نواز شریف مفرور اور عدالتوں سے سرٹیفائڈ جھوٹا ہے، مراد سعید

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے نواز شریف پر الزام عائد کیا ہے کہ نواز شریف سمیت ان کا پورا خاندان عدالتوں سے مفرور اور اشتہاری ہیں۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت جا کر نواز شریف حریت رہنماوں سے ملاقات کے بجائے اپنے بزنس کے لیے ملاقاتیں کرتے ہیں اور اس سے متعلق انڈین میڈیا پر یہ چل رہا ہے کہ بھارت نے نواز شریف پر سرمایہ کاری کی ہے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ اب تک نواز شریف نے کلبھوشن کے معاملے پر نواز شریف نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور اس کے ساتھ ہی نیہ الزام بھی لگایا ہے کہ نواز شریف کے بیانات عالمی عدالت میں پاکستان کے خلاف ثبوت کے طور پر پیش کیے گئے ہیں۔

نواز شریف کے خلاف بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انڈیا نے جو سرمایہ کاری کی نواز شریف اسکا حق ادا کررہا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر نے واضح طور پر کہا ہے کہ پاکستان واحد ملک ہے جو دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتا ہے۔

سعودی عرب آنے والے مسافروں کیلیے کرونا ٹیسٹ لازمی قرار

سعودی ايوی ايشن نے کرونا سے متعلق نئی سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام غیر سعودی مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ کرانا لازمی قرار دے دیا۔

سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے اس متعلق نوٹيفکيشن جاری کر ديا۔

نوٹيفکيشن کے مطابق غیر ملکیوں کو سفر سے 3 دن پہلے تصدیق شدہ ليبارٹری سے ٹیسٹ کرانا ہوگا اور ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں ہی سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

اس کے علاوہ 8 سال سے کم عمر مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ ضروری نہیں۔

راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ حکومت کی ترجیح ہے،عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کو معاشی سرگرمیوں کیلئےاہم قرار دے دیا۔عمران خان نے کہا ہے کہ اس منصوبے کے حوالے سے مقررہ ٹائم لائنزمیں عمل درآمدحکومت کی ترجیح ہے۔

جمعہ کو اسلام آبادمیں وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ سے متعلق جائزہ اجلاس ہواجس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں منصوبے پراب تک کی پیشرفت اوردیگرامورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ لاہور شہر کی بحالی،بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنےاور پانی کی قلت کو دورکرنے کے حوالے سے کلیدی منصوبہ ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی بدولت نوکریوں اورمعاشی سرگرمیوں کے بےانتہا مواقع  حکومت کی ترجیح ہے۔پیدا ہوں گے،منصوبے پرمقررہ ٹائم لائنز میں عملدرآمد

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے موقع فراہم کرنے پر خوش ہوں: ڈیوڈ ہیمپ

لاہور: قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ ڈیوڈ ہیمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے موقع فراہم کرنے پر خوش ہوں، جلد پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے نئے مقرر کیے جانے والے کوچ ڈیوڈ ہیمپ کا اپنے تازہ بیان میں کہنا تھا کہ جلدپاکستان آکر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نےچندسال میں متاثرکن کارکردگی دکھائی، پاکستان کی متاثرکن کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنے کے لیے بیتاب ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ ہیمپ کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا کہ ڈیوڈ ہیمپ کی تعیناتی، تقرری کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد کی گئی ہے۔

اگلے ہفتے اپنی پچاسویں سالگرہ منانے والے ڈیوڈ ہیمپ گزشتہ پانچ سال سے وکٹورینز ویمنز کرکٹ ٹیم اور آسٹریلوی ویمنز بگ بیش لیگ میں میلبرن اسٹارز کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔

کورونا وائرس میں اضافے پر شادی ہالزاورریسٹورینٹس کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کورونا کیسزمیں اضافے کے باعث ایس اوپیزپرعمل درآمد نہ کرنے والے شادی ہالزاورریسٹورینٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمرکا کہنا ہے کہ ملک میں ریسٹورینٹس اورشادی ہالزکورونا کیسزمیں اضافے کی وجہ بن رہے ہیں۔

اسد عمرکا کہنا ہے کہ این سی اوسی نے اسی تناظر میں تمام صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ ایس اوپیزکی خلاف ورزی کرنے پرشادی ہالزاورریسٹورینٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔

