قومی کرکٹر امام الحق نے سمر سیٹ کاؤنٹی کو جوائن کرلیا

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹر امام الحق نے سمر سیٹ کاؤنٹی کو جوائن کرلیا۔
قومی کرکٹر امام الحق سمر سیٹ کاؤنٹی میں ان ایکشن نظر آئیں گے۔اوپننگ بیٹر امام الحق پیر کو گلوسٹر شائرکاؤنٹی کیخلاف ڈبیو کرینگے۔
امام الحق نے سمر سیٹ کاؤنٹی کو جوائن کرنے کے بعد پریکٹس سیشن میں حصہ بھی لیا ۔
امام الحق کا کہنا ہے کہ سمر سیٹ کاؤنٹی کے ساتھ اپنا وقت انجوئے کررہا ہوں۔ گلوسٹر شائر کے ساتھ میچ اچھا ہوگا۔تمام فینز میچ دیکھنے آئیں اور ہمیں سپورٹ کریں۔
واضح رہے کہ سمر سیٹ کاؤنٹی نے میٹ رنشا کے متبادل کے طور پر امام الحق سے اوورسیز پلئیر کے طور پر معاہدہ کیا تھا۔
خیال رہے کہ امام الحق کاؤنٹی چیمپئن شپ میں آخری چار میچز کے لیے دستیاب ہیں۔میٹ رنشا آسٹریلیا میں ڈومیسٹک کرکٹ کی مصروفیات کے بعد واپس چلے گئے۔

آسٹریلیا نے ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) دفاعی چمپئن آسٹریلیا نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شاندار کارکردگی کی وجہ سے آل راؤنڈر ٹم ڈیوڈ 15 رکنی آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ بن گئے جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ایرون فنچ کو آسٹریلوی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔
گزشتہ سال ورلڈ کپ جیتنے والے آسٹریلوی اسکواڈ میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے میچل سویپسن کو ڈراپ کیا گیا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں کپتان ایرون فنچ، آشٹن اگر، پیٹ کمنز، ٹم ڈیوڈ، جوز ہیزل ووڈ، جوش انگلس، میچل مارش اور گلین میکسویل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کین رچرڈسن، اسٹیو اسمتھ، میچل اسٹارک، میتھیو ویڈ، مارکس اسٹوئنس، ڈیوڈ وارنر اور ایڈم زمپا کو بھی آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کی گروپ اسٹیج کا آغاز 16 اکتوبر سے ہو گا اور سپر 12 مرحلہ 22 اکتوبر سے شروع ہو گا۔

آرمی چیف آج ڈیرہ اسماعیل خان اور روجھان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج ڈیرہ اسماعیل خان اور روجھان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے۔
سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے پھنسے لوگوں کو نکالنے اور راشن فراہمی کےلیے157 پروازیں بھریں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک ہزار87 پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ آرمی ایوی ایشن کے ذریعے 72 ٹن امدادی سامان پہنچایا گیا۔متاثرہ علاقوں سے 50 ہزار سے زائد افراد کومحفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
مختلف میڈیکل کیمپوں میں 51 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا۔میڈیکل کیمپوں میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔ملک بھر میں امدادی سامان جمع کرنے کےلیے 221 ریلیف پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ریلیف پوائنٹس پر1231 ٹن امدادی اشیا،غذائی اشیا اور ادویات جمع کی گئیں، جنہیں متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف ڈبلیو او نےاین ایچ اے کے ساتھ مل کر قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ کی بحالی کویقینی بنایا۔سندھ میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو بڑھانے کے لیے اضافی انجینئر اور طبی عملہ کراچی منتقل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی فلڈ کنٹرول ہیلپ لائن 1125 اور 1135 فعال ہے۔شہری کسی بھی مدد کےلئے ان ایمرجنسی نمبرز پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

