جسٹس روح الامین نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

پشاور:(ویب ڈیسک) جسٹس روح الامین خان نے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
گورنر ہاؤس پشاور میں نومنتخب چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی تقریب حلف برداری ہوئی، جہاں جسٹس روح الامین خان نے اپنے عہدہ کا حلف اٹھا لیا۔
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے جسٹس روح الامین خان سے بطور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ ان سےعہدے کا حلف لیا۔
حاجی غلام علی نے جسٹس روح الامین خان کو نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب حلف برداری میں پشاور ہائیکورٹ کے ججز، وکلاء، چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، آئی جی پولیس اختر حیات خان اور نگران صوبائی وزراء نے شرکت کی۔

سرکلرز سے ججز کے آرڈر کی نفی غلط، قوم ون مین شو قبول نہیں کرے گی: عطاء تارڑ

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سرکلرز سے ججز کے آرڈر کی نفی غلط، قوم ون مین شو قبول نہیں کرے گی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا ٹاک کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ اگر بنچ ایسے ہی ٹوٹتے اور بنتے رہیں تو ادارے کی ساکھ کا کیا ہوگا، چیف جسٹس کو چاہیے تھا کہ فل کورٹ بنچ بناتے، پوری قوم اس معاملے پر رنجیدہ ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آج بنچ پر وکلاء کے تحفظات تھے اور بنچ کی تشکیل کے بعد اعتراض اٹھایا گیا، سماعت سے پہلے سرکلرز کے ذریعے ججز کے آرڈر کی نفی غلط ہے، اگر ایسے فیصلے ہوئے ادارے کی ساکھ کیا رہ جائے گی اور قوم اس ون مین شو کو قبول نہیں کرے گی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ تمام کرائیسز کا فیصلہ مشاورت کے بعد ہونا چاہیے، مندوخیل نے دکھی دل سے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کی حفاظت کرے، سرکلر کا رواج پہلی دفعہ دیکھا ہے، قوم پہلے ہی مسائل میں مبتلا ہے مل کر بیٹھیں اور مسائل حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ فل کورٹ کی تشکیل اب لازم ہو گئی ہے، اگر فل کورٹ نہ بنایا گیا تو اس معاملے میں مزید طول ملے گا اور ہم چاہتے ہیں سپریم کورٹ کی بقا بحال رہے، ملک میں ایک آئینی بحران پیدا ہو چکا ہے لیکن دو تارڑ آئین کی پاسداری کے لیے کھڑے رہیں گے، اج معاملات سجاد علی شاہ ٹو کی طرف جا رہے ہیں۔

عمران خان کی 2 کیسز میں جلد سماعتوں کی متفرق درخواستیں منظور

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی 2 کیسز میں جلد سماعتوں کی متفرق درخواستیں منظور کر لیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 2 کیسز میں جلد سماعت کی متفرق درخواستوں پر سماعت کی۔
عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں نا اہلی فیصلے کے خلاف درخواست اپریل کے تیسرے ہفتے کیلئے مقرر کر دی گئی جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے اسلام آباد کی عدالتوں میں پیشی کا کیس اپریل کے دوسرے ہفتے مقرر کیا گیا ہے۔

اللہ سپریم کورٹ پر رحم کرے: جسٹس جمال مندوخیل

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان میں الیکشن التواء کیس میں جسٹس جمال خان مندوخیل نے کیس سننے سے معذرت کر لی جس پر بنچ ایک بار پھر ٹوٹ گیا۔
آج سماعت شروع ہوئی تو جسٹس جمال خان مندوخیل نے کیس سننے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ اس کیس میں جو بھی بنچ ہو، ایسا فیصلہ آئے جو سب کو قبول ہو۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ ہمارے ادارے پر رحم کرے، میں اور میرے تمام ساتھی ججز آئین کے پابند ہیں۔
چیف جسٹس نے جسٹس مندوخیل کو بات کرنے سے روک دیا
اس موقع پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے جسٹس جمال مندوخیل کو بات کرنے سے روک دیا اور کہا کہ بہت بہت شکریہ، بنچ کی تشکیل کا جو بھی فیصلہ ہو گا کچھ دیر بعد عدالت میں بتا دیا جائے گا۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان، اوگرا نے حکومت کو سمری بھجوا دی

