قائداعظم یونیورسٹی: طلباء تنظیموں میں تصادم پر رینجرز تعینات کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قائد اعظم یونیورسٹی میں طلباء تنظیموں کے درمیان تصادم کے معاملہ پر وائس چانسلر نے رینجرز تعیناتی کیلئے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی میں امن و امان قائم ہونے تک رینجرز تعینات کی جائے، یونیورسٹی میں آؤٹ سائیڈرز اور شدت پسندوں کو نکالنا ہے۔
خیال رہے کہ قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں دو طلباء گروپوں کے درمیان پرتشدد تصادم کے بعد گزشتہ روز یونیورسٹی کو تا حکم ثانی بند کر دیا گیا تھا۔

جب آرڈر آئے گا شفاف انتخابات کروا دیں گے: نگران وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ نگران حکومت الیکشن سے بھاگ نہیں رہی، جب آرڈر آئے گا شفاف انتخابات کروا دیں گے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اکبر چوک ری ماڈلنگ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اکبر چوک انڈر پاس و فلائی اوور منصوبہ 3 ارب 10 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔
اکبر چوک فلائی اوور 2 لینز اور 700 میٹر طویل ہوگا، انڈر پاس 2 لینز اور 540 میٹرطویل ہوگا، منصوبے سے فیصل ٹاؤن، جوہرٹاؤن، کوٹ لکھپت اور دیگر ملحقہ آبادیاں مستفید ہوں گی، شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے کروڑوں روپے کی بچت کی گئی ہے۔
منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم اس منصوبے کو 90 دنوں میں مکمل کریں گے، نوازشریف انٹر چینج پر کنٹونمنٹ سے مل کر انڈر پاس بنا رہے ہیں۔
انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم الیکشن کرانے سے نہیں بھاگ رہے، جب آرڈر آئے گا الیکشن کرا دیں گے، شفاف الیکشن کروانا ہماری ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے، عمران خان اس وقت زمان پارک میں موجود نہیں، اس لیے سکیورٹی ہٹا لی گئی ہے، عمران خان واپس لاہور آئیں گے تو سکیورٹی دوبارہ دینے کے معاملے پر نظر ثانی کریں گے۔
نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو کے حوالے سے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہارس اینڈ کیٹل شو بہت مہنگا پڑ رہا تھا، جس کے لیے کوئی اسپانسر نہیں مل رہا تھا، اس شو پر 90 کروڑ روپے لگ رہے تھے اس لئے اس کو کروانے کے حق میں نہیں تھا۔
پی ایس ایل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے معاملات طے پا گئے ہیں، بورڈ لائٹیں خرید لے گا، آئندہ کرائے پر لائٹس نہیں لی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ کا مزد کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے قیدیوں کی کل تعداد کے بارے میں معلوم نہیں، لاہور میں گنجائش کم ہونے کے باعث گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو صوبے کی دیگر جیلوں میں بھیجا گیا ہے، عمران خان کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی کی ہے تو وہ ہمیں بتا دیں۔

ن لیگ ملک کی بڑی جماعت، خدمت کی ذمہ داری بھی زیادہ ہے، مریم نواز

ساہیوال: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نوازنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، عوام کی خدمت کی ذمہ داری بھی ہم پر زیادہ ہے۔
ساہیوال کی مرکزی تنظیم کے اجلاس کے موقع پر مریم نواز نے کہا کہ خواتین، نوجوانوں اور کارکنوں کا جذبہ دیکھ کر دِل خوش ہوگیا، جتنی بڑی تعداد میں خواتین اور نوجوان تنظیمی کنونشنز میں آ رہے ہیں یہ ہے اصل تبدیلی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو مسائل سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہے، سیاہ فسطائی دور میں پارٹی لیڈرشپ اور کارکنوں نے کمال ہمت کا مظاہرہ کیا ہے، پارٹی کی مرکزی تنظیم ذیلی شعبہ جات کیلئے ماں کی طرح ہوتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ محنتی، نظریاتی اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کارکنوں کی بھرپور سرپرستی کریں، الیکشن کی تیاری کریں، عوام سے رابطے بڑھائیں، حقیقت بتائیں، عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی لانے والے کرداروں کے نام بتائیں۔

