پی ڈی ایم کی اجتماعی سیاسی تدفین کا وقت زیادہ دور نہیں، مسرت چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ٹولے کی اجتماعی سیاسی تدفین کا وقت اب زیادہ دور نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان کو مائنس کرنے کے خواب دیکھنے والے عوام کا جنون دیکھ لیں، سیاسی مخالفین روئیں چاہے اپنے بال نوچیں آج پاکستان کی سیاست کا محور عمران خان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان باہر نکلتے ہیں تو لندن اور پاکستان میں کئی لوگوں کے پلیٹ لیٹس گر جاتے ہیں، سپریم کورٹ کا آج کا فیصلہ تاریخی ہوگا، ملک کے مستقبل کا تعین ہونا ہے، قوی امید ہے معزز جج صاحبان کسی دباؤ میں آئے بغیر آئین کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
مسرت جمشید چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ راجن پور ضمنی الیکشن نے ثابت کر دیا کہ تبدیلی کی ہوائیں چل پڑی ہیں، ملک میں ہونے والے آئندہ انتخابات کے نتائج راجن پور کے نتائج سے مختلف نہیں ہوں گے، مستقبل کی سیاست میں مریم صفدر کا کوئی کردار نہیں، وقت گزارنے کیلئے باغبانی سیکھیں۔

قومی ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کا آغاز 9 مارچ سے ہوگا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کا آغاز لیزر سٹی باؤلنگ کلب جناح پارک راولپنڈی میں 9مارچ سے ہوگا ۔
پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمان کاکہنا ہے کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں ، چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں اور چیمپئن شپ میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز، ٹیم ایونٹ، ایمچور، ڈیف (مینز اینڈ ویمنز ) اور میڈیا کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں۔
چیمپئن شپ میں دس لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے ، چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب 13 مارچ کو ہوگی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین کے عالمی ڈے کے موقع خواتین ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کے بھی مقابلے ہونگے جس میں100سے زائد خواتین حصہ لیں گی۔

گزشتہ سال کی نسبت ٹیکس وصولی میں 18 فیصد اضافہ ہوا، اسحاق ڈار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال مجموعی طور پر ٹیکس وصولی میں 18 فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایف بی آر نے فروری میں 527 ارب 20 کروڑ روپے کے ٹیکس اکٹھے کیے، فروری میں ٹیکس وصولیوں میں 17 فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا۔
وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر نے جولائی سے فروری 4 ہزار493 ارب روپے ٹیکس جمع کیا، گزشتہ سال اسی عرصے میں 3 ہزار 820 ارب کے محصولات حاصل ہوئے تھے۔

سی ٹی ڈی کراچی نے دہشتگردی کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی ،2ملزمان گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی ) نے پاپوش نگر میں کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد پاپوش نگر میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کے دوران 2 ملزمان فہد بلوچ اور زاہد بلوچ کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، 17 نائن ایم ایم پستول ، 5ہزار30بور ،1ہزار نائن ایم ایم اور 500کلاشنکوف کی گولیاں اور نائن ایم ایم پستول کے میگزین برآمد ہوئے ، اسلحہ ممکنہ طورپردہشت گردی میں استعمال ہوناتھا۔
حکام کے مطابق ملزم زاہد بلوچ متعدد بار گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے ، ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے ۔

چنیوٹ : 9 رکنی ڈانس گروپ کا کچے کے علاقے میں اغواء، ایک کروڑ تاوان طلب

صادق آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب کے شہر چینوٹ کا 9 رکنی ڈانس گروپ کچے کے ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا ، ڈاکوؤں نے مغویوں کی رہائی کیلئے ایک کروڑ روپے کا تاوان طلب کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق شادیوں میں ڈھول بجانے اور ڈانس کرنیوالے چنیوٹ کے 9 رکنی ڈانس گروپ کو ڈاکوؤں نے فون پر شادی کی تقریب کیلئے بلایا ، گروپ فیصل آباد سے رحیم یارخان پہنچا اور ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہو گیا ۔
رحیم یارخان پہنچنے کے کچھ گھنٹوں بعد 9 رکنی گروپ کے موبائل فون بند ہو گئے ، مغویوں میں کم عمر لڑکا بھی شامل ہے ۔
ڈاکوؤں نے مغویوں کی رہائی کیلئے ایک کروڑ روپے تاوان مانگ لیا ہے ۔

