راولپنڈی، 12 سالہ لڑکے سے زیادتی کرنے والاملزم گرفتار

 راولپنڈی(ویب ڈیسک) صدرواہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 12 سالہ لڑکے سے زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے متاثرہ لڑکے کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کیا۔ مدعی مقدمے کے مطابق ملزم فیضان نے میرے بیٹے کو گھر لے جاکر زیادتی کی۔

ایس پی پوٹھوہار کے مطابق ملزم کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے، زیادتی جیسے واقعات نا قابل برداشت ہیں اس حوالے سے زیرو ٹالیرنس پالیسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ثانیہ مرزا کی بیٹے کیساتھ سرخ جوڑے میں سیلفی، شعیب ملک سیالکوٹ میں تنہا

لاہور(ویب ڈیسک)بھارتی سابق ٹینس اسٹار اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے سرخ جوڑے میں بیٹے کے ہمراہ سیلفی شیئر کی جبکہ شعیب ملک سیالکوٹ میں تنہا موبائل فون تکتے رہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم، انسٹاگرام پر ثانیہ مرزا نے اپنے بیٹے اذہان مرزا ملک کے ساتھ سیلفی شیئر کی ہے اور سوشل میڈیا فالوورز کو عید کی مبارک باد بھی پیش کی۔

تصویر میں ان دونوں کو سرخ رنگ کے لباس میں خوش و خرم دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ اس پوسٹ کے کیپشن سے معلوم ہوتا ہے کہ ثانیہ مرزا اور اذہان مرزا ملک نے عید کے اس پُرمسرت موقع پر اپنی بہن انعم مرزا کے ڈیزائن کردہ جوڑے کا انتخاب کیا ہے۔

تاہم عید کے اس موقع پر بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک دکھائی نہیں دیے۔

دوسری جانب کرکٹر شعیب ملک نے بھی اپنے انسٹاگرام پر اکیلے سفید شلوار قمیص میں تصویر شیئر کی اور فالوورز کو عید مبارک کہا اور بتایا کہ وہ اس بار اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سیالکوٹ میں عید منا رہے ہیں۔

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی، امریکا نے ناپاک اقدام کی حمایت کردی

اسٹاک ہوم(ویب ڈیسک ) سویڈن میں ایک عیدگاہ کے باہر قرآن کی بے حرمتی اور اس کیلئے حکومت کی اجازت کیخلاف مسلم ممالک سراپا احتجاج ہیں لیکن امریکا نے حکومت کی طرف سے اس اقدام کو آزادی اظہار سے تعبیر کیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق 37 سالہ عراقی سلوان مومیکا جو کئی سال قبل سویڈن فرار ہو گیا تھا، نے عید کے روز اس وقت مقدس ترین کتاب کی بےحرمتی کی جب مسلمانوں سویڈن میں عید الاضحی منا رہے تھے۔

جہاں مسلم ممالک نے اشتعال انگیز واقعے کی شدید مذمت کی ہے وہیں امریکا نے سویڈن حکومت کے قرآن جلانے کے اجازت نامے کی حمایت کی اور اسے آزادی اظہار سے تعبیر کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میٹ میلر کا کہنا تھا کہ ہم یہ مانتے ہیں کہ اس مظاہرے کے لیے دیا گیا اجازت نامہ آزادی اظہار کی حمایت کرتا ہے۔

تاہم ترک صدر رجب طیب اردوان نے واقعے پر سویڈن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انقرہ کبھی بھی اشتعال انگیزی یا دھمکی کی پالیسی کے سامنے نہیں جھکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مغرور مغربی لوگوں کو سکھائیں گے کہ مسلمانوں کی مقدس اقدار کی توہین کرنا اظہار رائے کی آزادی نہیں ہے۔

اسی طرح مراکش نے اس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے سویڈن سے اپنے سفیر کو غیر معینہ مدت کے لیے واپس بلا لیا اور ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بے حرمتی کو “اشتعال انگیز، ناجائز اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے بھی آتشزدگی کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ان نفرت انگیز اور بار بار ایسے شرمناک اقدامات کو کسی بھی جواز کی بنا پر قبول نہیں کیا جا سکتا۔

مصر نے کہا کہ عراقی شخص کا یہ عمل انتہائی شرمناک تھا، باالخصوص عید الاضحیٰ کے موقع پر۔ اسی طرح عراق نے سویڈن کے سفیر کو طلب کیا اور شدید احتجاج کرتے ہوئے واقعے کو نسل پرستانہ قرار دیا۔

اسی طرھ افسوس ناک واقعے کی مذمت کرنے والے دیگر ممالک میں  اردن، عمان، کویت، یمن، شام، فلسطین اور قطر شامل ہیں۔

ترک صدر کی صدارتی دفترمیں باسکٹ بال کھیلتے ہوئے ویڈیو وائرل

 انقرہ(ویب ڈیسک ) ترک صدر رجب طیب اردوان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنے صدارتی دفترمیں باسکٹ بال کھیلتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق ٹویٹر پر موجود ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح ترک صدر آسانی اور مہارت کے ساتھ گیند کو سنبھال کر جالی میں پھینک رہے ہیں۔ اس سے قبل طیب اردوان سیاست میں آنے سے پہلے نیم پیشہ ورانہ سطح پر فٹ بال بھی کھیل چکے ہیں۔