اسد عمرنے کہا کہ ہم کسی کے بھی غیرذمہ دارانہ رویے کے باعث دوسروں کی صحت کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

این سی او سی کے مطابق کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کراچی میں کارروائیاں جاری ہیں اور شہر میں 6 شادی ہال، 103 ریسٹورنٹس سیل کردیے گئے۔

این سی او سی نے تمام صوبوں بشمول گلگت بلتستان ،آزادکشمیر اور اسلام آباد کو ہدایت ہے کی کہ وہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لئے رہنماء اصولوں کو یقینی بنائیں۔ این سی او سی کاکہناہے کہ شادی ہال، ریسٹورنٹس کے کورونا مرکز بننے کا خدشہ ہے۔ریستوران اور شادی ہالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی وجہ بھی یہی ہے کہ ان دونوں مقامات پر خلاف ورزیوں کاسلسلہ جاری ہے جو بیماری کا مرکز بن کر ابھر رہے ہیں۔

نوازشریف1350کنال سےزائدزرعی ارضی سمیت بڑی جائیداد کےمالک،نیب

ویب ڈیسک : نیب کی احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیداد کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ نوازشریف 1350 کنال سے زائد زرعی ارضی سمیت بڑی جائیداد کے مالک نکلے۔کئی کمپنیوں میں شئیرز اور 8 بینک اکاؤنٹس میں پاکستانی اورغیر ملکی کرنسی موجود ہے۔

احتساب عدالت میں جمع کی جانے والے دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف 4کمپنیوں میں شیئرز کےمالک ہیں۔ محمدبخش ٹیکسٹائل ملزمیں 4 لاکھ 67 ہزار950،حدیبیہ پیپرملز میں 3 لاکھ 43 ہزار 425،حدیبیہ انجینئرنگ کمپنی میں 22 ہزار 213 اور اتفاق ملز میں بھی 48 ہزار 606 شیئرز ہیں۔

سابق وزیراعظم کے نجی بینکوں میں 3 فارن کرنسی اکاؤنٹس سمیت 8 اکاؤنٹس ہیں۔5 اکاؤنٹس میں 6 لاکھ 12 ہزارروپے جبکہ 3 فارن کرنسی اکاؤنٹس میں 566 یورو، 698 امریکی ڈالرز اور 498 برطانوی پاؤنڈز موجود ہیں۔

نوازشریف اوراُن کےزیرِکفالت افرادکےنام لاہور، مری اور ایبٹ آباد میں جائیدادوں کےعلاوہ 1752 کنال زرعی اراضی کے مالک ہیں۔مری میں بنگلہ،چھانگلہ گلی ایبٹ آباد میں 15 کنال کا مکان اوراپرمال لاہور پر جائیداد شامل ہے۔

لاہور کےموضع مانک میں 936 کنال،بڈوکسانی میں 299 کنال،رائےونڈمیں 103 کنال،سلطان کےمیں 312 کنال اراضی موجود ہے۔شیخوپورہ کےموضع منڈیالی میں 14 کنال اورفیروزوطن میں 88 کنال اراضی کےعلاوہ 4 قیمتی گاڑیاں اور2 ٹریکٹرزبھی میاں نوازشریف کےنام ہیں۔

واضح رہے کہ جمعرات کو احتساب عدالت نےتوشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کےاثاثےضبط کرنےکاحکم دیا۔نیب نےنوازشریف کےاثاثوں کاریکارڈ عدالت میں پیش کياتھا جس کا عدالت نے حکم دیا تھا۔عدالت نے حکم دیا کہ نیب فہرست کےمطابق نوازشریف کےاثاثےضبط کئےجائیں۔

احتساب عدالت نے حکم دیا کہ کیوںکہ نوازشریف اشتہاری ہوگئے ہیں اس لئے ان کے جتنے بھی پاکستان میں بینک اکاؤنٹس،گاڑیاں اوراثاثےہیں ان کو ضبط کرلیا جائے۔

توشہ خانہ ریفرنس میں مسلسل عدم پیشی پر نوازشریف کے پہلے اشتہار جاری کئے گئے تھے اور پھر اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کا مقدمہ الگ کیا گیا

