All posts by saqib

جنوبی وزیرستان؛ گھر میں دھماکے سے خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق

ڈی آئی خان: جنوبی وزیرستان میں ایک گھر میں دھماکا ہوا، جس میں خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق جنوبی وزیرستان لدھا کے علاقے تنگی بدین زئی میں گھر کے اندر ہونے والا دھماکا آئی ای ڈی بم سے ہوا، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاندان حال ہی میں اپنے گھر شفٹ ہوا تھا ۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین شامل ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں بنوت خان ،بیوی، شاہ زیب اور بیٹی شامل ہیں۔

اداکارہ یمنیٰ زیدی شوٹنگ کے دوران سیڑھیوں سے گر گئیں

کراچی: مشہور اداکارہ یمنیٰ زیدی ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران سیڑھیوں سے گر گئیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ یمنیٰ زیدی سیڑھیاں اتر رہی ہیں کہ اچانک توازن خراب ہونے کے باعث لڑکھڑا کر گر پڑیں۔ اداکارہ نے واقعہ سے متعلق سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی شئیر کی۔

یمنیٰ زیدی کا پوسٹ میں کہنا تھا کہ میں صدقے کی طاقت پر یقین رکھتی ہوں۔ صدقے ہی نے بچا لیا۔ سیڑھیوں سے گرنے کے باوجود میں زخمی نہیں ہوئی بس ہلکی سے خراش آئی اور میں نے اپنا کام مکمل کیا۔

اداکارہ کا سیڑھیوں سے گرنے کا واقعہ ڈرامہ جنٹلمین کی شوٹنگ میں پیش آیا۔ یمنیٰ زیدی ڈرامے میں صحافی کا کردار ادا کررہی ہیں اور ان کے ہیرو ہمایوں سعید ہیں۔

حکومت کو نان فائلرز کی فون سمز بلاک کرنے سے روکنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کو ٹیکس نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے سے روک دیا۔

ہائی کورٹ میں نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کے خلاف نجی موبائل کمپنی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

نجی موبائل فون کمپنی کے وکیل سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ قانون میں کی گئی ترمیم آئین کے آرٹیکل 18 میں کاروبار کی آزادی کے بنیادی حق کے منافی ہے، آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق سے متصادم کوئی قانون سازی نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قانون میں ترمیم سے لوگوں کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کا اختیار نہیں حاصل کر سکتی، موبائل فون کمپنیوں کی 5لاکھ سے زائد سمز بلاک ہونے کی صورت میں سالانہ 100 کروڑ روپے کا نقصان ہو گا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے نجی موبائل کمپنی کی درخواست پر 27 مئی تک حکم امتناع جاری کردیا۔

اپنے عہدے کا احترام کریں ۔۔! ہم اسٹائل ایوارڈز میں سسٹنٹ کمشنر حازم بنگوارکے بے ڈھنگےلباس پر فواد چوہدری برس پڑے

حازم بنگوار، ایک بیوروکریٹ جو اس سے قبل کراچی میں اسسٹنٹ کمشنر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، نے اپنے مخصوص فیشن سینس کی وجہ سے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی ناپسندیدگی کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے۔

اپنے غیر معمولی لباس اور غیر روایتی شخصیت کی وجہ سے شہرت کے حامل، بنگوار روایتی لباس کو چھوڑ کر مزید بھڑکتے لباسوں کے حق میں اپنے بیوروکریٹک ساتھیوں سے الگ ہیں۔

قدامت پسند لباس میں ملبوس ایک سرکاری ملازم کی مخصوص تصویر کے برعکس، بنگوار کے پاس AIU لندن سے فیشن ڈیزائن اور مارکیٹنگ میں اسناد ہیں، جو کہ برطانیہ میں حاصل کی گئی LLB کی ڈگری کے ساتھ مکمل ہیں۔ اپنے انوکھے انداز کو اپناتے ہوئے، وہ اکثر سماجی اصولوں اور توقعات کو چیلنج کرنے والے چمکدار لباس پہنتے ہیں۔

اپنے بیوروکریٹک کردار کے علاوہ، بنگوار کو ایک گلوکار کے طور پر بھی پہچانا جاتا ہے، جس نے 2019 میں “حرم” جیسے سنگلز کے ساتھ کامیابی حاصل کی، جس نے جنوبی کوریا، ہنگری، مصر اور ہندوستان میں مقبولیت حاصل کی۔ اس کے بعد ریلیز ہونے والی فلموں میں بالترتیب 2020 اور 2021 میں “Hell Ya” اور ان کا پہلا اردو گانا شامل ہے۔

