الیکٹرانک سگریٹ کی بھی مارکیٹ میں عام فروخت کی مشروط اجازت

لاہور:(ویب ڈیسک) وزارت صحت نےعام سگریٹس کے بعد الیکٹرانک سگریٹس کے بھی مارکیٹ میں عام فروخت کی مشروط اجازت دے دی۔
الیکٹرانک سگریٹ، سگار، وہیپ یعنی پاکٹ سائز شیشہ، اب سگریٹ پان کی دکانوں پر کھلےعام فروخت ہو سکیں گے جس کی وزارت صحت نے بھی مشروط اجازت دے دی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق تمباکو ہیٹڈ پروڈکٹس کیلئے اُن کے 65 فیصد حصے پر مضر صحت کی وارننگ شائع کرنا لازم قرار دی گئی ہے، فیصلہ تمباکو نوشی کی تمام اقسام کو ضابطے کے تحت لانے کیلئے کیا گیا ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کا تمباکو کنٹرول سے متعلق کنونشن بھی تمباکو پر پابندی یا اسے ریگولرائز کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
دوسری جانب طبی ماہرین نے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوبیکو ہیٹڈ پروڈکٹس بھی عام سگریٹس کی طرح ہی مضر صحت ہیں۔

رمضان میں بھی مختلف شہروں میں گیس کی لوڈشیڈنگ، شہری پریشان

لاہور/ کراچی:(ویب ڈیسک) رمضان المبارک میں بھی ملک کے مختلف شہروں میں گیس کی لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو سحری اور افطاری کے اوقات میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی، لاہور، کوئٹہ، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں گیس لوڈشیڈنگ سے تنگ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کم از کم رمضان میں تو شیڈول کے مطابق گیس دے دیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اب سحری اور افطار کی تیاری بھی مشکل ہوگئی، سلنڈر پر کھانا پکائیں گے تو اس مہنگائی میں کیسے گزارا کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے شہریوں کی شکایت پر نوٹس لیتے ہوئے سحر و افطار میں بلاتعطل گیس فراہمی کی ہدایت کر دی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں گیس لوڈشیڈنگ سے متعلق اجلاس میں وزیراعظم حکام پر برس پڑے اور کہا کہ رمضان میں گیس فراہمی کی جامع حکمت عملی اپنانی چاہیے تھی۔

آئی پی ایل کے 16ویں سیزن میں 5 نئے دلچسپ قوانین متعارف

ممبئی:(ویب ڈیسک) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا آغاز آج چنئی سپر کنگز اور گجرات ٹائٹنز کے درمیان میچ سے ہوگا تاہم ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ 5 نئے قوانین متعارف کروائے جارہے ہیں۔
آئی پی ایل کے 16ویں سیزن کا افتتاحی میچ شام 7 بجے شروع ہوگا، ایونٹ میں کُل 10 ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی جبکہ ٹورنامنٹ 2 مہینے تک جاری رہے گا۔
آئی پی ایل کے لیے متعارف کروائے گئے نئے قوانین
پہلا قانون: “امپیکٹ پلیئر” کے اصول کے تحت ٹیموں کو اجازت ہوگی کہ وہ کھیل کے دوران 14 ویں اوور سے پہلے تک کھلاڑی کو شامل کرسکتی ہیں، جو متبادل پلئیر کی جگہ بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کرسکتا ہے لیکن بطور کپتان ٹیم کی قیادت نہیں کرسکتا، کپتان ٹاس کے دوران اپنے امپیکٹ پلیئرز کا نام امپائر کو بتائے گا، جسے وہ میچ میں چُن سکتا ہے۔
دوسرا قانون: اس سے پہلے ٹاس سے قبل دونوں ٹیموں کو ٹیم کا اعلان کرنا ہوتا تھا کیونکہ شیٹس میچ ریفری کو بھجوائی جاتی تھی تاہم اب کوئی ٹیم اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان ٹاس کے بعد بھی کرسکتی ہے۔
تیسرا قانون: آئی پی ایل 2023 کے سیزن میں وائیڈز اور نو بالز کے لیے بھی ڈی آر ایس لیا جاسکے گا، کھلاڑیوں کو فیلڈ امپائرز کے ذریعہ وائیڈ بال اور نو بال کالز کا جائزہ لینے کی اجازت ہوگی۔
چوتھا قانون: کوئی بھی بال کروائے جانے سے قبل اَن فیئر مومنٹ یا (غیر منصفانہ حرکت) ہوتی ہے تو اسے ڈاٹ بال قرار دیا جائے گا جبکہ مخالف ٹیم کو 5 اضافی رنز بھی ملیں گے۔
پانچواں قانون: سلو اوور ریٹ پر جرمانے کی صورت میں 90 منٹ کے دوران ٹیم کو 20 اوورز مکمل کروانے ہونے گے تاخیر کی صورت میں مزید ایک پلئیر باؤنڈری لائن کے بجائے 30 گز کے دائرے میں فیلڈنگ کرے گا۔

