لیڈر یوٹرن نہیں وعدے پورے کرنے سے بنتا ہے :بلاول کا دھواں دار خطاب

سکھر(وقا ئع نگار خصوصی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے 51 ویں یوم تاسیس کے موقع پر سکھر میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن ایک سوچ نے جنم لیا اور پیپلزپارٹی کے قیام کا اعلان کیا گیا یہ ایک نئی سیاسی و انقلابی فکر کا نام ہے، پھر یہ لہر ملک بھر میں پھیلی ، ایوب کی آمریت کا خاتمہ ہوا، جمہوریت کی راہ ہموار ہوئی اور پہلی بار عام انتخابات کا انعقاد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے 51 سال میں پہلے سیاسی منشور دیا اور جو اصول مقرر کیے گئے، آج پانچ دہائی گذرنے کے باوجود وہ اصول قائم ہیں، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور یہ حصہ منشور کا اہم ترین حصہ ہے۔ جس بنیاد پر اصول کی بات کی وہ اسلام ہمارا دین اور جمہوریت ہماری سیاست ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دین و مذہب ہر شخص کا ذاتی معاملہ ہے، جبکہ جمہوری سیاست سماج کا اجتماعی معاملہ ہے۔ جب ملک میں آمروں نے جعلی اقتدار کو طول دے کر مذہب کو استعمال کیا تو اسی کا نتیجہ ہم سب بھگت رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک جس آگ میں جل رہا ہے، وہ ایک آمر نے لگائی اور پاکستان کے حالات تقاضا کرتے ہیں کہ ہم بھٹو کی سیاسی سوچ پر عمل کریں، کیونکہ وہ آگ ہر گھر کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے، جس میں انتہا پسندی، دہشتگردی، عدم برداشت کی آگ ہے، جس نے پورے سماج کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، ہمیں اس آگ کو بھجا کر ملک اور سماج کو بچانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں واضح کررہا ہوں کہ 1973کے آئین، 18 ویں ترمیم یا این ایف سی ایوارڈ پر حملہ کیا گیا تو پاکستان پیپلزپارٹی ایسی ہر سازش اور کوشش کو ناکام بنانے بھرپور جدوجہد کرے گی،۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے احتساب کے نام پر انتقامی کاروائی کا بازار گرم کررکھا ہے، خیبرپختونخواہ میں احتساب کمیشن کو بند کیا گیا، کرپشن کیسز کے فائلز حوالے کرکے کرپٹ افراد کو وزارتیں اور اہم عہدے دیے گئے ، جبکہ ملک کا وزیر اعظم یوٹرن پر یوٹرن لے رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ یوٹرن کے بغیر لیڈر نہیں بن سکتا، اس لیے انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ اگر لیڈر بننا ہے تو وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کے فلسفے پر عمل کریں، جنہوں نے ملک اور عوام کی خاطر جانوں کا نذرانہ تو دے دیا لیکن اصولوں پر سودے بازی نہیں کی،کوئی بھی حکومت ہو اسے پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے شہید بھٹو کے نظریے پر عمل کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہماری سیاست اور سوشلزم معیشت ہے، پیپلزپارٹی کے منشور میں سوشلزم معیشت کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ ملک میں بلا رنگ و نسل عوام کو برابری کی بنیادوں پر حقوق دیے جائیں انہوں نے کہا کہ ملک کا وزیر اعظم جب شہداءکے ورثاءکے سامنے کہے گا کہ یہ جنگ ہماری نہیں تو اس وقت شہداءکے ورثاءپر کیا گزرے گی، جن کے پیاروں نے ملک اور قوم کی حفاظت کی خاطر اپنی جانیں قربان کردیں، میں کہتا ہوں کہ یہ جنگ ہماری جنگ ہے، یہ جنگ پاکستان کی جنگ ہے، یہ شہداءہمارے شہداءاور غازی ہمارے غازی ہیں،اس لئے وزیر اعظم کو چاہیے کہ وہ جنگ کو اپنا سمجھیں، ورنہ یہ ملک دہشتگردی کی آگ سے نہیں نکل سکے گا، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں اور ان کے لاڈلوں سے مقابلہ کیا ہے، جبکہ موجودہ لاڈلہ انوکھا لاڈلہ ہے، جو رات کو ایک اور دن کو دوسری بات کرتا ہے اور یوٹرن پر یوٹرن لے رہا ہے، جس کی وجہ سے عوام سو دن سے پہلے ہی ان کی پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں، اورن کے تمام وعدے جعلی ثابت ہوئے ہیں، مہنگائی کی سونامی میں عوام ڈوب رہے ہیں، جبکہ حکمران کنٹینر سے اترنے کے لئے تیار نہیں، وزیر اعظم اداروں میں بہتری کی باتیں تو کررہے ہیں ، لیکن گائے کی بات پر آئی جی اسلام آباد کو ہٹایا گیا، چھوٹی سے بات پر پاکپتن کے ڈی پی او کو گھر بھیج دیا گیا میں پوچھتا ہوں کہ پولیس اور جڈیشری میں بہتری کا کیا ہوا؟ زرعی آلات اور مہنگے کرکے آبادگاروں اور کسانوں کو معاشی طور پر پریشانی دو چار کیا گیا، انہوں نے کہا کہ سی پیک جیسے متفقہ منصوبوں کو متضاد بنایا گیا، انکروچمنٹ کی آڑ میں لاکھوں لوگوں کو بے گھر اور بے روزگار کیا گیا، اور عوام کو سو دن کے اندر انقلاب لانے کے خواب دکھائے جارہے ہیں، قبل ازیں پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لئے 17 ویں ترمیم لائے، جس پر کئی لوگوں کو تکلیف ہو ئی، مجھے علم ہے کہ پاکستان کو تقسیم کرنے کے لئے کونسی قوتیں کام کررہی ہیں، عالمی قوتوں نے پاکستان کے حکمرانوں کو استعمال کیا ہے، جبکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے عوام کی خاطر دنیا کو استعمال کرتے تھے ، اسی طرح شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے عوام کی خدمت کے لئے جدوجہد جاری رکھی اور ہم بھی ان کے مشن پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ آج ڈکٹیٹر ضیاءالحق اور مشرف کا نام بھی نہیں کیونکہ ان کی سیاسی زندگی نہیں تھی، پیپلزپارٹی کا ماضی بھی شاندار تھا اور آج بھی ہے اورمستقبل میں بھی رہے گا، انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہ کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے فرزند بلاول بھٹو کا خیال رکھیں، بلاول کو ان کے حوالے کرتا ہوں۔اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ 51 ویں یوم تاسیس کے جلسے میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر ایم این اے سید خورشید شاہ، پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، قمر الزمان کائرہ، اعتزاز احسن نے بھی خطاب کیا۔ جلسے میں ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری، ایم این اے سیدہ نفیسہ شاہ، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر سید اویس قادر شاہ، صوبائی وزیر عبدالباری خان پتافی، ایم پی اے سید قائم علی شاہ، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور صوبائی وزیر سید غنی بھی موجود تھے۔

