All posts by saqib

سندھ میں رواں برس 5 ماہ میں بچوں سمیت 150 شہری اغوا

  کراچی: سندھ کے مختلف اضلاع میں رواں سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران بچوں سمیت 150 شہریوں کو اغوا کیا گیا جبکہ اغوا کاروں کے خلاف صرف 40 مقدمات درج کیے گئے تاہم پولیس کی جانب سے 114 افراد کو اب تک بازیاب کرایا گیا ہے۔

سندھ پولیس کی رواں سال کی 5 ماہ کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں کچے کے ڈاکوؤں کی جانب سے شہریوں کے اغوا برائے تاوان کی سنگین وارداتوں کا سلسلہ نہیں تھم سکا ہے اور رپورٹ میں اعداد وشمار جاری کردیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سندھ کے 5 اضلاع سکھر،گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور سے اب تک تاجروں، بچوں اور شہریوں سمیت 150 افراد کو اغوا کیا گیا ہے، جن میں سے 114 شہریوں کو بازیاب کرایا گیا ہے۔

سندھ پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اغواکاروں کے چنگل سے اب تک 34 افراد کو بازیاب نہیں کرایا جاسکا اور پانچوں اضلاع میں شہریوں کے اغوا کے 40 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق سکھر میں بچے سمیت 9 شہریوں کو اغوا کیا گیا، گھوٹکی میں 28 افراد، اسی طرح شکارپور میں 34، جیکب آباد میں 7 اور کشمور میں 70 شہریوں اور بچوں کو اغوا کیا گیا۔

صوبے میں سب سے زیادہ اغوا کی وارداتیں کشمور میں رپورٹ ہوئی ہیں جہاں رواں سال کے صرف 5 ماہ میں 70 شہریوں کو اغوا کیا گیا جبکہ 53 افراد کو بازیاب کرایا گیا ہے اور 17 شہریوں کی بازیابی کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

کشمور پولیس نے اغوا کی وارداتوں کے خلاف 16 مقدمات درج کیے ہیں۔

دوسرے نمبر پر شکارپور میں رواں سال کے 5 ماہ میں 34 شہریوں کو اغوا کیا گیا تاہم 28 بازیاب ہو چکے ہیں جبکہ 6 شہری اب تک بازیاب نہیں ہوسکے ہیں، پولیس کے اغوا کاروں کے خلاف 14 مقدمات درج کیے ہیں۔

ضلع گھوٹکی تیسرے نمبر پر ہے جہاں 28 شہریوں کے اغوا کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں، جس کے بعد پولیس نے 28 یرغمالیوں کو بازیاب کرالیا ہے اور 7 مقدمات درج کر لیے ہیں۔

سکھر میں بچے سمیت 8 شہری اغوا ہوچکے ہیں، جن میں سے اب تک 3 شہریوں کو بازیاب کرایا جاچکا ہے جبکہ 5 شہری اب تک بازیابی کے منتظر ہیں، اسی طرح جیکب آباد میں 7 شہری اغوا ہوچکے ہیں اور 2 بازیاب جبکہ 5 شہری اب تک بازیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

آپریشن سے پیدا ہونے والے بچوں میں خسرہ کیخلاف قوتِ مدافعت کم ہوتی ہے

کیمبرج: ایک نئی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جو بچے آپریشن کے ذریعے پیدا ہوتے ہیں انہیں خسرہ کی ویکسین کی دو خوراکوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

نیچر مائیکرو بایولوجی نامی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق سی-سیکشن سے پیدا ہونے والے بچوں کو خسرہ ویکسین کی ایک خوراک ناکافی ہوسکتی ہے۔ مناسب مدافعت کیلئے 2 خوراکیں دینا ضروری ہے۔

محققین نے بتایا کہ سی سیکشن سے پیدا ہونے والے بچوں میں خسرہ ویکسین کی ایک خوراک مکمل طور پر غیر موثر ہونے کا امکان ان بچوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے جو نارمل طریقے سے پیدا ہوئے ہوں۔

