قومی ویمن کرکٹر ندا ڈار دنیا کی 10 بہترین کھلاڑیوں میں شامل

پاکستان ویمن ٹیم کی کھلاڑی ندا ڈار آئی سی سی کی ٹاپ ٹین کھلاڑیوں کی رینکنگ میں شامل ہو گئیں۔

آئی سی سی کی جانب سے خواتین کھلاڑیوں کی جاری رینکنگ میں پاکستان کی ندا ڈار بھی دس بہترین کرکٹرز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔

خواتین کھلاڑیوں کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں آسٹریلیا کی صوفی ڈیوائن پہلے جب کہ انگلینڈ کی نتالی سیویر نے آسٹریلیا کی ایلس پیری دوسری پوزیشن چھین لی۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنینشل رینکنگ میں ندا ڈار 241 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر آ گئی ہیں۔

مسجد نبوی کو عوام کیلئے کھولنے کا اعلان

مسجد نبوی میں روضہ اطہر کو دو ہفتوں کے بعد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا ۔

مسجد نبوی   کی انتظامیہ  کے مطابق 17 اکتوبر کو زائرین روضہ اطہر میں نماز ادا کرسکیں گے۔ روضہ اطہر میں نماز کی ادائیگی اور زیارت کے لیے ’اعتمرنا‘ ایپ سے اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

مسجد نبوی  کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زائرین تمام حفاظتی تدابیر سمیت سماجی فاصلے اور ہدایات پر عمل کے پابند ہوں گے۔  روضہ اطہر میں گنجائش کے حساب سے 75 فیصد لوگوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزارت حج وعمرہ نے ’اعتمرنا‘ ایپ جاری کردی ہے جسے ڈاؤن لوڈ کرکے عمرہ یا روضہ اطہر میں نماز کے لیے اجازت نامہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: خبیر پختونخوا، سندھ کی شاندار فتح

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے تیسرے روز بھی دو میچز کھیلے گئے اور پہلے میچ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دی جبکہ دوسرے میچ میں شرجیل خان اور خرم منظور کی شان دار بیٹنگ کی بدولت سندھ نے سینٹرل پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ملتان میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

امام الحق ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور اویس ضیا نے جارحانہ انداز میں 16 گیندوں پر 24 رنز بنائے اور دونوں بلے باز 36 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

’ہم سوشل میڈیا ایوارڈز‘ ، احد رضا میر اور سجل علی کی جوڑی مقبول ترین قرار

پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’ہم‘ کی جانب سے منعقد کیے گئے ’ہم سوشل میڈیا ایوارڈز‘ میں اداکار احد رضا میر اور سجل کی جوڑی سب سے مقبول آن اور آف اسکرین جوڑی قرار پائی۔

ہم ٹی وی کی جانب سے گزشتہ روز ‘ ہم سوشل میڈیا ایوارڈز’ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے زیادہ پسند کیے جانے والے اور متحرک اسٹارز کو مختلف ایوارڈز سے نوازا گیا۔

تاہم عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے اس پہلے سوشل میڈیا ایوارڈز کو اسٹوڈیو تک محدود رکھا گیا تھا۔

نواز شریف کی سیاست کا محور صرف اپنی ذات ہے، شیخ رشید

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست کا محور صرف اپنی ذات ہے، نواز شریف نے پارٹی کی کمان سنبھال لی ہے اور انہیں خواجہ آصف یا دیگر سینئر رہنما نظر نہیں آتے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ نواز شریف نے اداروں کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے تاہم کوئی بھی مسلم لیگی فوج کے خلاف نہیں ہو سکتا۔ نواز شریف بتائیں مودی سے اکیلے میں کیا باتیں کیں ؟ مریم نواز کو خاتون ہونے کی وجہ سے استثنیٰ حاصل ہے تاہم وہ بتائیں ان کے والد بیمار تھے تو اسپتال کیوں نہیں گئے ؟

انہوں ںے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی والے استعفے نہیں دیں گے تاہم 4 ماہ اہم ہیں جھاڑو پھر جائے گا اور اگر نواز شریف واپس آئے تو وہ جیل جائیں گے۔

خواتین پر تشدد پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، وزیر خارجہ

اقوام متحدہ(ویب ڈیسک): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان خواتین پر تشدد کو روکنے کے لیے ’قانون سازی کے اقدامات‘ کر رہا ہے۔

