کڑوے کریلوں کے یہ جادوئی اثرات جانتے ہیں؟

لاہور (ویب ڈیسک) کریلا ایک ایسی سبزی ہے جو بہت کم افراد کو ہی پسند ہوتی ہے تاہم مختلف طریقوں سے اسے پکا کر کڑواہٹ کو کم کرکے اسے مزیدار بنایا جاسکتا ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس کا تلخ ذائقہ آپ کو کس جان لیوا بیماری سے تحفظ دے سکتا ہے؟

ویسے اسے دیکھ کر جو سب سے پہلا خیال ذہن میں آتا ہے وہ کڑواہٹ کا ہی ہوتا ہے مگر اس کے فوائد بھی بہت زیادہ ہیں۔۔

یہ سبزی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہوتی ہے جس کے فوائد درج ذیل ہیں۔

نظام تنفس کے مسائل کم کرے
کریلے نظام تنفس کے امراض جیسے دمہ، کھانسی اور دیگر کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں، اس کے علاوہ کریلے کے پتوں کو تلسی کے پتوں کے ساتھ مکس کرکے پیسٹ بنالیں اور شہد کے ساتھ نہار منہ کھائیں تو وہ بھی ایک اچھا ٹوٹکا ثابت ہوتا ہے۔

جگر کی صفائی
جگر کے مسائل سے بچنے کے لیے روزانہ ایک گلاس کریلے کے جوس کا پینا عادت بنانا مفید ثابت ہوتا ہے اور صرف ایک ہفتے کے استعمال میں ہی فرق نظر آنے لگتا ہے۔

کیل مہاسوں کے خلاف مفید
کریلے کھانے کی عادت کیل مہاسوں اور جلد کے انفیکشن سے نجات میں مددگار ثابت ہوتی ہے، یہ سبزی جسم میں گردش کرنے والے مضر فری ریڈیکلز کو خارج کرتی ہے جبکہ عمر بڑھنے سے جلد پر مرتب ہونے والے اثرات کی رفتار بھی سست کرتی ہے۔ لیموں کے عرق کے ساتھ کریلے کو جوس کو مکس کرکے خالی پیٹ روزانہ پینا اس حوالے سے فائدہ مند ہے۔

ذیابیطس سے تحفظ
کریلا کھانے سے جسم کے اندر ایک کیمیائی ردعمل پیدا ہوتا ہے جو بلڈ گلوکوز کی سطح کم کرنے کے ساتھ انسولین کی سطح کو کنٹرول میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اسی طرح کریلے میں موجود اجزائ لبلبے کے خلیات کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے بھی مفید ہے جو انسولین پیدا کرتے ہیں۔ کریلے کا جوس پینا بھی ذیابیطس ٹائپ ٹو کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

قبض سے نجات
کریلے آسانی سے ہضم ہوجاتے ہیں جبکہ ان میں موجود فائبر قبض کو دور کرنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ بدہضمی کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔

امراض قلب کو دور رکھے
کریلے دل کے لیے کئی طرح سے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں، یہ نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ شریانوں میں خون کی رکاوٹ کا خطرہ کم کرتے ہیں، جس سے ہارٹ اٹیک کا امکان کم ہوتا ہے، یہ بلڈ شوگر لیول کو بھی کم کرتے ہیں جس سے بھی دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

جسمانی وزن میں کمی
کریلے اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور سبزی ہے جو کہ میٹابولزم اور نظام ہاضمہ کو بہتر کرتی ہے جس سے جسمانی وزن میں جلد کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

جسمانی توانائی بڑھائے
کریلے کا جوس اکثر پینا جسمانی اسٹینما بہتر کرتا ہے جبکہ جسمانی توانائی کو بھی بڑھاتا ہے اور ہاں اس کا استعمال نیند کا معیار بھی بہتر کرتا ہے۔

خون کی صفائی
جراثیم کش اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے طھرپور ہونے کی وجہ سے کریلے کا جوس خون کی صفائی میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے اور جسم سے زہریلے مواد کا اخراج کرکے خون کی گردش کو بہتر کرتا ہے۔

