بغداد : (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس چھ سال بعد اپنے دورہ عراق کے لئے بغداد پہنچ گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اپنے دورہ عراق کے دوران آج عراقی وزیر اعظم محمد شیعہ السوڈانی سمیت خواتین اور نوجوانوں کے حقوق کے گروپوں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے جبکہ کل شمالی عراق میں بے گھر ہونے والے افراد کے کیمپ کا دورہ کریں گے اور بعدازاں عراقی کردستان کی علاقائی حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کے لیے اربیل جائیں گے۔
انتونیو گوتریس نے عراق پہنچنے پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ عراق کے عوام اور جمہوری اداروں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ اقوام متحدہ اس ملک میں اداروں کے استحکام کی حمایت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ عراق کے عوام کھلے اور جامع مذاکرات کے ذریعے ان مشکلات اور چیلنجوں پر قابو پا لیں گے جن کا انہیں اب بھی سامنا ہے۔
یاد رہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے اس سے قبل 2017 میں عراق کا دورہ کیا تھا۔
گوتریس دورہ عراق کے بعد قطر جائیں گے جہاں وہ ایک اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔
Monthly Archives: March 2023
یونان : دو ٹرینوں میں خوفناک تصادم، کم از کم 26 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
ایتھنز : (ویب ڈیسک) شمالی یونان میں دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان کے شہر لاریسا کے قریب مسافر اور مال بردار ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں دو بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی ،خوفناک حادثے میں 26 افراد ہلاک اور کم از کم 85 زخمی ہو گئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی گاڑیاں حادثے کے نتیجے میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے کام کر رہی ہیں جبکہ حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی ہسپتال منتقلی کے لئے بھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
تھیسالی کے گورنر اگوراسٹر نے میڈیا کو بتایا کہ ایک مسافر ٹرین جو ایتھنز سے شمالی شہر تھیسالونیکی جا رہی تھی اور تھیسالونیکی سے لاریسا جانے والی کارگو ٹرین کا آپس میں ٹکراؤ ہوا، یہ تصادم بہت زوردار تھا، حادثے میں ٹرین کی پہلی چار بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، جبکہ پہلی دو تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔
گورنر نے کہا کہ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 40 مسافروں کو ہسپتال لے جایا گیا ہے جبکہ 250 افراد کو بحفاظت نکال کر بسوں میں تھیسالونیکی منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب مقامی نیوز سائٹس پر زیر گردش فوٹیج میں پٹری سے اتری ہوئی بوگیوں سے خوفناک شعلے اور دھویں کے گہرے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
فن لینڈ نے روس کی سرحد پر باڑ کی تعمیر شروع کر دی
ہلسنکی : (ویب ڈیسک) فن لینڈ نے ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیش نظر روس کے ساتھ اپنی سرحد پر 200 کلومیٹر لمبی باڑ کی تعمیر شروع کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بارڈر گارڈ نے بتایا کہ باڑ کے اوپر خاردار تاریں لگائی جائیں گی اور باڑ کے بعض حصوں میں نائٹ ویژن کیمرے، لائٹس اور لاؤڈ سپیکر لگائے جائیں گے جبکہ اماترا میں 3 کلومیٹر کا پائلٹ پراجیکٹ جون کے آخر تک مکمل ہونے کی امید ہے۔
فن لینڈ کی روس کے ساتھ یورپی یونین کی سب سے لمبی سرحد ہے، جس کی لمبائی 1,340 کلومیٹر (832 میل) ہے، اس وقت فن لینڈ کی سرحدیں بنیادی طور پر ہلکی لکڑی کی باڑ سے محفوظ ہیں۔
روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سے فن لینڈ نے اپنی مشرقی سرحد کو مضبوط بنانے کی کوششیں شروع کی ہیں کیونکہ یوکرین میں لڑنے کے لیے بھرتی ہونے سے بچنے کے لیے روسیوں کی بڑی تعداد نے بارڈر کراس کر کے فن لینڈ فرار ہونا شروع کر دیا ہے۔
فن لینڈ نے گزشتہ سال جولائی میں اپنے بارڈر گارڈ ایکٹ میں نئی ترامیم منظور کیں تاکہ مضبوط باڑ کی تعمیر کی اجازت دی جا سکے، موجودہ لکڑی کی باڑ بنیادی طور پر مویشیوں کو سرحد پار کرنے سے روکنے کے لیے ہے۔
سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوا تو ملک میں خون خرابہ ہو گا: شیخ رشید
