مسافروں کی سلامتی کیلیے پی آئی اے طیارے کو بھارتی حدود میں لے جانا پڑگیا

کراچی: ذرائع کے مطابق مذکورہ واقعہ جمعہ کو پیش آیا جس میں قومی ایئرلائن کی کراچی سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 306 نے مختصر وقت کے لیے بھارتی حدود استعمال کی۔ جس وقت جہاز لاہور کے قریب پہنچا تو اس وقت جہاز کے اپنے مقررہ روٹ پر سفر جاری رکھنے کے لیے موسم سازگار نہیں تھا۔

غیرمعمولی موسمی حالات کے پیش نظر اور مسافروں کی قیمتی جانوں کے تحفظ کی وجہ سے قوانین کے تحت جہاز کے عملے کو بھارتی حدود کا استعمال ناگزیر ہوگیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پرواز کو بغیر بھارتی حدود استعمال کیے ایک متبادل راستہ بلوچستان کے ذریعے پشاور ائرپورٹ پر لینڈنگ کے بھی موجود تھا تاہم اس میں راستے کی طوالت کے پیش نظر اضافی ایندھن کی ضرورت تھی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق دوران پرواز جہاز کے کپتان نے لاہور اور دہلی ایئر ٹریفک کنٹرول سے کلیئرنس حاصل کی جبکہ دونوں ممالک کے مابین موجود ہاٹ لائن پر مبنی ایلفا کنٹرول، ائرڈیفنس کلیئرنس بھی موجودتھی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ائر لائن کا جہاز پیشگی اطلاع کے بعد 8 منٹ تک بھارتی فضائی حدود میں رہا، جہاز کو بھارتی حدود سے گزار کر اسلام آباد ائرپورٹ پر اتارا گیا۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق خراب موسم یا ایمرجنسی میں انٹرنیشنل قوانین کے تحت پرواز کسی بھی ملک کی طرف موڑی جا سکتی ہے، ایمرجنسی میں بین الاقوامی ایوی ایشن آرگنائزیشن رکن ممالک پر معاہدوں کی  پاس داری لازم ہے۔

کورونا کی شدت میں کمی، تیسری لہر مزید 23 جانیں لے گئی، 735 نئے کیسز رجسٹرڈ

اسلام آباد:  کورونا وائرس سے 23 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 254 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 56 ہزار 392 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 735 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 46 ہزار 36، سندھ میں 3 لاکھ 36 ہزار 507، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 37 ہزار 831، بلوچستان میں 27 ہزار 83، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 60، اسلام آباد میں 82 ہزار 619 جبکہ آزاد کشمیر میں 20 ہزار 256 کیسز رپورٹ ہوئے۔

فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

اسلام آباد: ملک بھر میں گیس کا بحران بڑھنے سے پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی بند، وزارت توانائی نے بجلی کی پیداوار برقرار رکھنے کے لیے پاور پلانٹس کو فرنس آئل درآمد کرانے کے لیے این او سی جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملک میں جاری گیس بحران کی وجہ سے بجلی بنانے والے پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی بند ہونے سے بجلی کی رسد میں کمی ہوسکتی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے پیٹرولیم اور پاور ڈویژن نے کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کی مشاورت سے فرنس آئل درآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

وزارت توانائی کے ذرائع کے مطابق پاور پلانٹس کو فرنس آئل پر چلا نے سے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی جب کہ فرنس آئل پر پیدا ہونے والی مہنگی بجلی کی کا بوجھ بھی ماہانہ فیول پرائس کی مد میں بوجھ بھی صارفین برداشت کریں گے، یاد رہے کہ کے الیکٹرک کو اکتوبر 2020 میں بھی 50 ہزار میٹرک ٹن فرنس آئل امپورٹ کی اجازت دی گئی تھی۔

ملک بھر میں ٹک ٹاک پر ایک بارپھر پابندی عائد

ملک بھر میں ٹک ٹاک پر ایک بار پھر پابندی عائد کردی گئی۔ سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی اے کو ایپلیکیشن فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیدیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں ٹک ٹاک کیخلاف بیرسٹر اسد اشفاق کی درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیراسلامی مواد رکھا جارہا ہے، پی ٹی اے کو شکایت دی تاہم تاحال کارروائی نہیں کی گئی۔

سندھ ہائیکورٹ نے ملک بھر میں ایک بار پھر ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرتے ہوئے پی ٹی ای کو ایپلیکیشن فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیدیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے معاملے پر اٹارنی جنرل اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 جولائی تک جواب طلب کرلیا۔

اس سے قبل بھی دو بار پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی جاچکی ہے، 11 مارچ 2020ء کو پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر پی ٹی اے نے ٹک ٹاک بند کردی تھی، عدالت نے موبائل ایپلیکیشن سے غیر اخلاقی مواد ہٹانے کی ہدایت کی تھی تاہم یکم اپریل کو عدالت عالیہ نے ٹک پر سے پابندی اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ اس پر غیر اخلاقی مواد اپلوڈ نہیں ہونا چاہئے، پی ٹی اے ایسا سسٹم بنائے جو اچھے اور برے میں تفریق کرسکے۔

واضح رہے کہ جامعہ اشرفیہ لاہور نے ایک شہری کے سوال کے جواب میں دیے گئے فتوے میں کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جانے والی ٹک ٹاک اور اسنیک ویڈیو ایپ کی گندی اور بیہودہ ویڈیوز ایمان ختم کرنیوالی چیزیں ہیں لہذا ان ایپلی کیشنز کو استعمال کرتے ہوئے ویڈیوز بنانا اور انہیں آگے بھیجنا حرام ہے

کورونا وائرس کا خطرہ، ٹی20 ورلڈ کپ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل

کورونا وائرس کے سبب بھارت رواں سال شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی نہیں کر سکے گا اور عالمی ایونٹ متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی اور رائٹرز کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس اور سفری پابندیوں کی وجہ سے ٹی20 ورلڈ کپ کو متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے۔

بھارت دنیا کے دیگر ملکوں کی طرح گزشتہ سال سے کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے اور پہلی لہر سے نکلنے کے بعد بھارت کو دوسری لہر پر قابو پانے میں مستقل مشکلات کا سامنا ہے۔

بھارت میں اب تک تین کروڑ سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور پیر تک وائرس سے مجموعی طور پر 3 لاکھ 96 ہزار افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

جہاں ایک طرف ہندوستان کو وائرس کا پھیلاؤ روکنے میں مشکلات کا سامنا ہے وہیں ماہرین نے پہلے ہی خبردار کردیا ہے کہ ملک میں ممکنہ طور پر اکتوبر اور نومبرکے مہینے میں وائرس کی تیسری لہر ٹی20 ورلڈ کپ سے براہ راست متصادم ہو گی۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کے سربراہ سارو گنگولی نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کوتصدیق کی کہ ٹی20 ورلڈ کپ کو بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی نے انٹرنیشنل کرکٹ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے کہ ہم ٹی20 ورلڈ کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کریں گے اور اسے منتقل کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کی امارات منتقلی کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ ایونٹ کے کوالیفائرز عمان میں منعقد کیے جا سکتے ہیں جبکہ بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں تین مقامات ابوظہبی، شارجہ اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

ادھر بی سی سی آئی کے خزانچی ارن سنگھ دھمل نے رائٹرز کو بتایا کہ ہم انڈین پریمیئر لیگ کے بعد اس سال متحدہ عرب امارات میں ٹی20 ورلڈ کپ کا انعقاد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں کووڈ-19 کے اعدادوشمار کا جائزہ لے رہے ہیں اور فی الوقت سفری پابندیوں کے حوالے سے کوئی چیز واضح نہیں ہے اور ہم جلد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیں گے۔

رواں سال ٹی20 ورلڈ کپ کے ملک میں انعقاد کی بھارت کی امیدیں اس وقت ہوا ہو گئی تھیں جب کورونا وائرس کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ کو مئی میں ملتوی کردیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ بی سی سی آئی نے اعلان کیا تھا کہ آئی پی ایل کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں منعقد کیے جائیں گے جس کے بعد 16 رکنی ورلڈ کپ کی منتقلی کے امکانات بھی روشن ہو گئے تھے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حوالے سے فیصلہ کرنے کے لیے بھارت کو 28 جون تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ سال انڈین پریمیئر لیگ کے مکمل ایڈیشن کی میزبانی کی تھی جبکہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے مرحلے کے تمام میچز بھی عرب سرزمین پر کامیابی سے منعقد ہوئے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال آسٹریلیا میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کو بھی کورونا وائرس کی وجہ سے منتقل کردیا گیا تھا اور اب وہ ایونٹ آئندہ سال کھیلا جائے گا۔

