شائقین کرکٹ کیلئے اچھی خبر، پاک انگلینڈ پہلا ٹیسٹ میچ آج شیڈول کے مطابق ہوگا

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو پلیئرز کی دستیابی سے آگاہ کردیا تھا، انگلینڈ کے میڈیکل پینل نے کھلاڑیوں کو آج میچ میں شرکت کیلئے کلیئرنس دے دی تھی۔ انگلش بورڈ کا کہنا ہے کہ انگلینڈ ٹیم کے 11 کھلاڑی کھیلنے کی پوزیشن میں ہیں۔ واضح رہے کہ دورہ پاکستان پر موجود انگلش اسکواڈ کے درجن بھر ممبران کی طبعیت بگڑ گئی تھی، بین اسٹوکس، بین فوکس، جیک لیچ، بین ڈکیٹ اور جمیز اینڈرسن سمیت بیمار پلیئرز میں دیگر اہم کھلاڑی شامل ہونے کی وجہ سے راولپنڈی ٹیسٹ کے بر وقت آغاز پر سوالیہ نشان لگ گیا تھا۔ اس صورتحال پر دونوں بورڈز کے درمیان بدھ کی شام میٹنگ بھی ہوئی جس میں دونوں کرکٹ بورڈز کی جانب سے مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ اگر جمعرات کو میچ سے قبل انگلش کھلاڑی فٹ نہ ہوئے تو پہلا ٹیسٹ میچ جمعے کو شروع کیا جائے۔ اب دونوں بورڈز نے مشترکہ فیصلہ کر لیا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ طے شدہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔

کورونا وائرس کے حملے سے مزید ایک مریض دم توڑ گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا کی چھٹی لہر کے وار جاری ہیں، ملک بھر میں جاں لیوا وائرس سے مزید ایک مریض دم توڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ صحت کے مطابق (این آئی ایچ ) کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 6 ہزار 828 ٹیسٹ کئے گئے، 40 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ موذی مرض سے متاثرہ 29 مریضوں کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔ این آئی ایچ رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.59 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ ایک مریض جاں بحق ہو گیا ہے۔