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوا تو ملک میں خون خرابہ ہو گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی جمہوری تایخ کا اہم ترین دن ہے، معاشی، سماجی و سیاسی استحکام ملے گا یا ملک سیاسی انتشار و خلفشار میں چلا جائے گا، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے آئی ایم ایف نے 98 جیسی 4 مزید سخت شرائط کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موڈیز نے ریٹنگ بھی کم کردی اور ڈیفالٹ کے خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی ہے، سیلز ٹیکس بھی 17 سے 18 فیصد کر دیا گیا ہے، ایل پی جی بجلی مہنگی اورپیٹرول نایاب ہونے جا رہا ہے، پاکستان غریب کے لیے بڑی جیل اور ڈیتھ زون بنتا جا رہا ہے، کوئی سمندر، کوئی سڑک پر اور کوئی گھر پر بھوک کا مارا مر رہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا 10 مہینے میں حکومت کی کوئی کارکردگی سوائے اپنے کیس ختم کرانے کے کچھ نہیں، ججوں کو تقسیم کرنے کی 1998 جیسی سازش ہو رہی ہے، ملک 98 کے حالات میں جا رہا ہے۔
بعدازاں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہوا تو ملک میں خون خرابہ ہو گا، امید ہے سپریم کورٹ 90 روز میں الیکشن کروانے کا حکم دے گی۔
اسد عمر سمیت 3 پی ٹی آئی ایم این ایز کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن معطل
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنماؤں اسد عمر، علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز کے استعفوں کی منظوری کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخابات سے روک دیا۔
الیکشن کمیشن کے 3 پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔
اسد عمر، راجہ خرم شہزاد اور علی نواز اعوان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر علی گوہر عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ پہلے آپ کہہ رہے تھے استعفیٰ منظور نہیں کیا جا رہا اور اب آپ کہہ رہے کہ غلط منظور کیا، اس پر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ سپیکر اور الیکشن کمیشن نے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے صرف نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا ہوا ہے؟، بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم واپس اسمبلی جانا چاہتے ہیں، لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے ممبران کے استعفوں سے متعلق نوٹیفکیشن معطل کر رکھا ہے، اسلام آباد کے 3 ممبران کی حد تک ہم نے یہاں رجوع کیا، قومی اسمبلی کے ممبران سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں دو درخواستیں بھی زیر سماعت ہیں۔
بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپیکر قومی اسمبلی کے نوٹیفکیشن کو معطل کردیا، عدالت نے اسلام آباد میں ضمنی انتخابات کا بھی نوٹیفکیشن معطل کردیا اور فریقین کو نوٹسسز جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔
فسطائی حکومت کے قیام کے بعد کسی قانون اور قاعدے کا احترام باقی نہیں رہا : فواد چودھری
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رنما پی ٹی آئی فواد چودھری کاکہنا ہے کہ اس فسطائی حکومت کے قیام کے بعد کسی قانون اور قاعدے کا احترام باقی نہیں رہا ہے ۔
رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے 7رکنی بنچ کا فیصلہ ہے کہ دہشتگردی کے قانون کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا غیر قانونی ہے لیکن اس فسطائی حکومت کے قیام کے بعد کسی قانون اور قاعدے کا احترام باقی نہیں رہا۔
فواد چودھری نےمزید کہا کہ کل عمران خان کے استقبال کیلئے آنے والے لوگوں کو دہشت گرد قرار دے دیا گیا ہے۔
پنجاب، کے پی الیکشن ازخود نوٹس: سپریم کورٹ محفوظ فیصلہ آج سنائے گی
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات میں ممکنہ التوا پر ازخود نوٹس کیس کا فیصلہ آج سنائے گی۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ پر سپریم کورٹ از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں 90 روز میں الیکشن ضروری ہیں، کیس کا فیصلہ آج ہی کریں گے، جس کے بعد چیف جسٹس نے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج دن 11 بجے سنایا جائے گا۔