سی سیکشن والے بچوں کا مدافعتی نظام ویکسین کی 1 خوراک کے بعد خسرہ کے خلاف لڑنے کے لیے کافی اینٹی باڈیز پیدا نہیں کرپاتا۔ مطالعے کے مصنف اور برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی میں جینیات کے لیکچرار، ہنریک سالجے نے کہا کہ ہم نے دریافت کیا ہے کہ ہم جس طریقے سے پیدا ہوتے ہیں، اس کے ہماری قوت مدافعت پر طویل مدتی اثرات پڑتے ہیں۔

واضح رہے کہ 1963 میں خسرہ ویکسین متعارف ہونے سے پہلے، اس بیماری کی وجہ سے ہر سال ایک اندازے کے مطابق 26 لاکھ اموات ہوتی تھیں۔ یہ بیماری نزلے سے شروع ہوتی ہے اور ساتھ ساتھ جسم پر دانے بھی نکل آتے ہیں۔ سنگین پیچیدگیوں میں یہ اندھے پن، دورے اور موت کا باعث بن سکتا ہے۔

ایپل نے صارفین کے لیے آئی او ایس کی اپ ڈیٹ جاری کردی

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے آئی فون صارفین کے لیے آئی او ایس 17.5 اپ ڈیٹ جاری کر دی۔ تازہ ترین اپ ڈیٹ میں سیکیورٹی پیچز سمیت متعدد فیچر متعارف کرائے گئے ہیں۔

آئی او ایس 17.5 متعارف کرانے کے بعد ایپل کی جانب سے یورپی یونین کے صارفین کو ڈیویلپرز کی ویب سائٹ سے ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے کی اجازت ہوگی۔ ایپل نے ایک آن لائن گائڈ بھی پوسٹ کی ہے جو ڈیویلپرز کو ان کی ایپ ڈسٹریبیوٹ کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔

ایپل نے ایک پوسٹ میں لکھا کہ اہل علاقوں میں ویب سائٹ سے منظور شدہ، نان مارکیٹ پلیس ایپس کو بیچا جا سکتا ہے۔ ایپ کو ڈسٹریبیوٹ کرنے کے لیے ایک ویب فارم بھرنا ہونا جس کے منظور ہونے کے بعد ایپل آپ کو ایک فریم ڈاؤن لوڈ کرنے دے گا جو ویب سائٹ سے ایپ کی محفوظ انسٹالیشن میں مدد دے گا۔

اپ ڈیٹ کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے صارفین کو فون کی سیٹنگز میں جنرل، سافٹ ویئر اپ ڈیٹ میں جا کر اپ ڈیٹ ناؤ کا انتخاب کرنا ہوگا۔

تاجر دوست ایپ کے تحت رجسٹرڈ نہ ہونیو الے تاجروں پر بھاری جرمانہ و سزا کی تجاویز

 اسلام آباد: وفاقی حکومت آئندہ بجٹ میں تاجر دوست ایپ کے تحت رجسٹرڈ نہ  ہونے و الے تاجروں پر بھاری جرمانے عائد کرنے سمیت دیگر سزائیں متعارف کروانے کی تجاویز پر غور کررہی ہے۔  

ذرائع کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آئندہ بجٹ میں تاجر دوست ایپ میں شامل نہ ہونے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کیلیے ٹیکس قوانین میں ترامیم کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے جس کے تحت آئندہ بجٹ میں تجویز کردہ ترامیم کے تحت تاجر دوست ایپ میں رجسٹر نہ ہونے والے تاجروں کو نوٹس بھیجے جائیں گے اور ایپ سے رجسٹر نہ ہونے پر 10 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، غیر رجسٹرڈ کاروبار کے خلاف انکم ٹیکس آرڈیننس سیکشن 182 کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں نان فائلرز کے بینکوں سے کیش نکلوانے پر مزید ٹیکس لگانے کی تجویز بھی زیر غور ہے جس کے تحت نان فائلرز کے بینکوں سے 50 ہزار سے زائد رقم نکالنے پر ایڈوانس ٹیکس 0.6 فیصد سے بڑھا کر 0.9 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ نان فائلرز کے کیش نکالنے پر ایڈوانس ٹیکس میں اضافے سے 15 ارب روپے سے زائد جمع کرنے کا تخمینہ ہے، آئندہ بجٹ میں غیر ضروری اور لگژری اشیاء کی امپورٹ پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بجٹ میں 1300 سی سی سے زائد کی درآمدی گاڑیوں پر ٹیکس بڑھنے کا امکان ہے، آئندہ بجٹ میں 850 سی سی سے زائد کی تمام نئی گاڑیوں پر ود ہولڈنگ ٹیکس بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی ہے، بجٹ میں غیر ضروری اور لگژری آئٹمز پر ڈیوٹی بڑھائے جانے کا بھی امکان  ہے۔

