سعودی عرب میں نئے سال پر شاندار آتش بازی، کنسرٹ کا انعقاد

ریاض: نئے سال کی آمد پر سعودی عرب میں آتشبازی کے ساتھ ساتھ کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں نئے سال کے آغاز پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ہزاروں افراد نے جن میں غیرملکی بھی شامل تھے نئے سال کو خوش آمدید کہا۔ریاض سیزن کے تحت کنسرٹ کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں ملکی اور غیر ملکی گلوکاروں نے پرفارم کیا۔ موسیقی اور راگ رنگ کا یہ سلسلہ رات بھر جاری رہا۔

غزہ میں ہزاروں مسلمانوں کی شہادت پر پاکستان سمیت متعدد ممالک میں نئے سال کی تقریبات منسوخ کردی گئی تھیں تاہم سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں سال نو پر آتش بازی اور تقریبات معمول کے مطابق منعقد ہوئیں۔

ویب سائٹ ہیک؛ فلم ’ڈھائی چال‘ کا نام اور بھارتی جھنڈے کی جگہ پاکستانی پرچم نمایاں

اسلام آباد: ہیکرز نے انڈین گزیٹ کی ویب سائٹ ہیک کر کے پاکستانی فلم ‘ڈھائی چال’ کا نام اور پاکستانی پرچم ویب سائٹ پر نمایاں کر دیا۔

ہیکرز نے انڈین گزیٹ کی ویب سائٹ ہیک کر کے حال ہی میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ‘ڈھائی چال’ کا نام اور بھارتی جھنڈے کی جگہ پاکستانی پرچم ویب سائٹ پر نمایاں کر دیا جس پر ایگل کا نشان بھی بنا ہوا ہے۔

فیصل پروڈکشن کی فلم ‘ڈھائی چال’ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے گرد گھومتی ہے جسے پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 3 مارچ 2016 کو گرفتار کیا تھا، فلم دیکھنے کے لیے عوام بالخصوص نوجوان بڑی تعداد میں سینما گھروں کا رخ کر رہے ہیں۔

فلم بینوں کا کہنا ہے پروڈیوسر ڈاکٹر عرفان اشرف نے جس طرح صوبہ بلوچستان کی کہانی کو دنیا کے سامنے پیش کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

ڈیوڈ وارنر ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرڈ

سڈنی: آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

ڈیوڈ وارنر نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی فیملی کو زیادہ وقت دینا چاہتا ہوں۔

ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے باوجود چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گا، اگر آسٹریلوی ٹیم چاہے تو مجھے ایونٹ میں شامل کر سکتی ہے۔

ڈیوڈ وارنر نے 161 میچز میں ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 33 نصف سنچریوں اور 22 سنچریوں کی مدد سے 6932 بنائے ہیں۔ انہوں نے 179 رنز کی بڑی اننگز بھی کھیل رکھی ہے۔

آسٹریلوی کرکٹر نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا اور 3 جنوری کو اپنا آخری ٹیسٹ پاکستان کے خلاف سڈنی میں کھیلیں گے۔