نگران حکومت میں افسران کے تبادلوں سے متعلق درخواست خارج

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نگران دور حکومت میں الیکشن کمیشن کے حکم پر افسران کے تبادلوں سے متعلق کیس میں درخواست گزار ممبر سی ڈی اے وسیم حیات باجوہ کی جانب اپنی درخواست واپس لے لینے پر خارج کردی۔

عدالت عالیہ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کی ۔ وکیل درخواستگزارعدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ وسیم حیات باجوہ کیس مزید نہیں چلانا چاہتے کیس واپس لینا چاہتے ہیں.

عدالت نے کیس واپس لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست خارج کردی۔ آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد سمیت اہم بیوروکریٹس کے تبادلوں متعلق عدالت نے جواب طلب کر رکھا تھا.
الیکشن کمیشن نے مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور آئی جی سندھ کے تبادلے کے احکامات جاری کئے تھے. الیکشن کمیشن نے چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر کے تبادلے کی بھی سفارش کی تھی۔

پاک فوج کا تیراہ ایجوکیشن کمپلیکس میں تین سائنس لیبارٹریز کا افتتاح

پشاور: ضلع اورکزئی میں پاک فوج کی جانب سے تیراہ ایجوکیشن کمپلیکس میں تین سائنس لیبارٹریز کا افتتاح کر دیا گیا۔

پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ کے باہمی اشتراک سے تیراہ ایجوکیشن کمپلیکس میں طلباء کے تعلیمی قابلیت کو تقویت دینے کے لیے تین جدید سائنس لیبارٹریز کا افتتاح کیا گیا۔

سال 2019 میں قائم کیے گئے تیراہ ایجوکیشن کمپلیکس میں طلباء کے لیے جدید تعلیمی وسائل کی کمی تھی۔ اس اہم ضرورت کو پورا کرنے کے لیے پاک فوج اور فرنٹیئر کور نارتھ نے فزکس، کیمسٹری اور بیالوجی کی جدید ترین لیبارٹریوں کی تعمیر کا بیڑا اٹھایا، جن میں سے ہر ایک تمام مطلوبہ سہولیات سے آراستہ ہے تاکہ طلباء کو سیکھنے اور تجربہ کرنے میں آسانی ہو۔
طلباء نے نئی سہولیات کی فراہمی پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ان کے تعلیمی سفر پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

واضح رہے کہ یہ علاقہ کبھی دہشتگردی کی نظر ہوگیا تھا آج وہاں جدید علوم کا راج ہے۔

ڈاکٹروں نےعورت کے کان کی جانچ کرنے پر زندہ مکڑی نکال لی

ہر شخص اپنی صحت کے حوالے سے ہمیشہ احتیاط سے کام لیتا ہے لیکن کبھی کبھی کچھ ایسا ہوجاتا ہے جس کے بارے میں آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔

ایسا ہی کچھ تائیوان میں ایک خاتون کے ساتھ ہوا جب اپنے کان میں آنے والی عجیب سی آوازوں نے اسے بہت ذیادہ پریشان کیا تواس نے تائیوان کے تائینان میونسپل اسپتال میں کان، ناک اور گلے کے کلینک کا دورہ کیا۔

جہاں ای این ٹی اسپیشلسٹ کی جانچ کے بعد انھوں نے اس کے کان سے حیرت انگیز طور پر ایک چھوٹی مکڑی دریافت کی۔

ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا خاتون کو جب کلینک میں چیک اپ کے لئے لایا گیا تو اس نے بتایا کہ وہ کان کی اس تکلیف میں 4 دن سے مبتلا ہے اوراسے سوتے میں بھی غیر معمولی آوازیں پریشان کررہی تھیں۔

معائنہ کرنے پر ڈاکٹرز نے ایک چھوٹی مکڑی کو بائیں کان کی بیرونی سننے والی نالی کے اندر گھومتے ہوئے دیکھا، جہاں اس کے ساتھ مکڑی کا بیرونی ڈھانچہ (مولڈ ایکسوسکیلیٹن) بھی موجود تھا۔

خردبرد کیس: سابق وزیر تیمور جھگڑا نیب آفس پیش

پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑا کورونا وبا کے دوران سامان کی خریداری میں خردبرد کیس میں نیب کے سامنے پیش ہوگئے، جہاں نیب نے انہیں سوالنامہ تھما دیا۔