عمران خان کی سیشن کورٹ سے درخواست ضمانت واپس، اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) توشہ خانہ فیصلے پر احتجاج کے تناظر میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر درج مقدمے میں بڑی پیش رفت ہوگئی۔
سابق وزیراعظم نے سیشن کورٹ سے ضمانت کی درخواست واپس لے لی اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی، عمران خان نے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے درخواست دائر کی۔
ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست ضمانت پر تین اعتراضات عائد کر دیئے۔
رجسٹرار آفس نے اعتراض اٹھایا کہ عمران خان کے دستخط پٹیشن پر دو جگہوں پر مختلف ہیں، عمران خان نے بائیو میٹرک تصدیق نہیں کرائی، ضمانت قبل از گرفتاری ڈائریکٹ ہائیکورٹ میں کیسے دائر ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ محسن شاہ نواز رانجھا کی مدعیت میں عمران خان پر تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج ہے۔

پی آئی اے کی انتظامی غفلت، 2 ہزار ملین سے زائد واجبات کی وصولی میں ناکامی

لاہور: (ویب ڈیسک) پی آئی اے انتظامی غفلت کے باعث مختلف اداروں سے 2 ہزار ملین سے زائد واجبات کی رقم وصولی کرنے میں ناکام ہو گیا۔
اربوں کے خسارے سے دوچار پی آئی اے کی انتظامی غفلت کے باعث مختلف اداروں سے 2 ہزارملین سے زائد واجبات کی رقم وصولی کرنے میں ناکامی ہوئی ہے۔
عدم وصولی کا انکشاف آڈیٹرزجنرل کی رپورٹ برائے 2021،22 میں کیا گیا، نادہندگان میں مختلف کمپنیاں، ایئرلائنز، ایجنٹس، ایئرلائن کے مختلف شعبے، ذیلی کمپنیز جن میں میسرزسرحد ڈیولپمنٹ اتھارٹی، انشورنس کلیمز، ٹریول ایجنٹس، کارگو، سپیڈکس، مختلف پارٹیز، ٹریڈرز، کاک پٹ کریو، میسرز الفا کو سمیت یوٹیلٹی چارجز بھی شامل ہیں۔
آڈیٹرزجنرل کی رپورٹ میں واجبات کی عدم وصولی انتظامیہ کی نااہلی قرار دی گئی ہے۔

بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہو گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلواما میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی۔
بھارتی فوج کے اہلکار چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھروں میں گھس گئے، خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی جبکہ بزرگوں اور بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
اس دوران ایمبولینس کو بھی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ موبائل فون اور نیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی، بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے نوجوان کو شہید کردیا۔
بھارت نواز کی کشمیر کی ہٹ دھرم کٹھ پتلی انتظامیہ نے ماورائے عدالت قتل کو مقابلہ ظاہر کرنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان عسکریت پسند تنظیم سے تعلق رکھتا تھا اور مسلح تھا۔
اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی کی، نوجوان کی لاش لواحقین کے حوالے نہیں کی گئی۔

سپریم کورٹ کا مقدمات سماعت کیلئے مقرر کرنے کے طریقہ کار کا نوٹس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور جسٹس یحییٰ آفریدی نے عدالت عظمیٰ میں مقدمات سماعت کیلئے مقرر کرنے کے طریقہ کار کا نوٹس لے لیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس یحییٰ آفریدی پر مشتمل بنچ نے کیس کی سماعت کی، عدالت میں رجسٹرار سپریم کورٹ پیش ہوئے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ میں کس سال سے مقدمات زیر التواء پڑے ہیں؟، عدالت میں مقدمات مقرر کرنے کے طریقہ کار کی فائل دکھائیں، فائل کیوں چھپا رہے ہیں۔
جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ مقدمات مقرر کرنے کے حوالے سے شفافیت ہونی چاہیے، اگر رجسٹرار کیس ایک سے دوسرے بینچ میں لگا دے تو شفافیت کیسے ہوگی؟، ایسا لگتا ہے کہ ایک رجسٹرار تو میرے جیسے جج سے بھی زیادہ طاقتور ہے، میں 2010ء کے کیس نہیں سن سکتا کیونکہ کیسز رجسٹرار سماعت کیلئے مقرر کرتا ہے۔
جسٹس فائز عیسیٰ نے رجسٹرار سے استفسار کیا کہ مقدمات مقرر کرنے کی کیا پالیسی ہے؟، رجسٹرار آفس میں مقدمات فکس کرنے سے متعلق شفافیت نام کی کوئی چیز نہیں۔
رجسٹرار سپریم کورٹ نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی منظوری سے ہی مقدمات سماعت کیلئے مقرر کیے جاتے ہیں۔
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ رجسٹرار آفس میں شفافیت ہونی چاہیے، سپریم کورٹ رجسٹرار آفس جو بھی کام کرے وہ تحریری صورت میں ہونا چاہیے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں سکول آن ویلز منصوبے کا افتتاح کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں سکول آن ویلز منصوبے کا افتتاح کر دیا۔
ابتدائی طور پر 8 بسوں پر مشتمل سکول آن ویلز منصوبہ اسلام آباد اور گردو نواح کے بچوں کو موبائل سکولز کے ذریعے تعلیم فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے افتتاح کے موقع پر سکول کے بچوں سے ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کوتعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا اولین ترجیح ہے، موبائل لائبریری دور دراز کے بچوں کو تعلیم دلوانے کا بہترین ذریعہ ہے، بچے قوم کے معمار ہوتے ہیں، تعلیم کے لیے ہرممکن اقدام کریں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم نے پودا لگا کر ملک گیر موسم بہار شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک گیر شجر کاری مہم کا آغاز کردیا ہے، رواں سال 24 کروڑ سے زائد درخت لگائے جائیں گے، شجر کاری کو ملکی سطح پر فروغ دینا ہوگا۔