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی سمری حکومت کو بھجوا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کا کہنا ہے کہ عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 سے 15 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا سکتی ہے۔
اوگرا کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 10 سے 12 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 10 سے 15 روپے فی لیٹر تک کمی کی تجویز دی گئی ہے جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے دوسری تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ خسارہ پورا کرنے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار بھی رکھی جا سکتی ہیں۔
اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی سمری آج بھجوائے گا، پٹرول پر فی لٹر او سی اے مارجن بھی بڑھایا جا سکتا ہے، فریٹ مارجن کے متعلق او سی اے کی جانب سے خط بھی لکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق فیصلہ آج ہوگا، پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
یاد رہے کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ 15 روز میں خام تیل کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل تک رہی۔

حماد اظہر کی اندراج مقدمات اور ریلی نکالنے پر پابندی کیخلاف درخواست غیر موثر قرار

لاہور:(ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کرنے، کنٹینرزلگانے اور ریلی نکالنے پر پابندی کے خلاف درخواست غیر موثر قرار دے کر نمٹا دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے حماد اظہر کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں بیان دیا کہ تحریک انصاف نے قانون کی حکمرانی اور عام انتخابات نہ کروانے کے خلاف جیل بھرو تحریک شروع کی، 22فروری کو لاکھوں لوگ گرفتاریوں کے لیے گھروں سے نکلے۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا اب درخواست کو مزید چلانے کا جواز باقی نہیں رہا، بعد ازاں عدالت نے حماد اظہر کی درخواست غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے نمٹا دی۔

عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور

لاہور:(ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن حسان نیازی کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کر لی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج ندیم حسن وسیر نے پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، درخواست ضمانت صدر لاہور بار ایسوسی ایشن رانا انتظار کی وساطت سے دائر کی گئی تھی۔
حسان نیازی اپنے وکیل رانا انتظار کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، عدالت نے حسان نیازی کی 8 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔
بعدازاں لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بھی جلاؤ گھیراؤ اور کارکنان کو اکسانے کے کیس میں حسان نیازی کی 8 اپریل تک ضمانت منظور کرتے ہوئے شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔

شمالی وزیرستان: دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی اہلکار شہید

شمالی وزیرستان:(ویب ڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میر علی میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی ارشاد اللہ نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 29 سالہ شہید سپاہی ارشاد اللہ کا تعلق ڈسٹرکٹ کرک سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

’دوججز کافیصلہ قانونی طور پرلاگو نہیں ہوگا‘: جسٹس فائز کے فیصلے پرعدالتی سرکلر جاری

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کے فیصلے پر سرکلر جاری کر دیا۔
سرکلر کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس امین الدین کے فیصلے میں آرٹیکل 184/3 پر آبزرویشن از خود نوٹس میں آتی ہیں۔
سپریم کورٹ کے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ 2 رکنی بنچ کا فیصلہ صحافیوں سے متعلق ازخود نوٹس کے 5 رکنی بنچ کے فیصلے کے منافی ہے اور 2 ججز کا فیصلہ قانونی طور پر لاگو نہیں ہوگا۔
عدالتی سرکلر میں کہا گیا ہے کہ 2 ججز کا فیصلہ 5 رکنی بنچ کے فیصلے کے برعکس ہے، 5 رکنی بنچ قرار دے چکا ہے کہ ازخود نوٹس کا اختیار چیف جسٹس کے پاس ہے۔
سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ 15 مارچ کے فیصلے میں بنچ کی جانب سے ازخود نوٹس لیا گیا، لارجر بنچ نے جو قانون وضع کیا 2 ججز کا فیصلہ اس کے برعکس ہے، 2 رکنی بنچ کے فیصلے میں جو بھی آبزرویشنز دی گئیں وہ قابل عمل نہیں، ازخود نوٹس کا اختیار صرف چیف جسٹس پاکستان استعمال کر سکتے ہیں اور ازخود نوٹس کا اختیار آرٹیکل 184/3 کے طریقہ کار کے تحت ہی استعمال ہوسکتا ہے۔

