عدلیہ آئین و قانون کے مطابق فیصلے کرتی ہے، پنچایت نہیں لگاتی: خواجہ آصف

سیالکوٹ:(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عدلیہ کا کام قانون اور آئین کے مطابق فیصلے کرنا ہے پنچایت لگانا نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ کہاں لکھا ہے عدلیہ مذاکرات کروائے گی، پنچایت لگانا یا مذاکرات کرنا سیاسی لوگوں کا کام ہے، جب عدلیہ کی بات آتی ہے تو یہ عوام کےاعتبار کی بات ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کےدوران حالات نے کروٹ لی ہے، ثاقب نثار نواز شریف کی دشمنی میں بہت دورنکل گئے تھے، ثاقب نثار نے ٹی وی پر تسلیم کیا کہ یہ میرے بیٹے کی آڈیو ہے، ثاقب نثار ہی نہیں تحریک انصاف کی لیڈرشپ بھی بے نقاب ہوگئی ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اب نئے سہولت کار ملے ہوئے ہیں، عمران خان نے وزیر آباد کا لانگ مارچ بھی کسی کے کہنے پر کیا تھا، اقتدار سے دوری عمران خان کو اندر سے کھائے جا رہی ہے، آج ملک کے تمام بحرانوں کے ذمہ دار عمران خان ہیں۔

ایم کیو ایم مردم شماری پر مطمئن ہے اسی لیے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دیا، اسد عمر

کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم مردم شماری کے نتائج پر مطمئن ہے اسی لیے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ دیا۔
کراچی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ خالد بھائی یہ نہ کرو، اسمبلی کے اندر اور باہر ایک ہی مؤقف اپناؤ، کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ پاکستان میں رہنے والوں کو درست شمار کیا جائے، ہر پاکستانی کو گننا ضروری ہے، مردم شماری میں شفافیت ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے معاملے پر اسمبلی میں آواز بلند کی جائے، وزارتیں چھوڑی جائیں، اگر وزارتیں نہیں چھوڑی جاتیں تو یہ صرف سیاست کر رہے ہیں، آئین میں درج ہے کہ ہر 10 سال بعد مردم شماری ہوگی، یہ مسئلہ حل ہو سکتا تھا لیکن مردم شماری پر سیاست کی گئی۔
اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ معاملات مشترکہ مفادات کونسل میں لے گئے تو وزیراعلیٰ سندھ نے اعتراض اٹھا دیا، وزیراعلیٰ سندھ نے جس مردم شماری پر اعتراضات اٹھائے وہ انہوں نے خود کروائی تھی، ہماری حکومت نے ڈیجیٹل مردم شماری کا فیصلہ کیا تھا۔

تحریک انصاف کے رہنما پیپلز پارٹی میں شامل

کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علمدار عباس قریشی نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) میں شمولیت اختیار کرلی۔
تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علمدارعباس قریشی پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی رہنما نے پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر علمدار عباس قریشی کو پارٹی میں شامل ہونے پر مبارکباد دی۔

مردم شماری پر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ناانصافی ہورہی ہے: ایم کیو ایم پاکستان

کراچی:(ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے ڈیجیٹل مردم شماری میں کراچی کے ساتھ سازش کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری پر سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نا انصافی ہو رہی ہے۔
کنوینر خالد مقبول صدیقی نے سینئر رہنماء مصطفیٰ کمال اور دیگر کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت شہریوں کو نہیں گنا گیا، مطالبہ یہی ہے کسی کو کم یا زیادہ نہیں سب کو صحیح گنا جائے، یہ غلطی نہیں خاص منصوبہ بندی ہے، اداروں نے غطی مان لی، لیکن تدارک نہیں کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ مردم شماری سے متعلق ہمارے خدشات درست ثابت ہوئے، کراچی کی آبادی کو گزشتہ مردم شماری سے بھی کم گنا گیا، 50 سال سے کراچی کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے، کراچی کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ ڈیٹا درست کرائیں، شہری آنے والی نسلوں کیلئے اپنے آپ کو صحیح گنوائیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایک ایک فرد کو گننا بھی ریاست کی اہم ذمہ داری ہے، بار بار اعتراض، التجا، اپیلیں کرنا پڑتی ہیں ہمیں صحیح گنا جائے، ہمارے مطالبے پر مردم شماری کی مدت میں اضافہ کیا گیا، مطالبے کے بعد کراچی میں 30 لاکھ سے زائد لوگوں کو دوبارہ گنا گیا۔
مصطفیٰ کمال
اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ تین ماہ سے ایم کیو ایم کے پاس مردم شماری کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں، عجیب بات ہے ہمیں خود کو گنوانے کیلئے پورے ملک کے چکر کاٹنا پڑ رہے ہیں، مردم شماری میں تقریباً 10 لاکھ گھروں کو نہیں گنا گیا، شہر کی دیگر سیاسی جماعتوں کا اس عمل میں کوئی عمل دخل نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم کوئی مراعات یا زمین کا ٹکڑا نہیں مانگ رہے، جب ہم پہلی بار شکایتیں لیکر گئے تو دوست ناراض ہوگئے، آخری میٹنگ میں وزیراعظم نے ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا، سیاسی جماعتوں نے ٹویٹ کیا ایم کیو ایم نے کراچی کا سودا کر دیا، ایم کیو ایم مردم شماری پر بک گئی ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان میں ایرانی سفیر سے الوداعی ملاقات