شازیہ مری نے وزارت اطلاعات و نشریات کیلئے نیا نام تجویز کر دیا

اسلام آباد   پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری نے وزارت اطلاعات ونشریات کیلئے نیا نام تجویز کر دیا ، حکومت کو مشورہ دیا کہ وزارت اطلاعات و نشریات کا نام تبدیل کر کے وزارت پروپیگنڈا رکھ دیں ۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ صحافی عزیز میمن کیس میں سندھ حکومت کی جانب سے کہیں بھی غفلت کا مظاہرہ نہیں کیا گیا، صحافیوں کے تحفظ کا بل کی اپوزیشن مکمل حمایت کرتی ہے

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے اپنا انگوٹھا کاٹنے کو تیار ہیں ، لوگ پہلے ہی گھبراتے تھے کہ بچیوں کی شادی کرنی ہے اور سونا چاندی کتنا مہنگا ہے ، انہوں نے اس پر بھی 15فیصد ٹیکس عائد کر دیا،زراعت کے شعبے کے ساتھ بھی بے وفائی کی گئی ، یہ ہمارے زخموں پر نمک چھڑکتے ہیں ۔

خطے کی بدلتی صورتحال: پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس طلب

اسلام آباد:  افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعد کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی سیاسی قیادت اہم فیصلوں کے لیے یکم جولائی کو سر جوڑ کر بیٹھے گی۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے خطے کی بدلتی صورتحال کے جائزہ کیلئے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس بلالیا۔

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس بجٹ منظوری کے فوری بعد یکم جولائی کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا جس میں اعلی عسکری و سول حکام افغانستان کی موجودہ صورتحال پر ان کیمرہ بریفنگ دینگے۔ پاک بھارت تعلقات، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر کی صورتحال، فضائی اڈے دینے کے امریکی مطالبے پر غور ہوگا۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی سپیکر قاسم سوری خصوصی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوں گے۔ وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر، فواد چودھری، شوکت ترین، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان و دیگر شرکت کرینگے۔ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق اہم امور پر مشاورت کے بعد فیصلے کیے جائیں گے۔ متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز اور مشیر قومی سلامتی میعد یوسف بھی شرکاء کو بریفنگ دیں گے۔

ایسا پاکستان چھوڑیں گے کہ آئندہ نسلیں شکر گزار ہوں، وزیرا عظم عمران خان

 وزیرا عظم عمرا ن خان نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان کے ویژن پر مکمل عمل کررہے ہیں، ہم نے پاکستان کی بہتری کے لئے وہ اقدامات کرنے ہیں آئندہ نسلیں ہماری شکر گزار ہوں ، افسوس کے پچھلی نسلوں نے ایسا کچھ نہیں کیا ور ہمارے بزرگ اس ملک سے انصاف نہیں کر سکے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرا عظم عمران خان نے ناران کا دورہ کیا جہاں انہیں سیاحت کے حوالے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرا عظم عمرا ن خان کا کہنا تھا کہ میں ساری دنیا پھر اہوں پاکستان جیسی خوبصورتی پوری دنیا میں نہیں ہے، کاغان کو اللہ تعالیٰ نے بہت خوبصورتی سے نواز ہے ، ہمیں چاہئے کہ اس خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے اللہ کا شکر ضروری ہے اور ہمیں چاہئے کہ ہم اس کی حفاظت کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلےناران آتے تھے تو اس علاقے میں درخت کٹے ہوئے ملتے تھےماضی میں درختوں کی تباہی کی گئی، لیکن اب سارا علاقہ دیکھا درخت لگانے پر بہت خوش ہوں،یہاں درختوں کی حفاظت کے لئے مقامی لوگوں کا چناو کیا جائے کیوں کو وہ پوری طرح واقف ہیں، پاکستان میں سیاحت تیزی سے بڑھ رہی ہے، ہم سیاحت کے حوالے سے جوقانون بنا رہے ہیں اس پر عمل ہونا چاہئے۔