پاکستان میں آسٹریلیا طرز کی وکٹیں بنانے کا کام التوا کا شکار

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان میں آسٹریلیا طرز کی وکٹیں بنانے کا کام التوا کا شکار، ملک میں بارشیں اور سیلابی صورتحال کے باعث منصوبہ مؤخر کردیا گیا۔
آسٹریلیا سے درآمد کی گئی مٹی کراچی پورٹ پر تو پہنچ گئی لیکن تاحال کسٹم کلئیرنس نہ ہوسکی، ملک میں شدید بارشوں اور سیلاب صورتحال بھی التوا کا باعث بنی، سمتبر میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی ٹی 20 سیریز کھیلنے پاکستان آمد سمیت مصروف ڈومیسٹک شیڈول کے باعث رواں سال منصوبہ ناممکن نظر آرہا ہے۔
ستمبر میں ٹی 20 سیریز کے بعد ورلڈ کپ کے بعد انگلش ٹیم کراچی، راولپنڈی اور ملتان میں 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے دوبارہ پاکستان آئے گی، آسٹریلوی کیوریٹر ڈیمن ہوف بھی دورہ کر چکے ہیں، پاکستان کو ایشیا کپ اور چمپئینز ٹرافی کی بھی میزبانی کرنی ہے۔

پنجاب انٹر ڈویژن تائیکو انڈو چیمپئن شپ گوجرانوالہ نے جیت لی

گوجرانوالہ : (ویب ڈیسک) پنجاب انٹر ڈویژن تائیکو انڈو چیمپئن شپ گوجرانوالہ نے جیت لی، گوجرانوالہ ٹیم نے 120 پوائنٹس کے ساتھ کامیابی سمیٹی، جیتنے والی ٹیم کو کیش پرائز اور انعامات دیئے گئے۔
نوجوان نسل میں مثبت اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو بڑھانے کیلئے گوجرانوالہ میں پنجاب انٹر ڈویژن تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا انعقاد ہوا جس میں پنجاب بھر سے 300کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
گوجرانوالہ سپورٹس کمپلیکس میں ہونے والی تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، رحیم یار خان، منڈی بہاوالدین، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے7 سال سے لے کر 24 سال تک کی عمر کے 300 کھلاڑیوں نے شرکت کی جن کے درمیان کانٹے دار مقابلے ہوئے، اس چمپئین شپ کے مہمان خصوصی مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر زین بھٹی تھے۔
ان مقابلہ جات میں کھلاڑی اپنے مخالف کو چت کرنے کے لئے پنچ اورکک مارتے کھلاڑیوں کے ساتھ آنے والے ان کے کوچز اور ساتھیوں نے میچ جیتنے کے لیے اپنے اپنے کھلاڑیوں کی ہمت بندھائی، کھلاڑیوں نے ان مقابلوں کے لیے خوب تیاری کر رکھی تھی۔

یورپ میں شدید خشک سالی کے باعث ڈیموں کا پانی خشک ہونے لگا

میڈرڈ: (ویب ڈیسک) یورپ میں شدید خشک سالی کے باعث ڈیموں کا پانی خشک ہونے لگا، برسوں پہلے پانی میں ڈوبنے والے علاقے منظر عام پر آنے لگے ہیں۔
سپین کے ایک ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے سے پورا گاؤں ابھر کر سامنے آگیا جو کئی سال پہلے ڈیم کے پانی میں ڈوب چکا تھا۔ قدیم گاؤں کے کھنڈرات سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئے، گاؤں کے مکانات کی دیواریں اپنی جگہ قائم ہیں لیکن چھتیں اڑ چکی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے سربیا میں دریائے ڈینیوب کا پانی کم ہونے سے دوسری جنگ عظم کے دوران ڈوبنے والے جرمن سمندری جہازوں کے ملبے منظر عام پر آگئے تھے۔