رجب اردوان نے عید کے تیسرے روز یہ باسکٹ بال میچ کھیلا جس میں انکے ارکان پارلیمنٹ اور دوسرے ساتھی بھی بطور کھلاڑی شریک تھے۔

واضح رہے کہ ترک میڈیا میں وقتاً فوقتاً طیب اردوان کی صحت کے بگڑنے کی خبریں آتی رہتی ہیں۔ جون کے اوائل میں ایک ترک صحافی کین اتاکلی نے ٹویٹر پر لکھا تھا کہ ڈاکٹر مبینہ طور پر مستقبل قریب میں اردوان کی کسی طبی مسئلے کی بنا پر سرجری کرنے کی تیاری کر رہے ہیں تاہم رجب طیب اردوان کی انتظامیہ نے ایسی خبروں کی تردید کی تھی۔

پولیس کے ہاتھوں نوجوان کا قتل، فرانس میں جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 917 افراد گرفتار

پیرس (ویب ڈیسک )پولیس کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کے خلاف فرانس کے بڑے شہروں میں ہونے والے احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 917 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانسیسی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ فرانسیسی حکومت نے پورے ملک میں بڑا کریک  ڈاؤن جاری کر رکھا ہے جس کیلئے ملک بھر میں 45 ہزار پولیس اہل کار تعینات کیےگئے ہیں۔

فرانسیسی حکومت کا کہنا ہے کہ امن و امان کی بحالی کے لیے تمام آپشن زیر غور ہیں اور بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیرس کی میونسپلٹیز میں کرفیو لگا دیا گیا ہے اور لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہے۔

فراسیسی صدر میکرون نے سوشل میڈیا کو احتجاج میں اضافے کی وجہ قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا سائٹس کو اپنے پلیٹ فارم سے تمام تر حساس ویڈیوز کو بلاک کرنے کہا ہے۔

فرانس کے مختلف شہروں میں جلاؤ گھیراؤ اور احتجاج کے دوران اب تک 200 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے فرانس کے مختلف شہروں میں اسکولوں سمیت پولی اسٹیشن اور دیگر املاک کو بھی نذر آتش کردیا ہے جبکہ پرتشدد حملوں میں درجنوں گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ فرانسیسی پولیس نے پیرس کے نواحی علاقے میں 17 سالہ نائل نامی ایک نوجوان کار سوار کو گولی مار دی تھی۔

سینے میں گولی لگنے سے نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا، جس کے بعد فرانس کے شہری پولیس کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ شروع کردیا۔ تاہم پولیس کا دعویٰ ہے کہ نائل نے انہیں اپنی گاڑی سے کچلنے کی کوشش کی تھی۔

نواز الدین صدیقی کی سابقہ اہلیہ عالیہ بگ باس سے 10 دِنوں میں ہی آؤٹ

ممبئی(ویب ڈیسک ) بھارتی اداکار نواز الدین صدیقی کی سابقہ اہلیہ عالیہ صدیقی رئیلٹی شو بگ باس او ٹی ٹی سیزن 2 سے 10 دنوں میں ہی باہر کر دی گئیں۔

بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے عالیہ کا کہنا تھا کہ نوازالدین بچوں کو لے کر پیرس جارہے تھے تو میں نے سوچا میں اکیلی کیا کروں گی اس لئے بگ باس کا حصہ بن گئی۔

عالیہ صدیقی نے کہا کہ اگر نواز پیرس نہ جاتے تو وہ بچوں کو چھوڑ کر اتنے دنوں کیلئے
نہیں نکلتیں۔

نواز الدین صدیقی سے حال ہی میں طلاق لینے والی عالیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ وہ دکھ کو کندھوں پر سوار کرکے چلنے والی خاتون نہیں ہیں دکھ ایک وقت تک ہوتا ہے اس کے بعد انسان آگے بڑھ جاتا ہے۔

عید کے تیسرے روز بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کیساتھ بارش

لاہور: (ویب ڈیسک ) عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جس نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔

گوجرہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، بورے والا، رینالہ خورد، قبولہ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

لاہور میں دوہرے قتل کی واردات، سوتیلی ماں اور خالہ قتل

لاہور: (ویب ڈیسک ) لاہور میں دوہرے قتل کی واردات ہوئی ہے، نوجوان نے فائرنگ کر کے سوتیلی ماں اور خالہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شمالی چھاؤنی کے علاقے الفیصل ٹاؤن میں پیش آیا، ملزم حسن نے سوتیلی ماں اور خالہ کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم کے والد ناصر نے کچھ عرصہ قبل خاتون ظاہرہ سے دوسری شادی کی تھی، ملزم نے والد کی دوسری شادی کی رنجش پر انتہائی قدم اٹھایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کر کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔

قرآن کی بےحرمتی سے اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات سے اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔

راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتا ہوں، تمام ریاستوں کو ایسی کارروائیوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں، اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اسلام تمام مذاہب کے ماننے والوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسلام میں انتشار، بدامنی، نفرت انگیز کارروائیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اسلامو فوبیا کے تدارک کیلئے مسلم امہ کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے، مسلمان اپنی مقدس کتاب کی بے حرمتی برداشت نہیں کریں گے۔

کراچی، گھر میں گیس سلنڈر دھماکا، ایک شخص جاں بحق

کراچی: (ویب ڈیسک ) کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں پیپلز چورنگی کے قریب گھر میں گیس سلنڈر دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے چوکیدار سلمان جاں بحق ہوا، دھماکے کے بعد گھر میں آگ لگ گئی تھی، فائر بریگیڈ حکام کے ایک فائر ٹینڈر نے آگ پر قابو پا لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مکان میں دھماکا گیس لیکج سے ہوا، مکان میں کمپیوٹر پارٹس کا دفتر تھا، دفتر سے متصل گھروں کو بھی دھماکے سے نقصان پہنچا ہے، دھماکے میں بارودی مواد کے استعمال ہونے کے شواہد نہیں ملے۔

عید الاضحیٰ کا تیسرا روز، قربانی اور دعوتوں کے بعد عوام پارکوں کا رخ کرنے لگے

لاہور، (ویب ڈیسک ) ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن بھی قربانی، ملنے ملانے اور دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے، عوام سیر وتفریح کیلئے پارکوں کا بھی رخ کرنے لگے۔

ملک بھر میں تیسرے روز بھی سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی اجتماعی اور انفرادی قربانی کا سلسلہ جاری ہے، قربانی سے فارغ ہو جانے والے افراد گوشت کی تقسیم میں مصروف ہیں۔

خواتین تگڑے ناشتے کے بعد اب دوپہر کے کھانے کی تیاری میں مصروف ہیں، آج بھی خوب دعوتیں ہوں گی جس کیلئے گھروں میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، مہمانوں کی بریانی، کباب، تکے، قورمہ ، کڑاہی سے تواضع کی جائے گی۔

دوسری جانب ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو قربانی کے گوشت میں پیشہ ور کبابیوں کا ذائقہ چاہتے ہیں، اس کیلئے معروف باورچیوں اور کبابیوں کی خدمات پہلے ہی حاصل کر لی گئی ہیں۔

جن افراد نے عیدالاضحیٰ کے پہلے اور دوسرے دن قربانی فریضہ سر انجام دے دیا وہ مہمانوں کے استقبال اور عزیز و اقارب سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔

سنت ابراہیمی کی ادائیگی اور مزیدار کھابوں کے بعد بچوں کے ساتھ بڑے بھی آج سیر و تفریح کیلئے پارکوں کا رخ کرنے لگے ہیں۔

آئی ایم ایف کی شرط پوری، پٹرول پر 5 روپے فی لیٹر لیوی ٹیکس عائد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط کو پورا کر دیا۔

حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط پر عمل کرتے ہوئے پٹرول پر 5 روپے فی لیٹر اضافی پٹرولیم ڈیویلپمنٹ لیوی ٹیکس عائد کر دیا ، پٹرول پر ڈیویلپمنٹ لیوی 50 روپے کے بجائے 55 روپے وصول کی جائے گی۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈیویلپمنٹ لیوی میں اضافہ نہیں کیا گیا، ہائی سپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 50 روپے فی لیٹر وصول کی جائے گی۔

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے سٹاف لیول معاہدہ کر لیا ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کا 3 ارب ڈالرز سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کا معاہدہ ہوا ہے۔

فلم کوئی مل گیا کے بعد ڈپریشن کا شکار ہوگیا تھا، رجت بیدی

بالی ووڈ کے سابق اداکار رجت بیدی نے شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر کینیڈا میں رہائش پذیر ہونے کی وجہ سے پردہ اُٹھا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق برسوں اسکرین سے دوری اختیار کرنے والے اداکار رجت بیدی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی ووڈ انڈسٹری کے غیر منصفانہ رویے سے بےحد مایوسی ہوئی جس کی وجہ سے انڈسٹری چھوڑنے پر مجبور ہوکر کینیڈا منتقل ہوگئے تھے‘۔

’کوئی مل گیا‘ فلم میں بطور ویلن کردار نبھانے والے اداکار رجت بیدی کا کہنا ہے کہ انہوں نے فلم کے لئے بہت سے سین شوٹ کروائے تھے جو فلم ریلیز ہونے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ کاٹ دیئے گئے ہیں اور فلم کی شاندار کامیابی کے باوجود اس کا ان کے کیریئر پر کوئی اثر نہیں ہوا۔

اداکار نے انکشاف کیا کہ فلم کوئی مل گیا کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئے تھے اور تب انہوں نے بالی ووڈ سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا اور کینیڈا منتقل ہوگیا۔

واضح رہے کہ فلم ’گول گپے‘ سے ایک بار پھر بالی ووڈ میں انٹری دینے والے اداکار رجت بیدی نے ماضی میں 50 سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں اور وہ ان دنوں اپنے خاندان کے ہمراہ کینیڈا میں مقیم ہیں۔