اس کے علاوہ ایکسپریس کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو غیر ملکی کرنسی میں کی جانے والی سرمایہ کاری کی مالیت کے برابر ڈیویڈنڈ بیرون ملک منتقلی پر10 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی رعایت دینے اور 30 جون2026 تک پلانٹ اور مشینری میں کی جانے والی انویسٹمنٹ پر10 فیصد کریڈٹ دینے سمیت ڈیوٹی و ٹیکسوں میں رعایات کی دیگر تجاویز مسترد کردی ہیں۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کے باعث ٹیکسوں و ڈیوٹی میں رعایات و چھوٹ نہیں دی جاسکتی، دستاویز کے مطابق ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں ملک میں قائم کمپنیوں کو ڈیوڈنڈ کی رقم بیرون ملک اپنی اسپانسر کمپنیوں کو منتقلی کی سہولت کیلیے میکنزم وضع کررکھا ہے لہٰذا غیر ملکی کرنسی میں کی جانیوالی سرمایہ کاری کی مالیت کے برابر ڈیوڈنڈ بیرون ملک منتقل کرنے پر دس فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کا ریلیف نہیں دیا جاسکتا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مکمل ہونے والے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام میں یہ طے کیا گیا تھا کہ کسی قسم کا ترجیحی سلوک یا رعایت نہیں دی جائے،  اسی طرح ایف بی آ ر کا بھی کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی تجویز پر2019 سے پلانٹ اور مشینری میں کی جانے والی انویسٹمنٹ پر 10 فیصد کریڈٹ 10 فیصد سے کم کرکے صفر کیا گیا تھا لہٰذا اب اسے دوبارہ 2026 تک بحال نہیں کیا جاسکتا۔

دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کیپیٹل گڈز اور مشینری کی درآمد پر عائد ساڑھے پانچ فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح کم کرنے کی تجویز سے متعلق کہا ہے کہ کیپیٹل گڈز اور مشینری کی درآمد پر عائد ایڈوانس ٹیکس جمع کرواکر ود ہولڈنگ ٹیکس کی رعایت حاصل کی جاسکتی۔

البتہ ایف بی آر نے انڈر انوائسنگ کی روک تھام کیلیے وزارت تجارت،فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور ایس آئی ایف سی کے درمیان پارٹنر شپ و انٹیگریشن کی تجویز سے اتفاق کیا ہے اور اس بارے میں اگلے بجٹ میں میکنزم وضع کروائے جانے کا امکان ہے اس کے علاوہ ایف بی آر نے غیر پیداواری شعبوں پر 10 فیصد ٹیکس عائد کرنے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کیلیے ایف بی آر کی صلاحیت بڑھانے سے متعلق تجاویز سے بھی اتفاق کیا ہے اس کے علاوپچھلے شیڈول میں موجود ٹیکس رعایتیں ختم کرنے یا کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کا دورۂ یوکرین؛ نائٹ کلب میں گانا گاتے ہوئے نظر آئے

کیف: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن یوکرین کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انھیں ایک نئے روپ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو اپنے دورۂ یوکرین کے دوران نائٹ کلب میں گٹار بجاتے اور گانا گاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

انٹونی بلنکن نے امریکا کے آنجہانی گلوکار نیل ینگ کا مشہور گانا ’راکنگ ان دی فری ورلڈ‘ کو یوکرین کے دارالحکومت کیف کے ایک نائٹ کلب میں بینڈ 19.99 کے ساتھ گایا۔ یہ وہ گانا ہے جو سویت یونین سے آزادی کی تحریک کے وقت اپنی مقبولیت کے عروج پر تھا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے نائٹ کلب میں گانا گانے سے پہلے مختصر سی تقریر میں کہا کہ یوکرینی فوجی صرف یوکرین کی نہیں بلکہ ایک آزاد دنیا کے لیے لڑ رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یہی وجہ ہے کہ آزاد دنیا کو بھی روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کا ساتھ دینا چاہیے۔