وینس میں 79 ویں فلم فیسٹیول کا میلہ سج گیا، ہر طرف رنگوں کی بہار

روم : (ویب ڈیسک) اٹلی کے شہروینس میں 79 ویں فلم فیسٹیول کا میلہ سج گیا۔ ایونٹ 11 روز جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر وینس میں 79 ویں فلم فیسٹیول کے رنگا رنگ میلے کا انعقاد کیا گیا، فیسٹیول کے دوران فرانسیسی اداکارہ کیتھرین ڈینیو Catherine Deneuve کو لائف ٹائم اچیومنٹ گولڈن لائن ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تقریب کے دوران جنگ سے متاثرہ یوکرین کے صدر ولادی میرزیلنسکی کا خطاب بھی دکھایا گیا۔ 11 روزہ ایونٹ میں دنیا بھر کے فلمساز شرکت کرتے ہیں اوراس میں پروڈکشن ہاؤسز کو بھی خوب پذیرائی ملتی ہے۔

رینٹل پاور پراجیکٹ کیس: شوکت ترین نے نیب ریفرنس کالعدم قرار دینے کی درخواست واپس لے لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے سپریم کورٹ میں رینٹل پاور پراجیکٹ نیب ریفرنس کالعدم قرار دینے کی درخواست واپس لے لی ہے، عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے شوکت ترین کیخلاف رینٹل پاور منصوبے میں مبینہ کرپشن کیس کی سماعت کی۔
وکیل شوکت ترین نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل شوکت ترین ریفرنس میں بری ہوچکے ہیں، ان کے بری ہونے کے باعث درخواست اب غیر موثر ہوچکی ہے جس پر عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ہے۔
یاد رہے کہ شوکت ترین نے نیب ریفرنس سے بریت کیلئے جون 2018 میں اپیل دائر کی تھی، اپیل میں ریفرنس کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی. شوکت ترین نے حتمی فیصلے تک ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد پر حکم امتناع جاری کرنے کی بھی استدعا کر رکھی تھی۔

پاک فوج کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن، 50 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں سے 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے لئے آرمی فلڈ کنٹرول ہیلپ لائن 1125 اور دیگر علاقوں کے لئے 1135 ہیلپ لائن فعال ہے، شہری کسی بھی مدد کےلئے ان ایمرجنسی نمبرز پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
پاک فوج کے 157 ہیلی کاپٹرز نے ایک ہزار 87 پھنسے ہوئے افراد کو نکالا، آرمی ایوی ایشن کے ذریعے 72 ٹن امدادی سامان پہنچایا گیا جبکہ متاثرہ علاقوں سے 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، مختلف میڈیکل کیمپوں میں 51 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں امدادی سامان جمع کرنے کے لئے 221 ریلیف پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں، ان پوائنٹس پرایک ہزار 231 ٹن امدادی اشیا،غذائی اشیا اور ادویات جمع کی گئی جو متاثرہ علاقوں کو پہنچائی جارہی ہیں۔
ایف ڈبلیو او نے نیشنل ہائی وے اتھارٹیز کے ساتھ مل کر قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ سکردو روڈ کی بروقت بحالی کویقینی بنایا ہے، سندھ میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو بڑھانے کے لیے اضافی انجینئر اور طبی عملہ کراچی منتقل ہوگئے ہیں۔

شہباز، زرداری حکومت نے بے حسی، سفاکیت کی حدیں پار کرلیں: عمر سرفراز چیمہ

لاہور: (ویب ڈیسک) مشیر اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ شہبازشریف، آصف زرداری حکومت بے حسی، ظلم اور سفاکیت میں تمام حدیں پار کرتے ہوئے عوام کو زندہ درگور کرنے پر تل گئی ہے، سیلاب، مہنگائی کی چکی میں پستی عوام پر ایک ہی دن میں پٹرول، ڈیزل اور بجلی کے بم گرادیے گئے ہیں۔
بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر اپنے ردعمل میں ترجمان حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ بجلی 4.34 روپے فی یونٹ مزیدمہنگی، پیٹرول 2 روپے 7 پیسے مہنگا ، ڈیزل 2 روپے 99 پیسے مہنگا ، مٹی کے تیل میں 10 روپے 92 پیسے فی لیٹر اضافہ نااہلی اور بے شرمی کی انتہا ہے۔
عمر سرفراز چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ نااہل نالائق شہباز زرداری حکومت نے پٹرول میں 10 روپے لیوی بڑھانے کے بجائے 17.5 روپے بڑھا کر 37.5 فی لیٹر کردی ہے، بے حس حکومت نے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں کمی پر عوام کو ریلیف دینے کے بجائے منافع جیب میں ڈال لیا ہے۔

