شیریں مزاری کا وزیر اعظم سے سائفر پبلک کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مرکزی سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ بے وقوف کرائم منسٹر ان الفاظ کو نکلنے دو جو سائفر میں استعمال ہوئے یا سائفر کو قوم کے لیے جاری کر دیا جائے۔
ڈاکٹر شیریں مزاری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے سائفر پبلک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ قوم اندازہ لگا سکیں کہ یہ روٹین کا ہے یا نہیں، سائفر وزیراعظم عمران خان پر روس جانے کا فیصلہ تنہا کرنے کا غلط الزام لگانے سے شروع ہوتا ہے، امریکہ کے لیے یہ کیسے معمول کی بات ہے، یہ ایک جھوٹا الزام تھا اور ریاست کے اندر سے کس نے یہ معلومات فراہم کیں؟
انہوں نے کہا کہ سائفر میں دھمکی تھی، اگر عمران خان عدم اعتماد کی تحریک سے بچ گئے تو امریکہ اور یورپ سے الگ ہو جائیں گے، اگر عدم اعتماد کا ووٹ کامیاب ہوا تو سب معاف کر دیا جائے گا، سازشیوں کو تحریک عدم اعتماد کے پیش ہونے سے پہلے ہی اسکے متعلق معلومات تھیں، سروس چیفس سمیت تمام قومی سلامتی کمیٹی نے تسلیم کیا کہ سائفر ایک خطرہ ہے۔
اجلاس کے نقات کو پڑھ لیا جائے، شاید سروس چیفس آپ یا ڈی جی آئی ایس پی آر کے لیے معاملہ واضح کر سکیں، سائفر اگر معمول کے مطابق تھا تو وزیر خارجہ اور وزیراعظم سے کیوں چھپایا گیا؟ سچائی سے بچنے کے لیے کیا آپ کے دفتر نے اب سائفر کو “گمشدہ” کر دیا؟

توہین عدالت کیس میں عمران خان نے بیان حلفی جمع کرا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خاتون جج کیخلاف توہین آمیز الفاظ پر توہین عدالت کیس میں عمران خان نے بیان حلفی جمع کرا دیا۔
عمران خان کی جانب سےاسلام آباد ہائی کورٹ میں بیان حلفی جمع کروایا گیا۔عمران خان نے اپنے اس بیان حلفی میں بھی عدالت سے غیر مشروط معافی نہیں مانگی۔
عمران خان کی جانب سے بیان حلفی میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت کے سامنے جو کہا اس پر مکمل عمل کروں گا۔عدالت اطمینان کے مزید کچھ کہے تو اس حوالے سے مزید اقدام کرنے کو تیار ہوں۔
عمران خان نے کہا ہے کہ دوران سماعت احساس ہوا کہ 20 اگست کو تقریر میں شائد ریڈ لائن کراس کی۔اگر جج کو یہ تاثر ملا کہ ریڈ لائن کراس ہوئی تو معافی مانگنے کو تیار ہوں۔تقریر میں جج کو دھمکی دینے کا ارادہ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایکشن لینے سے مراد لیگل ایکشن کے سوا کچھ نہیں نہیں تھا۔26 سال عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے لیے جدوجہد کی۔ مستقبل میں ایسا کچھ نہیں کروں گا جس سے عدلیہ کے وقار بالخصوص ماتحت عدلیہ کو نقصان پہنچے۔
خیال رہے کہ توہین عدالت کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان نے خاتون ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کے سامنے پیش ہو کر معافی مانگنے کی پیشکش کی تھی۔ جس پر عدالت نے فرد جرم کی کارروائی موخر کرتے ہوئے بیان حلفی جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان گزشتہ روزمعافی مانگنے جج زیبا چوہدری کی عدالت گئے تھے۔ اس موقع پر پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری کی عدالت کا کمرہ بند کر دیاتھا اور بتایا تھا کہ وہ رخصت پر ہیں۔

