الیکشن کمیشن آزاد نہیں، حکومت کے اشاروں پر چل رہا ہے: سراج الحق

چارسدہ: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر اور سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آزاد نہیں ہے اور حکومت کے اشاروں پر چل رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے فرائض میں ناکام ہوچکا ہے، ان کا کام سپریم کورٹ کر رہا ہے، سپریم کورٹ الیکشن کا ایک ساتھ اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی لڑائی ذاتی مفادات کیلئے ہے، پی ڈی ایم اور تحریک انصاف آئی ایم ایف کے غلام ہیں، یہ دونوں سیاسی دہشت گرد ہیں۔
سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ لگتا ہے سانس لینے پر بھی ٹیکس لگ جائے گا، خیبرپختونخوا میں سکیورٹی کی صورت حال خراب ہے، بھتہ خوری جاری ہے۔

توشہ خانہ کیس: عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔
عدالتی احکامات کے باوجود عمران خان سیشن کورٹ پیش نہیں ہوئے، جس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال نے وارنٹ جاری کیے ہیں، عمران خان کو عدالت نے آج طلب کر رکھا تھا۔
ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی کارکن سیشن کورٹ کے باہر جمع ہونے لگے ہیں۔
قبل ازیں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں سابق وزیراعظم کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق فوجداری کیس کی سماعت ہوئی جس میں ان کے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے جبکہ الیکشن کمیشن کی طرف سے سعد حسن بطور وکیل پیش ہوئے۔
دورانِ سماعت الیکشن کمیشن اور عمران خان کے وکیل کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس میں سابق وزیراعظم کے وکیل نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ آپ الیکشن کمیشن کے وکیل ہیں، وکیل ہی رہیں، ترجمان نہ بنیں۔
علی بخاری نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کچھ دیر پہلے لاہور سے نکل پڑے ہیں، انہیں آج جوڈیشل کمپلیکس کی دو عدالتوں میں پیش ہونا ہے، وہ آج اس عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں گے۔
عمران خان کے وکیل نے سماعت 5 دن کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کی تو جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کونسا طریقہ ہے، عمران خان 11 کورٹس میں پیش ہو سکتے ہیں، کچہری میں نہیں، عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پیش ہوجائیں گے اِدھر کے لیے ٹائم نہیں بچے گا، یہ کونسا طریقہ ہے، ادھر فرد جرم عائد ہونا ہے ادھر آجائیں، فرد جرم عائد ہو جائے پھر چلے جائیں۔
جج کے ریمارکس پر علی بخاری نے کہا کہ خواجہ حارث اس کیس میں عمران خان کے وکیل ہیں، آج یہاں اس عدالت میں پیش ہونے کے لیے وہ دستیاب نہیں ہیں۔
بعدازاں سیشن کورٹ نے عمران خان کی حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

زمان پارک: پی ٹی آئی کارکنان اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان تصادم

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کے درمیان عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر سے بینرز اتارنے پر تصادم ہوا ہے۔
زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر اس وقت ہنگامہ آرائی کی صورت حال پیدا ہوئی جب ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں بینرز اتارنے کیلئے پہنچیں، اس دوران تحریک انصاف کے کارکنان بھی وہاں ڈنڈے لے کر پہنچ گئے۔
تحریک انصاف کے کارکنوں نے بینرز اتارنے کیلئے آنے والی ٹیموں پر حملہ کر دیا، جوشیلے کارکنان کی جانب سے بینر اتارنے والی ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں پر ڈنڈے برسائے گئے، ضلعی انتظامیہ نے سڑک پر موجود کرسیاں گاڑیوں میں لوڈ کیں جنہیں کارکنان نے نیچے اتار لیا۔
کارکنان اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کے درمیان ہنگامہ آرائی کے باعث کینال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک سست روی کا شکار ہوگئی۔

عمران گرفتاری سے بچنے کیلئے عدالت جلوس کیساتھ پیش ہو رہے ہیں، شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان عدالت پر اثر انداز ہونے اور گرفتاری سے بچنے کیلئے جلوس اور مظاہرے کے ساتھ پیش ہو رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پہلے لاہور اور آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں تماشہ لگایا جا رہا ہے، تحریک انصاف کی جانب سے جوڈیشل کمپلیکس میں مظاہرہ اور توڑ پھوڑ قابل تشویش اور توہین عدالت کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت اس منظم مظاہرے اور حملے کا نوٹس لے، عدالت کو ہر بار ایک ثابت شدہ چور کی پیشی کیلئے انتظار نہیں کرنا چاہیے۔
شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ واضع طور پر عمران خان کو خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں، عدالت عام مجرم اور خاص مجرم کا تاثر پیدا کر رہی ہے جس کی وجہ سے پورے نظام عدل پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