عمران خان عدالت پیش نہ ہو تو گرفتار کرنا چاہیے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف بیٹی کے ہمراہ روز پیش ہوسکتا ہے تو عمران خان بشریٰ اور فرح گوگی کے ساتھ کیوں نہیں؟، عمران خان پیش نہ ہو تو گرفتار کرنا چاہیے، جیل بھرنے کا شوق بھی پورا ہو جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں حکومتی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عدالت گھڑی چور کی حاضری کا پوچھ رہی ہے جو اب تک پیش نہیں ہوا، فارن ایجنٹ ضمانت کروا کے بینکنگ کورٹ پر مہربانی کر رہا ہے، توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد ہونی ہے وہاں سے مفرور ہے، گھڑی چور، توشہ خانہ چور پیش ہو کی آوازیں لگائی جا رہی ہیں لیکن عمران خان غائب ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھڑی چور فارن ایجنٹ جواب دینا کہ توشہ خانہ کیوں لوٹا ؟، خانہ کعبہ کی گھڑی کیوں بیچی؟، بشریٰ بی بی نے توشہ خانہ کے ہیروں کے ہار کیوں بیچے؟، عدالت میں پیش ہوکر جواب دو، فارن ایجنٹ خیرات کے پیسے سیاست پہ کیوں لگائے؟، اپنے ملازمین کے نجی اکاؤنٹس کو منی لانڈرنگ کیلئے کیوں استعمال کیا؟ جواب لے کر آنا۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ شوکت خانم ہسپتال کی خیرات کا پیسہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں کیوں لگایا؟، جواب لے کر آنا، ووٹن کرکٹ کلب سے لاکھوں ڈالر کیوں لیے؟، خیرات کا پیسہ سیاست میں کیوں لگایا؟، فارن فنڈنگ ملک کے خلاف کیوں استعمال کی؟ جواب لے کر آنا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کا سٹاف لیول معاہدہ تاخیر کا شکار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات نہیں ہوئے اور اب مذاکرات 2 مارچ کو دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے جو بجلی بلوں کی رکی ہوئی وصولیاں شروع کرنے کے بعد ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قرضہ پروگرام کی بحالی کے لیے آئی ایم ایف کی کئی شرائط پر عمل درآمد کرنا ہوگا جس کے تحت حکومت کو سیلز ٹیکس میں اضافے کا نوٹی فکیشن اور مانیٹری پالیسی میں اضافے کا بھی اعلان کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس 16 کے بجائے 2 مارچ کو ہونے کا امکان ہے جس میں مانیٹری پالیسی کمیٹی شرح سود میں اضافے کا جائزہ لے گی اور کمیٹی کے فیصلے سے آئی ایم ایف کو آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ 9 فروری کو ہونا تھا جو اب مارچ میں ہونے کا امکان ہے۔