انھوں نے یوکرین کے شہریوں کو امریکا کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہمیں اندازہ ہے اس وقت شہری کیا جھیل رہے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے گانے کے ساتھ ساتھ گٹار بھی بجایا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے اس پر ملا جلا رجحان سامنے آیا۔ کسی نے امریکی وزیر خارجہ کی گلوکاری کی تعریف کی۔

تاہم کچھ صارفین نے ان کے نغمے کے انتخاب پر اعتراض اُٹھاتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر جنگ آزادی کا نغمہ گانا جانبداری اور تفریق کو ہوا دینے کے متردف ہے۔

پی ٹی آئی جانتی ہے اسے کس کے پاؤں پکڑنے ہیں اسلیے وہ ہم سے مذاکرات نہیں چاہتی، بلاول

 اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی اور کہا کہ اپوزیشن اگر آئین کی بالادستی میں دلچسپی رکھتی ہے تو پیپلزپارٹی موجود ہے مگر اپوزیشن جانتی ہے اسے کس کے پاؤں پکڑنے ہیں اس لیے وہ سیاست دانوں سے بات نہیں کرنا چاہتی۔

قومی اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن ذاتی رونا دھونا نہ کرے بلکہ مسائل پر بھی بات کرے، بجٹ کے لیے اپوزیشن کی بھی تجاویز ہونی چاہئیں، اپوزیشن کی تنخواہ اس وقت حلال ہوگی جب وہ پارلیمنٹ میں مثبت کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جمہوری انداز میں بے شک احتجاج  کرے مگر اپوزیشن کے نمائندے اگر اپنے آپ کو منتخب سمجھتے ہیں تو عوام کے مسائل پر بات کریں کیوں کہ کوئی رکن اس وقت ہی ذمہ دار بن سکتا ہے جب وہ اپنے رونے دھونے کے بجائے عوامی بات کرے یہاں صدر زرداری نے بیس منٹ جبکہ اپوزیشن لیڈر نے ڈیڑھ گھنٹہ تقریر کی اور اپوزیشن لیڈر نے عوامی ایشوز پر بات نہیں کی۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ خیبرپختون خوا میں سندھ کے مقابلے کا ایک بھی ہسپتال نہیں سندھ سے کوئی دوسرے صوبے میں علاج کرانے نہیں جاتا دوسرے تمام صوبوں سے علاج کرانے لوگ سندھ آتے ہیں، سندھ حکومت کے پی کے حکومت کو دعوت دیتی ہے کہ وہ ہمارے ہسپتال آکر دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں گھوسٹ ٹیچرز کا مسئلہ بائیو میٹرک حاضری سے حل کردیا ہےتعلیمی اداروں کی نجکاری نہیں ہونی چاہیے۔

آزاد کشمیر کے معاملے پر بلاول نے کہا کہ حکومت نے آزاد کشمیر کا مسئلہ حل کرکے اچھا کیا ہے پاکستان کا موقف کشمیر و فلسطین پر صدر مملکت نے واضح بیان دیا، میں مذمت کرتا ہوں کہ جب صدر زرداری تقریر کررہے تھے تو اپوزیشن شور شرابہ کررہی تھی،
سفیروں کی موجودگی میں پاکستان کا مقدمہ کمزور کرنے کی کوشش کی گئی۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب سب صوبوں میں کسان پریشان ہے، حکومت اپوزیشن سب کہتے ہیں کسان معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اگر کشمیر ہماری شہ رگ ہے تو زراعت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، کسان کا جو استحصال ہوا ہے اس پر احتساب کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ باہر ملک کو ڈالرز دے کر گندم منگوائی گئی، پاکستان کے کسان کو گندم منگوانے کے فیصلے نے برباد کردیا، گندم کی درآمد پر کمیٹی کمیٹی کھیلنا بند کیا جائے اور نتیجہ سامنے لایا جائے، اگر معیشت کو ترقی دینی ہے تو کل نہیں آج ایکشن لینا پڑے گا، گندم درآمد کی وجہ سے سندھ نے گندم کم خریدی اور پنجاب خرید ہی نہیں رہا جس کی وجہ سے کسان کو گندم کی قیمت مل ہی نہیں رہی اور اب گندم کی ایکسپورٹ پر بھی پابندی لگادی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تلاش کریں کہ وہ کون سے وزرا اور سیکرٹریز تھے جنہوں نے گندم بلاضرورت درآمد کی اب وہ کون ہیں جو گندم برآمد نہیں کرنے دے رہے؟ بتایا جائے نالائق اور نااہل غیر منتخب وزرا و سیکرٹریز کون تھے جو اس معاملے میں ملوث تھے، وزیراعظم گندم اسکینڈل میں ملوث وزرا اور افسران کے خلاف ایکشن لیں اور حکومت گندم کی ایکسپورٹ پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کرے۔