سابق صوبائی وزیر تیموجھگڑا نیب آفس خیبر پختونخوا میں پیش ہوگئے، سابق وزیر کو کورونا سامان کی خریداری میں کے پی آر اے رولز اور دیگر قواعد کی خلاف ورزی کیس میں طلب کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق نیب جے آئی ٹی نے سابق صوبائی وزیر سے پوچھ گوچھ کی، اور انہیں سوالنامہ تھما دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق صوبائی وزیر کو کورونا وبا کے دوران سامان کی خریداری میں خردبرد میں نیب طلب کیا گیا تھا، اور نوٹس میں بتایا گیا کہ سامان کی خریداری میں کے پی اراے رولز اور قواعد کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔

نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پلاسٹک کے 250 روپے والے جوتے کی قیمت 1950 روپے بتائی گئی، 9 ہزار روپے کے تھرما میٹر کی قیمت 11 ہزار روپے لگائی گئی، جب کہ
پی پی ایز کٹس مہنگی خرید کر قومی خزانے کو 10 کروڑ 24 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ اور حفاظتی کٹس کی قیمت خریداری کے بعد مارکیٹ کی قیمت سے زیادہ درج کی گئی۔

دوسری جانب سابق صوبائی وزیر تیمور جھگڑا نے کہا ہے کہ جب نیب بلائے میں حاضر ہوں گا، نیب کو ہر قسم کی معاونت فراہم کروں گا، میرے ہاتھ صاف ہیں، معاونت فراہمی کو فرض سمجھتا ہوں۔

فلسطینیوں کو پرامن جدوجہد سے کچھ نہیں ملا، اسرائیل مسلح مزاحمت ختم نہیں کر سکتا، فرید زکریا

بھارتی نژاد امریکی صحافی اور جیو پولیٹیکل ماہر فرید زکریا نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے غیر متشدد مزاحمت نے فلسطینیوں کو کہیں نہیں پہنچایا اور اس احساس نے ان میں مسلح مزاحمت کے خیال کو پروان چڑھایا ہے۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں فرید زکریا نے کہا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں جاری زمینی کارروائی سے حماس کو مہلک دھچکا دینے میں کامیاب ہو جائے گا مگر وہ غزہ میں مسلح مزاحمت کے تصور کو تبدیل نہیں کر سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلح مزاحمت کا مقابلہ کرنے کے لئے، اسرائیل کو یہ ظاہر کرنا ہوگا کہ غیر متشدد مزاحمت کام کرتی ہے۔

فرید زکریا کا کہنا تھا کہ فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے مذاکرات، دہشت گردی کو تسلیم کرنے اور اسے ترک کرنے سمیت غیر متشدد مزاحمت کو کچھ حاصل نہیں ہوا۔ انہوں نے لوگوں کو مغربی کنارے پر ایک ریاست بنانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن انہیں صرف زیادہ چیک پوائنٹس، زیادہ فوجی قوانین اور ان کے خلاف مزید تشدد ملا۔

بھارتی نژاد امریکی صحافی نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ بہت چالاک اور موقع پرست سیاست دانوں میں سے ایک ہیں، البتہ اگر نیتن یاہو کی حکومت گر جاتی ہے تو بھی اسرائیل میں بائیں بازو کو کوئی موقع نہیں ملے گا۔

غیر قانونی و غیر ملکی کی بے دخلی کی ڈیڈ لائن میں چند گھنٹے باقی، 49 ہولڈنگ پوائنٹس قائم

غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن میں چند گھنٹے باقی رہ گئے ہیں، حکومت نے مہلت ختم ہوتے ہی غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ان افراد کے لئے ملک بھر میں 49 ہولڈنگ پوائنٹس بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں غیر قانونی و غیر ملکی افراد کی وطن واپسی کے لیے 49 ہولڈنگ ایریا اور پوائنٹس قائم کردیے گئے ہیں جس کا مقصد ان افراد کی جانچ پڑتال کر کے انہیں باعزت طریقے سے بارڈر پار کروانا ہے۔