وزیرا عظم نے کہا کہ دین اسلام میں صفائی کو بہت اہمیت حاصل ہے، یہاں گندگی کا پھیلاو روکا جائے، دریائے کنہا ر میں بھی گندگی کا پھیلاﺅ روکا جائے، گندگی پھیلانے والے کو سخت سزائیں دی جائیں، ہم نے اپنے ملک کو صاف کرنا ہے، یہ نئے پاکستان کی سوچ ہے پہلے اس بارے کوئی نہیں سوچتا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ سوئزرلینڈ 80ارب ڈالر سیاحت سے کما ر ہا ہے اور ہم 25ارب بھی نہیں کما سکے، اب ہم نے سارے سیاحتی مقامات کا دھیان رکھنا ہے ،سیاحت کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر خیبر پختونخوا حکومت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔حکومتی اقدامات کی و جہ سے سیاحت میں اضافے کے باعث جو پیسہ آئے گا اس سے یہاں ڈیولپمنٹ کی جائے گی، مقامی لوگوں کو سیاحت کی وجہ سے نوکریاں ملیں گی۔

سپیکر اسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس یکم جولائی کو طلب کرلیا

اسلام آباد  سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوس میں یکم جولائی کو 3بجے طلب کرلیا۔ا جلاس میں اعلیٰ عسکری وسول حکام افغان صورتحال پران کیمرہ بریفنگ دیں گے۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والے قومی سلامتی کے اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وزیر داخلہ شیخ رشید ، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شرکت کریں گے۔

اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، ن لیگی رہنماخواجہ آصف اورسیینٹ میں قائد حزب اختلاف یوسف رضا گیلانی بھی شریک ہوں گے جبکہ غفور حیدری اورمولانا اسعد محمودکو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

بابر اعوان کا اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے شہباز شریف کا پلان فراڈ قرار

اسلام آباد:  بابر اعوان نے اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے شہباز شریف کا پلان فراڈ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کا اختیار سمندر پار پاکستانیوں کا بنیادی حق ہے، حزب اختلاف آئین سے کھلواڑ نہ کرے، اپوزیشن لیڈر پارلیمنٹ میں آکر بات کریں، پتلی گلی سے نہ نکلیں، مذاکرات کیلئے درواز کھلے ہیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے 2 بار پارلیمان کی بالادستی کو ماننے سے انکار کیا، حکومت پارلیمنٹ کو سپریم سمجھتے ہوئے قانون سازی کرنا چاہتی ہے، پاکستانی جس بھی خطے میں ہو ووٹ اس کا حق ہے، شہباز شریف چاہتے ہیں ایک کروڑ پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کر دیا جائے۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق غیر مناسب بات کی گئی، تارکین وطن سے عمران خان کا وعدہ تھا ووٹ کے حق میں شریک کریں گے، اپوزیشن سودے بازی چھوڑ دے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا میں گارنٹر ہوں، نواز شریف کو واپس لاؤں گا، آپ دوسروں کو نصیحت، خود میاں فصیحت بنے ہوئے ہیں، شہباز شریف کے پاس کوئی اخلاقی جواز نہیں کہ اپوزیشن لیڈر رہیں، ان کو اصلاحات، صاف شفاف انتخابات میں کوئی دلچسپی نہیں، ان کو سب سے بڑی رکاوٹ وزیراعظم نظر آتے ہیں، یہ عدالتی فیصلوں کو بھی نہیں مانتے، نواز شریف متحدہ بانی تو بن سکتے ہیں، نیلسن منڈیلا نہیں بن سکتے۔

عمران خان کشمیر کے بعد ملک کا جوہری پروگرام ختم کرنے کے در پر ہیں، بلاول کا الزام

مظفرآباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان پر جوہری پروگرام ختم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیر کے بجائے گرفتار بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیوکے سفیر اور وکیل بن گئے ہیں۔

 کوٹلی اور پونچھ اضلاع کے 4 شہروں میں بڑے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم عمران خان پر ‘کشمیر کے معاملے میں سمجھوتہ’ کرنے کا الزام لگایا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حق خود ارادیت ہی واحد قابل عمل حل ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی جماعت اقوام متحدہ پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے الزام لگایا کہ ‘اور اب وہ ملک کے جوہری پروگرام کو ختم کرنا چاہتے ہیں’۔