حال ہی میں، بنگوار نے ایک مقامی طرز کے ایوارڈز کی تقریب میں لہریں پیدا کیں، جس میں چاندی کی دھاتی زنجیر کے ساتھ سیاہ گوتھک طرز کے بولڈ جوڑا کا انتخاب کیا۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر طنز کرتے ہوئے کہا، “پاکستان میٹ گالا کی میزبانی نہیں کر سکتا، لیکن یہ یقینی طور پر اپنے انداز کے احساس پر فخر کرتا ہے۔”

تاہم، ان کے فیشن کو آگے بڑھانے کے انداز کو سابق وزیر فواد کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جنہوں نے سرکاری ملازم کو “دفتر کا احترام” کرنے کی تلقین کی۔

اس کے باوجود، بنگوار کے فیشن کے انتخاب نے سوشل میڈیا پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ جب کہ کچھ صارفین نے فواد کے جذبات کی بازگشت کرتے ہوئے صورتحال کو “افسوسناک اور قابل رحم” قرار دیتے ہوئے، دوسروں نے بنگوار کے اظہار رائے کے حق کا دفاع کیا۔

غزہ میں اسرائیل کی دہشت گردی جاری، 14 فیسلطینی شہید

غزہ میں اسرائیل کی دہشت گردی جاری ہے اور نصیرات پناہ گزین کیمپ میں مکان پر بمباری سے 14 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے

عالمی میڈیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں ستاون فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا، فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ کے پچاس سے زائد مقامات پر بمباری کی، شہدا کی مجموعی تعداد پینتیس ہزار ایک سو پانچ ہوگئی۔

اسرائیلی فوج نے رفح میں کویتی اسپتال خالی کرنے کا حکم دے دیا جبکہ صیہونی فورسز جبالیہ کے پناہ گزین کیمپ میں گھس گئیں اور خیمہ بستی سے تین لاکھ ساٹھ ہزار فلسطینی نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

رفح میں اقوام متحدہ کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک امدادی کارکن ہلاک ہوگیا۔ ادھر القسام بریگیڈز نے غزہ میں اسرائیلی ٹینک کو نشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کردی اور کہا کہ جنگجوؤں نے جبالیہ پناہ گزیں کیمپ میں اسرائیلی ٹینک کو ڈرون سے نشانہ بنایا، علاقے میں اسرائیل کے چار دیگر ٹینکوں پر بھی حملے کیے گئے۔

معروف امریکی گلوکارہ کس مشہور اسلامک اسکالر کو فالو کرتی ہیں؟ دلچسپ انکشاف

سوشل میڈیا پر معروف شخصیات سے متعلق دلچسپ معلومات تو بہت ہیں تاہم کچھ ایسی ہوتی ہیں جو کہ سب کو حیران بھی کر دیتی ہیں۔

معروف امریکی گلوکارہ جینیفر لوپز سے متعلق ایک ایسی ہی خبر نے سب کی توجہ خوب سمیٹ لی ہے۔

معروف گلوکارہ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے، جہاں مداح اور انٹرنیٹ صارفین اداکارہ کے فالوورز پر حیرانگی کا اظہار بھی کر رہے ہیں اور کچھ ان کی تعریف کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

جینیفر لوپز کے انسٹاگرام فالوورز، جبکہ سوشل میڈیا پر ایک تصویر بھی وائرل ہے، جس میں گلوکارہ کے فالوورز میں معروف مذہبی اسکالر سید محمد جواد قاضوینی بھی شامل ہیں۔

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ جینیفر لوپز جن کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 252 ملین کے قریب ہے، محض 1495 لوگوں کو فالو کر رہی ہیں، جن میں معروف عالم دین بھی شامل ہیں۔

تصویر بذریعہ: اسکرین شاٹس/ جینیفر کوپز انسٹاگرام اکاؤنٹ
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ اور حیرت انگیز تبصروں اور ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے 2008 سے 2012 تک سوشل میڈیا سمیت میڈیا پر یہ خبر وائرل تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ جینیفر لوپز نے اسلام قبول کر لیا ہے، تاہم اس حوالے سے مصدقہ ذرائع سے خبر سامنے نہیں آئی تھی۔