بلاول نے اپنی تقریر میں پی ٹی آئی پر شدید تنقید کی، اپوزیشن لیڈر اور عمران خان پر بھی تنقید کی جس سے اپوزیشن ارکان بھڑک اٹھے اور شور شرابہ شروع کردیا، بلاول نے اسپیکر سے کہا کہ میں انہیں نظرانداز کررہا ہوں آپ بھی انہیں چھوڑ دیں۔

بلاول نے پی ٹی آئی کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی اور کہا کہ اپوزیشن اگر آئین کی بالادستی میں دلچسپی رکھتی ہے تو پیپلز پارٹی موجود ہے مگر اپوزیشن جانتی ہے اسے کس کے پاؤں پکڑنے ہیں اس لیے وہ سیاست دانوں سے بات نہیں کرنا چاہتی، اپوزیشن اسٹیبلشمنٹ کے پاؤں پکڑ کر خود ہی مداخلت کی دعوت دے رہی ہے، یہ لوگ بات حقیقی آزادی کی کرتے ہیں اور مطالبہ پاؤں پکڑنے کا کرتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پچھلی دفعہ پنجاب کو بزدار کی شکل میں تحفہ دیا مگر خیبرپختونخوا کا قصور کیا ہے؟ خیبرپختونخوا کا وزیر اعلی ان کی منافقت کا ثبوت ہے، یہ صوبے کے مسائل کی حل کی طرف کوئی دلچسپی نہیں رکھتے، انہوں نے کے پی کے کو جو تحفہ وزیراعلی کی شکل میں دیا یہ جو سمجھتے ہیں وزیراعلی انہوں نے بنایا کسی اور نے بنایا ہے، وہ وزیر اعلی بننے کے بعد سب سے پہلے کس سے ملتا ہے؟ وہ خان کو خوش رکھنے کیلئے ہمارے گورنر کے خلاف بیان دیتا ہے۔

بلاول کی تقریر کے دوران سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے شدید احتجاج کیا پہلے شور شرابہ کیا بعدازاں گو زرداری گو کے نعرے لگائے۔

بلاول نے کہا کہ اگر 9مئی کی معافی نہیں مانگیں گے تو بھگتنا پڑے گا، سیاست کرنا ہر کسی کا ہے حق مگر جمہوری انداز میں سیاست کریں، یہ احتجاج نہیں حکومت اور فوج کے خلاف بغاوت تھی تھا جو ناکام ہوئی، اپوزیشن لیڈر نو مئی اور 27 دسمبر بی بی کی شہادت کو جوڑنے کی کوشش نہ کریں، ہم نے کبھی ملک اور فوج پر حملہ نہیں کیا ہم محب وطن لوگ ہیں۔

تقریر پر سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کرلیا جب کہ کچھ لوگ بلاول بھٹو کے پاس پہنچ گئے جس پر پیپلز پارٹی اراکین نے بلاول بھٹو کے اطراف حصار بنالیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم شہادتیں دے کر لعشیں اپنے کندھوں پر اٹھا کر پاکستان ذندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں، ان کا لیڈر ایک رات جیل میں کاٹ کر ملک توڑنے کی بات کرتا ہے، یہ حقیقی آزادی نہیں یہ لیڈر کا۔رونا دھونا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اس نفرت دہشت گردی کی سیاست کو عوام کی عدالت میں شکست دے گی۔