پرانے کیسز کھلیں گے، عمران خان جیل بھی جائیں گے، منظور وسان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف پرانے کیسز کھلیں گے اور وہ جیل بھی جائیں گے۔
اپنے ایک بیان میں رہنما پیپلز پارٹی منظور وسان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مارچ میں نااہلی کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جیل بھی جائیں گے۔
تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے حوالے سے منظور وسان نے کہا کہ یہ تحریک چلانا کوئی آسان کام نہیں ہے، عمران خان جیل جانے سے ڈر رہے ہیں۔
مہنگائی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے سرکاری ملازمین اور مزدور طبقہ پریشان ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 70 فیصد بڑھائی جائیں، مزدوروں کی بھی مزدوری میں اضافہ کا اعلان کیا جائے۔

پنجاب، کے پی انتخابات: پی ڈی ایم نے فل کورٹ کی درخواست واپس لے لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے معاملے پر پیپلزپارٹی، (ن) لیگ اور جے یو آئی نے فل کورٹ کی درخواست واپس لے لی۔
سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے معاملے پر پیپلزپارٹی، (ن) لیگ اور جے یو آئی نے پہلے 9 رکنی لارجر بینچ پر اعتراض کرتے ہوئے فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کیا تھا تاہم لارجر بینچ سے 4 ججوں کے علیحدہ ہونے کے بعد تینوں جماعتوں نے فل کورٹ کی درخواست بھی واپس لے لی۔
سپریم کورٹ میں اس حوالے سے کیس کی سماعت کے موقع پر پی پی کے وکیل فاروق نائیک نے عدالت کو بتایا کہ سیاسی جماعتوں نے مشترکہ ہدایت کی ہے کہ فل کورٹ کی درخواست نہیں چلائیں گے، چیف جسٹس نے 5 رکنی لارجربینچ جو بنایا ہے وہی کیس سنے۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان، اوگرا نے سمری حکومت کو بھجوا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کر کے سمری وفاقی حکومت کو بھجوا دی۔
ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات قیمتوں سے متعلق دو تجاویز حکومت کو بھجوائی گئی ہیں، پہلی تجویز کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اوگرا نے پٹرول اور ڈیزل پر 2 سے 5 فیصد فی لٹر جی ایس ٹی عائد کرنے کی تجویز دی ہے، ڈیزل پر 5 سے 10 روپے فی لٹر لیوی عائد کرنے کی تجویز وفاقی حکومت کو ارسال کی گئی ہے۔
دو فیصد جی ایس ٹی عائد کرنے پر پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے تک اضافہ کیا جا سکتا ہے، 5 فیصد جی ایس ٹی عائد کیا جائے تو پٹرول کی قیمت میں 13 روپے 60 پیسے تک اضافہ ممکن ہے، ڈیزل کی قیمت میں 10 سے 15 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز وفاقی حکومت کو ارسال کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات قیمتیں برقرار رکھنے کی بھی تجویر دی گئی ہے، گزشتہ 15 دنوں میں عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، گزشتہ 15 روز میں عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت 74 ڈالر فی بیرل تک رہی۔
اوگرا نے دوسری سمری میں تجویز دی ہے کہ عالمی منڈیوں کے تناسب سے ٹیکس عائد کر کے بھی قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر خزانہ، وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

انٹربینک میں ڈالر مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں مندی

کراچی: (ویب ڈیسک) امریکی ڈالر کے اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری، پاکستانی روپیہ اپنی قدر بہتر نہیں کر سکا۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز آج صبح کاروبار کے آغاز میں امریکی ڈالر مہنگا ہوا ہے، انٹربینک میں ڈالر 2 روپے 8 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 262 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 259 روپے 92 پیسے پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا منفی آغاز ہوا ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 37 پوائنٹس کم ہونے کے بعد 40 ہزار 747 پر آ گیا ہے۔
گزشتہ روز 100 انڈیکس 40 ہزار 784 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

لیونل میسی نے فیفا پلیئر آف دی ایئر 2022 کا ایوارڈ جیت لیا

پیرس : (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2022 کی فاتح ٹیم ارجنٹائن کے کپتان اور دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑی لیونل میسی نے 2022 کا فیفا پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا،35 سالہ سٹار نے فرانسیسی فارورڈز ایمباپے اور کریم بینزیما کو ہرا کر یہ اعزاز دوسری بار حاصل کیا ہے۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ فیفا ایوارڈ کی تقریب میں سال 2022 کے بہترین کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
مینز فٹبالر آف دی ایئر کی کیٹیگری میں فرانسیسی سٹار امباپے ، کریم بینزیما اور لیونل میسی کے مابین سخت مقابلہ تھا، تاہم میسی نے اپنے حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سال کے بہترین فٹبال پلیئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
ایوارڈ حاصل کرنے پر میسی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنا خواب پورا کرلیا ہے، جس کی میں اتنے عرصے سے امید کر رہا تھا، بہت کم لوگ اسے حاصل کر پاتے ہیں اور میں خوش قسمت ہوں، یہ حیرت انگیز ہے، ساتھی کھلاڑیوں کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔
خیال رہے کہ میسی کی کپتانی میں ارجنٹائن نے گزشتہ سال فیفا ورلڈکپ جیتا جبکہ سٹار فٹبالر نے اپنے ملک اور مختلف کلبز کی نمائندگی کرتے ہوئے سال 22-2021 میں 49 مقابلوں میں 27 گولز کیے۔
دوسری جانب ویمنز فٹبالر آف دی ایئر کی کیٹیگری میں بارسلونا کی الیکسیا پوٹیلس کو سال کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔
تقریب میں ارجنٹائن کو تیسرا ورلڈ کپ ٹائٹل جتوانے والے لیونل اسکالونی کو مینز کوچ آف دی ایئر قرار دیا گیا۔

