نیشنل پریس کلب کی جانب سے پاکستان کی پہلی پلاسٹک سڑک کی تعمیرکے ایک سال مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل پریس کلب نے پاکستان کی پہلی پلاسٹک سڑک کی تعمیرکے ایک سال مکمل ہونے پر28دسمبر کو ایک تقریب کا انعقادکیا۔
تقریب میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سردار سلیم حیدر، نیشنل پرہس کلب کے صدر انور رضا، ترکی کے کمرشل قونصلر نور الدین دیمیر،نسٹ کی ہیڈ آفس آف سسٹینیبلٹی بریرہ حنیف کے علاوہ کوکا کولا پاکستان کی ڈائریکٹر پبلک افیئرز اینڈ سسٹین ایبلیٹی عائشہ سروری نے بھی شرکت کی۔
کوکا کولا پاکستان نے دسمبر 2021 میں دیگر شراکت داروں، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) کے ساتھ اسلام آباد میں پاکستان کی پہلی پلاسٹک سڑک کا افتتاح کیا۔ اتاترک ایونیو، اسلام آباد پر ایک کلومیٹر کی سڑک کی تعمیر میں دس ٹن سے زیادہ پی ای ٹی پلاسٹک کا کچرا استعمال کیاگیا ہے، جو ایک عملی اور قابل توسیع حل فراہم کرتا ہے۔
یہ منصوبہ ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے اور اس میںاس بات کو یقینی بنانے کیلئے مقامی تحقیق اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے تا کہ حل مقامی ماحول سے ہم آہنگ ہو،یہ سڑک سستی ہے اور تارکو ل سے تیار روایتی سڑک سے دوگنا پائیدار ہے۔ ایک سال بعد، سڑک مرمت اور نقصان سے پاک ثابت ہوئی ہے جس کے بعد شراکت داروں اب ملک بھر میں اس حل کو توسیع دے سکتے ہیں۔
سردار سلیم حیدر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’چونکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے، اس لیے مشترکہ اور پائیدار اثرات کو یقینی بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ضروری ہے۔ پاکستان کی پہلی پلاسٹک روڈجدت طرازی کے ایک بلیو پرنٹ کے طور پر موجودہے اور میں کوکا کولا کمپنی، کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر کی تعریف کرتا ہوں۔‘‘
نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا نے بھی اس بات کی نشاندہی کی کہ پلاسٹک کی سڑکیں ماحولیاتی انحطاط کو کم کرنے میں کردار ادا کرسکتی ہیں۔
کوکا کولا پاکستان کی ڈائریکٹر پبلک افیئرز اینڈ سسٹین ایبلیٹی عائشہ سروری کا کہنا تھا کہ ’’”ہم پاکستان کی پہلی پلاسٹک سڑک کو دیہی ترقی، شہری ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور قومی شاہراہوں کو دوبارہ استعمال کی بنیاد ڈالنے میں مدد کرنے کے ایک موقع کے طور پر دیکھتے ہیں۔ کوکا کولا کا ’’فصلہ سے پاک دنیا‘‘ کا ایجنڈا مقامی حکومتوں کی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ طویل مدتی فائدے والے منصوبوں پر کام کرنے کے عالمی عہد کا حصہ ہے ۔‘‘
تقریب کے اختتام پراعلیٰ حکومتی حکام اور نجی شراکت داروں نے کوکا کولا کے تعاون سے صحافیوں کے رابطوں کو آسان بنانے میںمدد کیلئے
پریس کلب پر فراہم کردہ نئی سہولیات کا افتتاح کیا۔

الوداع 2022، خوش آمدید 2023: نیوزی لینڈ میں نئے سال کا آغاز 

لاہور: (ویب ڈیسک) زمین کا ہر دن 24 گھنٹے کا ہے مگر سال نو کا آغاز ہر جگہ مختلف وقت میں ہوتا ہے، اس وقت نیوزی لینڈ میں سال 2022 اختتام پذیر جبکہ نئے سال کا آغاز ہو گیا۔
سال 2023 کی آمد کے موقع پر نیوزی لینڈ میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، آسمان پر رنگ و نور کی برسات ہو گئی، عوام کے چہروں پر خوشیاں ہی خوشیاں بکھر گئیں۔
دنیا میں نیووے اور امریکی علاقہ سمووا وہ آخری آباد مقامات ہیں جہاں سال نو کا استقبال سب سے آخر میں ہو گا، یہ کیریباتی کے جنوب مغرب میں جنوبی بحرالکاہل میں واقع ہیں، یہاں سال نو کا آغاز پاکستان کے 16 گھنٹے بعد ہوتا ہے۔

حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں یکم سے 15 جنوری تک برقرار رہیں گی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کی سمری بھیجی تھی لیکن وزیراعظم کی ہدایت کےمطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھا جائے گا
نیوز کانفرنس میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت 214 روپے 80 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 227.80 روپے فی لٹربرقرار رہے گی، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مٹی کے تیل کی قیمت 8 روپے 76 پیسے فی لٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی تھی لیکن مٹی کے تیل کی قیمت 171 روپے فی لٹر برقرار رہے گی۔

رواں سال کی طرح 2023 بھی معیشت کیلئے مشکل سال ہوگا : احسن اقبال

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ رواں سال معاشی طور پر سخت ترین رہا، 2023بھی ایک مشکل سال قرار دیا جارہا ہے ، ہمیں اور زیادہ محتاط ہوکر چلنے کی ضرورت ہے ۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال میں ناکام ،نااہل وزیراعظم کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے فارغ کیا گیا۔
انہوں نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کو ثاقب نثار کے ذریعے این آر او حاصل ہوا، مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو توہین عدالت میں نااہل کردیا جاتا ہے، عمران نیازی خاتون جج کی توہین کرتا ہے ،اس کو استثنیٰ حاصل ہے، عمران خان نے گزشتہ 4 سال اس ملک کا پروٹوکول انجوائے کیا ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم پاکستان اور معیشت کی مرمت کررہے ہیں جبکہ عمران خان صبح و شام لوگوں میں مایوسیاں پھیلا رہے ہیں، پی ٹی آئی اور عمران خان اس وقت مسلسل پاکستان کو ٹارگٹ کررہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم ایک دوراہے پر کھڑے ہیں، 2018 کے بعد پاکستان کی مشکلات میں اضافہ ہوا، اگر ہم بھی سیاسی فیصلے کریں تو ایسا گڑھا کھود کر جائیں گے جس سے نکلنا مشکل ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے عوام نے مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ دیا ، عثمان بزدار کی صورت میں پنجاب کو سزا دی گئی ، عمران خان آئین و قانون کو روندتے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے پر 7ماہ تک عمرا ن خان اور عثمان بزدار نے عمل نہیں کیا۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ملکی معیشت میں چھید کیا ، گزشتہ حکومت نے پاکستان کے ترقیاتی بجٹ کو لپیٹ کر پٹرول اور ڈیزل کی سبسڈی میں ڈال دیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو پاکستان میں انتہا پسندی کے لئے کوئی گنجائش نہیں، پاکستان ہے تو ہماری سیاست ہے ، ہماری شناخت ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم مشکل فیصلے کریں گے اور پاکستان کو بحران سے نکالیں گے ، اگست 2023میں اسمبلیوں کی مدت مکمل ہوتی ہے ، ہم اس وقت ایک پل صراط سے گزر رہے ہیں، ہم پاکستان کو ایک شخص کی ضد کی بھینٹ نہیں چڑھا سکتے۔

فیصل آباد: شہری گھنٹہ گھر پر چڑھ گیا، ضلعی انتطامیہ کی دوڑیں لگ گئیں

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) فیصل آباد میں ذہنی معذور شہری تاریخی گھنٹہ گھر پر چڑھ گیا، کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد بحفاظت نیچے اُتارلیا گیا ۔
فیصل آباد میں ذہنی طور پر معذور شہری گھنٹہ گھر پر چڑھ گیا ، خودکشی کی دھمکیوں پر ضلعی انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں ۔
ضلعی انتطامیہ کی جانب سے ریسکیو کو فوری طلب کرلیا گیا ۔
ذہنی معذور شہری نے ریسکیو اہلکاروں پر اینٹیں برساتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا تاہم ریسکیو اہلکاروں نے ہمت نہ ہاری اور کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد معذور شہری کو بحفاظت نیچے اتار لیا۔