پنجاب میں تمام 36 اضلاع میں ہولڈنگ سینٹرز بنا دیے گئے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں تین ہولڈنگ پوائنٹس بشمول پشاور، ہری پور اور لنڈی کوتل میں قائم کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ سندھ میں بھی تین ہولڈنگ پوائنٹس کیماری، ملیر اور پی آئی ڈی سی حاجی کیمپ میں بنائے گئے ہیں، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہولڈنگ کیمپ میں 72 خیمے لگائے جائیں گے جہاں مرد و خواتین کو الگ الگ فلورز پر رکھا جائے گا۔

ہولڈنگ کیمپ میں میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں گی، نادرہ، ایف آئی اے، اسپیشل برانچ کے اہلکار بھی کیمپ میں موجود ہیں جب کہ نادرہ کے ذریعے ہولڈنگ کیمپ میں لائے گئے تمام افراد کا ریکارڈ چیک کیا جائے گا۔

کراچی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین وطن کو روزانہ کی بنیادوں پر بس کے ذریعے کراچی سے افغانستان روانہ کیا جائے گا، ہولڈنگ کیمپ پر پولیس کی جانب سے فوول پروف سکیورٹی بھی فراہم کی جارہی ہے۔

انتظامیہ نے بتایا کہ کراچی میں قائم ہولڈنگ سینٹرز میں اندرون سندھ سے بھی غیر قانونی تارکین وطن لائے جائیں گے۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں تین ہولڈنگ پوائنٹس کوئٹہ، پشین اور چاغی میں بنائے گئے ہیں جب کہ گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں ایک ایک ہولڈنگ پوائنٹ قائم کیا جا چکا ہے۔

غیر قانونی مقیم افراد کی وطن واپسی کے لیے 8 کراسنگ پوائنٹس استعمال کیئے جائیں گے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے افغانستان بارڈر سے ملحقہ علاقوں کا استعمال کیا جائے گا۔

یکم نومبر سے پاک افغان بارڈر پر ون ڈاکومنٹ (پاسپورٹ) ریجیم بھی نافذالعمل کردی جائے گی۔

گزشتہ روز ذرائع کا کہنا تھا کہ 92 ہزار 928 غیر قانونی مقیم باشدے واپس اپنے وطن جا چکے ہیں جب کہ افغان باشندوں کا شکوہ ہے کہ پاکستان چھوڑنے کے لئے انہیں حکومت کی جانب سے مناسب وقت نہیں دیا گیا، 30 سال بعد واپس جا کر افغانستان میں کیا کام کریں گے۔

پاکستان کئی دہائیوں سے افغان جنگ متاثرین کو پناہ دے رکھا ہے، غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کی وجہ سے ملک میں جرائم بڑھے اور پاکستان کی سالمیت کے پیش نظر ان جرائم کو ختم کرنے کا اٹل فیصلہ کیا گیا۔

17 لاکھ 30 ہزار افغان شہریوں کے پاس قانون رہائشی دستاویزات نہیں
ذرائع کے مطابق پاکستان میں تقریباً 17 لاکھ 30 ہزار افغان شہریوں کے پاس قانون رہائشی دستاویزات نہیں جب کہ 8 لاکھ 80 ہزار مہاجرین کو قانونی حیثیت فراہم نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں وفاقی حکومت نے پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام غیرملکیوں کو ملک چھوڑنے کیلئے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی تھی جب کہ 10 اکتوبر سے افغان شہریوں کیلئے ڈیجیٹائزڈ ای تذکرہ نافذ کیا گیا جو کل تک نافذ العمل رہے گا۔

گزشتہ دنوں نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کے انخلا سے متعلق تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی، غیر قانونی وغیر ملکی افراد کو ملک سے واپس بھیجنے کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔

بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیس میں ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع

احتساب عدالت نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی توشہ اور 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں 15 نومبر تک توسیع کردی ہے۔ جب کہ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب بتا چکا ہے کہ بشریٰ بی بی کی گرفتار مطلوب نہیں ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں عمران خان کی بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے سماعت کی ۔

نیب پراسکیوٹر نے عدالت میں بیان دیا کہ بشریٰ بی بی نے تیسری بار درخواست ضمانت دائرکی ہے، جب کہ گزشتہ 2 بار ضمانتوں کی درخواست نمٹا دی گئی تھیں، اور نیب نے کہا بھی تھا کہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں، انہوں نے ایک ہی گراؤنڈ پر دربارہ درخواست ضمانت ہ دائر کردی ہے۔