چیئرمین پی پی کی تقریر جیسے ہی ختم ہوئی اسپیکر نے ہنگامے کے پیش نظر فوراً ہی اجلاس کل گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔

ٹی20 ورلڈکپ؛ کیا پاکستان، انگلینڈ کی ٹیمیں وارم اَپ میچز گنواسکتی ہیں؟

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ٹی20 سیریز کے باعث ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول میگا ایونٹ کے وارم اَپ میچز گنواسکتی ہیں۔

دونوں ٹیمیں آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ سے قبل 22 مئی کو مدمقابل آئیں گی جبکہ سیریز کا اختتام 30 مئی کو ہوگا۔

پاکستان ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز میزبان ملک امریکا کیخلاف میچ سے کرے گا، جو 6 جون کو شیڈول ہے جبکہ قومی ٹیم اگلا میچ روایتی حریف بھارت کیخلاف 9 جون، کینیڈا کیخلاف 12 جون اور آخری گروپ میچ آئرلینڈ کیخلاف 16 جون کو مدمقابل آئے گی۔

اسی طرح انگلش ٹیم اپنے ٹی20 ورلڈکپ مہم کا آغاز ویسٹ انڈیز سے کرے گی جہاں وہ 4 جون کو اسکاٹ لینڈ، 8 جون کو آسٹریلیا، 14 جون کا عمان اور 15 جون کو نمیبیا کے خلاف میدان میں اُترے گی۔

آئی سی سی نے میگا ایونٹ کیلئے وارم اَپ میچز کا تاحال اعلان نہیں کیا ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم جون سے شروع ہونے والے ایونٹ کے میچز 25 اور 26 مئی کو شیڈول رکھے جاسکتے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اِن تاریخوں کو میچز شیڈول رکھے گئے تو پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں وارم اَپ میچز کھیلنے سے محروم رہ سکتی ہیں۔

سنجے لیلا بھنسالی کی سیریز ‘ہیرامنڈی’ کی اداکاراؤں نے کتنا معاوضہ لیا؟

 ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کی ڈیبیو سیریز ‘ہیرامنڈی : دی ڈائمنڈ بازارا’ کی کاسٹ میں شامل اداکاراؤں کے معاوضے کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

یکم مئی کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی ویب سیریز ‘ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ کے ذریعے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر قدم رکھا ہے۔

اس سیریز کی میگا کاسٹ میں سوناکشی سنہا، منیشا کوئرالہ، ادیتی راؤ حیدری، ریچا چڈھا، سنجیدا شیخ، شرمین سیگل اور فردین خان شامل ہیں، ‘ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ کو 1940 کے دور میں سیٹ کیا گیا جبکہ اس میں دربار والوں اور طوائفوں کے درمیان تعلقات پر کہانی کی بنیاد رکھی گئی۔

ریلیز کے چند دن بعد بھارتی میڈیا نے ہیرامنڈی کی کاسٹ اور ہدایتکار کے معاوضے کی تفصیلات شیئر کردی ہیں، رپورٹکے مطابق ‘ہیرا منڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ کو بھارتی 200 کروڑ روپے کے بجٹ میں تیار کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ہیرامنڈی کے ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے تقریباََ 60 سے 70  کروڑ روپے معاوضہ لیا ہے جبکہ اداکاراؤں میں سب سے زیادہ معاوضہ سوناکشی سنہا نے 2 کروڑ روپے لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق منیشا کوئرالہ اور ریچا چڈھا نے ایک ایک کروڑ روپے معاضہ لیا جبکہ ادیتی راؤ حیدری کو ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے معاوضہ دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سنجیدہ شیخ کو 40 لاکھ  جبکہ سنجے لیلا بھنسالی کی بھانجی شرمین سیگل کو 30 لاکھ سے زائد کا معاوضہ ادا کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں مزید بتایا کہ ہیرامنڈی میں ولی محمد کا کردار ادا کرنے والے فردین خان کو 75 لاکھ روپے بطورِ معاوضہ ادا کیے گئے ہیں۔

