مایا علی کی خاندان کے ساتھ عمرے کی ادائیگی

مکہ مکرمہ: اداکارہ مایا علی نے خاندان کے ہمراہ عمرہ ادا کر لیا۔

اداکارہ مایا علی نے اپنی والدہ، بھائی، بھابھی اور بھتیجی کے ساتھ عمرہ ادا کیا اور تصاویر اپنے سوشل میڈیا پر شئیر کردیں۔

مایا علی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ہم طویل عرصے سے ایک ساتھ عمرہ ادا کرنے کی پلاننگ کررہے تھے اور بالآخر اللہ تعالیٰ  نے ہماری دعائیں سن لیں۔ اللہ تعالیٰ سب کو اس مقدس مقام کی زیارت کرنے کا موقع عطا فرمائیں آمین۔

تصاویر میں مایا علی اپنی والدہ اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ نظر آرہی ہیں۔ مایا علی کی خاندان کے ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور صارفین نے انہیں عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔

قمر باجوہ کے احتساب کا مطالبہ،مشاہد حسین کے بعد شاہدخاقان عباسی بھی بول پڑے

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے قمر جاوید باجوہ کے احتساب کے مطالبے پر اپنے ہی قائد نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اگر قمر جاوید باجوہ آپ کی راہ میں رکاوٹ تھے تو حکومت چھوڑ دیتے 16 ماہ آپ کی حکومت تھی تو احتساب کیوں نہیں کیا؟ یہ سوال شہباز شریف سے پوچھیں۔

انہوں نے کہا کہ قمر جاوید باجوہ کے بعد بھی آپ کو 8 سے 9 ماہ ملے، کام کرلیتے، اب اتنے وقت میں بہت فیصلے کرسکتے تھے کارکردگی بہتر ہوسکتی تھی۔

شاہد خاقان نے کہا کہ عوام کو احتساب سے سروکار نہیں وہ اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، شہباز شریف سے پوچھنا چاہیے آپ کی حکومت تھی احتساب کرنا چاہیے تھا، شہباز شریف سے پوچھیں کہ 16 ماہ حکومت کی قمر باجوہ کا احتساب کیوں نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ معاملات پہلے بھی ہوئے اور بعد میں بھی ہوئے، قانوی حیثیت میں گئے تو کون شکایت کرے گا، کون مقدمہ لڑکے گا، فوج، جج، سیاست دان ساتھ بیٹھ کر آگے کے راستے کا تعین کریں، تین سال کے دوران ہر جماعت نے حکومت کی، کسی کے پاس صلاحیت ہے کہ معاملات حل کرے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ آج ملک کا نقصان ہورہا ہے لوگ تکلیف میں ہیں سب کی ذمہ داری ہے کہ مسائل کا حل تلاش کریں، یقین کریں سب مل کر بیٹھیں گے تو لوگوں میں اعتماد کی فضا قائم ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ن لیگ کی مہربانی ہے کہ مجھے ٹکٹ دیتی ہے میں نے کبھی ٹکٹ نہیں مانگے۔

بیرونی ممالک سے 10لاکھ ٹن گندم خرید لی گئی، 18بحری جہاز کراچی لائیں گے

لاہور:  پاکستان میں نجی شعبے کی جانب سے گندم امپورٹ کے عمل نے بیرون ملک 10 لاکھ ٹن خریداری کا بڑا سنگ میل عبور کر لیا ہے، سندھ، پنجاب کے امپورٹرز اور فلور مل مالکان نے دسمبر تک کراچی آمد کیلیے18 بحری جہاز بک کر لیے ہیں جبکہ مزید خریداری جاری ہے۔

ڈالر کی قدر میں کمی کے بعد امپورٹرز نے  گندم کی ایکس کراچی قیمت میں 500 روپے فی بوری کمی کردی ہے، جس کے بعد درآمدی گندم کی ایکس کراچی قیمت 4080 روپے فی من ہو گئی ہے، پنجاب میں مقامی (دیسی) گندم کی موجودہ قیمت کے مقابلے امپورٹڈ گندم 400 روپے فی من تک سستی ہونے کی وجہ سے فلورملز نے مقامی گندم کی خریداری کم کردی ہے۔

سندھ اور پنجاب کے فلورملز مالکان اور امپورٹرز پر مشتمل چھ گروپس اس وقت گندم امپورٹ کر رہے ہیں۔ کاروباری مسابقت اورڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کے تناسب سے امپورٹڈ گندم کی قیمت میں مسلسل کمی کی جا رہی ہے۔

