ہائی پروفائل کیسز میں نمائندگی کرنے والے 2 نیب پراسیکیوٹرز مستعفی

کراچی: (ویب ڈیسک) ہائی پروفائل کیسز میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی نمائندگی کرنے والے دو پراسیکیوٹرز نے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق نیب پراسیکیوٹر ریاض عالم اور شہباز سہوترا نے استعفے نیب ہیڈکوارٹر بھیج دیے ہیں، دونوں پراسیکیوٹرز نے استعفوں کی تصدیق کر دی تاہم استعفوں کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں پراسیکیوٹرز احتساب عدالتوں، سندھ ہائیکورٹ میں ہائی پروفائل کیسز کی پیروی کر رہےتھے، دونوں پراسیکیوٹرز 4 سال سے نیب میں فرائض انجام دے رہے تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ریاض عالم کا استعفیٰ منظور بھی کر لیا گیا ہے۔

امریکا نے بھارتی کمپنی پر پابندی عائد کر دی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے دورے کے ایک روز بعد ہی امریکا نے بھارتی کمپنی پر پابندی عائد کر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق امریکا نے بھارتی کمپنی پر ایرانی تیل اور پیٹرو کیمیکلز کی خریداری کے لیے ٹرانزیکشن میں معاونت کرنے پر پابندی عائد کی گئی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بھارت کی نجی پیٹرولیم کمپنی نے ایران نے میتھول اور بیس آئل سمیت لاکھوں ڈالر مالیت کے پیٹرو کیمیکلز پراڈکٹس خریدیں جو چین بھیجی گئیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے ایرانی بروکرز کو ٹارگٹ کرتے ہوئے جنوبی اور مغربی ایشیا میں انہیں معاونت فراہم کرنے والے بین الاقوامی گروپ پر معاشی پابندیاں عائد کیں۔

بھارت میں حکومت پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک: بھارتی میڈیا

بھارت : (ویب ڈیسک) بھارت میں حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بلاک کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا نے حکومت پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بھارت میں بلاک کیے جانے کا دعویٰ کیا ہے اور ساتھ ہی حکومت پاکستان سے منسوب ایک اکاؤنٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا گیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ویب سائٹ اے این آئی کی جانب سے شیئر حکومت پاکستان کے ٹوئٹر پیج پر لکھا گیا ہےکہ اکاؤنٹ کو کچھ قانونی تقاضوں کی وجہ سے بلاک کیاگیا ہے۔
بھارتی میڈیا میں سامنے آنے والی اس خبر پر فوری طور پر پاکستانی حکام کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

ڈینگی کا زور، کراچی، پشاور میں مزید 2 افراد چل بسے، سینکڑوں نئے مریض ریکارڈ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں ڈینگی کے وار جار ی ہیں، کراچی میں مزید ایک مریض چل بسا جبکہ پشاور میں بھی ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں 389 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سندھ میں مزید 330 کیسز سامنے آنے کے بعد سندھ میں اب تک رپورٹ ہونےو الے مریضوں کی تعداد 9 ہزار 826 ہو گئی ہے، صوبہ سندھ میں جاں بحق افراد کی تعداد 38 تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری طرف خیبر پختونخوا میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے، صوبےمیں ڈینگی کیسز کی تعداد 8 ہزار485 ہے، بلوچستان میں مزید 173 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں ڈینگی کیسز کی تعداد 3 ہزار 442 ہو گئی ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب کا چھٹی مکمل ہونے کے باوجود کام کرنے سے انکار

لاہور: (ویب ڈیسک) چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے چھٹی مکمل ہونے کے باوجود کام کرنے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی تعیناتی کا معاملہ لٹک گیا، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے 6 اگست کو خدمات وفاق کو پیش کرنے کاخط لکھا اور پھر 14 روز کی رخصت پر چلے گئے۔
14 دن مکمل ہوئے تو کامران علی افضل نے مزید 7 دن چھٹی مانگ لی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے مزید سات روز کی رخصت منظور کرتے ہوئے عبداللہ سنبل کو قائم مقام چیف سیکرٹری کے طورپر کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ وفاق نے نئے چیف سیکرٹری کی تعیناتی کے لیے پنجاب حکومت کی درخواست کو التوا میں رکھا ہوا ہے۔