فیملی وی لاگنگ کے نام پر فحش مواد کے خلاف درخواست پر پی ٹی اے سے رپورٹ طلب

  کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے فیملی وی لاگنگ کے نام پر سوشل میڈیا پر فحش مواد کی بھرمار کے خلاف درخواست پر درخواست گزار سے فحاشی پر مبنی مواد سے متعلق رپورٹس طلب کرلی۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو فیملی وی لاگنگ کے نام پر سوشل میڈیا پر فحش مواد کی بھرمار کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی اے وکیل اور دیگر فریقین عدالت میں پیش ہوئے۔

پی ٹی اے کے وکیل نے عدالت کو پیش رفت رپورٹ سے آگاہ کردیا۔ پی ٹی اے کے وکیل نے موقف دیا کہ 2 لاکھ سے زائد مواد کو سوشل میڈیا سے ختم کیا گیا ہے۔ ابھی دیگر ویب سائٹس بلاک کر رہے ہیں۔ مکمل رپورٹ جمع کرانے کیلئے مہلت دی جائے۔ ہمارے پاس کوئی ایسا سسٹم نہیں ہے کہ غیر قانونی اور فحاشی پر مبنی مواد خود بخود ڈیلیٹ ہو جائے۔

عدالت نے پی ٹی اے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ایسا سسٹم بنایا جائے جس سے غیر قانونی اور فحاشی پر مبنی مواد خود بہ خود ختم ہوجائے۔

درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ یہ مسئلہ صرف ایک فرد کا نہیں ہے یہ مسئلہ پوری سوسائٹی کا ہے، سوشل میڈیا ایپس فیس بک، انسٹا گرام، یوٹیوب اور دیگر ایپس پر نوجوان نسل کو غلط سبق دیا جارہا ہے، سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی اور فحاشی پر مبنی مواد کو پرموٹ کیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا سے غیر اخلاقی مواد اور فحاشی پر مبنی مواد کو ختم کیا جائے۔ سوشل میڈیا پر ایسا مواد اپلوڈ کیا جاتا ہے جس میں بے حیائی پھیلائی جارہی ہے۔

عدالت نے درخواست گزار سے فحاشی پر مبنی مواد سے متعلق رپورٹس طلب کرلی۔ عدالت نے پی ٹی اے کو فحاشی پر مبنی مواد براہ راست ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 29 مئی تک ملتوی کردی۔

چار سدہ انٹرچینج کے نزدیک فائرنگ، تین افراد جاں بحق ایک زخمی

 اسلام آباد: چار سدہ انٹرچینج کے نزدیک فائرنگ کے واقعے میں تین افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چارسدہ انٹرچینج کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کے تین افراد کو قتل کردیا ہے جب کہ ایک شخص زخمی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں و زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کے سبب پیش آیا۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

400 کلومیٹر رینج کے حامل فتح II گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ

 اسلام آباد: پاک فوج نے 400 کلومیٹر کی رینج کے ساتھ فتح II گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے، راکٹ سسٹم لانچ کرنے کا مقصد لانچ کی مشقوں اور طریقہ کار کو مکمل کرنا تھا۔

آئی ایس پی آر  کے مطابق جدید ترین نیوی گیشن سسٹم، منفرد رفتار اور قابل تدبیر خصوصیات سے لیس، فتح II انتہائی درستی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے اور کسی بھی میزائل ڈیفنس سسٹم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

الفتح -II کو پاکستان کے آرٹلری ڈویژنز میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ گہرے اہداف کو درست طریقے سے روکا جا سکے۔ راکٹ سسٹم پاکستانی فوج کے روایتی ہتھیاروں کی رسائی اور مہلکیت کو نمایاں طور پر اپ گریڈ کرے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فلائٹ ٹیسٹ کو چیف آف دی جنرل اسٹاف پاک فوج، تینوں سروسز کے سینئر افسران اور سائنس دانوں اور انجینئرز نے مشاہدہ کیا۔