پاکستان نے پاک افواج کی آذربائیجانی فوج کے ہمراہ لڑائی کی خبریں افواہ قرار دے دیں

  • اسلام آباد : پاکستان نے آرمینیا کیخلاف پاک افواج کی آذربائیجانی فوج کے ہمراہ لڑائی کی خبریں افواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مزید کشیدگی سے بچنے کیلئے آرمینیا فوری طور پر فوجی کارروائی بند کرے۔

    تفصیلات کے مطابق دفترخارجہ کے ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی افواج کی آذربائیجانی فوج کے ہمراہ لڑائی کی خبریں افواہیں ہیں، ناگورونو کاراباخ کی صورتحال پر پاکستان کو گہری تشویش ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ آذربائیجانی شہری آبادی پر آرمینیا کی بھاری شیلنگ نہایت افسوسناک ہے، ناگورونو کاراباخ کی صورتحال سے خطے کے امن کونقصان پہنچ سکتا ہے۔

    ترجمان نے مطالبہ کیا کہ مزید کشیدگی سے بچنے کیلئے آرمینیا فوری طور پر فوجی کارروائی بند کرے، ناگورونو کاراباخ پر آذربائیجان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔

    یاد رہے پاکستان نے کو نگورنوکاراباخ میں کشیدگی پر تشویش  کا  اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نگورنو کاراباخ پر آذربائیجان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا  کہ پاکستان کو نگورنوکاراباخ ریجن میں سلامتی کی بگڑتی صورتحال پر تشویش ہے، پاکستان آرمینیا افواج کی آذربائیجان کی شہری آبادی پر شیلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

    خیال رہے کہ آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان 12 جولائی سے نگورنوکاراباخ میں کشیدگی جاری ہے اور مرنے والوں کی تعداد ایک سو تیس سے زائد ہوگئی  جبکہ  امریکہ، فرانس اورروس کا فوری جنگ بند کا مطالبہ کیا ہے تاہم آرمینیا اور آذربائیجان نے عالمی برادری کی جنگ بندی کی اپیل مسترد کردیں۔

اگر کورونا بڑھا تو صرف اسکول نہیں بہت کچھ بند کرنا پڑے گا: سعید غنی

کراچی(ویب ڈیسک): سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہےکہ صوبے میں اسکولز بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور  خدانخواستہ اگر کیسز بڑھے تو صرف اسکول ہی نہیں بہت ساری چیزیں بند کرنا پڑیں گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی پر شدید تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ کہ  ایم کیو ایم ایک فاشسٹ تنظیم ہے جو بھتہ خوری کرتی تھی اور  پی ٹی آئی بھی فاشسٹ ہے جو مخالفین کو برداشت نہیں کرتی، بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی نئی ایم کیو ایم ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کے ہر شخص کو اپنی بات کہنے کا حق ہے، ایم کیو ایم سے لاکھ اختلاف مگر بولنے کا حق نہیں چھینا جاسکتا ہے،  جتنا کورونا خطرناک ہے اس سے زیادہ ایم کیو ایم کی سیاست خطرناک ہے۔

بلدیہ کیس پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  بلدیہ ٹاؤن کیس میں اپیل کے حوالے سے مشاورت کررہے ہیں،  کچھ لوگوں کو اس کیس میں سزا نہیں دی گئی۔

’اسکولز بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا‘

وزیر تعلیم نے اسکولز کو بند کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسکولز بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، کابینہ کے اجلاس میں کورونا کیسز بڑھنے پر کچھ اراکین نے تشویش کا اظہار کیا تھا جس پر کابینہ نے کہا کہ ہم تمام اسکولوں میں ایس او پیز پر باریک بینی سے صورتحال مانیٹر کررہے ہیں، اگر محسوس ہوا کہ ایس او پیز پر عمل نہیں ہورہا تو اسکول بند کرنے پرغور کر سکتے ہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ خدانخواستہ اگر کیسز بڑھے تو صرف اسکول نہیں بہت ساری چیزیں بند کرنا پڑیں گی، اس لیے شہریوں سے گزارش ہے کہ اس نہج پر نہیں جانا تو ایس او پیز پر عمل کریں اور احتیاط کریں تاکہ کوروناکا پھیلاؤ روکا جاسکے۔