آف شور کمپنی کے ایک اکاﺅنٹ سے 10 ملین روپے برآمد ہوئے: شہزاد اکبر

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم کے معاون خصوسی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے آف شور کمپنی کے ایک اکاﺅنٹ سے 10.7 ملین روپے برآمد کیے ہیں، نیب کی کار کر دگی بہتر بنانے کےلئے قوانین میں مزید بہتر لانا چاہتے ہیں ، کرپٹ عناصر کا بلا تفریق احتساب یقینی بنایا جائے گا ۔ ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ حکومت قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کےلئے اس کے قوانین میں ترمیم لانا چاہتی ہے تاہم حزب اختلاف اپنے اوپر دائر مقدمات پر ریلیف کے لیے نیب قوانین میں ترمیم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کا بلاتفریق احتساب یقینی بنایا جائے گا کیونکہ ملکی عوام نے اسی مقصد کے حصول کے لیے وزیراعظم عمران خان کو مینڈیٹ دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت کسی کو بھی نیب کے ساتھ پلی بارگین کرنے کی پیشکش نہیں کرتی تاہم عدالت کے سامنے یہ معاملہ پیش کرنے کے بعد یہ آپشن بھی ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے شہباز شریف کا نام لئے بغیر کہا کہ حکومت نے سزا یافتہ افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالے جانے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کو عدالت سے مفرور قرار دیا جا چکا ہے اور وہ ابھی تک ملک واپس نہیں آ رہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ضمانت کے بعد ابھی تک وہ کسی بھی ہسپتال میں داخل نہیں ہوئے اور عدالت نے صرف 6 ہفتوں تک انہیں ضمانت دی ہے۔آف شور کمپنیوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ حکومت نے آف شور کمپنی کے ایک اکاﺅنٹ سے 10.7 ملین روپے برآمد کیے ہیں۔

بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ٹوٹکا

لاہور( ویب ڈیسک ) ذیابیطس دنیا میں تیزی سے عام ہوتا ہوا ایسا مرض ہے جسے خاموش قاتل کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ یہ ایک بیماری کئی امراض کا باعث بن سکتی ہے اور حیرت انگیز طور پر ذیابیطس ٹائپ ٹو کے شکار 25 فیصد افراد کو اکثر اس کا شکار ہونے کا علم ہی نہیں ہوتا۔مگر اچھی بات یہ ہے کہ آپ اس مرض سے خود کو بچانے کے لیے کچن میں موجود ایک عام چیز سے مدد لے سکتے ہیں۔اور وہ چیز ہے میتھی دانہ ، جو لگ بھگ ہر گھر میں موجود ہوتا ہے۔میتھی دانہ صحت کے لیے متعدد فوائد کا حامل ہوتا ہے اور اس سے تیار کردہ پانی بلڈ شوگر لیول کو مستحکم رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔مختلف طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق میتھی دانے میں حل ہونے والے فائبر کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو کہ خوراک ہضم ہونے اور کاربوہائیڈریٹس کے جذب ہونے کے عمل کو سست کرکے بلڈ شوگر لیول کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ یہ دانے ذیابیطس ٹائپ ون اور ٹائپ ٹو کے شکار افراد میں بلڈگلوکوز لیول کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ گلوکوز کی برداشت کو بہتر بناتے ہیں، یعنی ان دانوں سے ذیابیطس کے مریض کافی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ان دانوں کے استعمال کا ایک مخصوص طریقہ بلڈشوگر کو بڑحنے سے روکنے کے ساتھ ساتھ انسولین کی سرگرمی بہتر بناتا ہے۔

میتھی دانہ جسم کو شکر اس طریقے سے استعمال کرنے میں بھی مدد دیتا ہے جیسا اسے استعمال کرنا چاہئے۔