مریم نواز کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر وکیل کو دلائل دینے کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کے لیے درخواست دائر کرنے والے وکیل کو دلائل دینے کیلئے کل تک کی مہلت دے دی۔
لاہور ہائی کورٹ میں چیف آرگنائزرمسلم لیگ (ن) مریم نواز کے خطاب پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی، مریم نواز کے خلاف عدالت میں درخواست وکیل رانا شاہد نے دائر کی۔
عدالت نے وکیل کو درخواست کے قابل سماعت ہونے پر کل (بدھ) کو دلائل دینے کی ہدایت کر دی۔
وکیل نے استدعا کی کہ عدالت مریم نواز کو توہین کا نوٹس جاری کرے۔
لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلوں کے حوالے پیش کریں کہ کیسے اس درخواست پر سماعت کر سکتے ہیں۔
وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی فیصلے پیش کرنے کے لیے مہلت دے دیں جس پر عدالت نے وکیل کو کل تک کی مہلت دے دی۔
واضح رہے کہ وکیل نے مریم نواز کے سرگودھا میں تقریر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔

انسدادِ دہشتگردی عدالت: عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست دائر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست دائر کر دی۔
وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست انسدادِ دہشت گردی کے جج راجہ جواد کی عدالت میں دائر کی۔
عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت کا لیڈر ہوں، سیاسی انتقام کے باعث مجھے مقدمے میں نامزد کیا گیا۔
درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مجھ پر انسدادِ دہشت گردی کا مقدمہ بنایا گیا جس کا میں مرتکب نہیں ہوں۔
سابق وزیرِ اعظم نے استدعا کی ہے کہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے کیس میں ضمانت کنفرم ہونے سے پہلے عبوری ضمانت منظور کی جائے۔
بینکنگ کورٹ میں آج مقرر تمام کیسز بغیر کارروائی کے ملتوی
دوسری جانب اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت سے قبل اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
بینکنگ کورٹ اسلام آباد میں مقرر تمام کیسز بغیر کارروائی کے ملتوی کر دیئے گئے ہیں، عدالت کی جانب سے تمام دیگر کیسز میں سائلین کو نئی تاریخ دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ کی جانب سے یہ فیصلہ سکیورٹی کے پیشِ نظر کیا گیا ہے۔

‘شنگھائی تھرکول سے بجلی کی پیداوار شروع، آئی ایم ایف کیساتھ معاملات طے پا گئے’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہےکہ شنگھائی تھرکول منصوبے سے بجلی کی پیداوار شروع ہونے سے نوازشریف اور بے نظیر کے خواب کی تعبیر ہوگئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ شنگھائی تھرکول کے منصوبے نے بجلی کی پیداوار شروع کردی ہے، یہ منصوبہ 1320میگاواٹ کا ہے، تھل نووا کا 330 میگاواٹ کا منصوبہ بھی مکمل ہوگیا ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ نواز شریف اور بے نظیر کے خواب کی تعبیر ہو گئی، ایک سال میں تھر سے ایک ہزار 980 میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تھر میں 175 ارب ٹن کوئلے کے ذخائر ہیں اور یہاں سے ایک لاکھ میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہے جبکہ مزید 100میگا واٹ بجلی درآمد کے لیے ایران گوادر ترسیلی لائن مکمل ہوگئی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہا ہے کہ بجلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہے ہیں، شہبازشریف کی قیادت میں پی ڈی ایم تیزی سے کام کر رہی ہے، سستی بجلی کو سسٹم میں شامل کیا جارہا ہے، تھر کے معاملے پر تمام شکوک و شہبات دور ہو گئے ہیں۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے اس مالی سال کے تمام معاملات پر معاہدہ ہوچکا ہے، اگلے مالی سال کے بارے میں وہ ہم سے کچھ گارنٹی چاہ رہے ہیں، بجلی کا بنیادی ٹیرف جس میں آخری بار پچھلے موسم گرما میں اضافہ کیا گیا تھا، بنیادی ٹیرف میں کسی بھی سلیٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی، سردیوں میں جو لوڈشیڈنگ ہوئی ہے وہ بچت کا منصوبہ ہے، ہمارے پاس بجلی بنانے کے وافر ذرائع اور ایندھن موجود ہے، لیکن پچھلے موسم گرما میں ایک تلخ تجربہ ہوا تھا ، ہمیں صارفین کے بلوں کا خیال ہے، ان کو کم کرنے کا بھی خیال ہے۔