کیس کی سماعت کے دوران عدالتی حکم پر وکلا نے قائدین سے مشاورت کی، پیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے پارٹی موقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کی تاریخ مقرر کرنا سیاسی جماعتوں کا کام نہیں ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے وکیل منصور اعوان نے کہا کہ پارٹی قیادت سے بات چیت کر لی ہے، مزید مشاورت کے لیے وقت درکار ہوگا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے 2 ہفتے نوٹس دینے میں لگائے، لاہور ہائی کورٹ میں بھی معاملہ التواء میں ہے، سپریم کورٹ میں آج مسلسل دوسرا دن ہے اور کیس تقریباً مکمل ہو چکا ہے، عدالت کسی فریق کی نہیں بلکہ آئین کی حمایت کر رہی ہے۔
دوران سماعت فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ عدالت ہائی کورٹس کو جلدی فیصلے کرنے کا حکم دے سکتی ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت معاملہ آگے بڑھانے کیلئے محنت کر رہی ہے، ججز کی تعداد کم ہے پھر بھی عدالت نے ایک سال میں 24 بڑے کیسز نمٹائے۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ دینا صدر کی صوابدید ہے، اسمبلی مدت پوری ہو تو صدر کو فوری متحرک ہونا ہوتا ہے، فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سپریم کورٹ رولز میں بینچ تشکیل کا طریقہ کار موجود ہے، سپریم کورٹ رولز کے مطابق یہ آگاہ کرنا ضروری ہے کہ معاملہ ہائی کورٹ میں ہے یا نہیں۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ درخواست گزار نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہوا تو بتانا ضروری ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ سپریم کورٹ سماعت اصل سوال الیکشن کی تاریخ دینے کا ہے کہ کون دے گا، 14 جنوری سے کسی کو فکر نہیں کہ تاریخ کون دے گا، پارلیمنٹ چاہتی تو کچھ کر سکتی تھی، جس پر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ میں سینیٹر ہوں ابھی سینیٹ اجلاس نہیں ہو رہا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ 3 ہفتے سے ہائیکورٹ میں صرف نوٹس ہی چل رہے ہیں، اعلیٰ عدلیہ کو سیاسی تنازعے میں نہیں پڑنا چاہیے، صرف مخصوص حالات میں عدالت از خود نوٹس لیتی ہے، گزشتہ سال 2، اس سال صرف ایک از خود نوٹس لیا، سب متفق ہیں کہ آرٹیکل 224 کے تحت 90 روز میں الیکشن لازم ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت تلاش میں ہے کہ الیکشن کی تاریخ کہاں سے آنی ہے؟، مستقبل میں الیکشن کی تاریخ کون دے گا اس کا تعین کرنا ہے، صرف قانون کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں، عدالت کسی سے کچھ لے رہی ہے نا دے رہی ہے۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ جوڈیشل ایکٹوازم میں تحمل پر عدالت کا مشکور ہوں، فاروق ایچ نائیک کے دلائل مکمل ہونے پر ن لیگ کے منصور اعوان نے دلائل شروع کیے۔
وکیل مسلم لیگ ن منصور اعوان نے کہا کہ 1975ء میں آرٹیکل 184/3 کی پہلی درخواست آئی تھی، عدالت نے تمام اعتراضات مسترد کرتے ہوئے مقدمہ سنا تھا، ہائی کورٹ کا فیصلہ آ چکا جو سپریم کورٹ میں چیلنج نہیں ہے۔
منصور اعوان نے کہا کہ اگر عدالت کہتی ہے کہ گورنر تاریخ دے گا تو کوئی مسئلہ نہیں، عدالت کسی اور نتیجے پر گئی تو ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم ہو جائے گا۔
جسٹس منیب اختر نے کہا کہ موجودہ حالات میں مقدمات 2 مختلف ہائی کورٹس میں ہیں، ایسا بھی ممکن ہے دونوں عدالتیں متضاد فیصلے دیں، وقت کی کمی کے باعث معاملہ اٹک سکتا ہے۔
جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ یہ بھی ممکن ہے ہائی کورٹس کا فیصلہ ایک جیسا ہو اور کوئی چیلنج نہ کرے، اس پر وکیل ن لیگ نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے دو آئینی اداروں کو مشاورت کا کہا۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ اصل معاملہ وقت کا ہے جو کافی ضائع ہو چکا، 90 دن کا وقت گزر گیا تو ذمہ دار کون ہو گا، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں کیس زیادہ تاخیر کا شکار نہیں ہو رہا، وکیل ن لیگ نے کہا کہ امکان ہے ہائی کورٹس کے فیصلے مختلف ہی آئینگے۔
ملک بھر میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا آج سے آغاز
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز آج یکم مارچ سے ہورہا ہے، پاک فوج کے 86 ہزار افسران و جوان سکیورٹی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