فلم انڈسٹری کو اپنے پاﺅں پر دوبارہ کھڑے ہونے کےلئے ایک دو سال مزید لگ سکتے ہیں‘ غلام محی الدین

لاہور (شوبز ڈیسک) اداکار غلام محی الدین نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کو اپنے پاﺅں پر دوبارہ کھڑے ہونے کےلئے ایک دو سال مزید لگ سکتے ہیں‘ انڈین فلموں پر پابندی پاکستانی فلم ڈائریکٹر زکا امتحان ثابت ہو گی۔ اداکار غلام محی الدےن نے کہا کہ پنجابی فلموں کا زمانہ گزر چکا ہے اب نئی نسل ایکشن سے بھرپور فلمیں پسند کررہی ہے پاکستان میں انڈین فلموں اور چینلز کی پابندی ہماری فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹرز کےلئے کڑا امتحان ہے اب ان کو چاہیے کہ وہ شائقین کو اچھی تفریح مہیا کرنے کےلئے اعلیٰ معیار کی کہانیوں والی دیکھائیں تاکہ پاکستان کے شہری اپنی فلمیں دیکھنا شروع کریں۔

19 سال کی عمر میں ریپ کا نشانہ بنایا گیا‘ لیڈی گاگا کا انکشاف

نیویارک(شوبزڈیسک) امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا نے انکشاف کیا ہے کہ جب کیرئیر کا آغاز کیا توانہیںمسلسل جنسی ہرا ساں کیا جاتا تھا۔32 سالہ گلوکارہ و اداکارہ نے بتایا کہ 19 سال کی عمر میں انہیں ریپ کا نشانہ بنایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ناپسندیدہ پیشرفت کو اصول سمجھا جاتا تھا اور کوئی بھی انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار نہیں تھا۔انہوں نے کہا ‘جب میں نے موسیقی کا آغاز کیا تو میں 19 سال کی تھی،اس وقت اس بزنس میں جنسی ہراساں کرنا استثنیٰ نہیں بلکہ اصول تھا، جب آپ کسی ریکارڈنگ سٹوڈیو میں جاتے تو وہاں آپ کو ہراساں کیا جاتا۔ لیڈی گاگا کا کہنا تھاایسا ہی ہوتا تھا، تو میری خواہش ہے کہ میں کافی پہلے اس پر آواز اٹھاتی، میں نے بات کی تھی اور نوجوانی میں میرا ریپ کیا گیا اور میں نے لوگوں کو بتایا بھی۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ آواز تو جنسی حملے کےخلاف بلند کی مگربوائز کلب کلچر حملہ آوروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے سے روکتا تھا۔ ان کے بقول کوئی بھی اپنی طاقت کھونا نہیں چاہتا، تو وہ آپ کو اس لیے تحفظ فراہم نہیں کرتے کہ انہیں ہمدردی ہے بلکہ ایسا ہونے سے ان کی طاقت چھن جاتی تھی، میں توقع کرتی ہوں کہ اس بارے میں خواتین کی آواز ایک جگہ جمع ہوگی اور جنسی حملوں اور یکساں معاوضے جیسے معاملات کو اس تحریک میں دیکھا جائے گا۔وہ ماضی میں تسلیم کرچکی ہیں کہ ریپ کا نشانہ بننے کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار رہی تھیں۔

دپیکا پڈکون ” بھا بھی جی“ پکا رے جانے پر شر ما گئیں

ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ دپیکاپڈکون ”بھابھی جی“ پکارے جانے پر شرماگئیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکاررنویرسنگھ اوردپیکاکی ممبئی میں استقبا لیہ تقریب میںصحافی کے رنویرکو”بھیاجی“پکارنے پروہ کھلکھلا اٹھے جبکہ دپیکا ”بھابھی جی“پکا رے جانے پرشرماگئیں اوراسکامسکراتے ہو ئے انکارمیںجواب دیا۔دپیکا اور رنویر14نومبر کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے جبکہ28نومبر کو ممبئی میں استقبالیہ رکھا گیا۔

فیشن کے نئے انداز فلموں کے ذریعے مقبول ہورہے ہیں‘ سوہائے علی

لاہور(شوبزڈیسک) اداکارہ وماڈل سوہائے علی آبڑونے کہاکہ فیشن انڈسٹری کے باصلاحیت ڈیزائنرز کی خدمات اگر فلم انڈسٹری کے لیے حاصل کی جائیں تواس سے بہتری کے آثاربہت نمایاں ہوںگے۔ اس بات سے توسب واقف ہیں کہ دنیا بھرمیں بننے والی فلموں میں فنکاروں کے لباس کوخاص ترجیح دی جاتی ہے۔ مگرہماری فلموں میں یہ شعبہ کچھ خاص نمایاں نہیں سمجھا جاتا۔ حالانکہ جب تک فلم کے کرداروں کے ڈریسز پرتوجہ نہیں دی جاتی، تب تک ان کرداروں میں حقیقت کے رنگ دکھائی نہیں دیتے۔اداکارہ نے کہا کہ موجودہ دورمیںفلمیںبنانے والے نوجوان فلم میکرز کوفیشن انڈسٹری کے ساتھ مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ جب تک ہم نوجوان نسل کومتاثر کرنے کے لیے معمول سے ہٹ کرکام نہیں کرینگے، تب تک بہتری ممکن نہیں ہوگی۔سوہائے علی نے کہا کہ اس وقت ہالی وڈ اوربالی وڈ کی فلموں میں معروف فنکاروں کے کااسٹیم فلم بینوں کو بے حد متاثر کرتے ہیں۔
بلکہ فیشن کے نت نئے انداز بھی اب توفلموںکے ذریعے ہی مقبول عام ہوتے ہیں۔ اس بات کوسمجھنے کی ضرورت ہے اور باصلاحیت ڈیزائنرز کواپنی فلموں کا اہم حصہ بنانے پرتوجہ دینے پر غور کرنا چاہیے۔