بھارتی اداکارہ سمانتھا روتھ پربھو شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) تامل اور تیلگو فلموں میں نظر آنے والی بھارتی اداکارہ سمانتھا روتھ پربھو خطرناک ایکشن سینز کی ٹریننگ کے دوران گر کر زخمی ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سمانتھا روتھ امریکن سیریز کے بھارتی ورژن کی شوٹنگ کے دوران ایکشن سینز کرتے ہوئے زخمی ہوئیں۔
دوران شوٹنگ اداکارہ کے ہاتھ پر چوٹ لگی جس کی تصویر انہوں نے انسٹاگرام پر ایکشن کرنے کے فائدے کے عنوان کے ساتھ شیئر کی۔
رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ سمانتھا ان دنوں مارشل آرٹ کی بھی ٹریننگ کر رہی ہیں کیونکہ وہ جس امریکن سیریز پر کام کر رہی ہیں وہ ایکشن سے بھرپور ہے۔

کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات ، ڈاکو 5 کروڑ سے زائد رقم لوٹ کر فرار

کراچی : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کراچی میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کی واردات رپورٹ ہوئی ہے جہاں نامعلوم ملزمان شہری سے 5 کروڑ 94 لاکھ روپے لوٹ کر فرارہوگئے ۔
پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے بہادر آباد میں نامعلوم ملزمان نے بلڈر سے گاڑی سمیت 5 کروڑ 94 لاکھ روپے کی رقم چھین لی ، واقعے کا مقدمہ بہادرآباد تھانے میں متاثرہ بلڈر راحیل کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بلڈر کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب میں اپنے دفتر سے گاڑی میں رقم لے کر نکلا تھا کہ ناہید سپر سٹور کے قریب ایک کار میری گاڑی کے آگے آگئی ، کار میں دو ملزمان موجود تھے جبکہ دو ملزمان الگ الگ موٹر سائیکل پر سوار تھے، ملزمان نے اسلحہ کے زور پر مجھے اور میرے ڈرائیور کو گاڑی سے اتارا اور رقم سمیت گاڑی لے کر فرار ہوگئے۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں ،جبکہ جائے وقوعہ کے اطراف سے شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔

پی ایس ایل 8: ٹاپ باؤلر اوربیٹر کا اعزاز اب تک ملتان سلطانز کے پاس

لاہور: (ویب ڈیسک) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے ٹاپ باؤلر اور بیٹر کا اعزاز اب تک ملتان سلطانز کے کھلاڑیوں کے پاس ہے۔
ملتان سلطانز کے نوجوان فاسٹ باؤلر احسان اللہ نے لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی، حارث رؤف، اسلام آباد یونائیٹڈ کے حسن علی، شاداب جبکہ کوئٹہ کے محمد حسنین سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
احسان اللہ نے پی ایس ایل 8 میں اب تک 6 میچز میں 14 شکار کر کے سب سے زیادہ وکٹوں کے ساتھ فضل محمود کیپ پر قبضہ جما لیا ہے، ان کی بہترین باؤلنگ 12 رنز کے عوض 5 وکٹیں ہیں۔
اسی طرح بیٹرز اور وکٹ کیپنگ میں بھی ملتان سلطانز کے محمد رضوان کا پہلا نمبر ہے، وہ 6 میچز میں 358 رنز کے ساتھ پہلے نمبر پر رہتے ہوئے حنیف محمد کیپ پر قابض ہیں۔
اسی طرح محمد رضوان 7 کیچز کے ساتھ فیلڈنگ میں بھی سب سے آگے ہیں۔