سی پیک منصوبہ کے آڈٹ کیلئے نیا شعبہ قائم کرنیکا فیصلہ

لاہور (اےن اےن آئی) پاکستان میں سرکاری اداروں کے احتساب میں آڈٹ رپورٹوں کے ذریعے اہم ترین کردار ادا کرنیوالے اہم ترین محکمے آڈیٹر جنرل آف پاکستان میں بھی اصلاحات کو تیز کردیا گیا ہے جن کے تحت آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اربوں ڈالروں سے بنائے جارہے چین،پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں کے آڈٹ کے لئے محکمے میں ڈائریکٹوریٹ جنرل سی پیک کے نام سے نیا شعبہ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ جاری اصلاحات کے تحت محکمے میں 3 نئے شعبے قائم کردئیے گئے ہیں۔ ان شعبوں میں ڈائریکٹوریٹ جنرل ماحولیات آڈٹ، ڈائریکٹوریٹ جنرل سوشل سیفٹی نیٹ آڈٹ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل انفارمیشن سسٹم آڈٹ شام ہیں۔یہ انکشاف گزشتہ روز لاہور میں آڈیٹر جنرل پاکستان جاوید جہانگیر نے آڈٹ اینڈ اکانٹس اکیڈمی میں 45ویں سپشلائزڈ پروگرام کے شرکا کی پاسنگ آٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ آڈیٹر جنرل کے افسروں اور سٹاف کو حکومت کے بدلتے ہوئے ڈھانچے سے ہم آہنگ ہوکر چلنا پڑے گا تب ہی وہ ملک سے کرپشن کےخاتمے کے لئے محکمے سے وابستہ توقعات پر پورا اتر سکیں گے۔جاوید جہانگیرنے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور ان کے ادارے بڑی تعداد میں ترقیاتی منصوبوں ،اخراجات اور وصولیوں کے سپیشل آڈٹ کا تقاضہ کررہی ہیں جس کے لئے ہمیں فرانزک آڈٹ،انفارمیشن ٹیکنالوجی آڈٹ اور ماحولیاتی آڈٹ کے شعبوں میں مہارت کو بڑھانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کئی افسروں نے ان شعبوں میں اہم رپورٹیں تیار کرکے اس شعبے میں آگے بڑھنےکےعزم کی بنیاد رکھ دی ہے۔انہوں نے نوجوان افسروں کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہیں، جس کے تحت ان کو مالی احتساب اور گڈ گورنس کے مسائل سے نکالنے کے لئے پاکستان کے محکموں کی قیادت کرنا ہے۔اس لئے نوجوان افسر خود کو جدید ٹریننگ،علم اور مہارت سے لیس کرنے کی ٹھان لیں۔آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے آڈٹ افسروں کی جدید خطوط پر تریبیت میں آڈٹ اینڈ اکانتس اکیڈمی کے کردار کو بھی سراہا۔ تقریب میں اکیڈمی کےریکٹر فرید محمود چودھری کے علاوہ محکمے کے اعلی افسروں ،نئے افسروں کے والدین اور دیگر شرکا نے بھی شرکت کی۔

111 سالہ 2 افراد کی لمبی زندگی کا راز دنگ کردے گا

لاہور (ویب ڈیسک ) بوب ویٹین اور الفریڈ اسمتھ برطانیہ کے معمر ترین شہری ہیں جو ایک ہی دن 111 سال کے ہوگئے۔حیران کن بات یہ ہے کہ دونوں جڑواں بھائی نہیں یا ان کا آپس میں کوئی تعلق نہیں مگر دونوں میں ایک چیز مشترک ہے اور وہ ہے ان کی تاریخ پیدائش 29 مارچ 1908۔

اور جب کسی کی عمر اتنی زیادہ ہو تو اس سے ایک سوال ضرور پوچھا جاتا ہے کہ طویل العمری کا راز کیا ہے۔

اور جب ان دونوں سے یہ پوچھا گیا تو ان کا جواب کسی مخصوص سپرفوڈ یا جسمانی سرگرمی نہیں تھا، درحقیت دونوں کو ہی کوئی اندازہ نہیں کہ ان کی عمر اتنی زیادہ کیسے ہوگئی۔

بوب ویٹین سے جب یہ سوال پوچھا گیا تو ان کا جواب تھا کہ وہ تو اس لیے 111 سال کے ہوگئے کیونکہ وہ ‘خود کو مرنے سے بچاتے’ رہے۔

اس کے مقابلے میں الفریڈ اسمتھ نے یہ کریڈٹ جو کے دلیے کو دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ دلیہ بہت مددگار ثابت ہوا اور اسے کھا کر آپ خود بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔

تاہم الفریڈ اسمتھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ دیگر افراد کی طرح وہ خود بھی حیران ہیں کہ آخر ان کی زندگی اتنی لمبی کیسے ہوگئی۔

انہوں نے کہا ‘میرے خیال میں میں نے اچھی زندگی گزاری، میں خود سے پوچھتا ہوں کہ آخر مجھے اتنی لمبی عمر کیوں ملی؟ آخر میں نے اتنی لمبی زندگی کیسے پائی جو دوسروں کو نہیں ملتی؟’

