190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس؛ عمران خان کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری دائر

اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز کرپشن کیس میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کردی گئی۔

عمران خان کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ، انتظار پنجوتھہ، علی اعجاز کے ذریعے درخواست احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کی گئی ہے، جس پر جج محمد بشیر نے نوٹسز جاری کردیے ہیں۔ درخواست ضمانت میں چیئرمین نیب اور ڈائریکٹر جنرل نیب کو فریق بنایا گیا ہے ۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار سابق وزیراعظم اور معروف کرکٹر رہ چکے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سیاسی بنیادوں پر ان کی شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس کے فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔
احتساب عدالت کی جانب سے نوٹسز جاری کیے جانے کے بعد نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے کمرہ عدالت ہی میں نوٹس وصول کرلیا۔ عدالت نے سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کردی۔

نادرا کا انوکھا کارنامہ ایک لڑکے کی تین مائیں بنا ڈالیں

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے انوکھا کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایک لڑکے کی 3 مائیں بنا ڈالیں۔

عمر رضا نامی لڑکے کی والدہ نے نادرا کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نادرا ریکارڈ کے مطابق ان کے 17 سالہ بیٹے کی تین مائیں ہیں۔

وکیل درخواست گزار ناصر احمد کا کہنا ہے کہ نوجوان عمر رضا کے والدین میں علیحدگی ہو گئی ہے، نادرا ریکارڈ میں ایک جگہ عمر رضا کی دادی اس کی ماں ہے تو دوسری جگہ سوتیلی ماں کو والدہ دکھایا گیا ہے۔

درخواست گزار خاتون کے وکیل کا کہنا ہے کہ نادرا ریکارڈ میں نوجوان کی تین ماؤں کی وجہ سے بچے کے لیے مستقل میں مسئلہ ہو سکتا ہے، اس کی تعلیم میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔

عمر رضا کی سگی والدہ صدف کی جانب سے دائر درخواست پر سندھ ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے نادرا سے جواب طلب کر لیا ہے۔

مودی سرکار کے عالمی سطح پر دوبارہ دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ناقابلِ تردید ثبوت منظر عام پر آ گئے

اسلام آباد /نیویارک:مودی سرکار کے عالمی سطح پر دوبارہ دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ناقابلِ تردید ثبوت منظر عام پر آ گئے،نیویارک اٹارنی جنرل نے امریکہ میں گرفتار بھارتی را ایجنٹوں کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ پیش کر دی۔ نیویارک اٹارنی جنرل کے مطابق بھارتی را ایجنٹوں نے مودی سرکار کی ایما پر گروپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کا پلان بنایا، امریکی خفیہ اداروں کے مودی سرکار کیخلاف اسٹنگ آپریشن کے مطابق مودی سرکار نے رواں سال مئی میں گروپتونت سنگھ پنوں کو امریکی سرزمین پر قتل کرنے کا فیصلہ کیا۔نیو یارک میں تعینات بھارتی را ایجنٹس نے بدنام زمانہ منشیات اسمگلر نکیل گپتا کو اجرتی قاتل ڈھونڈنے کا کہا،نکیل گپتا نے ایک اور جرائم پیشہ ساتھی جو کہ امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کا سورس تھا کو یہ کام سونپا۔امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی، ایف بی آئی، سی آئی اے اور محکمہ انصاف نے مودی سرکار کو رنگے ہاتھوں پکڑنے کا منصوبہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق منصوبے کے تحت امریکی انڈر کور اہلکاروں نے اجرتی قاتلوں کا روپ دھار کر نکیل گپتا اور را ایجنٹوں سے ملاقات کی،ملاقات میں نیویارک میں مقیم سکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنوں کو ایک لاکھ ڈالرز کے عوض قتل کرنے کی ڈیل ہوئی،9 جون کو نکیل گپتا نے انڈر کور امریکی اہلکاروں پنوں کے قتل کے لیے 15 ہزار ڈالر کی ادائیگی بھی کی۔ رپورٹ کے مطابق 19 جون کو کینیڈا میں پردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد نکیل گپتا نے انڈر کور امریکی اہلکاروں کو پنوں کو بھی قتل کرنے کا پیغام بھیجا،ثبوت ہاتھ آنے پر امریکی خفیہ ایجنسیوں نے نکیل گپتا کو 30 جون کو چیک ری پبلک سے گرفتار کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی نژاد کینیڈین سکھوں کے قتل کے بعد امریکی خفیہ ادارے پہلے سے ہائی الرٹ پر تھے، رپورٹ کے مطابق جون میں ایف بی آئی نے امریکہ میں مقیم بوبی سنگھ، امرجیت سنگھ اور گروپتونت سنگھ کو مودی سرکار کی طرف سے ممکنہ ٹارگٹ کلنگ کی وارننگ بھی دی گئی،معاملہ سامنے آنے پر بائیڈن انتظامیہ کی طرف سے مودی سرکار سے وضاحت طلب کی گئی۔رپورٹ کے مطابق امریکی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر جیک سلیوان نے اگست میں اجیت دوول سے ملاقات میں معاملہ اٹھایا، رپورٹ کے مطابق اگست میں سی آئی اے اور نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہان نے بھی را چیف روی سنہا کو ایسی کاروائیوں کے نتائج سے انتباہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق ستمبر میں جی ٹوئینٹی کانفرنس کے دوران بھی صدر بائیڈن نے مودی سے ایسی کاروائیوں سے گریز کرنے کا مطالبہ کیا،19 ستمبر کو کینیڈین وزیراعظم ٹروڈو نے بھی پردیپ سنگھ نجر کے قتل میں مودی سرکار کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا،بھارتی ہٹ دھرمی اور تحقیقات میں تعاون نہ کرنے کی وجہ سے بھارت اور کینیڈا کے تعلقات شدید متاثر ہوئے تھے، رپورٹ کے مطابق نجر قتل کے جواب میں کینیڈا نے بھارت میں اپنے بیشتر سفارت خانے بند کر دیے تھے