سید علی گیلانی کی آزادی کشمیر کیلئے قربانیاں ہمیشہ یاد رہیں گی: پرویز الٰہی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی شہید کی آزادی کشمیر کے لئے جدوجہد کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، شہید نے اپنی زندگی آزادی کشمیر کے لئے وقف کر رکھی تھی۔
بابائےحریت سید علی گیلانی شہید کے پہلے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ بھارتی ظلم و ستم کے سامنے حریت رہنما سید علی گیلانی چٹان کی طرح ڈٹے رہے ہیں، آزادی کشمیر کے لئے سید علی گیلانی شہید کی بے مثال خدمات تاریخ آزادی کشمیر کا روشن باب ہے،
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سید علی گیلانی شہید نے آزادی کشمیر کی تحریک کو نئی جلا بخشی، آزادی کشمیر کے لئے سید علی گیلانی شہید کی عظیم خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، سید علی گیلانی شہید کی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے حوالے سے قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیراعظم کا سیلاب سےمتاثرہ طلبہ کےلیے خصوصی پیکج دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب سےمتاثرہ علاقوں کے طلبہ کےلیے خصوصی پیکج دینے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو بچانے کے لیے مراعات کا پیکج تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
خصوصی پیکج کے تحت فیس معافی، انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ کے لیے خصوصی وظائف دیے جائیں گے۔پیکج کی تیاری ، عمل کے طریقہ کار کے لیے وزارت تعلیم اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے کام شروع کردیا۔
تعلیمی اداروں میں سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔متاثرہ علاقوں میں خوراک، خیموں کے علاوہ میڈیکل کیمپس اور عارضی اسکول قائم کیے جائیں گے۔فیصلہ وزیر تعلیم رانا تنویرحسین کی زیرصدارت اجلاس میں کیاگیا۔
اجلاس میں پیکج کی تیاری کے لیے چیئرمین ایچ ای سی ،وی سیز اور وزارت تعلیم کے اعلیٰ حکام نےشرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تعلیمی پیکج کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو مراعات دی جائیں گی۔
بریفنگ کے مطابق تعلیمی پیکج میں یونیورسٹی کی واجب الادافیسوں کی وصولی موخرکرنا شامل ہے۔سیلابی علاقوں میں انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگرام شروع کیاجائے گا۔
اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں عوام کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے حصہ ڈالنے پر بھی اتفاق کیاگیا۔خوراک، خیموں ، ادویات کی فراہمی، میڈیکل کیمپس کے قیام کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

ڈالر مزید سستا،216روپے50پیسے کا ہوگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستانی روپے کی مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی قسط ملنے پر پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آنے لگی۔ آج کاروبار کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر 2روپے25پیسے سستا ہو گیا۔
فاریکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈالر کی قیمت میں کمی کے بعد انٹربینک میں ڈالر 216روپے50پیسے پر ٹریڈ ہو رہاہے۔
گزشتہ روز بھی ڈالر کی قیمت میں کمی دیکھی گئی۔ انٹربینک میں ڈالر ایک روپے 37 پیسے سستا ہوکر218روپے75 پیسے کی سطح پر آگیا تھا۔
واضح رہے کی آئی ایم ایف سے قرض کی منظوری کے بعد سے مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کو گزشتہ روز آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی ساتویں اور آٹھویں قسط موصول ہوئی ہے۔پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے ایک ارب 16 کروڑ ڈالر کی رقم موصول ہوئی ہے۔