اعصام الحق کا یو ایس اوپن ٹینس مینز ڈبلز میں فاتحانہ آغاز

نیویارک: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نامور ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور ان کے قزاخستان کے جوڑی دار الیگزینڈر نیڈووییسوف یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
انہوں نے مردوں کے ڈبلز مقابلوں کے ابتدائی رائونڈ میں سیبا سٹین بیز اور ان کے ہم وطن جوڑی دار ٹامس مارٹن ایچیوری پر مشتمل ارجنٹائن کی جوڑی کو شکست دی، سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں۔
میگا ایونٹ کے مینز ڈبلز مقابلوں کے ابتدائی راؤنڈ میں پاکستان کے نامور ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی اور ان کے قزاخستان کے جوڑی دار الیگزینڈر نیڈووییسوف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف سیباسٹین بیز اور ان کے ہم وطن جوڑی دار ٹامس مارٹن ایچیوری پر مشتمل ارجنٹائن کی جوڑی کو سٹریٹ سٹس میں 1-6 اور 5-7 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان کے نامور ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی کا دوسرے راؤنڈ میں ایل سلواڈور کے مارسیلو اریوالو گونزالیز اور ان کے ہالینڈ کے جوڑی دار جین جولین راجر سے ہوگا۔

تباہ کن سیلاب نے سندھ میں 100 کلومیٹر چوڑی جھیل بنادی،سیٹلائٹ تصویر جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) بدترین سیلاب کے پانی نے سندھ میں 100 کلومیٹر چوڑی جھیل بنادی۔ امریکی خلائی ادارے ناسا نے سیٹلائیٹ تصاویر جاری کردیں۔
امریکی خلائی ادارے ناسا نے پاکستان میں سیلاب کی تباہی کے مناظر جاری کردیے۔ ناسا کی جانب سے 28 اگست کو خلا سے لی گئی تصویر میں سندھ میں بڑی جھیل نمایاں ہے۔
ناسا کی جانب سے اگست 2021 اور اگست 2022 کی دو تصاویر جاری کی گئیں ہیں جن سیلاب کے باعث ہونے والی تبدیلیوں کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث دریائے سندھ کے پانی نے 100 کلومیٹر تک کے زرعی علاقے کو مکمل جھیل میں تبدیل کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سیٹیلائٹ امیج میں گہرا نیلا رنگ سیلابی جھیل کی نشاندہی کر رہا ہے۔ سیٹیلائٹ تصاویر میں شدید بارشوں، سیلاب سے سندھ کا بڑا حصہ پانی میں غرق دیکھا جا سکتا ہے۔
پاکستان کی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہےکہ سیلاب کے بعد ملک کے کچھ حصےایک چھوٹے سمندر میں تبدیل ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے جب تک مون سون بارشیں اور سیلاب ختم ہوگا پاکستان کا ایک چوتھائی یا ایک تہائی حصہ زیر آب آ جائے گا۔
سی این این کے مطابق پاکستان میں موجود موسمیاتی ڈیٹا کے مطابق یہ ملک کا بدترین مون سون سیزن ہے اور ابھی اس کے ختم ہونے میں پورا ایک مہینہ باقی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک رواں سیزن میں سندھ اور بلوچستان میں معمول سے 500 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔

ملائیشیا کی سابق خاتون اول کروڑوں ڈالر رشوت کے الزام میں مجرم قرار

کوالالمپور: (ویب ڈیسک) ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کی اہلیہ کو رشوت خوری کے کیس میں مجرم قرار دے دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملائیشین عدالت نے سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کو 4 کروڑ ڈالرز سے زائد کی رشوت خوری پر مجرم قرار دیا جبکہ ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق کو کچھ روز قبل ہی 12 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
نجیب رزاق گزشتہ کئی برس سے بدعنوانی کے کیسز کا سامنا کر رہے تھے۔ اب ملائیشین عدالت نے نجیب رزاق کی اہلیہ روزماہ منصور کو سولر انرجی منصوبے میں رشوت خوری کے معاملے پر مجرم قرار دے دیا۔
ملائیشیا کی سابق خاتون اوّل پر 4 کروڑ ڈالر سے زائد رشوت مانگنے اور وصول کرنے کا الزام تھا۔ سابق خاتون اول پر منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے بھی 17 مقدمات درج ہیں تاہم ابھی تک انہیں ان مقدمات میں مجرم قرار نہیں دیا گیا۔
ملائیشین پولیس نے 2018 میں سابق وزیر اعظم کے گھر پر چھاپہ مار کر 16 لاکھ ڈالرز مالیت کا سونا اور ہیرے کے زیورات برآمد کیے تھے جبکہ 14 تاج اور 272 بیش قیمتی بیگس بھی ملے تھے۔

پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مکمل چھوٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) ایف بی آر نے قیمتوں کے استحکام کیلئے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر دو ایس آر اوز جاری کر دئیے، پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مکمل چھوٹ دے دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ سیلاب سے ملک بھر میں کھڑی فصلوں کو شدید نقصان سے مقامی منڈیوں میں پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا، وزیراعظم نے لوگوں کی مشکلات کم کرنے کیلئے پیاز اور ٹماٹر کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا ہے، ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی چھوٹ سے پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ایف بی آر نے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر 31 دسمبر، 2022 تک تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز سے استثنی دیا ہے، اس سے پہلے ایف بی آر نے ان تمام اشیاء پر ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی چھوٹ دے دی ہے جن کی تصدیق این ڈی ایم اے یا پی ڈی ایم اے کرے گی۔

کپتان کا مقابلہ مشکل ہی نہیں ناممکن ہے، اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف اسد عمر کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کی دفعات لگا کے آپ عمران خان کا تو کچھ نہیں بگاڑ رہے لیکن پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے، سیاست میں عمران خان کا مقابلہ کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہو گیا ہے۔
عمران خان کی پیشی کے بعد احتساب عدالت کے باہر میڈیا ٹاک کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہ اپنا اور ملک دونوں کا نقصان کر رہے ہیں،آج پوری عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، عمران خان صرف پاکستان کے نہیں بلکہ عالم اسلام کے لیڈر سمجھے جاتے ہیں، جھوٹا مقدمہ بنا کر عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ رہے بلکہ ملک کی ساکھ مجروح کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ جتنا عمران خان کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ اتنے ہی مقبول ہوتے جا رہے ہیں، مسئلے کا ایک ہی حل ہے کہ الیکشن کرائیں اور عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔ اگر آپ کے خیال میں آپ مقبول ہیں تو سیاست کے میدان میں آ کر مقابلہ کریں۔

اب مہنگے تیل سے نہیں شمسی توانائی سے بجلی پیدا ہوگی، وزیراعظم کی منظوری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے عوام کو بجلی کے معاملے میں ریلیف دینے کا فیصلہ کر لیا، وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک سے مہنگا تیل منگوا کر بجلی بنانے کے بجائے شمسی توانائی سے پیدا کی جائے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے فیصلے پر عملدرآمد کی بھی منظوری دے دی، شہباز شریف نے ملک کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کے لیے بنیادی قدم اٹھایا، منصوبے کے تحت مہنگے درآمدی ایندھن کی جگہ سولر پاور سے 10 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی، پہلے مرحلے میں سرکاری عمارتوں، بجلی اور ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویلز کےلیے سولر پاورسے بجلی دی جائے گی۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے سولر پاور پلانٹس کی جلد تعمیر کی ہدایت کی ہے، گرمیوں کا آئندہ موسم شروع ہونے تک عوام کو بجلی کی فراہمی میں خاطر خواہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو منصوبے پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
آئندہ ہفتے تمام اسٹیک ہولڈرز کی بولیوں سے پہلے پری بڈ کانفرنس منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

میں بڑا خطرناک ہوں اور ہر روز زیادہ خطرناک ہوتا جا رہا ہوں، عمران خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں بڑا خطرناک ہوں اور ہر روز زیادہ خطرناک ہوتا جا رہا ہوں۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی عدالت میں پیشی کے بعد صحافی نے سوال کیا کہ آپ کے ساتھ اندرونی سازش ہوئی ہے یا بیرونی ؟ جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ میں بہت خطرناک ہوں۔
صحافی کے پوچھے گئے ایک سوال پر کہ آپ کی اہلیہ پر الزام ہے انہوں نے ملک ریاض سے ہیروں کا ہار لیا۔
عمران خان نے جواب دیا کہ ہیرے بڑے سستے ہوتے ہیں، مہنگی چیز کی بات کرو۔

پرویز الٰہی سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات،سیلاب متاثرین کیلئے3سوملین امداد

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے چین کے قونصل جنرل زاؤ شیرین نے ملاقات کی، چینی قونصل جنرل نے سیلاب متاثرین کے لئے 300 ملین روپے کی مالی امداد کااعلان کیا۔
ایوان وزیراعلی میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو چین کے قونصل جنرل زاؤ شیرین نے چین کی حکومت اور پاکستان میں چین کے سفیر کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام دیا، چین کے قونصل جنرل نے پنجاب میں سیلاب سے جانی ومالی نقصان پر اظہار افسوس کیا اورمتاثرین کی بحالی کے لئے تعاون کے عزم کااعادہ کیا۔
اس موقع پر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں سی پیک پراجیکٹ کو آگے بڑھانے پر اتفاق بھی کیا گیا، وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے ملاقات میں چینی قونصل جنرل نے متاثرین سیلاب کے لئے مالی امداد کااعلان کیا۔
چینی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ لاہورمیں چینی قونصل جنرل آفس کی طرف سے متاثرین کی بحالی کیلئے 300 ملین روپے کی امداد دیں گے، چینی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی عوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ مختصر عرصے میں چودھری پرویز الٰہی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے تعاون پر چینی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کا سیلاب زدگان کے لئے ٹینٹ اور دیگر امدادی سامان بھجوانا قابل تحسین ہے۔

