مردم شماری کی تاریخ میں 15 مئی تک توسیع کر دی گئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کے کام میں 15 مئی تک توسیع کر دی گئی۔
ترجمان ادارہ شماریات کے مطابق مردم شماری کی تاریخ میں مخصوص اضلاع میں توسیع کی گئی ہے، جن میں لاہور، راولپنڈی، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، کراچی، حیدر آباد، پشاور، بنوں، ڈی آئی خان، ابیٹ آباد، نوشہرہ، کوئٹہ، جعفر آباد، لسبیلہ، آزاد جموں کشمیر اور گلگت شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ باقی اضلاع میں خانہ و مردم شماری کا کام مکمل کر کے بند کیا جا رہا ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال نے صوبوں کو تصدیقی عمل ہر صورت 15 مئی تک مکمل کرنے کی تاکید کی ہے، تمام صوبے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت وزیر منصوبہ بندی کو پیش کریں گے۔
ملک کے جن علاقوں میں خانہ شماری مکمل کی گئی ہے ان کے اعداد و شمار کے مطابق 23 کروڑ 90 لاکھ 17 ہزار 494 افراد کو شمار کیا جا چکا ہے، سندھ میں 5 کروڑ 48 لاکھ 58 ہزار 515 افراد شمار کیے گئے ہیں، پنجاب میں 11 کروڑ 68 لاکھ 27 ہزار 125 افراد کو گنا جا چکا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں 3 کروڑ 93 لاکھ 72 ہزار 462 افراد کو گنا جا چکا، بلوچستان میں 2 کروڑ 94 ہزار 659 افراد شمار ہو چکے ہیں، اب تک کراچی میں 1 کروڑ 78 لاکھ 19 ہزار 110 افراد کا شمار ہو چکا ہے، لاہور میں 1 کروڑ 17 لاکھ 70 ہزار 759 افراد کو گنا گیا ہے۔

عمران خان نے سہولت کاروں کے بغیر آج تک کوئی الیکشن نہیں جیتا: احسن اقبال

نارووال: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے کیلئے صوبائی اسمبلیاں توڑی گئیں، عمران خان نے آج تک کوئی الیکشن سہولت کاروں کے بغیر نہیں جیتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی 2 حکومتیں کسی جذبے کے تحت ختم نہیں کی تھیں بلکہ سازش کے تحت اسمبلیاں تحلیل کیں اور انہوں نے خود جنرل باجوہ کے کہنے پر حکومتیں توڑنے کا اعتراف کیا، چاروں صوبائی اور قومی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی روز ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا 1997 سے آج تک قومی و صوبائی اسمبلی کے الیکشن ایک روز ہوتے ہیں، ایک مخصوص جماعت کے فیصلوں کو ملک پر مسلط نہ کیا جائے، الیکشن سے بھاگ نہیں رہے، قومی و صوبائی اسمبلیوں کو مدت پوری کرنی چاہیے، ملک میں کسی قسم کا آئینی یا جمہوری بحران نہیں ہے، صرف ایک شخص کی حمایت، ضد اور انا کا بحران ہے۔

ٹکٹوں کی تقسیم کا معاملہ، زمان پارک کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگ گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر زمان پارک کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ لگ گیا، بھوک ہڑتالی کیمپ پی پی 141 کے کارکنان کی جانب سے لگایا گیا ہے۔
کیمپ میں بھوک ہڑتال کے حوالے سے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جن پر امپورٹڈ امیدوار نامنظور کے نعرے درج ہیں، کارکنان کا مطالبہ ہے کہ ٹکٹ کی تقسیم کے حوالے سے ہمیں سنا جائے۔
مظاہرین نے پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کی گاڑی کو روکتے ہوئے کہا کہ ہم 2009ء سے تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، ٹکٹ ہمارا حق ہے جس پر فواد چودھری نے ان کی آواز آگے پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔

آڈیو لیک: تحریک انصاف کا ابوزر کو جاری ٹکٹ کے حوالے سے تحقیقات کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے ابوزر چدھڑ اور نجم ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک کے معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کر لیا۔
گزشتہ روز سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب نثار اور ٹکٹ ہولڈر پی پی 137 ابوزر چدھڑ کے درمیان ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے بات چیت کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی، جس میں ابوزر چدھڑ کال پر پہلے سلام کرتے ہیں اور نجم ثاقب کے ’’جی‘‘ کہنے پر ابوزر کہتے ہیں کہ آپ کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں۔
ابوزر چدھڑ نے مبینہ آڈیو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ٹکٹ چھپوا رہے ہیں ناں، چھاپ دیں اس میں دیر نہ کریں ٹائم تھوڑا ہے، نجم ثاقب نے کہا کہ بس بابا کو ملنے آ جانا شکریہ ادا کرنے کیلئے اور کچھ نہیں، اس پر ابوزر چدھڑ نے رضا مندی کا اظہار کیا۔
تحریک انصاف نے ابوزر چدھڑ اور سابق چیف جسٹس کے صاحبزادے کی آڈیو لیک آنے کے بعد ابوزر کو ٹکٹ دینے کے حوالے سے تحقیقات کا فیصلہ کیا، مزید ٹکٹس کی تقسیم کے معاملات پر بھی شکایات کی تحقیقات کی جائیں گی۔