سلمان خان کے باڈی ڈبل ساگر پانڈے انتقال کر گئے

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے باڈی ڈبل ساگر پانڈے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ بالی ووڈ اداکاروں نے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
بالی ووڈ اداکار سلمان نے افسوسناک خبر پر ساگر کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور افسوس و غم کا اظہار کیا۔
ساگر پانڈے جم میں ورزش کر رہے تھے کہ اس دوران وہ اچانک بے ہوش ہو گئے۔ جس کے بعد انہیں ممبئی کے جوگیشوری ایسٹ میں واقع ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
45 سالہ ساگر پانڈے نے کئی فلموں میں سلمان خان کے لیے باڈی ڈبل کا کردار ادا کیا اور انہیں سلمان خان کا ہم شکل بھی کہا جاتا تھا۔
واقعے کے بعد سلمان خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ساگر پانڈے کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ‘ میرے ساتھ رہنے کے لیے دل سے شکریہ ادا کر رہا ہوں، ساگر بھائی تمہاری روح کو سکون ملے، شکریہ’۔
واضح رہے کہ ساگر کا تعلق اترپردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ سے تھا۔ ساگر بھی اداکار بننے ممبئی آئے تھے لیکن جب انہیں اداکاری میں کوئی خاص کام نہیں ملا تب انہوں نے سلمان خان کے لیے باڈی ڈبل کے طور پر کام کیا۔
ساگر پانڈے 50 سے زائد فلموں میں باڈل ڈبل بنے۔ 1998 میں ساگر پہلی بار فلم “کچھ کچھ ہوتا ہے” میں سلمان کے لیے باڈی ڈبل کرتے نظر آئے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے “بجرنگی بھائی جان، ٹیوب لائٹ، دبنگ، دبنگ 2 اور دبنگ 3” سمیت دیگر فلمیں کیں۔ ایک پرانے انٹرویو میں ساگر نے بتایا تھا کہ وہ 50 سے زائد فلموں میں باڈی ڈبل بن چکے ہیں۔

حقیقی آزادی کیلئے عوام تیاری کر لیں، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کے لیے عوام تیاری کر لیں۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پی ٹی آئی کے رہنما فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ پاکستان کا مستقبل ایک آزاد جمہوری ملک کا ہے یا پھر ایک بوسیدہ نظام میں جکڑا ہوا حقوق سے نابلد فاشسٹ ملک۔
انہوں نے کہا کہ کیا کرپٹ حکمران ہمارا مقدر رہیں گے۔
فواد چودھری نے کہا کہ حقیقی آزادی کے لیے عوام اب تیاری کر لیں۔ یہ فیصلہ اب آپ نے کرنا ہے، لاکھوں لوگ سڑک پر نکلیں اور نظام بدلیں۔

جنسی ہراسگی کیس، صدر مملکت کا ڈائریکٹر جنرل پیمرا کو ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جنسی ہراسگی کیس میں ملوث ہونے پر ڈائریکٹر جنرل پیمرا کو ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم دے دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈائریکٹر جنرل پیمرا کو 25 لاکھ روپے جرمانہ کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ صدر مملکت کی جانب سے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسگی بمقام کار کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
صدر مملکت نے ملازمت سے برطرفی کی بڑی سزا برقرار رکھتے ہوئے جرمانہ 20 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کر دیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ثابت ہو چکا خاتون ملازم کو ملزم نے ناجائز مطالبات کے ذریعے ہراساں کیا۔ ایسے کیسز سامنے آتے ہیں اور ثابت ہوجاتے ہیں تو قانون کی طاقت کا استعمال کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں۔
صدر مملکت نے خاتون کو دی جانے والی رقم ملزم کی تنخواہ کے بقایا جات سے وصول کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 25 لاکھ روپے خاتون کو ملزم کے ہاتھوں مشکلات کے بدلے معاوضے کے طور پر دی جائے۔ ملزم نے خاتون ملازم کو شدید ذہنی اذیت دی اور اس کی ساکھ کو داؤ پر لگایا۔
انہوں نے کہا کہ ملزم کا فعل واضح مثال ہے کہ کن طریقوں سے خواتین کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے اور وقت آگیا ہے کہ آئین کے مطابق زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت کی راہ ہموار کی جائے۔