الفریڈ اسمتھ کا تعلق اسکاٹ لینڈ جبکہ بوب ویٹین برطانیہ سے تعلق رکھتے ہیں اور دونوں کی کبھی ملاقات تو نہیں ہوئی مگر اب ایک دوسرے کو جڑواں بھائی تصور کرتے ہیں۔

دونوں کئی برسوں سے ایک دوسرے کو برتھ ڈے کارڈ بھی بھیج رہے ہیں مگر بوب ویٹین برطانوی ملکہ کے کارڈز لینے سے گریز کرتے ہیں۔

یہ ایک برطانوی روایت ہے کہ جب کوئی شخص 100 سال کا ہوجاتا ہے تو اسے ہر سال سالگرہ پر ملکہ کی جانب سے برتھ کارڈ بھیجا جاتا ہے۔

ویسے یہ دونوں برطانیہ کے معمر ترین افراد ضرور ہیں مگر دنیا کے نہیں، یہ اعزاز اس وقت 112 سالہ گریس جونز کے پاس ہے جو اس وقت دنیا کی معمر ترین شخصیت ہیں۔

بھارتی فضائیہ کا ایک اور طیارہ گرکر تباہ‘ پائلٹ بچ گیا

نئی دہلی (اے این این ) بھارتی فضائیہ کا مگ 27 طیارہ راجستھان کے علاقے سروہی میں گر کر تباہ ہوگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ایئر فورس کا ایک پائلٹ والا طیارہ مگ 27 یو پی جی نے راجستھان کے شہر جودھ پور میں واقع ایئر بیس سے معمول کے مطابق اڑان بھری اور کچھ ہی دیربعد طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔اس حوالے سے آفیشلز کا کہنا ہے کہ اترلائی ایئر فورس کے اڈے سے اڑنے والے طیارے مِگ 27 یو پی جی ایئر کرافٹ کے انجن میں فنی خرابی ہو گئی تھی جس کی وجہ سے وہ تباہ ہو گیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق طیارہ گرنے کے نتیجے میں زمین پر کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ زمین بوس ہونے سے قبل پائلٹ اس میں سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔واضح رہے کہ گزشتہ 2 ماہ کے دوران بھارتی فضائیہ کے 4 طیارے حادثات کی نذر ہوچکے ہیں، چند ہفتے قبل راجستھان میں ہی بھارتی فضائیہ کا مگ 21 گر کر تباہ ہوا تھا۔اس سے علاوہ فروری میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاک فضائیہ نے بھی بھارت کے 2 طیاروں کو مار گرایا تھا۔یہ رواں ماہ تباہ ہونے والا بھارتی فضائیہ کا دوسرا طیارہ ہےجہاں اس سے قبل 8مارچ کو راجستھان میں معمول کی پرواز کے دوران مگ 21 تباہ ہو گیا تھا جس سے اڑان بھرنے کے بعد پرندہ ٹکرا گیا تھا۔

بھکر میں پیش آنے والے حادثے میں انسا نی زندگیوں کا ضیاع نہایت افسوسناک ہے: وزیراعظم

اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھکر میں پیش آنے والے حادثے میں نوجوان زندگیوں کا ضیاع نہایت صدمہ انگیز ہے ۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سکول سے واپسی کے دوران 6 بچیاں اور انکا رکشہ ڈرائیور حادثے کی نذر ہوگئے۔ انہوںنے کہاکہ میری تمام دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

توہین آمیز اور جھوٹی خبریں روکنے کیلئے موجود قانون موثر بنایا جائے : فواد چودھری کا سپریم کورٹ کو خط