گزشتہ روز لاہور میں درآمدی گندم 4332 روپے فی من، راولپنڈی اسلام آباد 4400روپے میں پہنچ رہی تھی جبکہ رحیم یار خان میں درآمدی گندم کی قیمت4228 روپے اور پشاور میں قیمت4408 روپے فی من ہے۔

قابل توجہ بات یہ ہے کہ مقامی گندم کی قیمت لاہور میں4650 روپے، راولپنڈی4750 ، رحیم یارخان4625  روپے ہے۔ لاہور میں بیس کلو آٹا تھیلا کی قیمت2750 روپے، راولپنڈی میں2720 روپے ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی کیپٹن (ر) محمود نے امپورٹڈ گند م کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کردی ہیں

سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

اسلام آباد: خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی۔

اسپیشل سیکریٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل لطیف کھوسہ، نعیم پنجھوتہ، بیرسٹر سلمان صفدر اور عمیر نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفرکیس کی سماعت کے بعد چیئرمین تحریک انصاف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کردی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کیا گیا جہاں عدالتی عملے نے ان کی حاضری لگائی۔

بعد ازاں عدالت نے شاہ محمود قریشی کے بھی جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کردی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کئی سال جیل سے باہر نہیں آئیں گے: عطا تارڑ

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کئی سال جیل سے باہر نہیں آئیں گے جبکہ نواز شریف کے آنے کی تاریخ اٹل ہے اور اس میں کوئی رد و بدل نہیں ہو گا۔

گوجرانوالہ میں کنونشن سے خطاب میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اگر معیشت پر کام کیا ہوتا تو یہ مہنگائی نہ ہوتی۔

یاد رہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی یا جیل کاٹنے والے پارٹی کے سینکڑوں ارکان کے بغیر بھی شفاف انتخابات ہوسکتے ہیں۔

امریکی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی میں شامل ہزاروں افراد جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں الیکشن میں حصہ لے سکیں گے۔

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو انتخابات میں کامیابی سے روکنے کیلئے فوج کی جانب سے دھاندلی کرنے کی بات مضحکہ خیز ہے،عام انتخابات فوج نہیں، الیکشن کمیشن کرائے گا۔

قیدی نمبر804 پکڑائی نہیں دے رہا، سنبھالا نہیں جا رہا توسبق سیکھیں، مشاہد حسین

لاہور : مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ قیدی نمبر804 پکڑائی نہیں دے رہا، سنبھالا نہیں جا رہا توسبق سیکھیں، لگتاہےچیئرمین پی ٹی آئی سے’’مدر آف آل ڈیلز‘‘ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ کمیٹی برائے دفاع کے سربراہ اور ن لیگی رہنما مشاہدحسین سید نےنجی ٹی وی  انٹرویو میں چیئرمین پی ٹی ائی کے حوالے سے کہا کہ مجھے لگتا ہے چیئرمین پی ٹی آئی سے’’مدر آف آل ڈیلز‘‘ہوگی، اب قیدی نمبر804 پکڑائی نہیں دے رہا، سنبھالا نہیں جا رہا تو اس سے سبق سیکھیں۔

مشاہد حسین کا کہنا تھا کہ سب کو ساتھ لیکر چلیں اور اگر اب تصادم ہوا توملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

ن لیگی رہنما نے بتایا کہ مغربی ممالک کے وفدنے مجھے پوچھا چیئرمین پی ٹی آئی اوراسٹیبلشمنٹ میں کیا چل رہا ہے؟ تو میں نے کہا یہ عاشق اور معشوق کی لڑائی ہے، جس میں معافی تلافی بھی ہوجاتی ہے۔

انتخابات سے متعلق سینیٹ کمیٹی برائے دفاع کے سربراہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ویسے بھی یوٹرن کےماہر ہیں، معتبر الیکشن کرانے ہیں تو بشمول پی ٹی آئی کسی کو باہر نہیں رکھ سکتے، پی ٹی آئی کا انتخابات میں کردار ہے۔

پاکستان میں موجود تمام ن لیگی رہنماؤں کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنما اور کارکنان نواز شریف کے فقیدالمثال استقبال کی تیاری کریں، نواز شریف انشاءاللہ 21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کی ترقی کے معمار ہیں، نواز شریف کے دور میں اربوں ڈالر کا سی پیک آیا، ان کے دور میں بجلی کی پیداوار 12 ہزار میگاواٹ تک پہنچی، نواز شریف کے دور میں ملکی ترقی کی شرح ساڑھے 6 فیصد تھی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اسی ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کیلئے آرہے ہیں۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو ہدایت ہے کہ 21 اکتوبر سے قبل بیرون ملک سفر نہ کریں، پارٹی رہنما اپنی تمام تر توجہ عوام کو متحرک کرنے پر دیں۔

انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) سے لندن میں ملاقات کیلئے تشریف لانے والے پارٹی رہنما بھی اپنے پروگرام کینسل کریں اور ان کے عظیم الشان استقبال کیلئے اپنے حلقوں میں وقت دیں۔

ن لیگ کے تمام سینٹرز کو 3 روز کے اندر وطن واپسی کی ہدایت

سابق وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے بیرون ملک تمام سینٹرز کو 3 روز کے اندر وطن واپسی کی ہدایت کرتے ہوئے تمام پارٹی رہنماؤں کو21 اکتوبر سے پہلےبیرون ملک سفر سے منع کردیا ہے۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے بیان جاری کیا ہے جس میں ن لیگ کے بیرون ملک تمام سینٹرز کو 3 روز کے اندر وطن واپس آنے کی ہدایت کی ہے۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے تمام ٹکٹ ہولڈرز اور رہنما نوازشریف کے استقبال کی تیاری کریں، اور تمام پارٹی رہنما21 اکتوبر سے پہلے بیرون ملک سفر سے گریز کریں۔

ن لیگ کے تمام سینیٹرز، ارکان و ٹکٹ ہولڈرز کو 3 دن میں وطن واپسی کی ہدایت

لاہور:  مسلم لیگ ن کی جانب سے تمام سینیٹرز، سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کو وطن واپسی کی ہدایت کر دی گئی۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ تمام سینیٹرز، ارکان اور ٹکٹ ہولڈرز جو اس وقت بیرون ملک موجود ہیں 3 روز کے اندر وطن واپس پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے تمام سینیٹرز، ایم این ایز، ایم پی ایز، ٹکٹ ہولڈرز اور مقامی رہنما اپنی مکمل توجہ اور محنت قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے پاکستان میں استقبال کی تیاریوں میں صرف کریں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تمام پارٹی رہنما 21 اکتوبر سے پہلے بیرون ملک سفر سے گریز کریں، قائد مسلم لیگ ن سے لندن میں ملاقات کیلئے تشریف لانے والے احباب بھی فی الوقت اپنے پروگرام کو منسوخ کر کے عوامی موبلائزیشن کیلئے اپنے حلقوں میں بھرپور وقت دیں۔

صدر مسلم لیگ ن پنجاب نے کہا کہ 18 ستمبر کو ہونے والے تنظیمی اجلاس میں دی گئی ذمہ داریوں کو مکمل کر کے اس کی رپورٹس صدر پنجاب اور پارٹی آفس کو ارسال کی جائیں۔

نائجر میں فوجی بغاوت: فرانس نے اپنا سفیر اور فوج واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا

فرانس نے نائجر میں فوجی بغاوت کے بعد اپنے سفیر اور فوجی دستوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں فرانسیسی صدر میکرون نے کہا کہ فرانس نے نائجر میں صدر محمد بازوم کی حکومت کے خلاف جولائی میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد وہاں سے اپنے سفارتکاروں کو واپس بلانے اور فوجی دستوں کی دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

میکرون نے کہا کہ نائجر میں موجود ہمارا سفیر اور متعدد سفارتی عملہ جلد ہی نائجر چھوڑ دے گا۔

فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ نائجر کے ساتھ فوجی تعاون بھی اب ختم ہوچکا ہے، نائجر میں ہمارے 1500 فوجی دستے ہیں جو چند ماہ یا ہفتوں میں واپس آئیں گے اور سال کے آخر تک یہ عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کو نائجر میں فوجی بغاوت کے بعد دباؤ کا سامنا ہے، حالیہ ہفتوں میں ہزاروں افراد نے دارالحکومت نیامے میں فرانسیسی فوج کے بیس کیمپ کے باہر شدید احتجاج کیا تھا۔

اس کے علاوہ نائجر کے فوجی سربراہ نے نائجر حکومت کو تسلیم نہ کرنے پر میکرون سے ملک سے افواج نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔

نائجر کے فوجی سربراہ نے میکرون کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نائجر کی خودمختاری کے ایک نئے دور پر خوش ہیں، یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔

واضح رہے کہ نائجر میں چند ماہ قبل فوج نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کیا تھا اور صدر کو نظر بند کردیا تھا۔

آرمی چیف سے کرسچن کمیونٹی کے نمائندہ وفد کی ملاقات

آرمی چیف جنرل عاصم منیر باجوہ نے کرسچن کمیونٹی کے نمائندہ وفد کی ملاقات کی، ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامپ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پریزیڈنٹ بشپ ڈاکٹر آزاد مارشل کی قیادت میں 13 رکنی وفد نے آرمی چیف سے ملاقات کی۔