انہوں نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدام کو ‘تاریخی حملہ’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ‘کچھ دوسرے اہم اقدامات کے علاوہ ملک کے نقشے میں بھی تبدیلی کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ کشمیر میں ہر ایک بچہ، پارلیمنٹ میں اپوزیشن اور ہم نعرے لگارہے ہیں کہ کشمیر بیچنا ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘عمران خان نیازی کشمیر پر خاموش رہ سکتے ہیں لیکن کشمیری نہیں مانیں گے’۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 25 جولائی کو آزادکشمیر کے عوام پوری دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ وہ کسی کٹھ پتلی کے ساتھ نہیں بلکہ جمہوریت اور پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں ایک ایسے وزیر اعظم کو دیکھنا چاہتے ہیں جو کٹھ پتلی نہ ہو، وہ کشمیر پر کوئی غلطی نہ کرے اور وہ مودی اور عمران خان نیازی دونوں کا مقابلہ کرسکے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر کے حقوق کی ضمانت نہیں دے گی بلکہ لیکن بھارت کے زیر قبضہ علاقے میں کشمیری بھائیوں کی حمایت بھی بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ ہماری کسی بھی قیادت نے نریندر مودی سے کبھی ملاقات نہیں کی اور اکیلے میں کبھی ان سے ہاتھ نہیں ملایا، ہم ان کے ساتھ اسی طرح برتاؤ کریں گے جیسے وہ کشمیریوں کے ساتھ کرتےہیں۔

اپوزیشن کرپشن سے آلودہ، مایوسی کا شکار ٹولہ عوام کو گمراہ نہیں کرسکتا : بزدار

لاہور (سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے کہا کہ اپوزیشن کا شرانگیز بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے ۔ اپوزیشن عناصر کا دامن کرپشن سے آلودہ ہے ، مایوسی کا شکار یہ ٹولہ عوام کو گمراہ نہیں کرسکتا۔ بدقسمتی سے اپوزیشن نے قومی مفادات کو پس پشت ڈالا ، اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان ترقی وخوشحالی کی منزل طے کرے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 560 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کیلئے مانیٹرنگ یونٹ بنایا جائے گا۔محکموں کو 31 جولائی تک غیر منظور شدہ سکیموں کو منظور کرانے کی ہدایت کر دی ۔

قربانی کے جانور مہنگے؛ قیمتوں نے خریداروں کے ہوش اڑا دیے

عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی مویشی منڈیوں میں نئے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع، خریدار بھی قربانی کے جانور خریدنے کیلئے مویشی منڈی پہنچنا شروع ہوگئے، اس دفعہ منڈی میں مویشیوں کی قیمتوں میں گزشتہ سال کی نسبت کافی فرق دیکھا جارہا ہے، قیمتیں آسمانوں کو چھونے لگی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اشیاء خوردونوش کی طرح قربانی کے جانور بھی مہنگے ہوگئےہیں، بیوپاریوں کا کہناہے کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال قربانی کے جانور 10 ہزار روپےمہنگے ہوئے ہیں تو دوسری جانب عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی مویشی منڈیوں میں نئے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، خریدار بھی قربانی کے جانور خریدنے کے لئےمویشی منڈیوں میں پہنچنا شروع ہو گیا ہے، موسم کی سختیوں کے باعث مویشی منڈیوں میں خریداروں کا معمول سے کم رش دیکھنے میں آیا ہے۔

واضح رہے کہ عیدالاضحیٰ سے متعلق محکمہ موسمیات نے اہم پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحی 21 جولائی کو ہوگی،محکمہ موسمیات کے مطابق 10 جولائی کو چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں، چاند نظر آنے کی صورت میں یکم ذی الحج 11 جولائی اور عید الاضحی 20 جولائی کو ہوسکتی ہے، دس جولائی کو چاند نظر نہ آنے کی صورت میں یکم ذی الحج 12 جولائی اور عیدالاضحی 21 جولائی کو ہوگی۔

ماہرین فلکیات نے پیش گوئی کی کہ پاکستان میں یکم ذی الحج 11 جولائی جبکہ عید الاضحیٰ 20 جولائی کو ہونے کا امکان ہے جبکہ خلیجی ممالک میں بھی اسی تاریخ کو عیدہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں شوال کے 30 ایام کے بعد ذی قعدہ کے مہینے کا آغاز ہوا اور 2 اسلامی ماہ 30 ایام کے نہیں ہوتے، اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ذی قعدہ کا مہینہ 29 ایام پر مشتمل ہو گا جس سے ظاہر ہے کہ ذی الحج کے مبارک ماہ کا آغاز 11 جولائی سے ہوگا اورعید الاضحی 20 جولائی کوہونے کا قوی امکان ہے۔