بشریٰ بی بی کے وکیل نے عدالت میں استدعا کی کہ بشریٰ بی بی کو کم سے کم نوٹس تو پہلے دیا جائے۔

نیب کے تفتیشی افسر نے اپنا بیان احتساب عدالت میں جمع کروایا، جس میں کہا کہ بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔

بشریٰ بی بی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات بنانے کی کوشش کی جارہی۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کی دونوں مقدمات میں ضمانت میں15 نومبر تک توسیع کردی اور سماعت ملتوی کردی

سائفر کیس: شاہ محمود کی دستاویزات فراہمی اور درخواست ضمانت ایک ساتھ سماعت کے لئے منظور

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں دستاویزات فراہمی اور ضمانت کی درخواست ایک ساتھ سماعت کے لئے منظور کرلی ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس ٹرائل سے متعلق دستاویزات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ضمانت کی درخواست پر نوٹس کر دیئے تھے، اس درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات ہیں، ایف آئی آر اور چالان کی مصدقہ کاپیاں لف نہیں کی گئیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ فیصلے میں لکھا ہے کہ ملزم کا کوئی حق ختم نہ کیا جائے، سب کیلئے یہی کہا ہے کسی قاعدے قانون کے تحت ہی ٹرائل جانا ہے، درخواست پر اعتراضات دورکررہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اس درخواست کو ضمانت کی درخواست کے ساتھ سماعت کیلئے رکھ لیں۔

عدالت نے شاہ محمود کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

الیکشن کمیشن: نگراں وفاقی وزرا کی سیاسی وابستگی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

الیکشن کمیشن نے نگراں وفاقی وزرا کے خلاف درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ فواد حسن فواد اور احد چیمہ گزشتہ حکومت میں اہم پوسٹوں پر تعینات تھے۔

الیکشن کمیشن میں نگراں وفاقی وزرا کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

درخواست گزار سید عزیزالدین کا کا خیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے تو چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ گزشتہ سماعت پر آپ پیش نہیں ہوئے تھے۔

سید عزیزالدین کا کا خیل نے جواب دیا کہ میں تھوڑا لیٹ ہو گیا تھا معذرت چاہتا ہوں۔

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ حکومت کی طرف سے الیکشن میں کون نمائندگی کررہا ہے۔ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ میں وفاقی حکومت کی نمائندگی کررہا ہوں۔

درخواست گزار نے مؤقف پیش کیا کہ گزشتہ حکومت فواد حسن فواد اور احد چیمہ اہم پوسٹوں پر فائز تھے، احد چیمہ کو معاون خصوصی سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ کے پاس کیا شواہد ہیں کہ ان کی سیاسی وابستگی ثابت ہوسکے۔ جس پر درخواست گزار نے کہا کہ وزیراعظم بھی سیاسی وابستگی رکھتے ہیں، اور نگراں مشیر احد چیمہ گزشتہ حکومت میں اہم عہدے پر تھے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی نظرمیں وفاقی وزیر اور مشیر غیرجانبدار ہیں۔

الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ساڑھے 81 کروڑ بھارتیوں کا ڈیٹا ڈارک ویب پر لیک

ساڑھے 81 کروڑ بھارتیوں سے متعلق حساس معلومات ڈارک ویب پر لیک ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کروڑوں بھاریوں سے متعلق حساس معلومات ڈارک ویب پر سامنے آنا ممکنہ طور پر بھارتی تاریخ میں سب سے بڑا ڈیٹا لیک اسکینڈل ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس لیک پر ایک ہیکر نے توجہ دلائی جس نے ڈارک ویب پر چوری شدہ معلومات کی تشہیر کی تھی، خیال کیا جاتا ہے کہ یہ معلومات انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے ذریعے کووڈ 19 ٹیسٹنگ کے دوران جمع کیے گئے اعداد و شمار سے آئی ہے۔

چوری کی گئی معلومات میں پاسپورٹ اور آدھار کارڈ کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ لاکھوں بھارتی شہریوں کے نام، فون نمبرز اور گھر کے پتے شامل ہیں۔

ہیکر کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ یہ ڈیٹا آئی سی ایم آر کی جانب سے کووڈ 19 ٹیسٹنگ کے دوران جمع کی گئی معلومات سے حاصل کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اعداد و شمار کی خلاف ورزی کی ابتدائی دریافت سائبر سکیورٹی اور انٹیلی جنس میں مہارت رکھنے والی امریکی ایجنسی ری سیکوریٹی نے کی تھی۔

