت جائزہ لینے کے بعد ایک اور فہرست پیش کی جائے گی اور اس کے لیے ایک نئی تاریخ رکھی جائے گی۔

کراچی میں ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں وبا تیزی سے پھیل رہی ہے، ڈاکٹر فیصل

اس سے قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں غیرمعمولی اضافہ ہورہا ہے جبکہ کراچی میں ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے میں وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ جب ہم بہتر صورتحال میں تھے تب جون میں ایسے مریضوں کی تعداد 2 ہزار سے نیچے تھی جو اب ایک واضح اضافہ ہے جس کی بنیادی بڑی وجہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں کورونا کے کیسز میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے اور شہر میں قائم کورونا کے انتہائی متاثرہ افراد کے لیے مختص کُل بیڈز میں سے 50 فیصد زیر استعمال ہیں۔

ڈاکٹر فیصل نے واضح کیا کہ بڑے شہروں میں کورونا کے کیسز کے بڑھنے سے اس کا دباؤ ہسپتالوں پر پڑ رہا ہے، کراچی میں نجی ہسپتال پر دباؤ زیادہ ہے اور اگر صورتحال ایسے ہی برقرار رہی تھی نتائج سنگین ہوسکتے ہیں۔

امریکی ریاست الاسکا میں زلزلے کے بعد سونامی کا خطرہ

امریکی ریاست الاسکا میں شدید زلزلے کے بعد حکام نے سونامی کی وارننگ جاری کردی۔

غیرملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 8.2 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے بعد املاک یا جان کے ضائع سے متعلق کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

سونامی کے انتباہی سائرن کو الاسکا کے کوڈیاک میں والمارٹ اسٹور کے قریب ہی لگایا گیا تھا۔

امریکی نیشنل سونامی سینٹر (این ٹی ڈبلیو سی) نے الاسکا کے جنوبی حصوں کے لیے الرٹ جاری کیا۔

الاسکا کے گورنر مائک ڈنلوی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ ریاست کا ہنگامی آپریشن سینٹرل فعال کردیا گیا ہے اور حکام سونامی کے انتباہ والے علاقوں میں کمیونٹیوں سے رابطہ کر رہے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے بتایا کہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے دس بجے آیا اور اس کی گہرائی 35 کلو میٹر تھی۔

پیسیفک سونامی انتباہی مرکز نے کہا کہ انہوں نے ہوائی اور امریکی بحر الکاہل کے علاقے گوام کے لیے سونامی کے ممکنہ خطرات کے انتباہ کو منسوخ کردیا۔

این ٹی ڈبلیو سی نے کہا کہ وہ امریکی اور کینیڈا کے بحر الکاہل کے ساحلی علاقوں میں سونامی کے خطرے کی سطح کا جائزہ لے رہا ہے۔

این ایچ کے نامی میڈیا کے مطابق جاپان کی موسمیاتی ایجنسی اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا جاپان میں سونامی کے ٹکرانے کا امکان ہے یا نہیں۔

جاپان کی محکمہ موسمیات ایجنسی کی ویب سائٹ پر سونامی کے بارے میں کوئی انتباہ نہیں ہے۔

زلزلے کے جھٹکے الاسکا میں پیری ویلی سے تقریباً 91 کلومیٹر مشرق- جنوب مشرق میں بھی محسوس کیے گئے، یہ الاسکا کا سب سے بڑا شہر اینکوریج سے 800 کلومیٹر دور تھا۔

موسمیات سے متعلق قومی ادارے نے ٹوئٹ کیا کہ اینکرج کو سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

یو ایس جی ایس نے مزید بتایا کہ اس زلزلے کے بعد خطے میں 8 آفٹر شاکس آئے جن میں دو کی 6.0 شدت تھی۔

نعروں کا وقت ختم ہوچکا، حکومت بتائے تبدیلی کےلئے کیا کر رہی ہے، مہوش حیات

پاکستان شوبز انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ مہوش حیات نے ملک میں خواتین اور بچوں کے خلاف بڑھتے جرائم کے بارے میں سوال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت بتائے ملک میں نظام کی تبدیلی کے لیے کیا کررہی ہے۔

سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ مہوش حیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ ہیش ٹیگز اور نعروں کا وقت ختم ہوچکا۔ حکومت بتائے کہ نظام کو تبدیل کرنے کے لیے کیا کرنے جارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ معاشرے میں تشدد اور امتیازی سلوک کی دیگر اقسام کو نظام میں تبدیلی کے بغیر ختم نہیں کیا جاسکتا۔

اپنی ٹوئٹ میں مہوش حیات نے کہاکہ ملک میں قوانین موجود ہیں ، ہمیں ان قوانین کے نفاذ کو زیادہ سخت اور متاثرہ افراد کے لیے کم تکلیف دہ  بنانے کی ضرورت ہے۔

اداکارہ  نے ملک میں عدالتی نظام پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہمارے ملک میں عدالتی نظام خطرناک، غیر موثر اور فرسودہ ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ تشدد اور زیادتیوں سے پاک محفوظ زندگی گزارنا ہر شخص کا بنیادی حق ہے۔ کسی کو بھی زندگی گزارتے ہوئے خوف زدہ نہیں ہونا چاہیئے۔ یہ آسانی سے قابل قبول نہیں ہے اور اسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ بے حسی کوئی آپشن نہیں ہے۔ کسی دوسرے متاثرہ شخص کا ہیش ٹیگ بننے سے پہلے ایکشن لینا ہوگا، کارروائی کرنی ہوگی۔

آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم کون! عمران خان نے 3 ارکان اسمبلی کو بلالیا

اسلام آباد: کشمیر کی وزارت عظمیٰ کا تاج کس کے سر سجے گا ، آزاد کشمیر میں حکومت سازی کیلئے وزیراعظم عمران خان نے مشاورتی عمل شروع کردیا۔

وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے نومنتخب ارکان اسمبلی کو بلا لیا۔ پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان ، سینئر رہنما خواجہ فاروق اور تنویر الیاس اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات میں آزاد کشمیر کی صدارت ، وزرات عظمی ، اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر اور کابینہ کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں وفاقی وزرا اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء بھی شریک ہوں گے۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مسلسل نویں مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ وہ تحریک انصاف کے ٹکٹ پر مسلسل تیسری مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ اگلے وزیراعظم کےلیے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور سردار تنویر الیاس میں بھی سخت مقابلہ ہے۔

وفاقی وزرا اپنی پریس کانفرنس میں پہلے ہی بتاچکے ہیں کہ آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے نام کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

واضح رہےکہ تحریک انصاف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں 25 نشستیں جیت کر سادہ اکثریت حاصل کی ہے۔ پیپلزپارٹی 11 نشستیں لے کر دوسرے اور (ن) لیگ 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

دورہ پاکستان کی تیاریاں، نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی ماہر کی خدمات حاصل کر لیں

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے سیکیورٹی ماہر کو پاکستان بھیجے گا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے ستمبر اکتوبر میں پاکستان میں وائٹ بال کرکٹ سیریز کھیلنی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ دورہ پاکستان سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گا، اس سلسلے میں نیوزی لینڈ نے سیکیورٹی ماہر کی خدمات حاصل کر  لی ہیں، سیکیورٹی ماہر  رگ ڈیکاسن آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے اور انتظامات کا جائزہ لیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ رگ ڈیکاسن لاہور، کراچی اور  راولپنڈی میں میچز کے حوالے سے انتظامات دیکھیں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ اور سیکیورٹی ادارے سیکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن کے ساتھ مل کر مختلف اوقات میں پاکستان میں میچز اور سیریز کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ نے پاکستان کے دورے کا ارادہ ظاہر کیا ہوا ہے تاہم نیوزی لینڈ کرکٹ سیکیورٹی ماہر کی رپورٹ کے بعد دورہ پاکستان کی تصدیق کرے گا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کی سیریز شیڈول ہیں لیکن پی سی بی نے ورلڈکپ کی تیاریوں کے پیش نظر دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچز کی بھی پیشکش کر رکھی ہے۔

خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 2003 میں آخری بار پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

نور مقدم قتل : ملزم ظاہر کا کریمنل ریکارڈ جاننے کیلئے فنگر پرنٹس برطانیہ بھجوا دئیے گئے

اسلام آباد (مظہر شیخ سے) نور مقدم قتل کیس میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہیومن رائٹس کے نوٹس کے بعد انصاف کا گھوڑا تیز ہوگیا۔

پولیس کی تفتیشی ٹیم نے مزید حقائق اگلوا لیے دوران تفتیش ملزم کے انکشافات نے عوام کو کرب اور خوف میں مبتلا کر دیا ملزم کی کریمنل ہسٹری کو کیڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ۔
ملزم کے فنگر پرنٹس حاصل کر کے امریکہ اور برطانیہ سے کریمنل ریکارڈ بھی منگوا لیا گیا۔

ملزم کے والدین اور ملازمین کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوا دیا گیا ہے۔ قتل کا مقدمہ تھانہ کوہسار پولیس اسٹیشن میں درج ہے۔

 نور مقدم کے ایک دوست کی جانب سے اس مہم کا باقائدہ آغاز کیا گیا تھا جس میں انہوں نے اپیل کی تھی کہ ظاہر جعفر ایک امیر گھرانے سے تعلق رکھتا ہے، اس کےوالدین کے پاس شہر کے بہترین وکلاء اور قانونی ماہرین کی مدد حاصل کرلی ہے اور ان کے پاس وسائل ہیں کہ وہ اس جنگ کو بلا مقابلہ لڑ سکیں۔ نور کے دوست کی حیثیت سے اس مہم کا آغاز کر رہے ہیں تاکہ والدین اپنی بیٹی کو انصاف دلا سکیں۔

اس مقدمے میں انداز ایک لاکھ 20 ہزار ڈالرز کا خرچ لگنے کی امید کی جارہی ہے جبکہ اب تک 36 ہزار 354 ڈالرز جمع کرلیے گئے ہیں۔

مہم بدھ کے روز طارق غفار نے شروع کی تھی چونکہ عدالتی مقدمات لمبے ہوتے ہیں قانونی چارہ جوئی کے متعدد مراحل کےلیے کل اخراجات کا حساب لگایا جاتا ہے۔ “اس پلیٹ فارم کے ذریعہ جمع ہونے والی تمام آمدنی نور کے معاملے میں براہ راست لڑنے کے لئے استعمال ہوگی۔