عمران نذیز پر خاتون نے رقم لیکر اپارٹمنٹ نہ دینے کا الزام عائد کردیا

لاہور:(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق جارح مزاج اوپنر عمران نذیز پر خاتون نے رقم لیکر اپارٹمنٹ نہ دینے کا الزام عائد کردیا۔
ذرائع کے مطابق مدیحہ بی بی نے کرکٹر عمران نذیر کیخلاف لاہور کی سول عدالت سے رجوع کرلیا ہے، جج محمود افضل شاہ نے خاتون کی درخواست پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر عمران نذیر سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے۔
خاتون نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ عمران نذیر کو نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 42 لاکھ دے کر اپارٹمنٹ بک کروایا تاہم انہوں نے تاحال اپارٹمنٹ کا قبضہ دیا نہ ہی رقم واپس کی۔
عدالت سے استدعا کرتے ہوئے خاتون نے کہا کہ عمران نذیر پر قومی ہیرو سمجھ کر اعتماد کیا لیکن اس نے دھوکا دیا، میری گزارش ہے عدالت رقم یا اپارٹمنٹ دینے کا حکم دے۔

حارث رؤف کی عمرہ ادائیگی، بابر کی مسجد نبوی کی تصاویر وائرل

لاہور:(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے عمرہ ادائیگی اور کپتان بابر اعظم نے مسجد نبویﷺ میں بنائی گئی تصاویر شیئر کردیں۔
کپتان بابر اعظم نے مسجد نبویﷺ میں حاضری کے بعد صحن میں کھڑے بنائی گئی تصویر شیئر کی، انہوں نے کیپشن میں مصرعہ ” بعد از خدا بزرگ توئی۔۔۔ قصہ مختصر” تحریر کر کے نبی کریم ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے عمرہ ادائیگی کے بعد مسجد الحرام سے اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جس میں وہ احرام پہنے ہوئے ہیں، ساتھی کھلاڑیوں اور پرستاروں کی جانب سے دونوں قومی کرکٹرز کو عمرہ ادائیگی پر مبارکبادوں کیساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا جارہا ہے۔
یاد رہے پاک افغان سیریز کے دوران سیئر کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا تھا، اور کپتانی کے فرائض بابر کی عدم موجودگی میں شاداب خان کو سونپے گئے تھے، عمرہ سے واپسی پر بابر اعظم اور حارث رؤف نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے لیے اپنی ٹریننگ کا آغاز کریں گے۔

قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کیویز کے کنسلٹنٹ مقرر

لاہور:(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشاق کو باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیویز بورڈ کی جانب سے ثقلین مشتاق سے رابطہ کیا گیا جس میں ان کی خدمات حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا، کیویز بورڈ کی جانب سے ثقلین مشتاق کو کہا گیا کہ آپ کی کوچنگ میں پاکستان نے اچھے رزلٹس دئیے، پاکستانی ٹیم کو آپ سے بہتر کوئی نہیں جانتا، چاہتے ہیں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف اچھا کھیلے اس لئے آپ کی خدمات درکار ہیں۔
جس پرسابق پاکستانی ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق نے نیوزی لینڈ کے کنسلٹنٹ بننے کی آفر قبول کر لی، ثقلین مشتاق نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو بطور کنسلٹنٹ 12 اپریل کو جوائن کرینگے۔
یاد رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ون ڈے اور 5 ٹی 20 میچز کی سیریز شیڈول ہے۔