کے الیکٹرک کے سابق سی ای او تابش گوہر وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر

(ویب ڈیسک)کے الیکٹرک کے سابق چیف آپریٹنگ آفیسر (سی ای او) تابش گوہر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی مقرر ہو گئے۔

تابش گوہر کی بطور معاون خصوصی برائے توانائی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ تابش گوہر 7 سال تک کے الیکٹرک کے چیئرمین اور سی ای او رہے اور 2012 میں ان کی زیر نگرانی کے الیکٹرک 17 برسوں بعد پہلی بار منافع میں آئی۔

تابش گوہر اکتوبر 2015 میں بطور سی ای او، ڈائریکٹر اور چیئرمین کے الیکٹرک اپنی مدت پوری کر کے ریٹائر ہوئے۔

راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ لاہور کی ضروریات کو پورا کرے گا، وزیراعظم

(ویب ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ  راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ لاہور شہر کی بحالی اور  بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت  اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،  چیئر مین نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیفٹنٹ جنرل (ر) انور علی حیدر ، چیف سیکرٹری پنجاب، چیئرمین ایف بی آر ،  چیئرمین روڈا (راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی)، سرمایہ کاروں اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ معروف شخصیات  شریک ہوئے۔

اجلاس میں راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر عمل درآمد میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور پراجیکٹ کے مختلف مراحل اور ان کی مقرر کردہ ٹائم لائنز کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

سرمایہ کاروں اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ معروف شخصیات کی جانب سے منصوبے میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ  راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ منصوبہ لاہور شہر کی بحالی اور  بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرے گا۔پانی کی قلت کو دور کرنے اور لاہور سمیت صوبے بھر میں معاشی عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے یہ کلیدی منصوبہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ  منصوبے پر عمل درآمد سے لاہور شہر کی ضروریات پوری ہوں گی۔منصوبے کی بدولت نوکریوں اور معاشی سرگرمیوں کے  بے انتہا مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے پر مقررہ ٹائم لائنز میں عمل درآمد حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب   نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن اور حکومتی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے اعلیٰ سطح پر اس منصوبے میں ہونے والی پیش رفت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

عثمان بزدار  کاکہنا تھا کہ عمل درآمد کے حوالے سے طے شدہ اہداف کی مقررہ وقت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔

پاکستان، افغانستان دونوں تشدد میں کمی چاہتے ہیں، عبداللہ عبداللہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک): افغان امن عمل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان، طالبان کی جانب سے دوحہ میں ہونے والے بین الافغان مذاکرات میں لچک اور تشدد میں کمی کی ضرورت کے حوالے سے ‘ایک پیج’ پر ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا 3 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد کابل واپسی سے چند گھنٹے قبل ایک انٹرویو میں افغانستان میں قومی مفاہمت کی اعلی کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ ’شہری اور فوجی حکام کے ساتھ بات چیت اچھی رہی، ہم نے تشدد میں کمی کی ضرورت، جنگ بندی کی ضرورت، لچک کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت اور دیگر امور پر وسیع تبادلہ خیال کیا اور ہم ایک پیج پر ہیں‘۔

تاہم انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ’طالبان کو پہنچائے جانے والے پیغامات‘ میں ان مطالبات پر زور دیا جائے جو اس وقت دوحہ میں بین الافغان مذاکرات میں حصہ لے رہے ہیں۔

عبداللہ عبداللہ کا نیا منصب سنبھالنے کے بعد پاکستان کا پہلا دورہ تھا جس کا مقصد پاکستان کے تعاون کا حصول تھا جیسا کہ انہوں نے اسلام آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز میں اپنی تقریر کے دوران ‘عمل کو آئندہ مرحلے تک دیکھنے’ کو کہا تھا۔

جس کے لیے دونوں فریقین کی جانب سے پاک – افغانستان دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے امکانات کی تلاش پر یکساں زور دیا۔

