سابق برازیلین صدر جیر بولسونارو کو صدارتی الیکشن لڑنے سے روک دیا گیا

برازیل کی سپریم الیکٹورل کورٹ نے سابق صدر جیر بولسونارو کو صدارتی انتخاب لڑنے سے روک دیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق سپریم الیکٹورل کورٹ نے جیر بولسونارو پر پابندی کا فیصلہ پانچ دو کی اکثریت سے سنایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جیر بولسونارو پر 2022 میں اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ثابت ہوا تھا۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ توقع ہے سابق صدر جیر بولسونارو اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

وزیر خارجہ آج جاپان کے دورے پر جائیں گے

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جاپانی حکومت کی دعوت پر آج سے چار جولائی تک جاپان کا دورہ کریں گے۔

وزیر خارجہ جاپان کے وزیراعظم، وزیر خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقاتیں کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کی جاپان میں ممتاز کاروباری اداروں کے سینئر عہدے داروں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔

برطانیہ کے وزیر ماحولیات زیک گولڈ اسمتھ مستعفی

جمائما خان کے بھائی اور برطانیہ کے وزیر ماحولیات زیک گولڈ اسمتھ مستعفی ہوگئے۔

ماحولیات میں عدم دلچسپی پر زیک گولڈ اسمتھ نے وزیر اعظم رشی سونک پر تنقید کی ہے۔

زیک گولڈ اسمتھ کا کہنا ہے کہ مسئلہ یہ نہیں کہ حکومت ماحولیات سے دشمنی رکھتی ہے، مسئلہ یہ ہے کہ برطانوی وزیراعظم کو ماحولیات میں دلچسپی ہی نہیں ہے۔

بھارت، بس میں آگ لگنے سے 26 افراد ہلاک

بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے ایکسپریس وے پر ایک بس میں آگ لگنے سے 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ بس یاوتمال سے پونے جا رہی تھی جس میں 33 مسافر سوار تھے جن میں سے 25 تو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک مسافر دوران علاج ہلاک ہوا۔

بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں بس کا ڈرائیور محفوظ رہا، حادثے میں 6 سے 8 مسافر شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

بس کے ڈرائیور کا کہنا ہے کہ ٹائر پھٹنے سے بس الٹ گئی جس کی وجہ سے بس میں آگ لگ گئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بس حادثے کے متاثرین کے خاندان کے لیے 5 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔

شاہین آفریدی نے کرکٹ کی تاریخ کا منفرد ریکارڈ بنا ڈالا

ناٹنگھم: شاہین شاہ آفریدی کرکٹ کی تاریخ میں ٹی20 میچ کے پہلے اوور میں 4 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے۔

پیسر شاہین شاہ آفریدی نے کرکٹ کی تاریخ میں ٹی20 میچ کے پہلے اوور میں 4 وکٹیں لے کر منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ ٹی20 بلاسٹ میں برمنگھم بیئرز کیخلاف انہوں نے اپنے پہلے اوور میں صرف 7 رنز دے کر 4 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

ناٹنگھم شائر کی طرف سے کھیلنے والے پیسر شاہین آفریدی نے وائیڈ ڈلیوری کے ذریعے پانچ رنز دے کر اوور کا آغاز کیا تاہم اگلی ہی گیند پر انہوں نے الیکس ڈیوس کو ایل بی ڈبلیو کیا اور اگلی ہی گیند پر کرس بینجمن کو بولڈ کیا۔

شاہین آفریدی اپنی ہیٹ ٹرک مکمل نہ کر سکے لیکن اوور کے پانچویں گیند پر انہوں نے ڈین موسلی کو کیچ آؤٹ جب کہ اوور کی آخری گیند پر ایڈ برنارڈ کو بولڈ کرکے کرکٹ کی تاریخ کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا۔

روسی صدر پوٹن نے قرآن کو سینے سے لگا لیا

مکاچکلا: سویڈن میں حکومت کی اجازت پر عید الاضحیٰ کے دن قرآن پاک کی بےحرمتی کے بعد روسی صدر ولادمیر پوٹن داغستان پہنچے جہاں انہوں نے ایک مسجد کا دورہ کیا اور اس دوران قرآن پاک سینے سے لگائے رکھا۔

عالمی میڈیا کے مطابق روسی صدر ولادمیر پوٹن جمہوریہ داغستان پہنچے جہاں انہوں نے ایک مسجد کا دورہ کیا اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر پوٹن نے سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کا اقدام اگر روس میں سرزد ہوتا تو سزا دی جاتی کیونکہ روس میں قرآن پاک کی بےحرمتی جرم ہے۔

واضح رہے کہ روسی صدر ولادمیر پوٹن نے یہ دورہ سویڈن میں پیش آئے واقعے کے اگلے دن کیا۔

آئی ایم ایف کےقرضوں کے حصول پر دھمال ڈالنے والوں کو شرمندہ ہونا چاہیے،سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

لاہور(نیوز ڈیسک ) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ٹوئٹ میں حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا، ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کےقرضوں کے حصول پر دھمال ڈالنے والوں کو شرمندہ ہونا چاہیے اور شرم آنی چاہیے قرضہ لینا کمال نہیں زوال ہے جو غریب نے ادا کرنا ہے یہ لمحہ فخر نہیں لمحہ فکر ہے غریب پہلے ہی مرا ہوا ہے اُس كےگلے میں مزید300 ارب روپے كےٹیکس کا رسہ ڈال دیا گیاہے .آج شاہی خاندان نے صدر کے دستخط کے بغیر ہی اپنے 2400 ارب روپے کے نیب كے کیسز ختم کرالیے اگر یہ لندن دبئی سےاپنے بینک بیلنس جائیدادیں ملک میں لے آئیں تو غریب کے کچھ مسئلے حل ہو جائیں اور غریب کو یونان كے سمندروں میں نہ ڈُوبناپڑے نہ ان میں اہلیت ہے نہ صلاحیت ہے حکم کے غلام ہیں بیساکھیوں پر چل رہے ہیں چاپلوسیوں مالشیوں اور پالشیوں کو اسی لیے لایا گیا ہے کہ ہر جائز ناجائز فیصلے پر سر تسلیم خم کریں حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں نفرتیں بڑھتی جارہی ہیں جس کی انہیں پروا نہیں غریب جائے بھاڑ میں قوم جن سے نفرت کرتی ہے انہیں طاقت کا سرچشمہ بنا دیا گیاہے وسائل زده لوگ مسائل زدہ لوگوں کا مذاق اُڑ رہے ہیں مہنگائی بےروزگاری آٹا جن کا مسلہ ہے اُن کا کوئ پرسان حال نہیں 13 جماعتوں کا ہم نوالہ اور ہم پیالہ ٹولہ زمینی حقائق اور اپنے انجام سے بے خبر ہیں ان کی ہر روز عید ہے کیونکہ ان سے کوئی پوچھنے والا نہیں زراعت انڈسٹری ڈیفالٹ ہے عدلیہ بے بس اور بے جان ہے صرف حکمران خوشحال ہے بجٹ غریب کے گھر میں دیکھا اور وزیروں کے چہروں پر پڑھا جاسکتا ہے خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں غریبوں کی آہیں سسکیاں اور چیخیں آسمانوں سے ٹکرا رہی ہیں جن جیلوں میں حکمرانوں کوہونا چاہیے تھا ان جیلوں میں غریب بے گناہ عوام ہے۔