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بدنیتی پر مبنی الزامات اور جھوٹی خبروں کی روک تھام کیلئے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا،فواد چوہدری کا خط میں کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ہتک عزت اور توہین آمیز تحریرکی اشاعت کیخلاف موجودہ قوانین کا نفاذ اس طرح موثر نہیں جیسے ہونا چاہیے،جن اضلاع میں 50 لاکھ یا زائد آبادی ہو وہاں پر4 ججز، 25 لاکھ یا زائد آبادی پر 2 ججز، 25لاکھ سے کم آبادی کے اضلاع میں ایک جج تعینات کرنے کی تجویز کرنا چاہتا ہوں،ثبوت کی فراہمی،شہادت دینے اور درخواست دائر کرنے کے عمل کو آسان اور سادہ بنانے کی بھی درخواست ہے،یہ اقدام بدنیتی پر مبنی الزامات اور جعلی خبروں کو روکنے کا موثر ذریعہ ثابت ہوگا۔اتوار کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو خط لکھا جس میں وزیر نے لکھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی توجہ انتہائی عوامی اہمیت کے حامل معاملے پر مبذول کرانے کیلئے لکھ رہا ہوں،درخواست ہے کہ جوڈیشل کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اس پر غور کیا جائے،جیسا کہ آپ کو علم ہے کہ گزشتہ چند سالوں سے پاکستان میں پرنٹ، الیکٹرونک اور ڈیجیٹل میڈیا کے سائز میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔وزیر اطلاعات نے خط میں مزید کہا کہ میڈیا نے معاشرے میں گہری رسائی حاصل کی اور تمام طبقات پر اثر انداز ہوا،بدقسمتی سے ہتک عزت اور توہین آمیز تحریرکی اشاعت کے خلاف موجودہ قوانین کا نفاذ اس طرح موثر نہیں جیسے ہونا چاہیے،اس سے انصاف کے حصول اور مجرموں کا احتساب کرنے کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے،لہذا، ہر شہر اور ضلع میں ججوں کو تعینات کرنے کی تجویز ہے۔وزیر اطلاعات نے اپنے خط میں تجویز دی کہ جن اضلاع میں 50 لاکھ یا زائد آبادی ہو وہاں پر4 ججز، 25 لاکھ یا زائد آبادی پر 2 ججز، جبکہ 25لاکھ سے کم آبادی کے اضلاع میں ایک جج تعینات کرنے کی تجویز کرنا چاہتا ہوں۔ثبوت کی فراہمی،شہادت دینے اور درخواست دائر کرنے کے عمل کو آسان اور سادہ بنانے کی بھی درخواست ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس ضمن میں مناسب ترامیم کے ذریعے الیکٹرانک اور جدید ذرائع سے درخواست دائر کرنےکی اجازت دی جائے،ویڈیو کے ذریعے شہادت ریکارڈ کرانے کے عمل(جس کی اجازت قانون میں پہلے سے ہی موجود ہے) کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی درخواست ہے،تمام متعلقہ ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کو درخواست کی جائے کہ وہ اپنے دائرہ کار کے تحت اس کے نفاذ کو یقینی بنائیں،یہ اقدام بدنیتی پر مبنی الزامات اور جعلی خبروں کو روکنے کا موثر ذریعہ ثابت ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ثبوت کی فراہمی،شہادت دینے اور درخواست دائر کرنے کے عمل کو آسان اور سادہ بنانے کی بھی درخواست ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ اس ضمن میں مناسب ترامیم کے ذریعے الیکٹرانک اور جدید ذرائع سے درخواست دائر کرنے کی اجازت دی جائے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ویڈیو کے ذریعے شہادت ریکارڈ کرانے کے عمل(جس کی اجازت قانون میں پہلے سے ہی موجود ہے) کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی درخواست ہے۔انہوںنے کہاکہ تمام متعلقہ ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کو درخواست کی جائے کہ وہ اپنے دائرہ کار کے تحت اس کے نفاذ کو یقینی بنائیں۔انہوںنے کہاکہ یہ اقدام بدنیتی پر مبنی الزامات اور جعلی خبروں کو روکنے کا موثر ذریعہ ثابت ہوگا۔اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اداروں کی تباہی میں خورشید شاہ کا سب سے بڑا حصہ ہے۔اپنی ٹوئٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ خورشید شاہ اپنے اعمال کو سامنے رکھتے ہوئے بے نظیراور ذوالفقار بھٹو کے ناموں کو بیچنا بند کریں، اداروں کی تباہی میں سب سے بڑا حصہ خورشید شاہ کا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اداروں کی تباہی میں سب سے بڑا حصہ خورشید شاہ کا ہے، انھوں نے میرٹ کے برعکس سیاسی بھرتیوں کا انبار لگایا۔ ان کو چاہیے کہ بے نظیر اور بھٹو کو بیچنا بند کر دیں۔سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ خورشید شاہ اس کمیٹی کے سربراہ تھے جنہوں نے اداروں میں میرٹ کے برعکس سیاسی بھرتیوں کا انبار لگایا، جو دیمک اداروں کو لگی اس کا سب سے بڑا کیڑا خورشید شاہ ہیں۔ خورشیدشاہ اپنے کرتوتوں کو سامنے رکھتے ہوئے بے نظیراور بھٹو کو بیچنا بند کریں، اداروں کی تباھی میں سب سے بڑا حصہ خورشید شاہ کا ہے۔ یہ اس کمیٹی کے سربراہ تھےجنہوں نے اداروں میں میرٹ کے برعکس اور سیاسی بھرتیوں کا انبار لگا دیا جو دیمک اداروں کو لگی اس کا سب سے بڑا کیڑا خورشیدشاہ ہیںوزیر اطلاعات نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ “خورشید شاہ اپنے کرتوتوں کو سامنے رکھتے ہوئے بے نظیر اور بھٹو کو بیچنا بند کریں”