ُپی ٹی آئی کی سو روزہ کارکردگی پر شوبز حلقوں میں ملا جلا ردعمل

لاہور(شوبز ڈیسک)تحرےک انصاف کی سو روزہ کار کردگی پر شوبز حلقوں مےں ملا جلا رد عمل سامنے آیا ہے۔ پی ٹی آئی کی سوروزہ کار کردگی بارے کراچی اور لاہور سے تعلق رکھنے والے ادا کاروں نے اپنے ردعمل کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے انتخابی منشور مےں بری طرح فےل ہوئی ہے اور عوام سے جو بھی وعدے کئے گئے تھے اس کے برعکس پٹرول ، ڈےزل، گےس ، بجلی اور ڈالر کی قےمتوں مےں اضافے کے بعد ملک مےں مہنگائی کی لہر آئی ہے جس سے ہمےں شدےد ماےوسی ہوئی جبکہ حامی اداکاروں کا کہنا تھا کہ حکومت کی سو روزہ کار کردگی تسلی بخش ہے حکومت کو ورثے مےں خزانہ خالی ملا جس سے حکومت کو عدم استحکام کا شکار ہونا پڑا مگر وزےراعظم عمران خان کی فہم وفراصت کو داد دےنی چاہیے کہ انہوںنے تےن ماہ کی قلےل مدت مےں وہ کارنامہ انجام دےا ہے جو اس سے قبل کوئی اور نہےں کرسکا ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے آئی اےم اےف کی سخت شرائط کو صرف اسی لئے رد کردےا تھا کہ اس سے عوام کو مشکلات درپےش ہونگی ۔
انہوںنے کہاکہ آج جس طرح ہماری حکومت نے ڈٹ کر امرےکہ کو منہ تو ڑ جواب دےا ہے پہلی حکومتےں اس کے مقابلے مےں بےگھی بلی بن جاتی تھےں ۔

کترینہ کی ازابیل کوفلم انڈسٹری میں کام سے کام رکھنے کی نصیحت

ممبئی(شوبزڈیسک) بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف نے چھوٹی بہن ازابیل کیف کو فلم انڈسٹری میں اپنے کام سے کام رکھنے کی نصیحت کر دی۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ کترینہ کیف نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی چھوٹی بہن ازابیل کیف کو نصیحت کی ہے کہ فلم انڈسٹری میں رہنے کے لئے اپنا سر جھکائے رکھنا اور اپنے کام سے کام رکھنا ہے۔ کترینہ کیف آنند ایل رائے کی ڈارف فلم”زیرو “ میں اداکار شاہ رخ خان اور انوشکا شرما کے ساتھ دکھائی دیں گی جبکہ فلم رواں سال 21دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

ہاکی ورلڈکپ،چین نے انگلینڈکے اوسان خطاکردئیے

بھوبنیشور(سپورٹس ڈیسک)14ویں ہاکی ورلڈکپ میں چین اورانگلینڈکامیچ سنسنی خیزمقابلے کے بعد2-2گول سے برابرہوگیا۔دفاعی چمپئن آسٹریلیا نے آئرلینڈکو2-1سے مات دی۔بھارت کے شہر بھوبنیشورمیں جاری میگا ایونٹ کے گروپ بی میں پہلی بار عالمی کپ کھیلنے والی چینی ٹیم نے انگلینڈکیخلاف حیران کن پرفارمنس کامظاہرہ کیا اور میچ 2-2سے ڈراکھیل کر 1پوائنٹ بھی حاصل کیا۔شی یاﺅ پنگ نے پہلے کوارٹرمیں چینی ٹیم کو سبقت دلائی۔14ویں منٹ میںمارک گلیک ہارن نے گول کرکے میچ برابرکردیا۔لیام آنسل نے آخری کوارٹرمیں گول داغ کر انگلش ٹیم کو سبقت دلائی۔کھیل ختم ہونے سے 1منٹ قبل ڈوتالیک نے پینلٹی کارنرپرگول کرکے میچ 2-2سے برابرکردیا۔گروپ بی کے ایک اورمیچ میں دفاعی چمپئن آسٹریلیا نے آئرلینڈکو2-1سے زیرکیا۔

پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کے لئے پیشکشیں طلب

لاہور(آئی این پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے چوتھے ایڈیشن کیلئے ایونٹ میں شامل چھٹی ٹیم کیلئے پیشکشیں طلب کرلی گئیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق متعلقہ دستاویزات 14دسمبر تک مفت حاصل کی جاسکیں گی، جب کہ کاغذات 18دسمبر تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جمع کروائے جائیں گے۔ ٹیکنیکل پروپوزل اسی روز کھولی جائیں گی، کوالیفائی کرنے والے امیدواروں کو فنانشل بڈز میں حصہ لینے کی اجازت ہوگی، یہ کارروائی بھی 18 دسمبر کو ہی مکمل کرلی جائے گی۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں شامل ہو نے والی چھٹی ٹیم ملتان سلطا ن 52کروڑ میں فروخت ہوئی تھی، اس سال ڈرافٹ سے قبل پی سی بی کو بینک گارنٹی اور فرنچائز فیس نہ دینے کے باعث مالکانہ حقوق سے دست بردار ہو گئی تھی۔تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین نے چھٹی ٹیم کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور اس حوالے سے وہ پرامید ہیں کہ اگر وہ ٹیم کے مالکانہ حقوق حاصل کرنے میں کامیاب رہے تو اس کا نام ملتان سلطان برقرار رہے گا۔ علی ترین نے کہا کہ ہم فرنچائز کی فروخت کے عمل میں حصہ لیں گے اور کوشش ہو گی کہ جنوبی پنجاب میں ٹیم آئی ہے تو ہمارے ہاتھ سے نہ جائے ،ہم جنوبی پنجا ب میں کرکٹ کے حوالے سے کافی کام کر رہے ہیں۔ اور ہمارا پروگرام ہے کہ ہر ضلع میں ایک گرانڈ اور اکیڈمی بنانے کے ساتھ ساتھ کلب کرکٹ کو سپورٹ کریں اور اگر پی ایس ایل کی ٹیم بھی آ جاتی ہے تو ہمارے کام کو مزید تقویت ملے گی۔علی ترین نے کہا کہ مجھے بچپن سے ہی کھیلوں کا شوق تھا اور اسکول میں بھی کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا تھا، ہمارے خاندان کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے تو اب ارادہ ہے کہ ملک کے اس حصے کے لیے کچھ کیا جائے۔ٹیم کے نام کے حوالے سے سوال پر علی ترین نے کہا کہ ہم ملتان کا نام ہی برقرار رکھیں گے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے۔

جرمنی سے مقابلہ آسان نہیں ،جیت کیلئے اٹیکنگ ہاکی کھیلنا ہوگی:شہناز

راولپنڈی(آئی ا ین پی)پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کیلئے ورلڈ کپ کا پہلا میچ بہت اہمیت کا حامل ہے، جرمنی کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، اگر ہم پہلا میچ جیت جاتے ہیں تو اگلے راﺅنڈ میں جگہ بنانا آسان ہو جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی تمام ٹیموں سے زیادہ میچور ہے۔ماڈرن ہاکی میں پلیئنگ الیون اور کوچنگ سٹاف میں ہم آہنگی اچھے نتائج کا پیش خیمہ ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی ٹیم کے تین بڑے مسائل ہیں جن پر ابھی تک قابو نہیں پایا گیا، پاکستانی ٹیم گول کرنے کے مواقع بہت ضائع کرتی ہے۔دوسرا ڈی کے اندر مارکنگ بہت خراب ہوتی ہے جس سے مخالف ٹیم گول کر جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت دنیا کی تمام ٹیمیں اٹیکنگ ہاکی کھیل رہی ہیں۔ارجنٹائن اور سپین کے میچ میں مکمل طور پر اٹیکنگ ہاکی کھیلی گئی اور مجموعی طور پر سات گول ہوئے، اس لئے قومی ٹیم کو جرمنی کے خلاف میچ میں اپنے دفاع کو مضبوط بناکر اٹیکنگ ہاکی کھیلنا ہو گی، اگرچہ رینکنگ میں جرمنی کی ٹیم بہت آگے ہے مگر پاکستانی ٹیم اسے شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ شہناز شیخ نے کہا کہ اٹیکنگ ہاکی میں گول کیپر کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔جرمنی کے خلاف میچ میں گول کیپر کو غیر معمولی کھیل پیش کرنا ہوگا۔ اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی ٹیم کو پنلٹی کارنر پر بہت زیادہ توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ٹیم کیلئے ٹورنامنٹ کا پہلا میچ بہت اہم ہوتا ہے، اگر ہماری ٹیم جرمنی کو ہرا دیتی ہے تو اسے اگلے راﺅنڈ کیلئے کوالیفائی کرنا آسان ہو جائے گا۔