امریکا کے سابق وزیر خارجہ ہنری کسنجر انتقال کرگئے

واشنگن :امریکا کے سابق وزیر خارجہ ہنری کسنجر انتقال کر گئے۔ وہ نوبیل انعام یافتہ سفارتکار تھے اور ان کی عمر 100 برس تھی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان کی فرم ڈاکٹر کسنجر ایسوسی ایٹس نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ ایک معزز امریکی اسکالر اور تجربہ کار شخصیت ہنری کسنجر کنیکٹی کٹ میں اپنے گھر میں انتقال کر گئے۔بیان میں کہا گیا کہ ہنری کسنجر کی آخری رسومات کے لیے ان کے اہل خانہ کی جانب سے نجی طور پر اہتمام کیا جائے گا، بعدازاں یادگاری تقریب نیویارک میں منعقد کی جائے گی۔بیان میں ان کی موت کی کوئی وجہ فراہم نہیں کی گئی، ہنری کسنجر 100 برس کی عمر میں آخری وقت تک انتہائی فعال رہے، وہ رواں برس جولائی میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے لیے چین گئے تھے۔سابق وزیر خارجہ نے کئی کتابیں لکھیں جن میں سفارتکاری اور قیادت سے متعلق امور پر غیر معمولی امور زیر بحث لائے گئے تھے۔چین کے ساتھ امریکا کے تعلقات ہنری کسنجر کی سب سے یادگار میراث میں سے ایک ہے۔ انیس سو ستر میں وہ صدر رچرڈ نکسن کے دور میں وزیر خارجہ تھے۔انہوں نے سوویت یونین کے خلاف سرد جنگ کے پیشِ نظرخفیہ طور پر چین کا دورہ کیا تھا جس کی وجہ سے امریکا اور چین کے تعلقات کی راہیں کھلی تھیں۔ہنری کسنجر نے سیکریٹری آف سٹیٹ اور نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں، ان کو ویتنام کی جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات پر نوبیل پرائز سے نوازا گیا۔ہنری کسنجر امریکا کے انتہائی متنازع مگر قابل احترام سفارتکاروں میں سے ایک تھے، ہنری کسنجر کا انتقال ریاست کنیکٹی کٹ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔امریکی میڈیا کے مطابق ہنری کسنجر آخری وقت تک انتہائی فعال رہے، وہ وائٹ ہاس میں میٹنگز میں بھی شریک ہوتے رہے تھے۔سابق وزیر خارجہ نے کئی کتابیں لکھیں جن میں سفارتکاری اور قیادت سے متعلق امور پر غیرمعمولی امور زیر بحث لائے گئے تھے۔انیس سو ستر میں وہ صدر رچرڈ نکسن کے دور میں وزیر خارجہ تھے اور انہوں نے اس وقت چین کا دورہ کیا تھا جس کی وجہ سے امریکا اور چین کے تعلقات کی راہیں کھلی تھیں۔ہنری کسنجر ہی کی بدولت امریکا اور روس کیدرمیان ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے سے متعلق بات چیت ممکن ہوئی تھی اور اسرائیل کے عرب ممالک سے تعلقات میں بھی وہی پیش پیش تھے۔ پیرس امن معاہدے میں بھی ان کا کردار تھا۔