بھارت: مندر کے کنویں پر بنا فرش ٹوٹنے سے 35 افراد ہلاک

اندور:(ویب ڈیسک) بھارت میں ایک مندر کے کنویں پر بنا فرش ٹوٹنے سے 35 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں واقع مندر میں مذہبی تہوارکے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی، بے تحاشا رش کے باعث مندر کے کنویں پر بنایا گیا فرش وزن برداشت نہ کر سکا اور ٹوٹ گیا۔
فرش ٹوٹنے سے سیکڑوں لوگ کئی فٹ گہرے کنویں میں جا گرے جن میں سے متعدد زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کنویں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اب تک 14 افراد کو کنویں سے نکال لیا گیا ہے۔

روس میں جاسوسی کے الزام میں امریکی صحافی گرفتار، امریکا کا اظہار تشویش

ماسکو:(ویب ڈیسک) روس میں جاسوسی کے الزام میں امریکی صحافی کو گرفتار کر لیا گیا، امریکا نے معاملے پر اظہار تشویش کیا ہے۔
روس نے وال اسٹریٹ جرنل کے ماسکو بیورو میں کام کرنے والے امریکی رپورٹر کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
خبرایجنسی کے مطابق گرفتاری کے بعد امریکی رپورٹر ایون گرشکووچ کو روسی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے انہیں 29 مئی تک حراست میں رکھنے کا حکم جاری کر دیا۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے روس میں امریکی رپورٹر کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا کے خلاف روس کے اقدامات قابل مذمت ہیں، بائیڈن انتظامیہ گرفتار رپورٹر کے خاندان اور روسی حکومت سے رابطے میں ہے۔
امریکی رپورٹر کی گرفتاری کے بعد وائٹ ہاؤس نے روس میں مقیم امریکی شہریوں کو فوری طور پر روس چھوڑ نے کا مشورہ دے دیا۔

سابق امریکی صدر پر فردِ جرم عائد، ٹرمپ کا الزامات تسلیم کرنے سے انکار

نیویارک:(ویب ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کر دی گئی جس کے بعد وہ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے، دوسری جانب ٹرمپ نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے اور اگلے سال پھر صدارتی الیکشن لڑنے پر بضد ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک میں مین ہٹن کی گرینڈ جیوری نے 2016 کی انتخابی مہم کے دوران فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلز کو معاملات چھپانے کیلئے رقوم کی ادائیگی کے کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کی، فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ جیوری کی جانب سے ووٹنگ کے بعد کیا گیا، پراسیکیوٹر آفس نے ٹرمپ کو گرفتاری کیلئے خود کو پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بھی موجودہ یا سابق صدر کو کرمنل چارجز کا سامنا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیویارک کے ایک پراسیکیوٹر نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فرد جرم عائد کرنے کی تصدیق کی۔
دوسری جانب سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کارروائی سیاسی دشمنی ہے، بائیں بازو کے ڈیموکریٹ میرے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، اب یہ لوگ ناقابل تصور حرکت پر اتر آئے ہیں، بے گناہ شخص پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے، امریکی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا، نظام انصاف کو ڈیموکریٹس نے اپنا ہتھیار بنا لیا ہے تاکہ سیاسی مخالف کو سزا دی جا سکے۔
سابق صدر کی وکیل علینا حببا نے کہا ہے کہ ٹرمپ امریکا کے کرپٹ نظام انصاف کا شکار ہیں، یقینی طور پر بری ہوں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اگلے ہفتے خود کو جیوری کے سامنے پیش کرنے کا امکان ہے۔
ری پبلکن رہنماؤں نے ٹرمپ کیخلاف کارروائی انہیں صدارتی الیکشن سے باہر رکھنے کی سیاسی سازش قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کا دفتر سابق صدر کے خلاف الزامات کی تحقیقات کر رہا تھا، یہ الزامات فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینیئلز کو معاملات چھپانے کے لیے رقوم کی ادائیگی سے متعلق دعوؤں کے بارے میں ہیں اور ان کا تعلق سن 2016 کے صدارتی الیکشن کے وقت سے ہے۔