بیوی نے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کورنگی زمان ٹاؤن کے علاقے میں بیوی نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، مقتول کے 7 بچے تھے جن کا پیٹ پالنے کیلئے وہ رکشہ چلاتا تھا۔
مقتول کی بیوی ریحانہ کے اپنے شوہر کے بھتیجے علی گل کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے، ریحانہ نے اپنے شوہر کو راستے سے ہٹانے کیلئے حیدرآباد سے ملزم علی گل کو بلایا اور پھر دونوں نے مل کر 12 فروری کو اسے بے رحمی سے مار ڈالا۔
رپورٹس کے مطابق ملزمہ ریحانہ نے پولیس کو گمراہ کرنے کیلئے مقدمے میں 3 غیر متعلقہ افراد کو نامزد کیا، ان 3 افراد کے ساتھ ملزمہ کا پلاٹ کے معاملہ پر جھگڑا چل رہا تھا، پولیس نے شک کی بنیاد پر ریحانہ کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے اعتراف جرم کر لیا۔

نیپرا نے بجلی پھر مہنگی کرنے کی منظوری دےدی

کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی ایک روپے 71 پیسے اور دیگر صارفین کے لیے 48 بپیسے فی یونٹ مہنگی کردی گئی۔
نیپرانے کے الیکٹر ک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کرنے کی منظور ی دے دی۔ نیپرا کے مطابق کے الیکٹر ک صارفین کے لیے ایک روپیہ 71پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کی گئی۔
اس کا اطلاق صرف مارچ کے بلوں میں ہو گا۔ اطلاق کے الیکٹرک صارفین ماسوائے لائف لائن اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہوگا۔
نیپرا نے سی پی پی اے کی جنوری کیلئے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر بھی سماعت مکمل کرلی۔نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 48 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی۔
نیپرا کے مطابق بجلی جنوری کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی۔بجلی مہنگی کرنے سے بجلی کے صارفین پر 9.2 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کریگا۔سی پی پی اے نے بجلی ایک روپے17 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔

سلامتی کے لیے خطرہ، ٹک ٹاک پر پابندی عائد

کینیڈا : (ویب ڈیسک) کینیڈا نے چینی ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ پابندی حکومت کی جاری کردہ تمام سرکاری ڈیوائسزپر لگائی گئی ہے ۔
کینیڈین حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹک ٹاک ایپ پرائیوسی اور سلامتی کیلیے ناقابل قبول حد تک خطرہ ہے ۔
کینیڈین حکومت نے وفاقی ملازمین کو مستقبل میں ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنے سے روک دیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹک ٹاک کے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے طریقے فون کے مواد تک کافی رسائی فراہم کرتے ہیں۔
اس سے پہلے برطانوی ماہرین نے بھی ٹک ٹاک ایپ محدود کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔برطانوی ماہرین کا خیال ہے کہ ٹک ٹاک کے ذریعے برطانیہ کا ڈیٹا چین کے سرکاری اداروں تک پہنچ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکہ امریکہ اور یورپی یونین اپنے سرکاری ملازمین کو ٹک ٹاک استعمال کرنے سے روک چکا ہے۔
ایک ہفتہ قبل 24 فروری کو یورپی یونین کے سرکاری ملازمین کو ڈیٹا کے حفاظت کی خاطر فوری طور پر ٹک ٹاک ایپ اپنے موبائل سے ڈیلیٹ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
امریکہ کی 26 ریاستیں ٹک ٹاک پر مکمل پابندی عائد کر چکی ہیں اور اب امریکہ میں ٹک ٹاک کے مختلف پہلووْں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ امریکہ میں ٹک ٹاک پر مکمل پابندی کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے.
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان 4 مختلف مقدمات میں پیشی کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے۔ عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پہنچے ہیں جہاں وہ عدالتوں میں پیش ہوں گے۔
عمران خان کی پیشی کے موقع پر بدںطمی دیکھنے میں آئی۔ پی ٹی آئی کارکنان جوڈیشل کمپلیکس کے احاطے میں داخل ہو گئے۔پی ٹی آئی کارکنان جوڈیشل کمپلیکس کا دروازہ بھی توڑ دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے بذریعہ سڑک اسلام آباد پہنچے، اس سے قبل عمران خان نے طیارے سے جانا تھا تاہم بعد ازاں روانگی کا پروگرام تبدیل کرکے بذریعہ موٹروے جانےکا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان انسداد دہشت گردی،بینکنگ کورٹ سمیت سیشن عدالت کے 2 کیسز میں پیش ہوں گے۔