صدر، وزیراعظم پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف اور تمام سروسز چیفس نے اس شاندار کامیابی پر حصہ لینے والے فوجیوں اور سائنس دانوں کو مبارکباد دی۔

“سونالی بیندرے نے شادی کی پیشکش قبول نہیں کی تو اغوا کرلوں گا”

 ممبئی: بالی ووڈ کی حسین اداکاراؤں میں سے ایک سونالی بیندرے نے پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کے وائرل بیان پر ردعمل دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران میزبان نے سونالی بیندرے سے پوچھا کہ پاکستانی فاسٹ بولر شعیب اختر نے ایک بار کہا تھا کہ وہ آپ (سونالی بیندرے) کو شادی کے لیے پروپوز کریں گے اور اگر آپ نے پیشکش قبول نہیں کی تو وہ آپ کو اغوا کرلیں گے، اس بیان کے بعد گوگل پر بھی آپ دونوں کا نام ساتھ دیکھا گیا تو آپ اس حوالے سے کیا کہیں گی؟

میزبان کے سوال کے جواب میں سونالی بیندرے نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں واقعی نہیں جانتی کہ شعیب اختر نے ایسا کب اور کیوں کہا، یہ جھوٹی خبر بھی ہوسکتی ہے کیونکہ اُس زمانے میں بھی جھوٹی خبریں ہوا کرتی تھیں۔

سونالی بیندرے کا جواب سُن کر میزبان نے کہا کہ شعیب اختر نے مذاق میں ایسا کہا تھا، وہ یہ کہنا چاہ رہے تھے کہ آپ اُنہیں بہت پسند ہیں اور وہ آپ کے مداح ہیں۔

یہ سُن کر سونالی بیندرے نے کہا کہ اگر شعیب اختر نے مذاق میں یہ سب کہا ہے تو اچھی بات ہے کیونکہ سب کی محبت سے ہی تو میرا کیریئر بنا ہے۔

واضح رہے کہ شعیب اختر نے گزشتہ سال اپنے یوٹیوب چینل کے وی لاگ میں اپنی اور سونالی بیندرے سے متعلق تمام افواہوں کی تردید کی تھی، اُن کا کہنا تھا کہ وہ کبھی سونالی بیندرے سے ملے ہی نہیں اور نہ ہی وہ اُن کے مداح ہیں۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کے بڑے بڑے چینلز اور اخبار اُن کے خلاف جھوٹی خبریں چلا رہے ہیں، اُنہوں نے کبھی سونالی بیندرے کو پروپوز کرنے سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔

قومی کرکٹر کا مزید کہنا تھا کہ وہ کینسر سے جنگ لڑنے پر سونالی بیندرے کو داد دیتے ہیں کیونکہ ایک خاتون کے لیے اتنی بڑی جنگ لڑنا آسان نہیں ہوتا۔

نجکاری کیلیے پیش کیے جانے والے 25 سرکاری اداروں کی فہرست قومی اسمبلی میں پیش

 اسلام آباد: حکومت نے نجی شعبہ کے حوالے کیے جانے والے 25 سرکاری اداروں کی فہرست قومی اسمبلی میں پیش کر دی۔

نجکاری کے لیے پیش کیے جانے والے اداروں کی فہرست قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر برائے نجکاری عبد العلیم خان نے پیش کی۔ حکومت کی جانب سے 25 ادارے نجی شعبے کے حوالے کیے جائیں گے۔

نجکاری کی فہرست میں شامل اداروں کے نام یہ ہیں۔ سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور، جناح کنونشن سینٹر آسلام آباد، پی آئی اے روزویلٹ ہوٹل ،پی آئی اے، پاکسثان ری انشورنس کمپنی، سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن ،فرسٹ ویمن بینک، سندھ انجنئیرنگ لمٹیڈ، پاکستان انجنئیرنگ کمپنی، بلوکی پاور پلانٹ، حویلی بہادر پاور پلانٹ، گڈو پاور پلانٹ ،نندی پور پاور پلانٹ ،فیصل آباد، اسلام اباد، لاہور، گجرانوالہ، ملتان، پشاور، حیدر آباد، کوئٹہ، سکھر اور قبائلی الیکٹرک سپلائی کمپنیاں بھی فہرست میں شامل ہیں