ملک ڈیفالٹ کے قریب، ساری دنیا میں ہماری بدنامی ہو رہی ہے: یاسمین راشد

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر صحت پنجاب اور تحریک انصاف کی سینئر رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اس وقت چانسز ہیں کہ ہم ڈیفالٹ میں چلیں جائیں گے، ساری دنیا میں ہماری بدنامی ہو رہی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں لوگوں کو صحت کارڈ پر ہر طرح کی سہولت فراہم کریں، اپنی پہلی پنجاب حکومت میں ساڑھے 3 کروڑ 11 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ دیئے، تمام دل کے بڑے ہسپتال صحت کارڈ کی سہولت دے رہے ہیں، صحت کارڈ کا سب سے زیادہ دکھ مریم نواز کو ہوا، ہر کوشش کر رہے ہیں صحت کارڈ پر اگر کوئی شکایت ہے تو وہ بھی دور کریں۔
وزیرصحت پنجاب نے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن کا بجٹ بڑھا دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے آرڈر کیا ہے، ہم سکول ہیلتھ پروگرام بنائیں گے، احساس راش پروگرام ہم نے شروع کیا تھا، کسی حکومت نے اس زور وشور سے ہسپتال نہیں بنائے تھے، ہم نے 23 ہسپتالوں کا افتتاح کیا۔
رہنما تحریک انصاف نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہم کہتے ہیں الیکشن ہوں وہ کہتے ہیں الیکشن نہ ہوں، آپ الیکشن سے کب تک بھاگیں گے؟ اس وقت چانسز ہیں کہ ہم ڈیفالٹ میں چلیں جائیں گے، ساری دنیا میں ہماری بدنامی ہو رہی ہے۔
یاسمین راشد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمت کم کی جائے، پٹرول کی قیمت کم ہو گی تو مہنگائی خود بخود کم ہو جائے گی، مہنگائی کے خلاف ہم نے بہت بڑا احتجاج شروع کر دیا ہے، ہم نے حقیقی آزادی لے کر رہنی ہے۔

نئے سال کی آمد: کراچی میں 2 دن کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کراچی میں نئے سال کی آمد کے سلسلے میں 2 دن کے لئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔
نئے سال کی آمد کے موقع پر کراچی میں دو دن کیلئے ڈبل سواری پرپابندی عائد کردی گئی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر کراچی ڈویژن میں دو دن کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے اور یہ پابندی دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئے سال کی آمد کے موقع پر فائرکریکرز، ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی ہو گی، ڈپٹی کمشنرز کو خلاف ورزی پر کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

دوران پرواز سگریٹ پینے والے پی آئی اے عملے کو ایک لاکھ جرمانہ کرنے کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پرواز پر سیگریٹ نوشی کرنے والے عملے کے ارکان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی پروازوں پر سگریٹ نوشی کرنے والے عملے پر فی کس ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
جرمانے کا فیصلہ یورپی سی اے اے ’’سافا‘‘ پروگرام کے تحت پی آئی اے طیارے کی انسپکشن کے دوران سموکنگ کے انکشاف پر کیا گیا ہے، جبکہ ایئر لائن انتظامیہ نے نو سموکنگ آن بورڈ پالیسی کی خلاف ورزی میں ملوث عملے کو ممکنہ جرمانے کا سرکلر بھی جاری کردیا ہے۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پرواز پر تعینات دیگر عملے کی جانب سے سیگریٹ نوشی کرنے والے کے بارے میں رپورٹ کرنا ضروری ہے، رپورٹ نہ کرنے والے عملے کو بھی ایک لاکھ روپے فی کس جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ پرواز پر تعینات عملہ نو سموکنگ آن بورڈ پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنائے، بصورت دیگر فی کس ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

