پاکستانی ٹیم کا حیدر آباد کے مشہور ریسٹورنٹ میں عشائیہ، پیاز کی کھیر کے مزے بھی لیے

ورلڈکپ ٹور پر بھارت میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ رات حیدر آباد دکن کے معروف ریسٹورنٹ میں عشائیہ کیا جس کا مینیو اور تصویر بھی سامنے آگئی ہیں۔ 

قومی ٹیم کے آرام کے دن پر ٹیم مینجمنٹ نے حیدرآباد دکن کے جیول آف نظام ریسٹورنٹ میں رات کا کھانا کھانے کا فیصلہ کیا جہاں قومی کرکٹرز مقامی روایتی کھانوں سے لطف اندوز ہوئے، ڈنر کے ساتھ قومی اسکواڈ کے اراکین روایتی پان سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر  ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قومی کھلاڑیوں نے ریسٹورنٹ اسٹاف اور ویٹرز کے ساتھ تصاویر بنوائیں، کھلاڑیوں نے ریسٹورنٹ میں آئے عام لوگوں کے ساتھ بھی تصاویر بنوائیں۔

 عشائیے کے حوالے سے  پی سی بی کے میڈیا مینیجر احسن افتخار ناگی نے بھی سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں  انہوں نے حیدر آباد دکن کی مختلف ڈشز کے حوالے سے بتایا۔

احسن افتخار نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ دوسری تصویر خوبانی کا میٹھا جبکہ تیسری تصویر پیاز کی کھیر ہے، باقی تصاویر میں پان اور میٹھے کی دیگر ڈشز دیکھی جا سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم ایک روز آرام کے بعد آج سہہ پہر کے سیشن میں ٹریننگ کرے گی، پاکستان ٹیم کا دوسرا وارم اپ میچ 3  اکتوبر کو آسٹریلیا کے ساتھ شیڈولڈ ہے جبکہ پاکستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدر لینڈ کے خلاف حیدر آباد میں کھیلے گا۔

ترک دارالحکومت میں دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام، 2 حملہ آور ہلاک

ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں دہشتگرد حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انقرہ میں ترک پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب دھماکا ہوا تھا جس سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی تھیں۔

بعد ازاں ترکیہ کے وزیر داخلہ Ali Yerlikaya نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی عمارت کے دروازے پر 2 دہشتگرد ایک گاڑی میں پہنچے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہاں ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسرے دہشتگرد نے فائرنگ کی مگر پولیس کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا۔

یہ دھماکا اس وقت ہوا جب ترک پارلیمنٹ کا اجلاس یکم اکتوبر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شیڈول تھا۔

اس واقعے کے بعد انقرہ میں سکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھارت میں پاکستان ٹیم کو جوائن کر لیا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ  کیلئے قومی  ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے حیدر آباد دکن میں پاکستان ٹیم کو جوائن کر لیا۔

 ترجمان پاکستان ٹیم کے مطابق مکی آرتھر انگلینڈ سے کاؤنٹی کرکٹ میں اپنی مصروفیات کے اختتام پر بھارت پہنچے ہیں، مکی آرتھر اس سے قبل ایشیا کپ میں چند میچز کے لیے قومی ٹیم کے ساتھ تھے۔

 پاکستان ٹیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر اب مکمل طور پاکستان ٹیم کے ساتھ موجود رہیں گے۔

 واضح رہے کہ پاکستان کا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف شیڈولڈہے جس کیلئے پاکستان ٹیم آج سہہ پہر کے سیشن میں ٹریننگ کرے گی۔۔