تھیٹر نئے ٹیلنٹ کی تلاش کا بہترین راستہ ہے :شفقت چیمہ

لاہور (شوبزڈیسک) پاکستان کے لیچنڈ ولن اداکار شفقت چیمہ نے کہا ہے کہ اصلاحی ڈامے سے معاشرے کے مسائل اجاگر کرنے میں مدد ملتی ہے‘ تھیٹر نئے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کا بہترین راستہ ہے۔ گزشتہ روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے شفقت چیمہ نے کہا کہ ہمیں ان لوگوں کی قدر کر نے کی چاہیے جو تھیٹر کی رنگینیوں کو بحال کرنے کی کوشش ر ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بے انتہا ٹیلنٹ موجو د ہے اور تھیٹر نئے ٹیلنٹ کی تلاش کا بہترین راستہ ہے تھیٹر سے نئے فنکاروں کو اپنے صلاحیتوں اور اپنے فن کا مظاہر ہ کرنے کے موقع ملتا ہے۔ تھیٹر نے نئے ٹیلنٹ کو متعارف کروایا جو آج شوبز کی دنیا میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ جس مقام پر ہوں اس میں میرے والدین کی دعاﺅں کے ساتھ ساتھ میری محنت بھی شامل ہے ۔

میگھا اور اکرم راہی کے مشترکہ گیت ” ماہی “کی ویڈیوتیار

لاہور(شوبزڈیسک)اداکارہ وگلوکارہ میگھا اور لوک گلوکار اکرم راہی کے پہلامشترکہ گیت” ماہی ٹر پردیس گیا“کی ویڈیو ریکارڈنگ مکمل ہو گئی۔نغمے کی ویڈیو ریکارڈنگ گزشتہ روزلاہور کے مضافات میں کی گئی جس میں میگھا اور اکرم راہی کے ساتھ دیگر ماڈلز نے بھی پرفارم کیا ہے۔ میگھا کا کہناتھا کہ اکرم راہی کو دنیا بھر میں سنا اور چاہا جاتا ہے ،ہمارے مشترکہ پرستار اس گانے کو دل سے پسند کریں گے۔

پاکستانی ایٹم بم کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی 83 ویں سالگرہ آج منائی جائیگی

جہانیاں (آن لائن) پاکستانی ایٹم بم کے خالق معروف سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی 83ویں سالگرہ آج منائی جائے گی اس روز جہانیاں سمیت ملک بھر میں ان کے مداح خصوصی تقاریب منعقد کریں گے جس میں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے اور ان کی صحت و تندرستی اور درازی عمر کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان یکم اپریل1936ءکو بھارت کے شہر بھوپال میں پیدا ہوئے وہ ایک نامور سائنسدان تھے انہوں نے مئی1998ءمیںبلوچستان کے شہر چاغی میں ایٹم بم کا کامیاب تجربہ کیا جس کے بعد پاکستان پہلے اسلامی ملک کے طور پر سامنے آیا جو کہ ایٹمی طاقت سے مالا مال تھا۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو ہلال امتیاز اور پاکستان کے سب سے بڑے اعزاز نشان امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان ایک ممتاز کالم نگار بھی ہیں انہوں سائنسی تحقیقی مضامین اور مختلف موضوعات پر سینکڑوں مضامین بھی لکھے ہیں فیس بک پر ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