تحریک انصاف کے آنے پر اے پی سی میں شرکت نہیں کریں گے: جے یو آئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کی موجودہ ملکی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) نے شرکت مشروط کر دی۔
ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے وفد کی شرکت کی صورت میں اے پی سی میں نہیں جائیں گے، پارٹی نے پی ٹی آئی کا ہر فورم پر بائیکاٹ کیا ہوا ہے، کسی ایسے فورم پر نہیں جائیں گے جہاں تحریک انصاف موجود ہوگی۔
واضح رہے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے 3 مئی کو آل پارٹی کانفرنس بلا رکھی ہے جو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں صبح 10 بجے شروع ہو گی، کانفرنس میں دیگر جماعتوں کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف بھی شرکت کرے گی۔
عوامی نیشنل پارٹی نے تمام جماعتوں کے ساتھ تحریک انصاف اور جمعیت علماء اسلام کو بھی آل پارٹی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے، تحریک انصاف نے اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ کر لیا، سابق سپیکر اسد قیصر پی ٹی آئی کی نمائندگی کریں گے۔

بہاولنگر: آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق، متعدد جانور ہلاک

بہاولنگر: (ویب ڈیسک) آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد جانور ہلاک ہوگئے ہیں، شہر کے گردونواح میں بارش کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ بستی مومن آباد میں پیش آیا، جاں بحق نوجوانوں میں محمد شاہد اور عبدالرؤف شامل ہیں، واقعہ میں کئی جانوروں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب شہر میں بارش برسنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور موسم خوشگوار ہوگیا تاہم گندم کی کٹائی کا عمل بارش سے شدید متاثر ہوا ہے جس سے کسانوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی نے 3 مئی کو آل پارٹی کانفرنس بلالی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے 3 مئی کو آل پارٹی کانفرنس بلالی، کانفرنس اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں صبح 10 بجے شروع ہوگی جس میں دیگر جماعتوں کے ہمراہ تحریک انصاف بھی شرکت کرے گی۔
تمام جماعتوں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف اور جمیعت علماء اسلام کو بھی آل پارٹی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے جس پر تحریک انصاف نے اے این پی کی اے پی سی میں شرکت کا فیصلہ کرلیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر کو اے پی سی میں بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جے یو آئی کو اے پی سی میں تحریک انصاف کی شرکت پر تحفظات ہیں، جے یو آئی کی جانب سے اے پی سی میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا۔
ترجمان اے این پی کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ جے یو آئی نے پی ٹی آئی کو دعوت نہ دینے کی کوئی شرط نہیں رکھی، اے پی سی میں موجودہ سیاسی بحران کے حل اور ایک ہی دن الیکشن کروانے پر قومی اتفاق رائے کی کوشش کی جائے گی۔

رواں سال عازمین حج کو آب زم زم مفت میں نہیں ملے گا

لاہور: (ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے عازمین حج پر آب زم زم ساتھ لے جانے کیلئے نئی شرائط عائد کر دیں۔
رپورٹ کی مطابق عازمین حج کو آب زم زم اب مفت نہیں ملے بلکہ فی کس 15 ریال ادا کرنے ہوں گے، پاکستانی عازمین حج کو رواں برس آب زم زم کے حصول کیلئے 20 کروڑ روپے سعودی حکومت کو ادا کرنے ہیں، یہ رقم ڈالرز میں دی جائے گی، رقم کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حاجیوں کو مجموعی طور پر 8 لاکھ، 96 ہزار لیٹر آب زم زم فراہم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین سے آب زم زم کی قیمت پیشگی لی جا رہی ہے، ہر حاجی کو پاکستان واپس پہنچنے پر صرف 5 لیٹر آب زم زم ہی ملے گا جس کیلئے انہیں فی کس 15 ریال ادا کرنے ہوں گے جو پاکستانی کرنسی میں 1114 روپے بنتے ہیں۔
دوسری جانب سعودی امور حج کمیٹی کا کہنا ہے کہ عمارتوں اور مکانوں کے پرمٹ جاری کرانے کیلئے درخواستیں رواں ماہ کے آخر تک جمع کرائی جا سکتی ہیں، عمارتیں مقررہ معیار کی ہونا ضروری ہیں جن کی تصدیق مکہ بلدیہ اور شہری دفاع کے منظور شدہ کنسلٹنگ انجینئرنگ فرمز سے کرائی جائے۔
رہائشی امور کی کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ حجاج کی رہائش کیلئے جو عمارتیں فراہم کی جائیں گی ان کے لیے بنیادی شرائط متعلقہ کمیٹی کی جانب سے جاری کی جا چکی ہیں جن میں حفاظتی امور کو مقدم رکھا گیا ہے۔
متعلقہ منظورشدہ انجینئرنگ فرمز کے نمائندے عمارتوں کا جائزہ لینے کے بعد فراہم کی گئی سہولتوں اور معیار کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کریں گے جن کی بنیاد پرعمارتوں کے پرمٹ جاری کیے جائیں گے۔