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان میں ایرانی سفیر محمد علی حسینی سے الوداعی ملاقات ہوئی ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایرانی سفیر کی مدت ملازمت کو سراہتے ہوئے انہیں الوداع کہا اور مستقبل کی ذمہ داریوں کیلئے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان قدیم، مشترکہ مذہبی اور ثقافت پر مبنی گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔
اس موقع پر ایرانی سفیر محمد علی حسینی نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھایا جانا چاہیے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی گندم ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت سرکاری سطح پر گندم کی خریداری پر جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم نے گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات کر دیں۔
وزیراعظم نے ملک میں گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیداوار پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ نااہل حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے پاکستان گندم درآمد کرنے والا ملک بنا۔
انہوں نے کہا کہ خدا کے فضل وکرم سے اس سال گندم کی گزشتہ 10 سالوں کی نسبت زیادہ پیداوار ہوئی، حکومت کے کسانوں کو معیاری بیج اور کھاد کی فراہمی کی بدولت شاندار پیداوار کا حصول ممکن ہوا، آئندہ سال حکومت اس سے بھی زیادہ پیداوار کیلئے حکمتِ عملی مرتب کر رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال بارشوں اور سیلاب کے باوجود گندم کی بمپر کراپ بہترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے، تمام تر مالی مشکلات کے باوجود گندم کی بمپر پیداوار پر کاشت کار اور پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے کسانوں کو کھاد کیلئے پورا پورا دن لمبی قطاروں میں کھڑا رکھا، صوبائی اور وفاقی محکمے براہِ راست کسانوں سے گندم خریدیں تاکہ کاشتکار کو بھرپور فائدہ پہنچے، تمام افسران گندم کی بروقت خریداری یقینی بنائیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ اور متعلقہ حکام کو مبارکباد دی۔

کراچی: جماعت اسلامی کا مردم شماری کے معاملے پر احتجاج کا اعلان

کراچی:(ویب ڈیسک) جماعت اسلامی سندھ نے مردم شماری کے معاملے شاہراہ فیصل پر بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا۔
اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مردم شماری سے متعلق مطالبات حکومت کے سامنے رکھے ہیں، شاہراہ فیصل پر آج تاریخی احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں جو فرد جہاں ہے اسے وہاں گنا جائے، ہم کسی سوداگری کو نہیں مانیں گے، وڈیرے اور جاگیردار طاقت کے نشے میں چور ہیں، وڈیرے سندھیوں کے حقوق کا استحصال کر رہےہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں ساڑھے 3 کروڑ لوگ رہتے ہیں، کراچی کے لوگوں کو گنا بھی جائے اور وسائل بھی دیے جائیں۔

دل خوش ہو گیا! ویل ڈن بوائز

کراچی :(ویب ڈیسک) سابق کپتان اور اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستان ٹیم کی شاندار فتح پر کھلاڑیوں کو سراہے بغیر نہ رہ سکے۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ دوسرا ون ڈے میچ فخر زمان کے نام رہا،بابر اعظم اور محمد رضوان کی طرف سے اچھی سپورٹ ملی ۔
شاہد آفریدی نے لکھا کہ پہلی گیند سے آخری گیند تک شاندار انداز میں اختتام کیا ، دل خوش ہوگیا ، ویل ڈن بوائز ۔

پاکستان کی پہلی خاتون ماہر تعمیرات یاسمین لاری برطانوی شاہی ایوارڈ کیلئے منتخب

کراچی :(ویب ڈیسک) رائل انسٹی ٹیوٹ آف برٹش آرکیٹیکٹس نے پاکستان کی پہلی خاتون ماہر تعمیرات پروفیسر یاسمین لاری کو ماحول دوست زیروکاربن، خود سے تعمیرکردہ گھروں کی تعمیر پر 2023 کے رائل (شاہی) گولڈ میڈل ایوارڈ کے لیے منتخب کرلیا۔
یاسمین لاری نے کراچی کی کئی شاہکار عمارتوں کو ڈیزائن کیا لیکن اب وہ اپنے کام پر فخر نہیں کرتیں، اب وہ چونے اور مٹی سے بنی تعمیرات کو فروغ دے رہی ہیں جو کاربن فٹ پرنٹ کم کرنے کے ساتھ سستی اور پائیدار بھی ہیں۔
رائل گولڈ میڈل ایوارڈ فن تعمیر کو سراہنے کے لیے اعلیٰ ترین اعزازت میں شامل ہے۔
یاسمین لاری کو پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے باعث آنے والی قدرتی آفات سے بے گھر ہونے والوں کے لیے ماحول دوست سستے گھروں کی تعمیر کے عام سے تصور کو دنیا سراہ رہی ہے، یہ ایوارڈ ذاتی طور پر برطانوی بادشاہ کی جانب سے منظور کیا جاتا ہے۔
شاہی گولڈ میڈل یاسمین لاری کو جون 2023 میں پیش کیا جائے گا۔
یاسمین لاری نے سال 2000 سے غریب اور بے گھر افراد کی آبادی کاری پر کام کررہی ہیں، یاسمین لاری کو دیہی خواتین کے لیے دھویں کے بغیر ماحول دوست اور صحت کے موزوں چولہے بنانے کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے۔