فتح آئین کی ہوگی، نظریہ ضرورت ذلیل و رسوا ہوگا: شیخ رشید احمد

راولپنڈی:(ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نظریہ ضرورت اور آئین کے درمیان مقابلہ شروع ہوگیا ہے، آئین جیتے گا نظریہ ضرورت ذلیل و رسوا ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ آج پھر سپریم کورٹ کا بنچ بیٹھے گا اور جو آئین کا حلف انہوں نے اٹھایا ہے اُس کے مطابق فیصلہ دے گا، جو کچھ سپریم کورٹ میں ہو رہا ہے قوم نےایسا نہیں سوچا تھا، ساری قوم چیف جسٹس کے سٹینڈ کے ساتھ کھڑی ہے۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت 35 ارکان اسمبلی کا پیٹریاٹ گروپ بنانے جا رہی ہے یہ سیاسی خود کشی کے بعد اب قومی اجتماعی خودکشی کی طرف بڑھ رہے ہیں یہ سیاست نہیں ریاست قربان کرنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 8 اکتوبر کو بھی الیکشن نہیں کروانے، ملک ڈیفالٹ ہونے جا رہا ہے، حکومت الیکشن سے بھی فراری ہے اور ملک چلانے کی صلاحیتوں سے بھی عاری ہے، یہ1997 نہیں ایمرجنسی نہیں لگ سکتی اور الیکشن بھی کروانے ہوں گے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ جسٹس منیر نہیں بلکہ جسٹس کارنلیس کی یادتازہ ہوگی اب اسحاق ڈار مان گیا ہے کہ آئی ایم ایف میں تاخیر اور سکوک بانڈز بھی روک دیئے ہیں، رات 12 بجے قاسم سوری کا سوموٹو ہو تو واہ واہ کرتے ہیں، 90 دن میں الیکشن کا سوموٹو ہو تو آہ آہ کرتے ہیں۔

انتخابات التوا کیس: جسٹس جمال مندوخیل کی کیس سننے سے معذرت، بنچ پھر ٹوٹ گیا

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کرنے والے 4 رکنی بنچ میں شامل جسٹس جمال مندوخیل نے کیس سننے سے معذرت کرلی ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل کی معذرت کے بعد بنچ ایک بار پھر ٹوٹ گیا ہے، گزشتہ روز بھی 5 رکنی بنچ میں شامل جسٹس امین الدین بنچ سے علیحدہ ہوگئے تھے جس کے بعد آج باقی ججز پر مشتمل بنچ نے کیس کی سماعت کرنا تھی۔
آج چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ سماعت کے لیےکمرہ عدالت پہنچا، بنچ میں جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال مندوخیل شامل تھے۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان روسٹرم پر آئے تو چیف جسٹس نے کہا کہ اٹارنی جنرل صاحب، آپ سے پہلے جسٹس جمال مندوخیل کچھ کہنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر جسٹس جمال مندوخیل نے کیس سننے سے معذرت کرلی، ان کا کہنا تھا کہ جسٹس امین الدین نے کیس سننے سے معذرت کی، جسٹس امین الدین کے فیصلے کے بعد حکم نامےکا انتظار تھا، مجھے عدالتی حکم نامہ کل گھر میں موصول ہوا، حکم نامے پر میں نے الگ سے نوٹ تحریرکیا ہے، اٹارنی جنرل صاحب آپ اختلافی نوٹ پڑھ کر سنائیں۔
جسٹس جمال خان مندوخیل کا اختلافی نوٹ
اٹارنی جنرل نے گزشتہ روزکی سماعت کے حکم نامے میں جسٹس جمال مندوخیل کا اختلافی نوٹ پڑھ کر سنایا، جس میں کہا گیا کہ میں بنچ کا ممبر تھا، فیصلہ تحریرکرتے وقت مجھ سے مشاورت نہیں کی گئی، میں سمجھتا ہوں کہ میں بنچ میں مس فٹ ہوں، دعا ہے اس کیس میں جوبھی بنچ ہو ایسا فیصلہ آئے جو سب کو قبول ہو، اللہ ہمارے ادارے پر رحم کرے، میں اور میرے تمام ساتھی ججز آئین کے پابند ہیں, حکم نامہ کھلی عدالت میں نہیں لکھوایا گیا، جسٹس فائز عیسیٰ کے فیصلے کا کھلی عدالت میں جائزہ لیا جائے۔
اس دوران چیف جسٹس پاکستان نے جسٹس جمال مندوخیل کو بات کرنے سے روک دیا اور ان سے کہا کہ بہت بہت شکریہ، بنچ کی تشکیل کا جوبھی فیصلہ ہوگا کچھ دیربعد عدالت میں بتادیا جائےگا۔
جسٹس جمال خان مندو خیل کا کہنا تھا کہ میں کل بھی کچھ کہنا چاہ رہا تھا، شاید فیصلہ لکھواتے وقت مجھ سے مشورے کی ضرورت نہیں تھی، شاید فیصلہ لکھواتے وقت مجھے مشورے کے قابل نہیں سمجھا گیا، اللہ ہمارے ملک کے لیے خیر کرے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر ایک میں 3 کرسیاں لگادی گئی ہیں جس کے بعد اب کیس کی مزید سماعت دوبارہ 2 بجے شروع ہو گی۔
گزشتہ سماعت کااحوال
یاد رہے کہ گزشتہ روز سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا تھا کہ بنچ کے رکن جسٹس امین الدین کچھ کہنا چاہتے ہیں۔
جسٹس امین الدین نے اپنے ریمارکس میں کیس کا حصہ بننے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں کیس سننے سے معذرت کرتا ہوں۔
جسٹس امین الدین کے بات کرنے کے بعد بنچ کورٹ روم سے چلا گیا۔
جسٹس امین کی معذرت کے بعد عدالت کا پانچ رکنی بنچ غیر فعال ہوگیا اور گزشتہ روز کیس کی سماعت نہ ہوسکی۔
قبل ازیں سماعت میں پی ٹی آئی کے وکیل علی ظفر، الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی کے دلائل مکمل ہوچکے ہیں۔
وکیل الیکشن کمیشن نے دلائل میں کہا تھا کہ آرٹیکل 224 کے تحت الیکشن 90 روز میں ہونا ہیں، انتخابات کیلئے آئین میں سازگار ماحول بھی ہونا ضروری ہے۔
وکیل نے مزید بتایا انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر کے سپریم کورٹ کے یکم مارچ کے فیصلے پر عملدرآمد کیا، سکیورٹی اور فنڈز کی صورتحال کے باعث الیکشن کی نئی تاریخ 8 اکتوبر دی ہے۔
چیف جسٹس پاکستان کا اپنے ریمارکس میں کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن راستہ نہیں ڈھونڈ سکتا تو ہم ڈھونڈ لیں گے، جسٹس جمال مندوخیل نے گزشتہ روز سماعت کے دوران اپنے ریمارکس پر وضاحت کر دی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا اپنے تین چار کے فیصلے پر قائم ہوں، سپریم کورٹ کے اندرونی معاملے پر ریمارکس کورٹ رولز سے متعلق تھے، چار ججز نے پی ٹی آئی کی درخواستیں خارج کیں۔
سپریم کورٹ نے سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کیلئے کل پی ٹی آئی سے تحریری یقین دہانی طلب کی تھی، عدالت نے وزارت داخلہ اور وزارت دفاع سے حالات بہتر ہونے کے وقت پر بھی جواب مانگ لیا ہے۔