پاکستان میں کتنے افراد بستے ہیں اور گھروں کی تعداد کتنی ہے؟، ملک میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل بنیادوں پر ڈیٹا اکٹھا کرنے کیلئے فیلڈ ورک یکم مارچ سے شروع ہوگا، ایک لاکھ 21 ہزار شمار کنندگان ملک بھر کے 495 شماریاتی اضلاع میں گھر گھر جائیں گے، ادارہ شماریات نے انتظامات مکمل کر لئے۔
ادارہ شماریات حکام کے مطابق تمام اہم عمارتوں اور تنصیبات کی جیو ٹیگنگ ہوگی، سندھ سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو طریقہ کار پر کوئی اعتراض نہیں، ساتویں مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر ہی نئی حلقہ بندیاں اور پھر عام انتخابات ہوں گے۔
رکن ادارہ شماریات محمد سرور گوندل کا کہنا ہے کہ آپ کا شمار کنندہ جب آپ کے گھر جائے گا تو آپ کے گھر کو ٹیبلٹ کے ساتھ جیو ٹیگ کرے گا، ہر انومریٹر کے ساتھ ہمارا پولیس کا جوان ہو گا اور آؤٹر باؤنڈری پر آرمی فورسز تعینات ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق خود شماری کے ذریعے لاکھوں افراد اپنی تفصیلات پہلے ہی آن لائن جمع کرا چکے، یہ سلسلہ 3 مارچ تک جاری رہے گا، ڈیجیٹل مردم شماری میں اکنامک سنسز فریم ورک کی تیاری بھی شامل ہے۔
ساتویں مردم شماری کی مجموعی لاگت 34 ارب روپے ہے، جس میں سے تقریباً ساڑھے 7 ارب روپے سکیورٹی پر خرچ ہوں گے، مردم شماری کے ابتدائی نتائج کا اجراء 30 اپریل کو مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری سے ہو گا۔
سابق ایم پی اے عبدالحئی دستی کے گھر پر چھاپہ ، کروڑوں روپے برآمد
مظفر گڑھ :(ویب ڈیسک) محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق ممبر پنجاب اسمبلی عبدالحئی دستی کے گھر پر چھاپہ مار کر بارہ کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔
ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ کو خفیہ اطلاع ملی کہ سابق مشیر زراعت حکومت پنجاب عبدالحئی دستی کے گھر پر خطیر رقم موجود ہے جس پر ایڈیشنل ڈی جی وقاص حسن نے عدالت سے سرچ وارنٹ لے کر گھر کی تلاشی لی۔
چھاپے کے دوران برآمد ہونے والی ملکی اور غیر ملکی کرنسی دو تجوریوں میں چھپائی گئی تھی جبکہ محکمہ اینٹی کرپشن کے اہلکاروں کو نوٹ گننے میں کئی گھنٹے لگے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں سرگرم ہیں۔
اٹلی کشتی حادثہ: انسانی سمگلنگ کے شبہ میں دو پاکستانیوں سمیت 3 افراد گرفتار
روم :(ویب ڈیسک) اٹلی میں کشتی الٹنے کے واقعے میں کم از کم 64 تارکین وطن کی ہلاکتوں کے بعد پولیس نے انسانی سمگلنگ کے شبہ میں تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن میں ایک ترک اور دو پاکستانی شہری شامل ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے تینوں افراد نے غیر قانونی مہاجرین کو خراب موسمی حالات کے باوجود کشتی میں سوار کر کے ترک شہر ازمیر سے اٹلی کے شہر کلابریا کے لیے روانہ کیا تھا۔
حکام نے مزید بتایا کہ گرفتار کئے گئے ملزمان نے کشتی میں سوار مسافروں سے اٹلی پہنچانے کیلئے فی کس 8 ہزار 500 ڈالر وصول کیے ۔
ترکیہ سے اٹلی جانے والے غیرقانونی مہاجرین کی کشتی سمندر میں چٹان سے ٹکرا کر ڈوب گئی تھی، کشتی میں سوار 200 افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق افغانستان، پاکستان، صومالیہ، شام، عراق اور ایران سے بتایا جاتا ہے جبکہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی حتمی تعداد 100 سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی میتوں کے تابوت کروٹون کے ایک سپورٹس ہال میں رکھے گئے ہیں ، ہلاک ہونے والوں میں کم از کم 12 بچے بھی شامل ہیں۔
کراچی : سائٹ ایریا میں کیمیکل فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا
کراچی :(ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا غنی چورنگی کے قریب کیمیکل فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق سائٹ ایریا میں غنی چورنگی کے قریب کیمیکل فیکٹری میں لگنے والی آگ پر 6 فائر ٹینڈرز ، دو باؤزر اور واٹر ٹینکرز کی مدد سے قابو پایا گیا جبکہ کولنگ کا عمل ابھی جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ فیکٹری میں موجود تمام افراد کو بھی بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے جبکہ فیکٹری میں موجود گیس سلنڈرز بھی باہر منتقل کردیئے گئے ہیں۔
حکام نے مزید بتایا کہ آگ لگنے کہ وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