اس دورے کے اختتام تک دونوں فریقین نے مشورہ دیا کہ دو طرفہ تعلقات میں صفحہ بدلنے کے لیے گراؤنڈ تیار کرلیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان کی اعلیٰ کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین ڈاکٹر عبداﷲ عبداﷲ سے ان کی ملاقات خوش گوار رہی ہے اور ہماری نہایت دلچسپ گفتگو کا خلاصہ یہ تھا کہ ماضی سیکھنے کے لیے تو ایک انمول استاد ہے مگر اس میں زندہ رہنا ممکن نہیں ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں مستقبل پر نگاہ رکھنا ہو گی‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے عبداﷲ عبداﷲ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ وہ اپنے مقصد میں کامیاب ہوں۔

عبداللہ عبداللہ نے عمران خان کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا اور ایک الگ ٹوئٹ میں پاکستانی رہنماؤں کا ’ان کی گرم جوشی سے استقبال کرنے، مہمان نوازی کرنے اور ایک نئی راہ‘ کا شکریہ ادا کیا۔

اپنے انٹرویو میں ، انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے ان کی اولین ترجیح ’شہریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ تحفظ‘ حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی جانب سے مذاکرات کرنے والے جانتے ہیں کہ ’لوگوں کے لیے یہ ترجیح ہے‘۔

12 ستمبر کو دوحہ میں بات چیت کے آغاز کے بعد سے تشدد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر اس کا الزام بھی عائد کیا جارہا ہے۔

تشدد میں اضافے سے ممکنہ طور پر مذاکرات کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پاکستان نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران متعدد مرتبہ تمام افغان فریقین سے تشدد کو کم کرنے کی اپیل کی ہے تاہم عبداللہ عبد اللہ کے دورے کے موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس معاملے پر زیادہ زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ’امن کے لیے بنیادی شرط‘ ہے۔

عبداللہ عبد اللہ نے اپنے انٹرویو میں تشدد میں فوری کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’امن عمل کے پس پشت اور اس کی حمایت میں اس رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے آگے بڑھنے کا یہی واحد راستہ ہے‘۔

امن عمل کے حکام مذاکرات سے امن کی فراہمی کے بارے میں پر امید ہیں تاہم یہ جس رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں اس پر وہ عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہیں۔

امریکی صدر اور ان کی اہلیہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے

واشنگٹن(ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر کے ذریعے کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔

ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کی اہلیہ میلانیا کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور وہ دونوں جلد ہی صحتیاب ہوں گے۔

ٹرمپ کی اہم مشیر بھی کورونا میں مبتلا

اس سے قبل گزشتہ روز ہی امریکی صدر کی اہم مشیر ہوپ ہکس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس پرٹرمپ اور ان کی اہلیہ نے خود کو قرنطینہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق 31 سالہ امریکی مشیر ہوپ ہکس کو ٹرمپ کے انتہائی قریبی مشیروں میں شمار کیا جاتا ہے اور وہ اکثر دوروں پر امریکی صدر کے ہمراہ ہوتی ہیں۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے قبل ہوم ہکس نے ٹرمپ کے ساتھ طیارے میں سفر کیا تھا اور ایک ٹی وی پر مباحثے میں بھی وہ ان کے ساتھ گئی تھیں۔

امریکی صدر ٹرمپ نے ہی ٹوئٹر کے ذریعے اپنی مشیر ہوپ ہکس کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ ہوپ بغیر کسی وقفے کے انتہائی محنت سے کام کررہی ہیں، ان کا کورونا ٹیسث مثبت آیا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہوپ کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے اور اہلیہ نے بھی اپنا ٹیسٹ کرایا ہے جس کے نتیجے کا انتظار ہے البتہ انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

اپوزیشن کی تحریک کے اعلان پر نیب کو مزید متحرک کردیاگیا ہے:بلاول بھٹوزرداری

(ویب ڈیسک)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے تعلقہ ہالا کے سابق ناظم مخدوم جلیل الزماں المعروف مخدوم حبیب اللّٰہ کی گرفتاری کی مذمت کی گئی ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نیب فوری طور پر مخدوم حبیب اللّٰہ کو رہا کرے۔

انہوں نے کہا کہ نہ الزام بتایا نہ ثبوت پیش کیا گیا اور مخدوم حبیب اللّٰہ کو گرفتار بھی کرلیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اعلان کے بعد عمران خان نے اپوزیشن سیاست دانوں کے خلاف نیب کو مزید متحرک کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں عمران خان کی فیس سیونگ نہیں کرسکتیں۔