پنجاب حکومت کی گندم خریداری سے معذرت، ریلیف کیلیے ’کسان کارڈ‘ دیے جانے کا امکان

پنجاب حکومت نے گندم کی خریداری سے انکار کردیا ہے اور اب صوبائی حکومت کی جانب سے کسانوں کو ریلیف دینے کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے۔

نجی چینل کے مطابق پنجاب حکومت کسانوں کو ریلیف دینے کے لیے ’کسان کارڈ‘ جاری کرے گی۔ صوبائی حکومت موجودہ حالات میں گندم کی خریداری سے معذرت کرلی ہے۔

حکومت نے پنجاب اسمبلی میں موجودہ حالات کو جواز بنا کر کہا کہ کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے کسان کارڈ دیے جائیں گے۔

ہم مقبوضہ کشمیرکا کیس لڑرہے تھے اور ہمیں اپنا ہی کیس لڑنا پڑگیا، شیخ رشید

پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں نے کہا تھا یکم مئی سے 20 جون حکومت کے لیے اہم ہیں، ہم مقبوضہ کشمیرکا کیس لڑرہے تھے اور ہمیں اپنا ہی کیس لڑنا پڑگیا، گرفتار کشمیریوں کو چھوڑ دیں، بھارت ایسے واقعات کا خوب فائدہ اٹھا رہا ہے، 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں مجھے بلایا گیا تو ضرورجاؤں گا۔

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کشمیرمیں جو ہوا اس سے کشمیریوں کوبہت دکھ پہنچا ہے، ہم مقبوضہ کشمیر کا کیس لڑ رہے تھے اور ہمیں اپنا کیس لڑنا پڑگیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ کل جو لوگ راولپنڈی سے گرفتار کیے گئے میری درخواست ہے ان کوچھوڑ دیا جائے، میں نے کہا تھا کہ یکم مئی سے 20 جون حکومت کے لیے اہم ہیں، رات جو کشمیریوں کو گھروں سے پکڑا گیا یہ بڑی زیادتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالت ان کی یہ ہے کہ کھاریاں میں یہ خواجہ سراوں سے مار کو کھاتے ہیں، میں باہر گیا تھا تو ساری دنیا میں ان خواجہ سراؤں کا چرچا ہے، ہمارے تو یہ گھروں میں داخل ہوئے تھے اور پیسے، زیور اور بچے لے گئے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم خاموش ہیں کیونکہ کہ ہماری 30 جون تک بریک ہے، اس بریک میں ہم سمجھتے ہیں کہ ان کو صحیح مشورہ دیں، صحیح مشورہ یہ ہے کہ کشمیریوں کو چھوڑ دیں، بھارت اس کا خوب فائدہ اٹھا رہا ہے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے مزید کہا کہ کشمیریوں کے شہید اور زخمی ہونے کے واقعات کا بھارتی میڈیا فائدہ اٹھا رہا ہے، کشمیر اور انڈیا سے ملنے والی سرحد اور کشیدہ ہو جائے گی حکومت کونوٹس لینا چاہیئیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن لوگوں نے غیر قانونی اقدام اٹھایا ہے اس کا بھی فوری نوٹس لینا چاہیئے، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مجھے بلایا گیا تو مجھے ضرور جاؤں گا، نیب ٹیم نے ہائیکورٹ راولپنڈی میں بیان دیا کہ شیخ رشید ہمیں مطلوب نہیں۔

کراچی سے لاہور آنے والی عوام ایکسپریس کو حادثہ

کراچی سے لاہور آنے والی عوام ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رائیونڈ کے علاقے جیا بگا کے قریب پھاٹک پر ٹریکٹر ٹرالی انجن سے ٹکرا گئی ، جس کے نتیجے میں ٹریکٹر ٹرالی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

حادثے میں انجن کو بھی جزوی طور پر نقصان ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

دوسری جانب ریلوے حکام اپ لائن کلیئر کرنے میں مصروف ہیں۔

آزاد کشمیر: جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ہڑتال اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان

جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے آزاد جموں و کشمیر میں ہڑتال اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

اس حوالے سے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز حکومت نے مظاہرین کے تمام مطالبات مان لیے تھے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی سمیت تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بند ہیں۔

آزاد کشمیر بار کونسل کی کال پر وکلاء نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

آزاد کشمیر میں حکومتی پیکج ناکام: حالات ایک بار پھر کشیدہ، 3 افراد کے جاں بحق ہونے پر یوم سیاہ، شٹر ڈاؤن

ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروسز بند ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ 8 مقام اور نکیال میں بازار اور سڑکیں سنسان ہیں۔

کل مختلف مقامات پر جھڑپوں میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے پر آج بھی یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے، جاں بحق افراد کی نمازِ جنازہ دن 2 بجے یونیورسٹی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر میں پُر تشدد احتجاج کیا گیا۔

پُر تشدد احتجاج پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس طلب کیا تھا جس میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود، وزیرِ اعظم انوارالحق اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے احتجاج کے بعد آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی۔

ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے گئے، بجلی فی یونٹ 3 روپے مقرر کر دی گئی، 100 سے 300 یونٹ تک 5 روپے، 300 سے زائد یونٹس پر 6 روپے فی یونٹ مقرر کر دیے گئے۔

آزاد جموں و کشمیر میں دوبارہ مارچ کا آغاز: رینجرز کی مظفرآباد میں داخلے کی کوشش، سخت مزاحمت کا سامنا

20 کلو آٹے کی قیمت 1 ہزار روپے مقرر کر دی گئی، اس سے قبل آٹے کا ریٹ 3100 روپے من تھا جس پر 1100 روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔

4 سال میں مہنگائی کم، ترقی، سرکاری ذخائربڑھیں گے، آئی ایم ایف

اسلام آباد: آئی ایم ایف نے 4 سالوں میں پاکستان میں مہنگائی میں مسلسل کمی اور سرکاری ذخائر 20ارب سے زائد کی پیشگوئی کر دی۔

آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق مالی سال 2028تک مہنگائی شرح 6.5فیصد تک گر جائے گی ،مالی سال 2027میں بھی مہنگائی کی شرح 6.5فیصد تک رہے گی جبکہ مالی سال 2026میں مہنگائی کی شرح 7.6فیصد رہے گی۔

رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح 12.7فیصد رہے گی، آئندہ 4سالوں میں جی ڈی پی گروتھ میں بھی مسلسل اضافے کی پیش گوئی کی گئی جس کے مطابق 2028تک پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 5فیصد تک پہنچ جائے گی۔

پاکستان سے توانائی، ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن دیگرشعبوں میں تعاون کرینگے، عالمی بینک

اسلام آباد: جنوبی ایشیا کیلیے عالمی بینک کے علاقائی نائب صدرمارٹن ریزر نے کہاہے کہ ان کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران عالمی بینک اورپاکستان نے ملک کی سماجی اوراقتصادی ترقی کی بنیادوں کو مضبوط کرنے سے اتقاق کیاہے۔

جنوبی ایشیا کیلیے عالمی بینک کے علاقائی نائب صدرمارٹن ریزر نے اپنے وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کی بنیادوں کو مضبوط کرنے سے بھی اتقاق کیا، توانائی اور دوسرے شعبوں میں عالمی بینک پاکستان کے ساتھ تعاون کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن کے ضمن میں بھی پاکستان کے ساتھ تعاون جاری کریں گے کیونکہ نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال سے نہ صرف شہریوں کو خدمات کی فراہمی بلکہ اس سے گورننس میں بھی بہتری آتی ہے۔ہم پاکستان کے ساتھ رابطہ کاری جاری رکھیں گے۔

کامیاب کپتان بننے پر بابراعظم کو چیئرمین کی جانب سے شرٹ کا تحفہ

کراچی: کامیاب کپتان بننے پر بابراعظم کو چیئرمین پی سی بی کی جانب سے شرٹ کا تحفہ پیش کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے کامیاب کپتان بننے پر بابراعظم کو شرٹ کا خصوصی تحفہ پیش کیا، وہ ان دنوں ڈبلن میں ہی موجود ہیں جہاں پر پاکستان ٹیم نے دوسرے ٹی 20 میں آئرلینڈ کو 7 وکٹ سے شکست دی، یہ بابراعظم کی بطور کپتان مختصر فارمیٹ میں 45 ویں کامیابی ہے، اس طرح انھوں نے دنیا کے کامیاب ترین ٹی 20 کپتان کا اعزاز حاصل کرلیا۔

محسن نقوی نے شاہین شاہ آفریدی کو بھی انٹرنیشنل وکٹوں کی ٹرپل سنچری مکمل کرنے پر بھی خصوصی شرٹ کا تحفہ دیا۔ اس موقع پر آئرش ٹیم کے خلاف کامیابی پر دیگر کھلاڑیوں کو بھی انھوں نے گلے مل کر مبارکباد دی۔