کے مطابق خواتین سے متعلق عالمی کانفرنس کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق سے متعلق قومی ایکشن پلان میں اس کی اولین ترجیحی شعبوں میں سے ایک ’خواتین کا تحفظ‘ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’قانون سازی کے اقدامات کے ذریعے ہم خواتین کے خلاف تشدد، گھریلو زیادتی، ہراساں کرنا، سماجی اور املاکی حقوق کے تحفظ کے امور کو مستقل طور پر حل کر رہے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’خواتین کو مفت قانونی مشورے دینے کے لیے 24 گھنٹے ہیلپ لائن (1099) قائم کردی گئی ہے‘۔

یکم اکتوبر 2020 کو بیجنگ اعلامیہ اور پلیٹ فارم فار ایکشن کی 25 ویں برسی منائی گئی جسے 189 ممالک نے متفقہ طور پر منظور کیا تھا۔

اس اعلامیے میں خواتین کو با اختیار بنانے کا ایجنڈا پیش کیا گیا ہے اور یہ صنفی مساوات سے متعلق عالمی پالیسی کے بارے میں ایک اہم دستاویز سمجھا جاتا ہے۔

تاہم اقوام متحدہ کے 75 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گتیرس اور دیگر عالمی رہنماؤں نے اعتراف کیا تھا کہ ابھی تک یہ بااختیار نہیں ہوئی ہے۔

1995 میں جب بیجنگ میں اس اعلامیہ پر دستخط ہوئے تھے تو اس وقت 12 خواتین سربراہان مملکت/حکومت تھیں اور آج 193 ممالک میں صرف 22 ہیں۔

ورلڈ بینک کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خواتین کو زندگی بھر کی آمدنی میں برابری حاصل کرنے میں 150 سال لگ سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے ہر جگہ لوگوں کو خواتین کے لیے مساوات رکھنے والی قوتوں پر ’دباو ڈالنے‘ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بنیادی طور پر اختیارات کا سوال ہے۔

اقوام متحدہ کی خواتین کی انتظامیہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فومزیل میلمبو نے ورچوئل کانفرنس میں شامل رہنماؤں کو بتایا کہ ’ہمیں کام ابھی شروع کرنا ہوگا، ہمیں 1995 سے اب تک ہونے والے معمولی فوائد پر قبضہ کرنے اور تیز رفتاری سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں بڑے، جرات مندانہ اقدامات کی ضرورت ہے‘۔

جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ورچوئل میٹنگ میں بتایا کہ جن ریاستوں میں خواتین رہنما ہیں ’وہی ریاستیں کامیاب بھی ہیں، معاشی اور معاشرتی دونوں اعتبار سے‘۔

انہوں نے کہا کہ جن ریاستوں نے اپنے تنازعات کو پُر امن طریقے سے حل کیا ہے ان میں اکثر ایسی بھی ہیں جہاں ذمہ داری نبھانے والوں میں خواتین شامل ہیں۔

نیب کا سعد رفیق کیخلاف انکوائری بند کرنے کا فیصلہ

(ویب ڈیسک)نیب لاہورکی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے خلاف ریلوے اراضی سے متعلق انکوائری بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب نے سعد رفیق کے خلاف ریلوے اراضی لیز پر دینے کی انکوائری بند کرنے کی سفارشات حتمی منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو بھیج دیں گئیں۔

نیب کا کہناہے کہ سعد رفیق پر ریلوے کی زمین منظور نظرافراد کو سستے داموں لیز پر دینے کا الزام تھا اور شکایت کنندہ نے کہا تھا کہ خواجہ سعد رفیق نے لاہور والٹن روڈ اور یو ای ٹی پر اراضی 33 سال کے لیے لیز پر دلوائی۔ سعد رفیق نے ریڈمکو کے ذریعے یہ زمین من پسند کنٹریکٹرز کو فائدہ پہنچانے کے لیے دی۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے نے جس کمپنی کو زمین لیز پر دی تھی انہوں سے سب سے زیادہ بولی لگائی اور خواجہ سعد رفیق پر جو الزام لگایا گیا کہ من پسند افراد کو زمین ٹھیکے پر دی وہ ثابت نہیں ہوتا۔

ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق پر الزام تھا کہ 12 پلاٹس پاکستان کے مختلف ضلعوں میں آئل کی کمپنیوں کو دیئے گیے۔