چھوٹے قد کی وجہ سے مشہور گلوکار عبدو روزک بگ باس سیزن16کا حصہ ہوں گے

ممبئی:(ویب ڈیسک) تاجکستان سے تعلق رکھنے والے مشہور گلوکار عبدو روزک بگ باس سیزن 16 میں بطورِ کنٹسٹنٹ شرکت کریں گے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق آج 1 اکتوبر سے بھارت کے مقبول رئیلٹی شو بگ باس کے سولہویں سیزن کا آغاز ہونے جا رہا ہے آج اس شو کا رنگارنگ پریمئیر دکھایا جائے گا جس میں شو میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو متعارف کروایا جائے گا۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس میں شو کے میزبان اور بالی ووڈ کے سُپر اسٹار سلمان خان نے بگ باس کے نئے سیزن کے پہلے کھلاڑی عبدو روزک کا علان کیا تھا جوکہ اپنے چھوٹے قد اور بہترین گلوکاری کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ شو کی لانچنگ کی تقریب پر سلمان خان نے عبدو روزک کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ ‘وہ ہندی زیادہ اچھی بولنا یا سمجھنا نہیں جانتے لیکن وہ ہندی گانے گاتے ہیں’۔ بھارت کے سب سے بڑے رئیلٹی شو میں حصہ لیتے کے بارے میں بات کرتے ہوئے عبدو روزک نے کہا کہ ‘میں بہت خوش ہوں اور سب سے محبت کرتا ہوں، مجھ سے انتظار نہیں ہو رہا کہ کب بگ باس کے گھر کے اندر جاؤں، برائے مہربانی مجھے سپورٹ کیجیے گا’۔ یاد رہے 19 سالہ عبدو روزک کو دنیا بھر میں موجود مداحوں کی جانب سے بےحد سراہا جاتا ہے ان کا قد صرف 100 سینٹی میٹر ہے اور وہ گلوکاری کی دنیا میں سب سے چھوٹے قد والے گلوکار کے نام سے مشہور ہیں۔

عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ قبر کشائی کیلیے سپریم کورٹ پہنچ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ نے قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ بی بی نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی ہے اور کہا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کا 12 ستمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ بحال کرتے ہوئے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست گزار دانیہ نے ایڈیشنل سیشن جج، مجسٹریٹ اور سیکریٹری ہیلتھ سندھ سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ قانون کی نظر میں برقرار نہیں رکھا جاسکتا، سندھ ہائیکورٹ نے ثبوتوں اور حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، عامر لیاقت کی طلاق یافتہ بیویاں قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم نہیں کرانا چاہتیں، عامر لیاقت حسین کی موت کی وجہ جاننا ضروری ہے۔ موقف میں مزید کہا گیا ہے کہ عامر لیاقت کی بیوی ہونے کے ناطے ان کی وفات کے بعد وارث ہوں، عامر لیاقت کے بچے اور بیویاں جائیداد و مال پر غیر قانونی طور پر قابض ہوچکے ہیں۔