پنجاب، کے پی انتخابات التوا کیس: جسٹس جمال کی معذرت کے بعد 3 رکنی بنچ تشکیل

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کرنے والے 4 رکنی بینچ میں شامل جسٹس جمال مندوخیل نےکیس سننے سے معذرت کرلی جس کے بعد چیف جسٹس نے 3 رکنی نیا بنچ تشکیل دے دیا۔
جسٹس جمال مندوخیل کی معذرت کے بعد بنچ ایک بار پھر ٹوٹ گیا ہے، گزشتہ روز بھی 5 رکنی بنچ میں شامل جسٹس امین الدین بنچ سے علیحدہ ہوگئے تھے جس کے بعد آج باقی ججز پر مشتمل بنچ نے کیس کی سماعت کرنا تھی۔
آج چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ سماعت کے لیےکمرہ عدالت پہنچا، بنچ میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال مندوخیل شامل تھے۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان روسٹرم پر آئے تو چیف جسٹس نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب، آپ سے پہلے جسٹس جمال مندوخیل کچھ کہنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر جسٹس جمال مندوخیل نے کیس سننے سے معذرت کرلی، ان کا کہنا تھا کہ جسٹس امین الدین نے کیس سننے سے معذرت کی، جسٹس امین الدین کے فیصلے کے بعد حکم نامےکا انتظار تھا، مجھے عدالتی حکم نامہ کل گھر میں موصول ہوا، حکم نامے پر میں نے الگ سے نوٹ تحریرکیا ہے، اٹارنی جنرل صاحب آپ اختلافی نوٹ پڑھ کر سنائیں۔
جسٹس جمال خان مندوخیل کا اختلافی نوٹ
اٹارنی جنرل نے گزشتہ روزکی سماعت کے حکم نامے میں جسٹس جمال مندوخیل کا اختلافی نوٹ پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا کہ میں بنچ کا ممبر تھا، فیصلہ تحریرکرتے وقت مجھ سے مشاورت نہیں کی گئی، میں سمجھتا ہوں کہ میں بنچ میں مس فٹ ہوں، دعا ہے اس کیس میں جوبھی بنچ ہو ایسا فیصلہ آئے جو سب کو قبول ہو، اللہ ہمارے ادارے پر رحم کرے، میں اور میرے تمام ساتھی ججز آئین کے پابند ہیں, حکم نامہ کھلی عدالت میں نہیں لکھوایا گیا، جسٹس فائز عیسیٰ کے فیصلے کا کھلی عدالت میں جائزہ لیا جائے۔
اس دوران چیف جسٹس پاکستان نے جسٹس جمال مندوخیل کو بات کرنے سے روک دیا اور ان سے کہا کہ بہت بہت شکریہ، بنچ کی تشکیل کا جوبھی فیصلہ ہوگا کچھ دیربعد عدالت میں بتادیا جائےگا۔
جسٹس جمال خان مندو خیل کا کہنا تھا کہ میں کل بھی کچھ کہنا چاہ رہا تھا، شاید فیصلہ لکھواتے وقت مجھ سے مشورے کی ضرورت نہیں تھی، شاید فیصلہ لکھواتے وقت مجھے مشورے کے قابل نہیں سمجھا گیا، اللہ ہمارے ملک کے لیے خیر کرے۔
کیس کی سماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل
چیف جسٹس پاکستان نے کیس کی سماعت کے لیے نیا بنچ تشکیل دے دیا، سپلیمنٹری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر بنچ میں شامل ہیں۔

جج دھمکی کیس:عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پھر قابل ضمانت میں تبدیل