انوکی نے اپنی ریسلنگ میں مہارت سے ایک پوری نسل پر جادو طاری کیا، شہباز شریف

لاہور : (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے جاپان کے عالمی شہرت یافتہ ریسلر انوکی کے انتقال پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ انوکی نے اپنی ریسلنگ میں مہارت سے ایک پوری نسل پر جادو طاری کردیا تھا۔
شہباز شریف نے انوکی کے اہلخانہ اور جاپان کی عوام سے اظہار تعزیت کیا اور انوکی کے ہمراہ اپنی ماضی کی تصویر بھی شیئر کی۔ ساتھ ہی وزیراعظم نے عالمی شہرت یافتہ ریسلر کے ساتھ اپنی دس سال پرانی یادگار تصویر بھی شئیر کی۔
انہوں نے تصویر کے بارے میں لکھا کہ ریسلر انوکی سے 10 سال قبل لاہور کے ایک اسٹیڈیم میں یادگار ملاقات ہوئی۔

این آر او ٹو ملک و قوم سے سنگین کھلواڑ ہے: عمر سرفراز چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے این آر او ٹو کو ملک کیلئے زہر قاتل قرار دے دیا ، اُن کا کہنا ہے کہ این آر او ٹو ملک و قوم سے سنگین کھلواڑ ہے۔
اپنے بیان میں عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ اشتہاری اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانا ملک کیخلاف سنگین سازش ہے، شریف زرداری خاندان ڈیل سے نہ صرف اربوں کھربوں کا لوٹا مال ہڑپ کر جاتا ہے بلکہ اقتدار پر بھی بٹھا دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک لوٹنے والوں اور منی لانڈرنگ کے ماہرین کو ملک کی اہم ذمہ داری دے دی گئی ہے، این آر او لینے والوں نے ہمیشہ ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا ہے۔
عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار گنوا دیا مگر لٹیروں کو این آر او نہیں دیا، قوم نے مافیاز کو قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔

سیلاب سے متاثر ریلوے ٹریک کا مرمتی کام مکمل، ٹرینوں کی بحالی کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) سیلاب سے متاثرہ ٹریک کی بحالی کے بعد پاکستان ریلوے نے کل سے مرحلہ وار کراچی تک مسافر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مسافر ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، پہلے سے روہڑی تک بحال کی گئی خیبر میل ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس کو کل سے روہڑی کی بجائے کراچی تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
5 اکتوبر کو لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی قراقرم ایکسپریس، کراچی ایکسپریس اور پاک بزنس ایکسپریس بھی بحال ہو جائے گی۔
لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کا اوسط دورانیہ تقریباً 22گھنٹے رکھا گیا ہے۔

پاکستان کو یقین دلاتے ہیں کہ ہماری سرزمین ان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، طالبان

لاہور : (ویب ڈیسک) افغانستان کی سرزمین کوپاکستان سمیت کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے، افغان طالبان کا کہنا ہے کہ ہماری سرزمین کسی بھی ملک کےخلاف استعمال ہوئی تو ذمہ دار کوگرفتارکرکےغداری کا مقدمہ چلائیں گے۔
طالبان ترجمان کی جانب سے یہ وارننگ اُس وقت دی ہے جب سرحد پار دہشت گردانہ حملوں میں حالیہ اضافے میں درجنوں پاکستانی سکیورٹی اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔ تازہ ترین حملہ جمعہ کو اس وقت ہوا جب “افغانستان کے اندر سے دہشت گردوں” نے پاکستانی فوجیوں پر فائرنگ کی، جس میں ایک فوجی شھید ہوا۔
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے وائس آف امریکا کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو ایسی سرگرمیاں کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، ٹی ٹی پی نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ کسی دوسرے ملک کو دھمکی نہیں دیں گے، افغانستان اور پاکستان سرحد پہاڑوں اور مُشکل علاقوں سے گزرتی ہے۔
طالابن ترجمان نے مزید کہا کہ یہ ممکن ہے کہ کچھ لوگ ایسی صورتحال کا فائدہ اٹھا رہے ہوں، کسی ملک کے خلاف افغانستا ن کی سرزمین استعمال کرنے پرایسے عناصر کو گرفتار کر کے سزا ملنی چاہیے، ہماری طرف سے معاملہ سنجیدگی سے زیرغور ہے، پاکستان کو یقین دلاتے ہیں کہ ہماری سرزمین ان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، پاکستان کو بھی یقینی بنانا چاہیے کہ ان کی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہو۔