آٹا سکیم: لوگوں کی جانیں گئیں اور تذلیل ہوئی، یہ سب 20 ارب کیلئے کیا؟، فواد چودھری

لاہور:(ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے آٹا سکیم میں مبینہ کرپشن کے الزامات پر نیب سے تحقیقات کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ مفت آٹا سکیم میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی کے الزامات پر نیب کو تحقیقات کرنی چاہیے، آٹا سکیم میں کرپشن پر چیئرمین نیب سابق وزیر اعظم شاہد خاقان کے بیان پر تحقیقات کا آغاز کریں، پنجاب حکومت کے ذمہ داروں کو بھی کٹہرے میں لایا جائے۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مزید کہا ہے کہ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو حکام نے کہا کہ وہ PTI دور کی طرح ڈیجیٹلائز نظام کے تحت 84 ارب کو شفافیت سے عوام تک پہنچا سکتے ہیں، شہباز شریف کے اصرار پر آٹے کی لائنز لگا کر آٹا بانٹا گیا، لوگوں کی جانیں گئیں اور لوگوں کی تذلیل بھی ہوئی، تو یہ سب کیا 20 ارب کیلئے کیا گیا؟۔

ملک کو ہیجانی کیفیت سے نکالنے کیلئے عوام سے فیصلہ لیا جائے: سراج الحق

لاہور:(ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک بے یقینی کا شکار اور اندرونی و بیرونی خطرات کی زد میں ہے۔
اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک کو ہیجانی کیفیت سے نکالنے کیلئے عوام سے فیصلہ لیا جائے، الیکشن کسی ایک پارٹی کی مرضی سے نہیں ہو گا بلکہ ہم سب نے مل کر راستہ نکالنا ہے۔
سراج الحق نے کہا ہے کہ خانہ شماری میں کراچی کی آبادی نصف کر دی گئی جسے مسترد کرتے ہیں، کراچی کے عوام سے زیادتی کے خلاف مظاہرہ کیا جائے گا، یکم مئی کو گوادر کے حقوق اور ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی کیلئے بھی احتجاج ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کے گھر پر پولیس کا بکتر بند گاڑیوں سے حملہ قابل افسوس ہے، چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی اور خواتین کی تضحیک انتہائی زیادتی کا اقدام ہے۔

ترقی کرتا ملک تباہ کرنے والوں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے: نواز شریف

لاہور:(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف ویڈیو لنک پر اور دیگر سینئر رہنما بھی شریک ہوئے، اجلاس میں ملک کی معاشی، پنجاب کی سیاسی، پارٹی و دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ مذاکرات ملک و قوم کیلئے ہیں لیکن دوسری طرف ذاتی مفادات، ملک اور اداروں کو بدنام کرنے کی جنگ ہے، جنہوں نے ملک کو ساڑھے تین سال نقصان پہنچایا ان کی گارنٹی دینے والا کوئی نہیں۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ ہمیں فوری طور پر عوام کے مسائل حل کرنے اور مہنگائی کو کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے، انتخابات سے قبل عوامی ریلیف کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ ملک و قوم کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا ہم نے دن رات محنت کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جسے ساڑھے 3 سال میں ملک دشمنوں نے تباہ کر دیا، عوام ان کو کبھی معاف نہیں کریں گے، کچھ ایسے لوگوں کو ترقی ہضم نہیں ہوتی، عوام کو ایسے افراد سے بچنا ہوگا اور ہمیں صرف ملک و قوم کا سوچنا ہوگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہت جلد ریلیف بارے خوشخبری دیں گے، ریلیف پیکیج سے عوامی مشکلات کم ہوں گی، ایک ہی دن انتخابات کی تاریخ اور دیگر معاملات سے متعلق اتحادیوں سے ملکر فیصلہ کیا جائے گا، ایک سال ہو گیا ملک کی بہتری و ترقی کیلئے اتحادیوں کے ساتھ مل کر محنت کر رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر رینجرز تعینات

لاہور:(ویب ڈیسک) سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر رینجرز کے اہلکار تعینات کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق حکام نے رینجرز کے اہلکار چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ کے داخلی دروازے پر تعینات کیے ہیں، چودھری شجاعت حسین کے گھر کے پچھلے دروازے پر بھی رینجرز کے جوان تعینات کیے گئے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ پر ہونے والے آپریشن کے دوران پولیس نے چودھری شجاعت حسین کے گھر کا دروازہ توڑ دیا تھا، رینجرز کی تعیناتی کا فیصلہ اسی واقعہ کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت اور دن تبدیل کر دیا گیا

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے اجلاس کے وقت اور دن میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اب 2 مئی بروز منگل کو طلب کیا گیا ہے، اجلاس کے وقت اور تاریخ میں تبدیلی کا مراسلہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کو شام 4 بجے ہوگا، اس سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس 3 مئی بروز بدھ کو طلب کیا گیا تھا۔