محتاط رہیں- دنیا بھر میں آج اپریل فول منایا جا رہا ہے

لاہور:(ویب ڈیسک) دنیا بھر میں آج اپریل فول یعنی ‘بیوقوف بنانے’ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
کوئی فون کھڑکائے گا، کہانی گھڑ کے بیوقوف بنائے گا، کوئی باتوں ہی باتوں میں دماغ چکرائے گا، پھر مذاق اڑائے گا، اگر آپ بیوقوف بننا نہیں چاہتے تو خبردار رہیں، کوئی غیرمعمولی بات کہے توپہلے سوچیں، سمجھیں پھر یقین کریں۔
ان کے علاوہ کوئی بھی کسی کو بھی دھوکے سے بلا سکتا ہے اور بیوقوف بنا سکتا ہے۔
آج کہیں بھی جائیں تو گاڑی سٹیکرز سے بھری مل سکتی ہے، لنچ باکس میں نقلی کیڑے مکوڑے بھی ہوسکتے ہیں، بسکٹس میں کریم کی جگہ ٹوتھ پیسٹ ہوسکتا ہے۔
کیونکہ آج کا دن قدم پھونک پھونک کر رکھنے کا ہے، دنیا بھر میں آج ایک دوسرے کو بیوقوف بنانے کا دن ’اپریل فول‘ منایا جا رہا ہے۔
تو محتاط رہتے ہوئے چاہیں تو آپ بھی دوست کو اپریل فول بنا سکتے ہیں، مگر ایسے کہ کسی کی دل آزاری نہ ہو۔

چمن: زلزلے سے مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر 3 بچے جاں بحق

چمن:(ویب ڈیسک) چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 3.6 ریکارڈ کی گئی۔
چمن کے علاقے بلالزئی میں زلزلے کے باعث گرنے والے مکان کے ملبے تلے دب کر 3 بچے جاں بحق ہوگئے جن کی نعشیں نکال لی گئی ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں ایک بھائی اور دو بہنیں شامل ہیں، جبکہ ملبے تلے دب کر خاتون سمیت 5 بچے زخمی بھی ہوئے۔
ترجمان وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کی فوری مدد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ زلزلے کے جھٹکے گزشتہ رات چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین اضلاع میں محسوس کیے گئے تھے، زلزلے کا مرکز کوئٹہ سے 50 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔
زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں لیویز فورس کو الرٹ کیا گیا تھا، جہاں بارشوں کے باعث کچے مکانات خستہ حال ہونے کی وجہ سے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس آج طلب

لاہور:(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی سیاسی حالات کے تناظر میں اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس دوپہر ایک بجے لاہور میں ہوگا، اجلاس میں سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیس پر بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف اتحادیوں کو موجودہ صورت پر اعتماد میں لیں گے، ملکی مجموعی سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا، حکومتی اتحادی رہنما ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