پی ٹی آئی کا استعفوں سے متعلق آڈیو لیک پر سپریم کورٹ سے رجوع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں استعفوں کی منظوری سے متعلق آڈیو لیک پر جوڈیشنل کمیشن کی تشکیل کے لیے سپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائر کر دی۔
وزیراعظم اور وفاقی وزرا کی پی ٹی آئی سے متعلق آڈیو لیکس کا ٹرانسکرپٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا گیا، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزرا نے سپیکر کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی استعفوں سے متعلق فوج داری سازش کی، وزیراعظم اور وفاقی وزرا نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے۔
پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ استعفوں سے متعلق آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دیا جائے۔
تحقیقاتی کمیشن وزیراعظم، وزیر داخلہ، وزیر قانون، وزیردفاع اور سپیکر قومی اسمبلی سے تحقیقات کرے، پی ٹی آئی نے متفرق درخواست استعفوں سے متعلق زیر التوا مقدمے میں دائر کی۔

چین کا قومی دن، وزیراعظم شہباز شریف کی حکام، عوام کو مبارکباد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چین نے قومی دن پر وزیراعظم شہباز شریف کی چینی حکام اور عوام کو مبارکباد دی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کا پرامن طریقے سے دنیا کی دوسری بڑی معاشی اور عالمی طاقت کے طور پر ابھرنا تبدیل ہوتی دنیا کے لئے استحکام کا باعث ہے۔
شہباز شریف نے معیشت، خزانہ، خوراک اور توانائی سے متعلق مختلف بحرانوں میں گھرے ترقی پذیر ممالک کے لئے چین کو اُمید کی کرن قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر چین کے قومی نظم اور اخلاق سے متعلق ثابت قدمی سے بہت متاثر ہیں، چین 80 کروڑ افراد کو انتہائی غربت سے نکالنے کے قابل ہوا، صرف کام، کام اور بس کام کے ذریعے اپنی قوم کو ان بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔

خواجہ آصف کیخلاف ہرجانے کے کیس میں عمران خان پر دوسری مرتبہ جرمانہ عائد

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) عدالت نے خواجہ آصف کیخلاف ہرجانے کے کیس میں عمران خان پر دوسری مرتبہ جرمانہ عائد کردیا ۔
سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کی جانب سے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
عمران خان کی جانب سے کیس میں التو اکی درخواست جمع کروائی گئی۔ درخواست میں کہا گیا تھا کہ عمران خان میٹنگ میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔مرکزی وکیل بیرون ملک ہیں پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر التوامانگنے پر ایک بار پھرجرمانہ عائد کردیا۔عمران خان کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا 5 ہزار روپے جرمانے کے ساتھ منظور کر لی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان پر خواجہ آصف کے وکلا کی جرح موخر کردی گئی۔عمران خان اور خواجہ آصف کے وکلا کی مشاورت سے کیس کی سماعت کے لیے 22 اکتوبر آئندہ تاریخ مقرر کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر بھی عمران خان پر التواکی درخواست پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