پی ٹی آئی کے کل کے فیصلے سے لگتا ہے انکو بلے کا نشان ملے گا،سابق وزیر داخلہ شیخ رشید

عدالت نے پنجاب حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دی ہے کہ شیخ رشید کے کیسز کی مکمل رپورٹ جمع کرائیں۔
نو مئی کے واقعات میں کسی وڈیو یا مظاہرے میں شریک نہیں تھا۔
چلہ کاٹنے کے بعد میرا نام نو مئی کے مقدمات میں ڈالا گیا ہے۔
جس بندے نے میری گاڑی کی ضمانت دی تھی اسکو بھی اٹھایا گیا تھا۔
نواز شریف کو ریلیف ہی ریلیف ہے انکو لمبا ریلیف ملے گا۔
جو شخص عوام کو بیوقوف سمجھتا ہے وہ خود سب سے بڑا بیوقوف ہے۔
میں نے کسی کو کسی کے ہاتھ کوئی پیعام نہیں بھیجا ہے۔
دس تاریخ سے الیکشن کیمپین شروع کرونگا۔
پی ٹی آئی کے کل کے فیصلے سے لگتا ہے انکو بلے کا نشان ملے گا۔
انکا خیال تھا کہ یہ مجھے لال حویلی سے باہر پھینکینگے لیکن عزت اللہ دینے والا ہے۔
الیکشن کیلئے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آ ٹھ فروری کی تاریخ مقرر کررکھی ہے۔
مجھ سے ایسی بات نہ کہلوائیں کہ چالیس دن کا چلہ کاٹنے کے بعد مجھے پھر چلہ کاٹنا پڑے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی میڈیا سے گفتگو۔

سوات: تحریک انصاف کے 42 کارکنان کی ضمانت منظور

انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے 42 کارکنان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا، ملزمان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج تھے۔

سوات کی انسداد دہشت گردی عدالت میں دہشت گردی کے مقدمات کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنان کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے سہیل سلطان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے پی ٹی آئی کے 42 کارکنان کی ضمانت منظور کرلی اور تمام گرفتار کارکنان کی رہائی کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ خوازہ خیلہ میں کنونشن کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کیا گیا تھا اور تمام کارکنان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کئے گئے تھے۔

ایف بی آر سے کامیاب مذاکرات کے بعد پی آئی اے کے تمام اکاؤنٹس بحال

پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے درمیان مذاکرات طے پا گئے۔

مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ایف بی آر نے قومی ائر لائنز کے منجمد کیے گئے تمام اکاؤنتس بحال کردیے، جس کے احکامات جاری بھی کردیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اور ایف بی آر کا لارج ٹیکس یونٹ معاملے کے دوران رابطے میں رہے تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو مجموعی طور پر ساڑھے 4 ارب کی ادائیگی کرنی ہے، پی آئی اے نے فروری سے لے کر اب تک ریٹرن فائل نہیں کیے۔