نواز شریف چند پیسوں کے لیے غیر ملکی آلہ کار بن کر کام کرتے ہیں، شہباز گل

(ویب ڈیسک)وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ نواز شریف چند پیسوں کے لیے غیر ملکی آلہ کار بن کر کام کرتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تقریر نشر کرنے کے خلاف تھا، مجھے خدشہ تھا کہ وہ جو بات کریں گے اس سے پاکستان کو مستقبل میں نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو شک نہیں کہ بھارت فوج پر حملہ کرکے ففتھ جنریشن وار کے ذریعے پاکستان کو توڑنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں بھارت کے اسٹریٹجک ڈیفنس کے ماہر نے کہا تھا کہ پاکستان کی فوج کے خلاف بغاوت کرادو تو پاکستان ٹوٹ جائے گا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان کو توڑے بغیر چین نہیں آرہا، ڈھاکا میں نریندر مودی اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ 1971 میں بھارت نے کیسے پاکستان کو توڑا۔

انہوں نے کہا کہ مفرور نواز شریف کے ماضی کو دیکھیں تو ان کے بھائی نے حلف نامہ دیا تھا کہ 4 ہفتوں میں ان کا علاج ہوجائے گا۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ آج نواز شریف جماعت سازشی جماعت بن گئی ہے جس میں بہت سارے لوگ ایسے ہیں جو چھوٹے موٹے چور ہیں تاہم وہ پاکستان مخالف، اپنی فوج کے خلاف بیانیے میں نہیں پڑنا چاہتے۔

ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ نواز شریف کو ہمیشہ فوج سے مسئلہ کیوں رہتا ہے، یہ پورا کنٹرول حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے بیوروکریسی، نیب اور عدلیہ میں اپنا اثرو رسوخ استعمال کرنے کی کوشش کی ہے تاہم ایک ادارہ ہے جو ان سے پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کاروبار کرنے پر سوال اٹھاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘نواز شریف پاکستان دشمن نہیں تاہم یہ ایک مکار کاروباری شخص ہے جو چند پیسوں کے لیے ان کی زمین میں چلا جاتا ہے اور پھر ان کا پرزہ بن کر کام کرتے ہیں’۔

کورونا میں مبتلا امریکی صدر ٹرمپ اسپتال منتقل

واشنگٹن(ویب ڈیسک): کورونا وائرس میں مبتلا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کوسانس لینے میں دشواری کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا اور  اسپتال منتقلی کے وقت وہ چہرے پر بڑا سا کالاماسک لگا کر خود چلتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوئے۔

وائٹ ہاوس کے مطابق صدر میں کورونا کی درمیانے درجے کی علامات ظاہر ہوئی ہیں، انہیں بخار ہے اور سینے میں درد اور کھانسی ہے۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہےکہ صدر ٹرمپ کی انتخابی مہم کے تمام ایونٹ عارضی طورپر ملتوی یا ورچوئل کردیے گئے ہیں جب کہ خاتون اول کے ایونٹس بھی ملتوی کردیے گئے ہیں، صدر کو آئندہ چند روز ملٹری اسپتال میں ہی رہنا پڑے گا جہاں سے وہ صدارتی امور بھی انجام دیتے رہیں گے۔

امریککی صدر کے معالج کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو سینتھیٹک اینٹی باڈیز دی گئی ہیں، پولی کلونل اینٹی باڈی کاکٹیل کی 8 گرام ڈوز دی گئی ہے، صدر ٹرمپ تھکاوٹ کا شکار ہیں تاہم اینٹی باڈیز دیے جانے کے موقع پر انہوں نے تامل نہیں کیا، انہیں وٹامن ڈی،ایسپرین، فیموٹائی ڈینfamotidine اور میلاٹونین melatonin بھی دی جارہی ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ڈاکٹر کا کہنا ہےکہ صدر ٹرمپ کو آکسیجن کی ضرورت نہیں ہے جب کہ  چیف آف اسٹاف مارک میڈوز نے توقع ظاہر کی کہ صدر ٹرمپ جلد مکمل صحت یاب ہوجائیں گے۔

ٹرمپ کا ویڈیو بیان

اسپتال منتقلی سے قبل امریکی صدر نے ٹوئٹر کے ذریعے ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے اور خاتون اول کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ بہتر محسوس کررہے ہیں تاہم مزید بہتری کے لیے وہ اسپتال منتقل ہورہے ہیں۔

امریکی صدر کا پی سی آرٹیسٹ جمعہ کو مثبت آیا تھا، ٹرمپ کی عمر 74 برس ہے۔

امریکا کے بعض اعلیٰ ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ عمر اور وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے ڈونلڈ ٹرمپ زیادہ سنگین نوعیت کی کووڈ 19 بیماری کا شکار ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی سینیٹر مائیک لی بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