حکومت پنجاب کا شاہد خاقان عباسی سے معافی کا مطالبہ

لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کے الزام پر سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
نگران وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے شاہد خاقان عباسی کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ مفت آٹا سکیم میں ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں ہوئی۔ الزام لگانے والوں کی اپنی ساکھ مجروح ہوئی ہے۔
عامر میر کا کہنا تھا کہ آٹا اسکیم پنجاب کی تاریخ کی کامیاب ترین سکیم رہی۔ اسکیم سے پنجاب کے 3 کروڑ مستحق لوگوں نے فائدہ اٹھایا۔ آٹا اسکیم کو وفاقی اور پنجاب حکومت کی طرف سے مل کر فنڈ کیا گیا۔
نگران وزیر اطلاعات نے کہا کہ آٹا اسکیم کو پارٹی کی اندرونی سیاست کی بھینٹ چڑھانا سراسر زیادتی ہے۔ شاہد خاقان عباسی معذرت کریں یا ثبوت مہیا کریں۔
عامر میر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت پر کوئی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔ پنجاب حکومت ایک ایک پائی کا حساب دے سکتی ہے۔

بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 5 افراد جاں بحق

چمن:(ویب ڈیسک) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) کے مطابق بارشوں اور ریلوں سے ہونے والے نقصانات میں خضدار میں 2 ، مچھ، لسبیلہ میں 2 اور کیچ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔
پی ڈی ایم اے حکام کا بتانا ہے کہ حالیہ بارشوں سے چاغی اور پنجگور میں متعدد کچے مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ بولان پنجرہ پل کا ایک حصہ اور سوناری پل کوہلو سیلابی پانی میں بہہ گئے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ دونوں مقامات پر پلوں کی مرمت اور ٹریفک بحالی کا کام جاری ہے۔

فخر کا ایک اور اعزاز، ون ڈے میں سنچریز کی ہیٹ ٹرک کرنیوالے چوتھے پاکستانی بن گئے

راولپنڈی :(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم بیٹر فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ناصرف ایک روزہ میچز میں 3 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا بلکہ سنچریز کا بھی شاندار ریکارڈ بنا ڈالا۔
در اصل فخر زمان نے سنچریوں کی ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
لیفٹ آرم بیٹر لگاتار تین میچز میں سنچری کرنے والے پاکستان کے چوتھے کھلاڑی بن گئے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں فخر نے 144 گیندوں پر 180 رن بناکر ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ان کی اس اننگز میں سترہ چوکے اور چھ بلند بالا چھکے شامل ہیں۔
کرکٹر کو شاندار اور دلیرانہ بیٹنگ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی ملا۔
واضح رہےکہ اس سے قبل پاکستان کے ظہیر عباس، سعید انور اور بابر ون ڈے میں سنچریز کی ہیٹ ٹرک کر چکے ہیں جب کہ اب فخر چوتھے پاکستانی بن گئے۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو یہ اعزاز دو مرتبہ حاصل ہے، انہوں نے ون ڈے میں دو بار سنچریز کی ہیٹ ٹرک 2016 اور 2022 میں کی ہے۔

محکمہ موسمیات کی کراچی والوں کیلئے خوشخبری

کراچی :(ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات کی جانب سے آج اور کل سندھ بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی میں آج بارش کا امکان ہے جس کی وجہ سے مطلع ابر آلود رہے گا۔ شہر کراچی میں آج کہیں ہلکی تو کہیں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ٹھٹھہ، بدین، دادو، سانگھڑ اور خیرپور میں بھی بادل برسیں گے۔
گزشتہ روز کراچی میں سرجانی اور اورنگی ٹاون سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسے۔ فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، عزیز آباد اور گلشن اقبال سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ کوئٹہ، قلات، خضدار، زیارت، بارکھان، چمن، پشین، نوشکی اور نوکنڈی میں بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیارت 22، قلات 21 اور پشین میں درجہ حرارت 24 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے ‘گلوبل انفارمیشن ارلی وارننگ سسٹم’ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس سال بھی شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان شدید بارشوں کے خطرات کا سامنا کرنے والے 20 ممالک میں شامل ہے۔ مختلف ملکوں میں جون میں شدید بارشوں اور سیلاب سے غذائی قلت کا خدشہ ہے۔