ن لیگی قائد نواز شریف پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے ہیں، پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، ان کی آج راناثنااللہ، ایازصادق سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات متوقع ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف رہنماؤں سے ملاقات میں انتخابات کی تیاریوں اور انتخابی حکمت عملی پر مشاورت کریں گے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو گزشتہ روز ایون فیلڈ ریفرنس میں بری کردیا گیا تھا، جس کے بعد وہ رات کو ہی لاہور واپس آگئے تھے۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف نوازشریف کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن نے سماعت کی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے دلائل سننے کے بعد ن لیگ کے قائد نوازشریف کو ایون فیلڈ کیس میں بری کردیا۔ عدالت نے احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کو عمرے پر جانے روکنے پر حکومت سے جواب طلب

رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی کو پشاور ائر پورٹ پر آف لوڈ کرنے پر عدالت نے حکومت سے جواب طلب کرلیا ہے۔

پشاورہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی کو ائیر پورٹ پر روکنے کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس اعجاز انور اور جسٹس عتیق شاہ نے سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ شوکت یوسفزئی عمرہ کے لئے جارہے تھے، انہیں آف لوڈ کردیا گیا۔

جسٹس اعجاز انور نے وکیل سے استفسار کیا کہ شوکت یوسفزئی کا نام ای سی ایل یا اسٹاپ لسٹ میں ہے۔ جس پر وکیل نے بتایا کہ ان کا نام ای سی ایل یا اسٹاپ لسٹ میں نہیں ہے۔

جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے وکیل سے استفسار کیا کہ شوکت یوسفزئی نے پریس کانفرس کی تھی۔ جس پر وکیل نے کہا کہ پریس کانفرنس نہیں کی اس وجہ سے تو یہ ہورہا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ حکومت ایک ہفتے میں جواب جمع کرائے۔ کیس کی سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

 

 

شوکت یوسفزئی کو آف لوڈ کردیا گیا

22 نومبر کو رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی کو پشاورایئرپورٹ پر آف لوڈ کر دیا گیا تھا۔ جس پر سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مجھے عدالت سے کلئیرنس ملی تھی اس لئےعمرے کا پروگرام بنایا تھا۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ میرا نام نہ ہی ای سی ایل میں ہے اور نہ ہی مجھ پر کوئی ایف آئی آر ہے، میں نے سب کچھ پہلے کلیئر کیا تھا، لیکن مجھے اچانک آف لوڈ کر دیا گیا۔

 

 

شوکت یوسفزئی آف لوڈ ہونے کے بعد پشاور ہائی کورٹ پہنچ گئے، جہاں میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی شہری ہوں، میرے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے، میں عمرہ کے لئے جارہا تھا، مجھے ائیر پورٹ پر روک لیا گیا، اور کئی گھنٹے روک کر رکھا گیا۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست ہے، میرا نام ای سی ایل پر نہیں ہے اور نہ اسٹاپ لسٹ پر ہے، میں پشاور ہائیکورٹ آیا ہوں کیوں کہ ہم آئین و قانون پر یقین رکھتے ہیں۔

مولانا طارق جمیل کی ثناء خان کے ’طارق جمیل‘ سے دُبئی میں ملاقات

اسلام کی خاطر شوبزکو خیرباد کہنے والی سابق بھارتی اداکارہ ثناء خان کی بیٹے اور شوہر کے ہمراہ معروف مذہبی اسکالر طارق جمیل سے ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

سابق بھارتی اداکارہ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر فالوورز کے لیے ویڈیو شیئر کی۔

ویڈیو میں اداکارہ کے بیٹے طارق کو مذہبی اسکالرمولانا طارق جمیل کی گود میں دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جونیئر طارق جمیل سینئر حضرت مولانا طارق جمیل صاحب سے ملاقات کر رہے ہیں‘۔

 

View this post on Instagram

 

 

ویڈیو میں مولانا طارق جمیل کو ننھے طارق کے ساتھ کھیلتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’ہماری طرف سے مولانا طارق جمیل کیلئے دلوں کی گہرائی سے محبت اور بہت سارا احترام‘۔

ثناء خان نے مزید کہا کہ ’مولانا کو دیکھ کرواقعی اللہ یاد آجاتا ہے۔ وہ اندر سے خوبصورت انسان ہیں، اللہ تعالیٰ ان کی ہمیشہ حفاظت فرمائے اور انہیں صحت عطا فرمائے‘۔