کسی ادارے سے کوئی جھگڑا نہیں، موجودہ حکومت کے سامنے نہیں جھکیں گے: رانا ثنااللہ

(ویب ڈیسک)مسلم لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے ہمارا کسی ادارے سے کوئی جھگڑا نہیں ہے لیکن ہم موجودہ کٹھ پتلی حکومت کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

انسداد منشیات عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مجھ پر 15 کلو ہپیروئن کا جعلی کیس بنایا ہوا ہے، کہا جا رہا ہے کہ اثاثے غیر قانونی طور پر بنائے حالانکہ میرے میرے تمام اکاؤنٹس منجمد ہیں، بطور ایم این اے کا میرا اکاؤنٹ بھی فریز ہے، فیملی کے اکاؤنٹس بھی ڈیڑھ سال سے منجمد ہیں، ظلم و زیادتی اور نا انصافی 15ماہ سے جاری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو کیا ایکسپوز کرنا ہے، اب حکومت خود ایکسپوز ہو گئی ہے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ ہم ظالم حکومت کے سامنے کھڑے ہیں جھکنے والے نہیں، پی ڈی ایم نے تہیہ کر لیا ہے کہ منہگائی کے خلاف کھڑے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا کسی ادارے سے کوئی جھگڑا نہیں، سیاستدان اور اپوزیشن سمیت سب لوگ محب وطن ہیں لیکن موجودہ حکومت کٹھ پتلی ہے، کبھی مضبوط نہیں ہو سکتی۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے 23 اکاؤنٹ سامنے لائے اور آڈٹ کرائے سب پتہ چل جائے گا۔

رہنما ن لیگ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ چینی اسکینڈل میں 150 ارب روپے کی ڈکیتی کرنے والا لندن جا کر بیٹھا ہوا ہے جب کہ ظفر مرزا دواؤں میں اربوں روپے کما کر بیرون ملک چلے گئے لیکن وزیراعظم کو اربوں روپے کی کرپشن نظر نہیں آتی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مصالحت کی پالیسی کا یہ مطلب نہیں کہ ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر سمجھوتہ کریں، ملک میں آزاد اور شفاف احتساب ہونا چاہیے۔

رانا ثناء اللہ نے مطالبہ کیا کہ عمران خان وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑ دیں اور آزاد شفاف الیکشن میں حصہ لیں۔

تمام سٹیک ہولڈرز مل بیٹھ کر فیصلہ کریں کے ملک کیسے چلانا ہے ،جو نہ بیٹھے وہ بھارتی ایجنٹ:شاہد خاقان عباسی

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چینل 5 کے تجزیوں اور تبصروں پر مشتمل پروگرام “ضیا شاہد کے ساتھ” میں کہا ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز مل بیٹھ کر فیصلہ کریں کے ملک کیسے چلانا ہے ،جو نہ بیٹھے وہ بھارتی ایجنٹ , گالیاں دینے والے معزز بنے بیٹھے ہیں ہم بے عزتی کروانے پارلیمنٹ نہیں جاتے جو ممجھے چور کہے گا میں اس کے باپ دادا کو چور کہوں گا۔  ہم نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نکالا گیا  آٹا اور چینی عوام کی پہنچ میں نہیں رہے، چینی 71 سال میں 53 روپے اور صرف 2 سال 47 روپے مہنگی ہوکر 100 روپے کلو ہوگئی ہے۔ عوامی مسئلہ اسمبلی میں پیش کرو تو گالیاں دی جاتی ہیں۔

راولپنڈی کے علاقے کلر سیداں میں کارکنان سے خطاب میں شاہد عباسی نے استفسار کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ان 2 سالوں میں ایک بھی مثبت کام کیا ہے؟ مجھے بتائیں۔

انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان جانتا ہے کہ 2018ء کے الیکشن میں فتح کس کی ہوئی اور فاتح کون قرار پایا، ہم پر زور تھا کہ اسمبلیوں میں نہ جائیں مگر ہم نے ایسا نہیں کیا۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ معیشت کمزور ہوگی تو دفاع بھی کمزور ہوگا، وزیراعظم کو دل کشادہ کرنا پڑتا ہے اور مسائل سن کر ان کا حل نکالنا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2 سال ہوگئے ہیں، اس دوران اسمبلی چل رہی ہے اور نہ ہی حکومت پرفارم کر رہی ہے، جو بے توقیری اس دور میں اسمبلی ممبران کی ہو رہی ہے، تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی۔

شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ جب بھی ہم کوئی عوامی مسئلہ اسمبلی میں پیش کرتے ہیں تو دوسری طرف سے گالیاں دی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو کام بھارت 71 برس میں نہیں کرسکا، وہ عمران خان کے دور حکومت میں کردیا اور ہم دیکھتے رہے، اس اقدام کے بعد ہمیں بھارت کے ساتھ بارڈر بند کر دینا چاہیے تھا۔