کوشش ہے کہ پہلے اوور کی پرفارمنس برقرار رکھوں: شاہین آفریدی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ میں پی ایس ایل میں بہت الرٹ ہوں، میرا کرکٹ میں اچھا کم بیک ہوا ہے، کوشش ہے کہ پہلے اوور کی پرفارمنس برقرار رکھوں۔
شاہین نے کہا کہ میں ایک وقفے کے بعد کھیل رہا ہوں، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنی بہترین کرکٹ کھیلوں، پھر چاہے ڈومیسٹک ہو یا کلب کرکٹ۔
انہوں نے پشاور زلمی کے خلاف میچ میں محمد حارث کا بیٹ توڑنے کے بعد انہیں بولڈ کرنے اور پھر کپتان بابر اعظم کو بولڈ کرنے کے حوالے سے کہا کہ کوشش یہی ہے کہ پہلے اوور کی پرفارمنس کو برقرار رکھوں، میری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کو جلد از جلد بریک تھرو دوں، شکر ہے اس میں میں کامیاب ہوں۔
شاہین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں لاہور کے مرحلے کے میچز کھیل کر اچھا محسوس ہو رہا ہے، لاہور قلندرز کو ہمیشہ اپنے کراؤڈ سے بہت سپورٹ ملتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے لوگ کرکٹ کے بہت فین ہیں، اچھی چیز ہے کہ اب ہم مسلسل لاہور میں کھیل رہے ہیں، لاہور قلندرز کی ٹیم اچھا پرفارم کر رہی ہے، امید ہے کہ فینز کو مزید اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

کراچی کا آج پشاور سے ٹاکرا: عماد ٹورنامنٹ میں کم بیک کیلئے پرعزم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کراچی کنگز کا آج پشاور زلمی سے ٹاکرا ہوگا جبکہ کراچی کے کپتان عماد وسیم ٹورنامنٹ میں کم بیک کیلئے پرعزم ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ آخری میچ جیتنے کے بعد کافی ایڈوانٹیج ملاہے ورنہ ہم ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم سلیکشن میں کچھ غلطیاں ہوئی ہیں، ٹورنامنٹ کا اختتام بہتر طریقے سے کریں گے، آخری میچ میں کامیابی کیساتھ کم بیک کیا ہے، چھوٹے مارجن سے میچ ہارے ہیں جبکہ بڑے مارجن سے میچ جیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، نوجوان کھلاڑیوں کے لئے پی ایس ایل اچھا پلیٹ فارم ہے، ڈومیسٹک میں اچھی پرفارمنس دینے کے بعد پی ایس ایل میں طیب طاہر اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں، ان کے لئے انٹر نیشنل کرکٹ کے دروازے کھلے ہیں، ملتان سلطانز کا احسان اللہ اچھی باؤلنگ کروا رہا ہے۔
کپتان کراچی کنگز نے کہا کہ ہوم گراونڈ اور ہوم کراؤڈ بارہواں کھلاڑی ہوتا ہے، کراؤڈ کے پریشر میں بھی مزہ آتا ہے، قاسم اکرم مستقبل کا سرمایہ ہیں، اس کی جگہ عرفان نیازی کو لے آئے ہیں۔
عماد وسیم نے کہا کہ ہم دو تین سال سے پنڈی میں میچ کھیل رہے ہیں، پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی وکٹ ٹی 20 میچز کے لئے بہترین ہوتی ہے، چھکے چوکوں کی برسات ہو گی تو شائقین کرکٹ خوش ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران طاہر اور تبریز شمسی کو ٹیم کا حصہ بنانا چاہتے تھے تاہم پہلے میچوں میں عمران طاہر کو موقع دیا گیا۔
عماد وسیم نے کہا کہ تمام فیصلوں کی ذمہ داری لیتا ہوں تاہم کوچز کیساتھ بھی مشاورت کرتا ہوں۔