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) خاتون جج دھمکی کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ایک بار پھر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری میں تبدیل کر دیئے گئے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے فیصلے پر نظرثانی اپیل پر ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان نے سماعت کی، جس میں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ایک بار پھر قابل ضمانت میں تبدیل کر دیئے۔
عدالت نے 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض سابق وزیراعظم عمران خان کے 18 اپریل تک جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کیا۔
قبل ازیں سماعت میں دو مرتبہ وقفے کے بعد تیسری بار سماعت شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیئے کہ اگر عمران خان پر قاتلانہ حملہ نہ ہوتا تو سکیورٹی خدشات نہ ہوتے۔
جج نے ریمارکس دیئے کہ ہم چاہتے ہیں ہر عدالت ہر ملزم کے لئے محفوظ ہو، عمران خان کے وکیل نے بار بار جج سے استدعا کی کہ سماعت میں التوا کر دیں۔
جج نے ریمارکس دیئے کہ اگر سماعت میں التوا دے دی تو پھر ناقابلِ ضمانت وارنٹ بحال ہو جائیں گے، وکیل نے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ غیر قانونی ہے، عمران خان نام ہونا کوئی جرم تو نہیں، پیر تک سماعت میں وقفہ کر دیں اور وارنٹ معطل ہی رکھیں، کیا حکومت عدالت کے کندھے پر رکھ کر فیصلہ اپنے حق میں چاہتی ہے؟
پراسیکیوٹر راجا رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے دلائل میں کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ بالکل قانون کے مطابق ہے، عمران خان پیش نہیں ہوئے اور معمول کے مطابق پیش نہیں ہوئے، بار بار عمران خان کی عدم حاضری پر ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، اگر عام شہری کے لئے وارنٹ جاری ہوں تو ملزم کی عدالتی پیشی پر وارنٹ کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کو ایک ایک عدالتی تاریخ کا معلوم ہے لیکن پیش نہیں ہوتے، عمران خان چاہتے ہیں عدالت پیش بھی نہ ہونا پڑے اور عدالت وارنٹ بھی نہ نکالے، انہوں نے عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل کو خارج کرنے کی استدعا کر دی۔
جج نے استفسار کیا کہ کیا عدالتی بیلف نے عمران خان کے وارنٹ کی تعمیل کروائی؟، جس پر پراسیکیوٹر راجا رضوان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر سے پوچھیں، زمان پارک تفتیشی افسر گیا تو اس پر تشدد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے، جسے عدالت نے آج تک معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ: بیکریز کو رات ایک بجے تک کام کرنے کی اجازت

لاہور:(ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے بیکریز کو رات ایک بجے تک کام کرنے کی اجازت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے انڈرپاسز کے بجائے سڑکوں کی ری ماڈلنگ سے متعلق رپورٹ طلب کر لی۔
عدالت نے کہا کہ سڑکوں کی ری ماڈلنگ کے بجائے انڈر پاسز بنائے جا رہے ہیں، مسائل پھر بھی حل نہیں ہو رہے بلکہ بڑھ رہے ہیں، ٹریفک پولیس کی استعداد بڑھانے کی ضرورت ہے، ان کے پاس کیمرے اور دیگر آلات ہونے چاہئیں۔
دورانِ سماعت عدالت نے بیکریز کو رات ایک بجے تک کام کرنے کی اجازت دے دی اور ساتھ ہی ماحولیاتی سفیر مقرر کرنے کا حکم بھی دیا ہے، عدالت نے کہا کہ واٹراینڈانوائرمنٹل کمیشن آئندہ سماعت پر ماحولیاتی سفیر کے لیے نام تجویز کرے۔
عدالت نے ایل ڈی اے کو جوہر ٹاؤن کے مال کے اطراف غیر قانونی پارکنگ ہٹانے اور غیر قانونی پارکنگ کرنے والوں کے خلاف جرمانے کا بھی حکم دیا۔

ریگولر حج سکیم کے تحت درخواست جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ریگولر حج سکیم کے تحت درخواست جمع کرانے کی تاریخ میں 2 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق ریگولر حج سکیم میں درخواستوں کی وصولی میں 2 اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے، نامزد بینک ہفتہ اور اتوار کو حج درخواستوں کی وصولی کیلئے کھلے رہیں گے، نامزد بینک کھولنے کی اجازت حاصل کرنے کیلئے سٹیٹ بینک سے رابطہ کر لیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سپانسر شپ حج سکیم میں درخواستیں وصول کرنے کے لئے آخری تاریخ میں توسیع کر دی گئی ہے جس کے بعد درخواستیں 9 اپریل کو جمع کرائی جا سکیں گی، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو رقوم بھجوانے میں مشکلات کے بعد توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق حج درخواست گزار مزید معلومات اور پروسس کے لئے نامزد بینکوں سے رجوع کریں، سپانسر شپ حج سکیم کے درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی کامیاب قرار دیا جائے گا۔
سپانسر شپ سکیم کے تحت بھیجی گئی درخواستوں کے لئے رقوم وزارت مذہبی امور کے ڈالر اکاؤنٹ میں بذریعہ ٹی ٹی یا وائر ٹرانسفر بھیجنا ہوں گی، بھجوائی گئی رقوم کی تصدیق اور پراسیس کیلئے درخواست گزار یا قریبی عزیز بینک سے رابطہ رکھیں۔