فوج کے دشمن ملک کے دشمن،نواز کے بچے لندن آرام کرے ،عوام سڑکوں پر آئیں یہ کیسا انقلاب ہے:عمران خان

(ویب ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف جو گیم کھیل رہے ہیں وہ بہت خطرناک ہے، یہی کام الطاف حسین نے کیا تھا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں واضح طور پر کہتا ہوں کہ ان کے پیچھے 100 فیصد انڈیا ہے کیونکہ پاکستان کی فوج کمزور کرنے میں ہمارے دشمنوں کی دلچسپی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا ’میں ان سے کہتا ہوں کہ خدا کے واسطے اپنی آنکھیں کھولیں اور لیبیا، عراق، شام، افغانستان، یمن اور پوری مسلم دنیا میں لگی آگ دیکھیں اور اگر آج ہماری پاکستانی فوج نہ ہوتی تو ملک کے تین ٹکڑے ہو جاتے۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ ’انڈیا کے تھنک ٹینک باقاعدہ طور پر کہتے ہیں کہ پاکستان کو توڑنا ہے اور ہم اسی فوج کی وجہ سے بچے ہوئے ہیں۔‘

’جنرل باجوہ نے پوچھ کر ملاقات کی تھی‘

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات پر بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’جنرل باجوہ نے مجھ سے پوچھ کر ملاقات کی تھی۔‘

عمران خان کا کہنا تھا ’گلگت بلتستان کے لوگ چاہتے ہیں کہ ہمارے حقوق ہوں اور ایک کشمکش میں ہیں، انڈیا اس کا استعمال کر رہا تھا اس لیے جنرل باجوہ نے سکیورٹی کے مسئلے سے آگاہ کیا جو ہمارا دشمن آگے جا کر مسئلہ اٹھا رہا ہے۔’

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ’انڈیا نے ملک میں شیعہ سنی انتشار کا منصوبہ بنایا تھا لیکن ہماری ایجنسیوں نے ناکام بنایا اور اسلام آباد میں لوگوں کو پکڑا، بی جے پی کی موجودہ حکومت جیسی انڈیا میں پاکستان مخالف کوئی حکومت نہیں آئی۔‘

’مجھے اپوزیشن کی کوئی فکر نہیں‘

اپوزیشن کے کردار پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ’یہ جو مرضی چاہے کر لیں، مجھے ان کی کوئی فکر نہیں، باہر بیٹھ کر فوج اور عدلیہ کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ دباؤ بڑھا کر کسی نہ کسی طرح بیٹھ کر مشرف کی طرح این آر او مل جائے۔‘

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کی جانب سے کیے گئے استعفے کے مطالبے پر ان کا کہنا تھا کہ ’وزیر اعظم استعفیٰ دے گا تو ان کی چوری بچ جائے گا اور باقیوں سے یہ ڈیل کریں گے جو نہیں ہو گا، ان کے پاس پرامن احتجاج کا حق ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کا 4 اکتوبر کو کراچی میں ریلی کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر برائے تعلیم سعید غنی نے پارٹی کی جانب سے 4 اکتوبر کو کراچی میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر سعید غنی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے لسانیت کی سیاست ختم ہوگئی تھی لیکن اب دوبارہ کچھ سازشی عناصر اس کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں اور ہماری ان سازشو ں کے خلاف ریلی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ایف بی ایر یا میں جلسہ کیا تھا، جس کے بعد ایم کیو ایم نے یہ تاثر دیا تھا کہ یہ ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے 4 اکتوبر کو منعقد کی جانے والی اس ریلی کو کراچی یکجہتی ریلی کا نام دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم کے اس بیانئے کی مذمت کرتے ہیں، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اندرون سندھ سے لوگ جیت کر کراچی پر حکمرانی کرتے ہیں، ہمارے نااہل وزیراعظم صوبہ سندھ میں لسانیت کی سیاست کو پروان چڑھا رہے ہیں جبکہ صوبہ سندھ کے لوگوں میں تقسیم اور نفرت پیدا کی جارہی ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ سانحہ بلدیہ میں نظر ثانی کی درخواست کا سوچ رہے ہیں، جماعت اسلامی سے کچھ چیزوں پر بات چیت ہو سکتی ہے اور اگر فیر اینڈ فیری الیکشن ہوئے تو اس بار میئر کراچی پیپلزپارٹی کا ہوگا۔