بسمہ معروف قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی قیادت سے مستعفی

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے قومی ٹیم کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا جو کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے قبول کرلیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نے بتایا کہ میں نے پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے، بسمہ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے موقع دینا چاہتی ہیں۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات ہے کہ بسمہ مستقبل میں پاکستان کے لیے کھیلتی رہیں گی اور اپنے ملک کا نام روشن کریں گی۔
واضح رہے کہ بسمہ معروف کی قیادت میں قومی ٹیم نے 34 میں سے 16 ون ڈے میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 62 میں سے 27 ٹی ٹوئنٹی جیتے ہیں۔

جعلی معلومات کا الزام ، روس نے وکی پیڈیا پر بھاری جرمانہ عائد کردیا

ماسکو : (ویب ڈیسک) روس نے جعلی معلومات کے الزام پر وکی پیڈیا پر 27 ہزارڈالر جرمانہ عائد کردیا۔
خبررساں ادارے کے مطابق روسی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ وکی پیڈیا یوکرین میں روس آپریشن کے بارے میں جعلی معلومات ہٹانے میں ناکام رہا ہے ، لہذا وکی پیڈیا کو جعلی معلومات ویب سائٹ سے نہ ہٹانے کے الزام میں 27 ہزار ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔
روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد بنائےگئے قوانین کے بعد روس، یوکرین تنازع پر روس کے موقف کے خلاف رپورٹنگ کرنے والے افراد اور اداروں پر جرمانے اور پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
وکی پیڈیا کی مالک کمپنی وکی میڈیا کو اس سے قبل بھی جنگ سے متعلق دو آرٹیکل نہ ہٹانے پر جرمانہ کیا گیا تھا جبکہ حالیہ جرمانہ روسی ملٹری یونٹس کے حوالے سے غلط معلومات نہ ہٹانے کے الزام میں عائد کیا گیا ہے۔
کمپنی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فیصلے کے خلاف اپیل کا فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا ہے ۔

ایران میں جوہری بم کی تیاری کے قریب 83.7 فیصد افزودہ یورینیم کے ذرات پائے گئے : یواین رپورٹ

آسٹریا: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے کے معائنہ کاروں نے ایران کی حدود میں واقع زیرزمین جوہری تنصیب میں یورینیم کے ذرّات کو 83.7 فی صد تک افزودہ پایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویانا میں قائم بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی جانب سے رکن ممالک کو فراہم کردہ خفیہ سہ ماہی رپورٹ میں اس اعلیٰ سطح کے افزودہ یورینیم کا انکشاف کیا گیا ہے اور یہ انکشاف ممکنہ طور پر ایران اور مغرب کے درمیان جوہری پروگرام پر تناؤ میں مزید اضافہ کرے گا۔
عالمی جوہری توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ ایران کے پاس 83 فیصد سے زائد یورینیم کے افزودہ ذرات ملے ہیں تاہم ان کے ماخذ کا ابھی تک تعین نہیں ہوسکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کے پاس موجود یہ یورینیم افزودگی 2015 کی ڈیل میں طے شدہ ہدف سے 18 فیصد زیادہ ہے۔
دوسری جانب ایران کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے یورینیم افزودگی کے دوران ایسا غیر ارادی طور پر ہوگیا ہوگا جبکہ اس حوالے سے ایجنسی اور ایران کے اعلیٰ حکام کے درمیان بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ ایران 2015 کے جوہری معاہدے کے تحت یورینیم کو صرف3.67 فی صد تک افزودہ کرسکتا تھا اور یہ حد کسی جوہری پاور پلانٹ کو ایندھن مہیاکرنے کے لیے کافی ہے۔
سال 2018 میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس معاہدے سے یک طرفہ دستبرداری کے بعد ایران نے اعلیٰ سطح پرافزودہ یورینیم کی تیاری شروع کردی تھی۔