پروفیسر کمال منیر کو کیمبرج یونیورسٹی کے پہلے ایشیائی پرووائس چانسلر کا عہدہ ملنے پر تقریب

لاہور:(ویب ڈیسک) پروفیسر کمال منیر کو کیمبرج یونیورسٹی کے پہلے ایشیائی پرووائس چانسلر کا عہدہ ملنے پر گورنر ہاؤس لاہور میں تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا گیا۔
کیمبرج انٹرنیشنل پاکستان کے تحت پروفیسر کمال منیر کی تعلیمی شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں منعقدہ تقریب میں گورنر پنجاب، بلیغ الرحمان، شفقت محمود، راجا یاسر ہمایوں ، رانا مشہود احمد خان اور کنٹری ڈائریکٹر کیمبرج یونیورسٹی عظمیٰ یوسف نے شرکت کی۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے پروفیسر کمال منیر کو تمغہ امتیاز ملنے پر مبارکباد دی، اس موقع پر کنٹری ڈائریکٹر کیمبرج یونیورسٹی عظمیٰ یوسف نے کہا کہ پروفیسر کمال منیر کے کیمبرج یونیورسٹی سے وابستہ ہونے پر فخر ہے۔

ججز بینچ کی تشکیل پر اعتراض نہیں اٹھا سکتے: جسٹس شاہد وحید

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے اختلافی نوٹ میں کہا ہے کہ بینچز تشکیل دینا چیف جسٹس کا انتظامی اختیار ہے، ججز بینچ کی تشکیل پر اعتراض نہیں اٹھا سکتے۔
سپریم کورٹ میں حافظ قرآن کو 20 اضافی نمبر دینے کے کیس میں جسٹس شاہد وحید نے پانچ صفحات پر مشتمل اختلافی نوٹ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس امین الدین کے فیصلے سے اتفاق نہیں کرتا۔
جسٹس شاہد وحید نے اختلافی نوٹ میں کہا ہے کہ از خود نوٹس میں وہ باتیں زیر بحث لائی گئیں جو کیس کا حصہ ہی نہیں تھیں، 20 اضافی نمبر دینے کے معاملے پر اٹارنی جنرل اور پی ایم ڈی سی جواب جمع کرائیں۔
اختلافی نوٹ میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ ازخود نوٹس نمبر 4/ 2022 میں قرار دے چکا کہ چیف جسٹس ہی بینچز بنانے کا اختیار رکھتے ہیں، اگر ججز کو بینچ کی تشکیل پر اعتراض تھا تو وہ کیس سننے سے معذرت کر سکتے تھے۔