سکیورٹی ماہرین نے دریافت کیا کہ لیک ہونے والے ڈیٹا میں ایک لاکھ فائلیں تھیں جن میں بھارتی شہریوں کی ذاتی تفصیلات شامل تھیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ سرکاری اداروں میں کووڈ 19 ٹیسٹ کی معلومات بھری ہوئی ہے جس کی وجہ سے یہ پتہ لگانا مشکل ہو گیا کہ ڈیٹا لیک کہاں سے ہوا ہے۔

چائے یا کافی میں چینی کا استعمال ممکنہ طور پر صحت کو متاثر نہیں کرتا، تحقیق

کوپن ہیگن: محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ چائے یا کافی میں چینی ملا کر پینا ہماری مجموعی صحت پر ممکنہ طور پر منفی اثرات نہیں رکھتا۔

نیشنل ہیلتھ سروسز کی جانب سے دی جانے والی ہدایات کے مطابق چائے یا کافی میں چینی کا استعمال اس وقت تک کم کرتے رہنا چاہیے جب تک استعمال مکمل طور پر ختم نہ ہوجائے۔ لیکن ایک نئی تحقیق میں مشروبات میں ملائی جانے والی چینی کا ذیا بیطس کے خطرے میں اضافے اور قبل از وقت موت کے درمیان تعلق نہیں پایا گیا۔

تحقیق میں ڈچ، ڈینش اور برطانوی سائنس دانوں نے کوپنہیگن میل اسٹڈی (1970 کی دہائی سے مردوں کا معائنہ کرنے والی ایک تحقیق) سے حاصل ہونے والے 2923 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ مطالعے میں یہ بات تو واضح نہیں تھی کہ یہ حضرات اپنے گرم مشروبات میں کتنی چینی ملاتے تھے لیکن مجموعی طور پر جن افراد نے کافی یا چائے میں چینی ملانے کا اعتراف کیا تھا ان کے صحت کے مسائل میں مبتلا ہونے کے امکانات نہیں تھے۔
تحقیق کے مصنفین کے مطابق چائے اور کافی میں چینی ملانے اور کسی بھی سبب ہونے والی موت، قلبی سبب سے ہونے والی موت، کینسر یا ذیا بیطس سے ہونے والی موت کے درمیان کوئی واضح تعلق نہیں پایا گیا۔

اس تحقیق کے میں سائنس دانوں نے شرکاء کے دل اور پھیپھڑوں کی صحت کا جائزہ بھی لیا اور ان سے ان کے طرزِ زندگی کے متعلق سوالنامے پُر کرائے۔

ڈاکٹروں کے معائنے کے دوران ان شرکاء کے بلڈ پریشر، قد اور وزن کی پیمائش کی گئی۔ جبکہ سوالناموں میں سے ایک میں ان اسے کافی اور چائے پینے اور پینے کی صورت میں چینی ملانے کے متعلق پوچھا گیا۔

تحقیق میں شامل ہوتے وقت تمام افراد لا قلبی مرض، کینسر یا ٹائپ 2 ذیا بیطس کا کوئی ماضی نہیں تھا۔ مزید برآں محققین نے صرف ایسے لوگوں کا انتخاب کیا جو کافی یا چائے پیتے تھے۔

واٹس ایپ صارفین نئی جعلسازی سے ہوجائیں ہوشیار

سِنگاپور: انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ نیا فِشنگ اسکیم ان کے تمام نجی پیغامات سائبر مجرمان کے حوالے کر سکتا ہے۔

فِشنگ ایک ایسا پینترا ہوتا ہے جس میں جعلساز ای میل، میسج یا کال کے ذریعے میلویئر بھیج کر نجی معلومات حاصل کرلیتے ہیں۔

واٹس ایپ صارف عموماً ڈیسک ٹاپ پر اکاؤنٹ لاگ ان کرنے کے لیے آفیشل ویب سائٹ سرچ انجن پر ڈھونڈتے ہیں۔
صارفین کمپیوٹر کے انٹرنیٹ براؤزر میں web.whatsapp.com ٹائپ کرتے ہیں اور پھر ایپ ان لاک کرنے کے لیے خصوصی کوڈ درج کرتے ہیں۔ایک بار صارفین سائٹ تک پہنچ جائیں تو ان کو فون سے کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوتا ہے تاکہ اکاؤٹ تک دسترس حاصل ہوسکے۔