آرمی چیف نے قومی ترقی میں کرسچن کمیونٹی کے کردار اور ملکی دفاع، تعلیم وصحت میں خدمات کو سراہا۔

جناح ہاؤس حملہ کیس: صنم جاوید و دیگر کی ضمانت منظوری چیلنج کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پراسیکیوشن نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں صنم جاوید سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت منظوری کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جناح ہاؤس حملہ کیس میں پراسیکیوشن انسداد دہشت گردی کی جانب سے صنم جاوید، روبینہ جمیل سمیت دیگر ملزمان کی ضمانتیں منظور کرنے کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرے گی، اس سلسلے میں درخواست کی تیاری پر مشاورت جاری ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کا مصدقہ فیصلہ موصول ہوتے ہی درخواست دائر کر دی جائے گی۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل انسداد دہشت گردی عدالت نے صنم جاوید اور روبینہ جمیل سمیت 9 ملزمان کی ضمانت منظور کر لی تھی جسے اب چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گھی اور کوکنگ آئل فی کلو 34 روپے تک سستا

گھی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو گئی ، فی کلو گھی 34 روپے تک سستا ہو گیا۔

ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق درجہ سوم گھی کی فی کلو قیمت 356 روپے اور درجہ دوم کی فی کلو قیمت 454 روپے ہوگئی ہے۔

ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ درجہ اول کے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 20 روپے کلو کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد درجہ اول گھی 540 روپے اور کوکنگ آئل 550 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

لاہور:  بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا آج سے صوبائی دارالحکومت کی اہم شاہراہوں پر داخلہ بند کر دیا گیا۔ سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ بغیر ہیلمٹ کسی بھی موٹرسائیکلسٹ کو شہر کی اہم شاہراہوں پر داخل نہ ہونے دیا جائے۔ سی ٹی او کے احکامات کے مطابق آج سے مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، گلبرگ سمیت اہم شاہراہوں پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے اور ایسے شہریوں کی موٹرسائیکلوں کو بھی بند کر دیا جائے گا۔ مستنصر فیروز کا مزید کہنا ہے کہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو کسی بھی اہم و مصروف شاہراہ پر نہیں آنے دیا جائے گا، مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف غفلت و لاپرواہی کی دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کئے جائیں گے، کسی بھی سرکاری و نیم سرکاری ادارے کے اہلکار کو بھی پابندی سے استثنیٰ نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شاہدرہ، جی ٹی روڈ، برکی روڈ، بیدیاں روڈ، رائے ونڈ روڈ، روہی نالہ فیروز پور روڈ پر ناکہ بندی کی جائے گی، اس کے علاوہ ملتان روڈ، علامہ اقبال روڈ، خیابان جناح روڈ، پیکو روڈ سمیت ریموٹ ایریاز میں بھی ناکہ بند ہوگی۔ سی ٹی او مستنصر فیروز کا کہنا تھا کہ قیمتی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

لاہور:  بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا آج سے صوبائی دارالحکومت کی اہم شاہراہوں پر داخلہ بند کر دیا گیا۔

سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ بغیر ہیلمٹ کسی بھی موٹرسائیکلسٹ کو شہر کی اہم شاہراہوں پر داخل نہ ہونے دیا جائے۔

سی ٹی او کے احکامات کے مطابق آج سے مال روڈ، کینال روڈ، جیل روڈ، فیروزپور روڈ، گلبرگ سمیت اہم شاہراہوں پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے اور ایسے شہریوں کی موٹرسائیکلوں کو بھی بند کر دیا جائے گا۔

مستنصر فیروز کا مزید کہنا ہے کہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو کسی بھی اہم و مصروف شاہراہ پر نہیں آنے دیا جائے گا، مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف غفلت و لاپرواہی کی دفعات کے تحت مقدمات بھی درج کئے جائیں گے، کسی بھی سرکاری و نیم سرکاری ادارے کے اہلکار کو بھی پابندی سے استثنیٰ نہیں ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شاہدرہ، جی ٹی روڈ، برکی روڈ، بیدیاں روڈ، رائے ونڈ روڈ، روہی نالہ فیروز پور روڈ پر ناکہ بندی کی جائے گی، اس کے علاوہ ملتان روڈ، علامہ اقبال روڈ، خیابان جناح روڈ، پیکو روڈ سمیت ریموٹ ایریاز میں بھی ناکہ بند ہوگی۔

سی ٹی او مستنصر فیروز کا کہنا تھا کہ قیمتی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