 

 

ثناء خان نے مزید کہا کہ ’لوگ آپ کو توڑنے کی کوشش کر سکتے ہیں اور آپ کو اپنے مفاد کیلئے نشانہ بنا سکتے ہیں لیکن ہمیں مضبوط ہونا پڑے گا اور یہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی طرف سے بھی ایک امتحان ہے‘۔

سابقہ بالی ووڈ اداکارہ ثنا خان نے 2020 میں مفتی انس سعید سے شادی کی تھی، یہ جوڑا اکثروبیشتر سوشل میڈیا پر وائرل رہتا ہے۔

 

 

رواں سال اس جوڑے کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام اداکارہ نے طارق جمیل رکھا ہے۔

اداکارہ کے مطابق ان کی یہ خواہش تھی کہ ان کا بیٹا بڑا ہوکر مولانا طارق جمیل جیسا بنے۔

خیبرپختونخوا میں نزلہ زکام اور کھانسی کے ایک لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ

پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں نزلہ زکام، کھانسی اور سینہ کے امراض پھیلنے لگ گئے۔

صوبے میں 6 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 1 لاکھ 30 ہزار 284 کیسز رپورٹ ہوئے، انفلوئنزا وائرس کے پھیلاؤ پر محکمہ صحت نے ایڈوائزری جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے 35 اضلاع میں انفلوئنزا کے کیسز سامنے آئے، سب سے زیادہ 28 ہزار 674 کیسز جون کے مہینےمیں رپورٹ ہوئے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مئی میں 28 ہزار 402 کیسز، جولائی میں17 ہزار 446 اور اکتوبر میں نزلہ زکام اور کھانسی کے 19 ہزار 520 کیسزسامنے آئے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کیلیے آسٹریلیا روانہ

 لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم لاہور سے آسٹریلیا روانہ ہوگئی، قومی اسکواڈ براستہ دبئی سڈنی سے کینبرا پہنچے گا۔

ٹیم میں 18 کھلاڑی شامل ہیں جبکہ مینجمنٹ کے دو ارکان ڈاکٹر سہیل اور شاہد اسلم اسکواڈ کو بعد میں جوائن کریں گے۔ بیٹنگ کوچ ایڈم ہولیوک اور ہائی پرفارمنس کوچ سائمن گرانٹ ہیلمٹ آسٹریلیا میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہوگا۔ شان مسعود ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کریں گے۔

نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی

سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔

احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزرائے اعظم نوازشریف، یوسف رضا گیلانی اور سابق صدر آصف زرداری کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی۔

نوازشریف کے وکیل قاضی مصباح اور پلیڈر راناعرفان عدالت میں پیش ہوئے۔ جب کہ نیب پراسیکیوٹرعرفان بھولا اور سہیل عارف بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

نوازشریف کے وکیل قاضی مصباح کے دلائل

وکیل قاضی مصباح نے مؤقف اختیار کیا کہ نوازشریف شامل تفتیش ہو چکے، سوالنامہ مہیا کیا گیا تھا، نوازشریف نے سوالنامے کا جواب داخل کر دیا ہے۔

قاضی مصباح نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف 2019 میں ریفرنس بنایا گیا تھا، اس وقت نوازشریف انتہائی علیل تھے، انہوں نے گاڑی لینے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا تھا، اور یہ ریکارڈ پرموجود ہے کہ نوازشریف نے گاڑی نہیں مانگی تھی۔

نیب پراسیکیوٹر نے تصدیق کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ نوازشریف کی جانب سے جواب جمع ہو گیا ہے، یہ تفتیشی نے بتا دیا ہے، مزید کارروائی ہو گی،اس کیلئے کچھ وقت درکار ہو گا۔

نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ریفرنس میں نوازشریف کی گاڑی لکھی جس کی واپسی کا ریکارڈ نہیں، جب کہ ایسے دستاویز نہیں کہ نوازشریف نے کوئی گاڑی مانگی ہو۔

جج محمد بشیر نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ اب اس پر کیا کریں گے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی نوازشریف کا بیان دیکھیں گے، پھر مزید کارروائی ہوگی۔

احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس کی سماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی۔