لیکن ماہرین کی جانب سے جعلسازوں کے جعلی واٹس ایپ ویب سائٹ کے استعمال کی نشان دہی کی گئی ہے۔

سِنگا پور پولیس کے مطابق کچھ فِشنگ ویب سائٹس پر حقیقی ویب سائٹ سے حاصل کیا گیا اصل کیو آر کوڈ لگا ہوا ہے۔ جعلسازی کا شکار بننے والے افراد سرچ نتائج میں آنے والی ابتدائی ویب سائٹ پر ان کے ایڈریس کی تصدیق کیے بغیر کلک کر دیتے ہیں۔

جب متاثرہ افراد کوڈ اسکین کرتے ہیں، ویب سائٹ جامد ہوجاتی ہے اور صارف حقیقی اکاؤنٹ پر جانے کے بجائے کسی دوسرے اکاؤنٹ پر پہنچ جاتا ہے۔ جس کے بعد جعلساز جھانسے میں آئے افراد کے اکاؤنٹ میں جاتے ہیں اور ان کا روپ دھار لیتے ہیں۔ وہ صارف کے کانٹیکٹس کو میسج بھیج سکتے ہیں اور ان کے نجی ڈیٹا اور آن لائن بینک تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔

اس دوران جعلسازی کا شکار افراد اپنا اکاؤنٹ استعمال کر سکتے ہیں اور اس جعلسازی کے متعلق معلوم ہونے میں انہیں کافی وقت لگ سکتا ہے۔

سنگا پور پولیس نے صارفین پر زور دیا ہے کہ کمپیوٹر پر واٹس ایپ استعمال کرتے ہوئے ویب سائٹ کی اچھی طرح تصدیق کریں۔

تائیوان میں خاتون کے کان میں پھنسی زندہ مکڑی نکال لی گئی

تائپی: تائیوان میں ایک عجیب و غریب طبی معاملہ آیا جس میں ایک خاتون کو اس وقت شدید دھچکا لھا جب ڈاکٹروں نے ان کے بائیں کان کی نالی میں تقریباً 0.1 انچ لمبی مکڑی دریافت کی۔

خاتون کافی عرصے سے درد میں مبتلا تھیں اور انیہں کانوں میں سرسراہٹ اور آوازیں سنائی دیتی تھی جس کی وجہ سے ان کا رات کو سونا بھی مشکل ہوگیا تھا۔ معائنے میں ڈاکٹروں کو پہلی نظر میں ایسا لگا کہ خاتون کے کان میں دو مکڑیاں گھوم رہی ہیں۔

گہرائی سے معائنے پر پتہ چلا کہ مکڑی ایک ہی تھی تاہم جو دوسری شے تھی وہ اس کے جسم کا بیرونی خول تھا یعنی exoskeleton ۔

64 سالہ خاتون نے اپنے بائیں کان میں عجیب و غریب آوازیں سننے کے چار دن بعد تائیوان کے تائینان میونسپل اسپتال میں کان، ناک اور گلے کے کلینک کا دورہ کیا۔

خاتون نے بتایا کہ پہلے پہل وہ عجیب احساس سے بیدار ہوئیں کہ ان کے کان کے اندر کوئی مخلوق حرکت کر رہی ہے۔ اس کے بعد انہیں مسلسل سرسراہٹ کی آوازیں سنائی دینے لگیں جو بہت تکلیف دہ تھیں کہ انہیں سونے کے لیے جدوجہد کرنا پڑتی تھی۔

ڈاکٹروں نے کامیاب علاج کرتے ہوئے مکڑی کو متاثرہ خاتون کے کان سے نکال لیا۔ دی نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں اس کیس کا حوالہ دیا گیا تاہم اس میں مکڑی کی اس نوع کو نوٹ نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ یہ عورت کے کان میں کیسے داخل ہو سکتی ہے۔ اگرچہ یہ واقعات شاذ و نادر ہی ہوتے ہیں لیکن لوگوں کے کانوں میں مکڑیوں اور دیگر حشرات کے رینگنے کے متعدد کیسز سامنے آچکے ہیں۔