چین کا سیلاب زدگان کیلئے 20ارب روپے سے زائد امداد کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مصیبت کے وقت سچا دوست ہی دوست کے کام آتا ہے، چینی حکومت، فوج اور دیگر سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کررہے ہیں.
چینی ریڈکراس، کمپنیاں اور عوام پاکستان کی اعانت میں پیش پیش ہیں، چین کے ہر شعبہ زندگی سے وابستہ افراد پاکستان کی مدد کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، مصیبت کی اس گھڑی میں چین پوری طرح سے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
چین نے سیلاب زدگان کے لئے 64 کروڑ 41 لاکھ یو آن (90.2 ملین ڈالر) امداد دی ہے، چینی حکومت کی جانب سے 400 ملین اور چینی فوج نے 100 ملین یو آن امداد فراہم کی ہے۔
چینی عوام نے 125 ملین، سفارتخانہ 17 ملین اور ریڈ کراس سوسائٹی نے 201 ملین یو آن امداد دی۔

تعیناتی،تنزلی یا چھاؤنی ڈالنی ہے 15 نومبر تک فیصلے ہو جائیں گے، شیخ رشید

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سائیفر جلایا نہیں، ابھی چرایا ہے، جو وزارت خارجہ سےمل جائے گا۔
شیخ رشید نے اپنے آفیشل اکاونٹ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سامراجی ایمبسڈروں کے گھر جاتےہیں اوران کےمنہ میں کیک ڈالتےہیں۔ نوازشریف ان ویٹنگ، مریم ڈارکوکلین چٹ ڈیل کاحصہ ہے۔عمران خان کےخلاف سائیفرکا حکومتی بیانیہ اس کےحق میں گیا ہے۔
معاشی اورسیاسی تباہی سےنجات صرف عمران خان کی کال ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ حکمرانوں کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے، تعیناتی،تنزلی یا چھاؤنی ڈالنی ہے 15 نومبر تک فیصلےہوجائیں گے۔ ابھی توآڈیو ویڈیو سے بحران آیا ہے،عوام سڑکوں پر آئےتوبھونچال آئے گا۔
قوم نےفیصلہ کرناہے، سراٹھا کےجینا ہے یا سیاسی کیڑے مکوڑوں کی طرح جینا ہے۔ حکمران عوام کےگھیرے میں آگئےہیں، اب بھاگ نہیں سکیں گے۔

کسان جھکے گا نہیں ،کسان اتحاد کا چوتھے روز دھرنا جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کسان اتحاد کافیصل ایونیو پردھرناچوتھےروزبھی جاری ہے۔ مظاہرین نے آج ڈی چوک کی جانب پیش قدمی کا اعلان کر رکھا ہے۔
چیئر مین کسان اتحاد خالد حسین کا کہنا ہے کہ کچھ دیرمیں وزیر داخلہ سے مذاکرات کےلیے جائیں گے۔مذاکرات کامیاب نہ ہوئے تو پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کرینگے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ نے کہا ہم بجلی کے یونٹ بڑھا دینگے۔ہمیں ڈرایا دھمکایا گیا، ہمارا کوئی سیاسی مقصد نہیں ہے۔ سیالکوٹ سے بھی مظاہرین کا قافلہ آ رہا ہے، میرا کسان جھکے گا نہیں۔
چیئرمین کسان اتحاد نے گزشتہ روز کہا تھا کہ کسان بھائی بھوک سے مر رہے ہیں، اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ میں نے کسانوں سے آج رات تک کا وقت لیا ہے اور اگر کل تک بات نہ مانی تو صبح گیارہ بجے ڈی چوک کا رخ کریں گے۔

کورونا کے وار پھر تیز، مزید 2 افراد جاں بحق، 75 نئے کیس رپورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 2 مریض انتقال کر گئے۔
قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ ) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 2 مریضوں کا انتقال ہو گیا جبکہ 48 مریضوں کی حالت نازک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 11 ہزار 718 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 75 کیسز کورونا مثبت رپورٹ ہوئے۔
این آئی ایچ کی رپورٹ کے مطابق کورونا کے 48 مریضوں کی حالت نازک ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.64 ریکارڈ کی گئی۔