5 سالہ بچی سے نازیبا حرکات کرنے والے ملزم کی درخواست ضمانت مسترد

لاہور : (ویب ڈیسک) کراچی کی عدالت نے 5 سالہ بچی سے نازیبا حرکات کے ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔ کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے 5 سالہ بچی کی ساتھ نازیبا حرکات اور تصاویر بنانے سے متعلق مقدمے میں ملزم اشوک کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے 5 سالہ بچی کی ساتھ نازیبا حرکات اور تصاویر بنانے کے مقدمے میں ملزم کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے فیصلے میں کہا کہ ملزم کے موبائل سے بچی کی نازیبا تصاویر برآمد ہوئی ہیں۔ ملزم کیخلاف سنگین جرم کے شواہد موجود ہیں۔وکیل صفائی نے موقف دیا تھا کہ ملزم کیخلاف کوئی شواہد نہیں ملے۔ متاثرہ بچی کے جسم پر تشدد کے کوئی نشانہ نہیں ہیں۔ مدعی کے وکیل نے موقف دیا تھا کہ متاثرہ بچی کم عمر ہے ملزم نے سنگین جرم کیا ہے۔ ملزم کو کسی صورت ضمانت نہیں دی جائے۔ پولیس کے مطابق ملزم کیخلاف گذری تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ماہرہ خان نے لباس پر تنقید کرنے والی خاتون کو کرارا جواب دے دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان شوبز کی سُپر اسٹار ماہرہ خان نے لباس پر تنقید کرنے والے ناقدین کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔ ماہرہ خان کو ٹورنٹو میں منعقد ہونے والے ہم ایوارڈ شو میں پہنے گئے لباس پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جس پر ماہرہ خان نے وائرل ویڈیو پر تنقید کرنے والی ناقد خاتون کو کرارا جواب دیتے ہوئے انہیں کہا ہے کہ ’وہ جو کرتی آئی ہیں، وہ کرتی رہیں گی‘۔ رافعہ زکریا نامی ٹوئٹر صارف نے ماہرہ خان کی ہم ایوارڈز کی ایک وائرل ویڈیو پر کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ تھا کہ ’اب اداکارہ ویڈیو میں پہنے ہوئے چاروں جوڑے سیلاب متاثرین کو عطیہ کردیں گی‘۔ ناقد خاتون نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’پاکستانی اداکار ٹورنٹو میں ہم ایوارڈز شو کے نام پر چھوٹے سے علاقے میں سجائے گئے ریڈ کارپٹ پر مشہور شخصیات ہونے کا ڈراما رچا رہے ہیں، انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایوارڈز شوز میں ہم ٹی وی کو ہی فائدہ ہوتا ہے‘۔ ماہرہ خان نے مذکورہ خاتون کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں جواب دیا کہ ’پاکستانی شوبز شخصیات کچھ بھی کرلیں مگر کوئی بھی شخص ان سے خوش نہیں ہوگا‘۔ اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’وہ متاثرین کی مدد کرنے سمیت دیگر فلاحی کاموں میں اپنے حصے کا کام کرتی رہی ہیں اور کرتی رہیں گی‘۔ ماہرہ نے کہا کہ ’ہاں وہ انہیں دکھانے کے لیے فلاحی کام کرتے وقت کچھ تصاویر اور ویڈیوز بنا کر انہیں خوش کر سکتی ہیں مگر پھر بھی لوگ ان سے خوش نہیں ہوں گے اور کہیں گے کہ شوبز شخصیات فلاحی کام کرتے وقت بھی دکھاوا کرتی ہیں‘۔ ماہرہ خان نے مزید لکھا کہ ’اگر وہ فلاحی کام کرتے وقت ویڈیوز بناتی ہیں تو انہیں طعنے دیے جائیں گے کہ صدقہ کرتے وقت بھی دکھاوا کر رہی ہیں، اس لیے جو ان پر تنقید کر رہے ہیں، وہ اپنا کام جاری رکھیں اور اداکارہ اپنا کام جاری رکھیں گی‘۔ یاد رہے کہ ماہرہ خان سمیت شوبز انڈسٹری کے کئی نامور ستارے گزشتہ ہفتے ہم ایوارڈ شو کیلئے ٹورنٹو میں موجود تھے جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، ناقدین کا کہنا تھا کہ ملک کا ایک بڑا حصہ سیلاب کی زد میں ہے لوگ بھوکے مر رہے ہیں اور شوبز والے ایوارڈ شو کیلئے بیرونِ ملک چلے گئے۔

سیلابی صورتحال کے بعد غیرملکی اور ملکی سیاحوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا

پشاور:(ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا میں سیلابی صورتحال کے بعد سیاحوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کرلیا، حسین نظاروں کو دیکھنے کے لیے ایک دن میں 23 ہزار ملکی اور 63 غیر ملکی سیاحوں نے خیبر پختونخوا کا رخ کیا۔ خیبرپختونخوا میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد سیاح خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کے حسین نظاروں کو دیکھنے کے لیے مختلف پہاڑی علاقوں کو پہنچ گئے۔ محکمہ سیاحت کی رپورٹ کے مطابق صوبے کے خوبصورت مقامات پر ایک دن میں میں 62غیر ملکی اور 23 ہزار 940 ملکی سیاحوں نے سیر کی۔ غیر ملکی 61 سیاحوں نے کیلاش اورایک سیاح نے مستوج کا روخ کیا۔ گلیات میں سب سے زیادہ ملکی 13 ہزار 500 سیاحوں نے سیر کی ۔ ناران و کاغان میں 9 ہزار 500، کیلاش ویلی میں 500 اور مالم جبہ میں 400 سیاحوں نے رخ کیا۔ کمراٹ میں 34، چترال کے علاقے مستوج اور بونی میں 6 ملکی سیاحوں نے سیر کی۔ محکمہ سیاحت کے ترجمان کے مطابق خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے اقدام اٹھائیں جارہے ہیں، سیاحوں کو سہولیات دینے کے لیے کائٹ پراجیکٹ کے تحت کام جاری ہے۔