رہنما تحریک انصاف سردار جعفر خان لغاری انتقال کر گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے اور بزرگ سیاستدان سردار جعفر خان لغاری دل کا دورہ پڑنے سے لاہور میں انتقال کر گئے۔
ذرائع کے مطابق سردار جعفر خان لغاری کا انتقال صبح 8 بجے ہوا، وہ طویل عرصہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔
سردار جعفر خان لغاری جام پور کے حلقہ این اے 193 کے منتخب ایم این اے تھے، 2018 کے الیکشن میں انہوں نے مسلم لیگ ن چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔
مرحوم کی نمازہ جنازہ 24 گلبرگ لاہور میں ادا کی جائے گی۔

کورونا کا خدشہ: اسلام آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کی سکریننگ شروع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ایئرپورٹ پر کرونا پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر مسافروں کی سکریننگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سکریننگ کاعمل شروع کردیا گیا ہے۔
بارڈر ہیلتھ سروسز کی ہدایت پر انٹرنینشل آرائیول لاؤنج میں کورونا ٹیسٹنگ شروع کردی گئی ہے، جبکہ انٹرنیشنل آرائیول سمیت ایئر پورٹ کو ڈی انفیکیشن کرنے کے لئے سپرے بھی کیا جا رہا ہے۔
ہیلتھ کاؤنٹر پر عملے کے ساتھ اے ایس ایف اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں اور سول ایوی ایشن نے درخواست کی ہے کہ مسافر ہیلتھ کاؤنٹر پر موجود عملے کے ساتھ تعاون کریں۔

معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی طبیعت بہتر، ہسپتال سے ڈسچارج

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کو طبیعت میں بہتری کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں بتایا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے مولانا طارق جمیل صاحب کو اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
یوسف جمیل نے والد کے لیے فکر مند ہونے اور دعا کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ سب کی دعاؤں اور محبت کا بہت بہت شکریہ۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل یوسف جمیل نے والد کو کینیڈا میں دل کا دورہ پڑنے کی تصدیق کی تھی، مولانا طارق جمیل عارضہ قلب کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے، کینیڈا میں مولانا طارق جمیل کی انجیو پلاسٹی ہوئی تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا سال نو پر سیاحتی مقامات میں ٹریفک روانی کیلئے خصوصی انتظامات کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سال نو پر سیاحتی مقامات خصوصاً مری میں ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مری جانے والے راستوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت انتظامات یقینی بنائے جائیں، مقرر ہ تعداد سے زآئد گاڑیوں کو مری میں داخلے کی قطعاً اجازت نہ دی جائے، بہترین ٹریفک مینجمنٹ کر کے سیاحوں کو سہولت فراہم کی جائے۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور ٹریفک حکام ملکر موثر ٹریفک مینجمنٹ پلان تشکیل دیں، مری جانے والے شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں، شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ گائیڈ کرنے کا نظام وضع کیا جائے، مری اور دیگر تاریخی و تفریحی مقامات کے اردگرد ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات ہونے چاہئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سینئرپولیس افسران ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں، لاہور، مری اور دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے بہترین اقدامات ہونے چاہئیں، پارکنگ اور زائد فیس کی وصولی کے بارے میں سیاحوں کو شکایت نہیں ہونی چاہیئے، اہم مقامات پر پارکنگ اور طے شدہ فیس کے بورڈ نمایاں طو رپر لگائے جائیں۔

پی ٹی آئی دانستہ طور پر الیکشن کمیشن کو متنازعہ بنا رہی ہے: اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان سلیکشن اور ہم الیکشن چاہتے ہیں، الیکشن کے عمل میں قانون اور شفافیت کے تقاضے پورے ہونے چاہئیں۔
اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے لاکھوں شہریوں کو ووٹ کے حق سے کیسے محروم کیا جا سکتا ہے؟ پی ٹی آئی دانستہ طور پر الیکشن کمیشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو متنازعہ بنانے کی وجہ الیکشن نہیں، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیسز ہیں، شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدارانہ الیکشن یقینی بنانا آئین اور قانون کا بنیادی تقاضا ہے ،عدالتوں میں قانونی موقف پیش ہوگا، بلدیاتی الیکشن 2020 میں ہونے تھے ،کیوں نہیں کرائے گئے۔