حکومت کا غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو مشروط معافی دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم 4 لاکھ غیر ملکیوں کو مشروط عام معافی دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، دستاویز کے مطابق معافی واپس جانے والے غیر ملکیوں کیلئے ہوگی۔ معافی دینے کا فیصلہ وزارتی کمیٹی برائے افغان امور کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے چار لاکھ غیر ملکیوں کو مشروط عام معافی دینے کا فیصلہ کیا ہے، معافی کی صورت میں غیر ملکیوں کو31 دسمبر 2022 تک واپس جانا ہوگا وزارت داخلہ نے سمری کی منظوری دیدی ہے، جبکہ حتمی فیصلہ کابینہ کرے گی۔
وزارت داخلہ کے دستاویز کے مطابق معافی واپس جانے والے جن غیر ملکیوں کے لئے ہو گی ان میں افغان، نائیجرین، بھارتی اور دیگر ممالک کے باشندے شامل ہیں، یہ باشندے ویزا مدت ختم ہونے کے بعد بھی پاکستان میں قیام پذیر ہیں۔
دستاویز میں کہا گیا ہے کہ معافی کی صورت میں غیرملکیوں کو 31 دسمبر 2022 تک واپس جانا ہوگا، اس شرط پر غیر ملکیوں سے ویزا کے بغیر رہنے پر جرمانہ نہیں لیا جائےگا، ایمنیسٹی سے مستفید غیر ملکیوں کیخلاف کوئی قانونی کارروائی بھی نہیں ہوگی۔

پاک فوج کا سید علی گیلانی کو خراج تحسین

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاک فوج نے حریت رہنما سید علی گیلانی کی پہلی برسی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نے کہا کہ پاکستانی قوم بہادر سید علی شاہ گیلانی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ سید علی گیلانی نے بھارتی مظالم کا بہادری سے مقابلہ اور تحریک آزادی کی جدوجہد کو آگے بڑھایا۔
انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی تمام عمر حق خود ارادیت کے لیے جدجہد میں گزری۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردوں کے مطابق حق خود ارادیت کی لڑائی لڑی اور سید علی گیلانی کی جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال کی گئی ہے۔

اگست کے دوران ٹیکس ریونیو بڑھ کر 4 کھرب 89 ارب روپے تک پہنچ گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اگست کے مہینے میں ٹیکس ریونیو 9 فیصد بڑھ کر 4 کھرب 89 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اگست میں 4 کھرب 89 ارب روپے کا ٹیکس ریونیو جمع کر لیا۔ جو اس ماہ کے لیے مقرر کردہ 4 کھرب 83 ارب روپے کے ہدف سے زیادہ ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ مجموعی وصولی گزشتہ سال اگست کے دوران 4 کھرب 62 ارب روپے سے بڑھ کر 14 فیصد اضافے کے ساتھ 5کھرب26 ارب روپے ہوگئی ہے۔
ایف بی آر کےٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ اگست کے دوران ادا کیے گئے 37 ارب روپے کے ریفنڈز گزشتہ سال ادا کیے گئے 14.3 ارب روپے کے مقابلے میں 161 فیصد زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں ریونیو کی وصولی 9 کھرب 26 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 9 کھرب 48 ارب روپے رہی جو کہ 2.37 فیصد زیادہ ہے۔

خاتون جج، پولیس افسروں کو دھمکیاں کیس، عمران خان کی ضمانت میں 12 ستمبر تک توسیع

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے خاتون جج اور پولیس افسران کو دھمکیاں دینے کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 12 ستمبر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی درخواست ضمانت پر انسداد دہشتگردی کی عدالت میں سماعت ہوئی، کیس کی سماعت عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے کی۔
عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے عدالت میں عمران خان کی ضمانت کے لیے تحریری درخواست جمع کرائی اور جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے مؤکل کو ضمانت دی جائے جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ اس کی مثال نہیں، جو عدالت آتا ہے اسے ضمانت ملتی ہے، آپ کے مؤکل کو ضمانت کے لیے عدالت میں پیش ہونا ہو گا۔
ایڈووکیٹ بابر اعوان نے کہا کہ میرا مؤکل اسلام آباد میں موجود ہے، پولیس نے لکھ کر دیا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، پولیس کا کام ہے کہ وہ سکیورٹی فراہم کرے۔
جج نے سرکاری پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ سیون اے ٹی اے جرم کے بغیر کبھی درج ہوئی، آپ کو بتانا ہو گا کونسی کلاشنکوف لی گئی اور کونسی خودکش جیکٹ پہن کر حملہ کیا گیا۔
جج نے ریمارکس دیے کہ دونوں ایگزیکٹو افسران جنہیں دھمکی دی گئی ان کا بیان بھی پڑھ کر سنائیں وہ ہے یا نہیں، جس پر سرکاری پراسیکیورٹر نے کہا کہ وہ بالکل ہے۔
بابر اعوان نے کہا کہ میرے مؤکل کو کچھ ہوا تو آئی جی اور ڈی آئی جی آپریشنز ذمہ دار ہوں گے، حکمرانوں کے ساتھ ساتھ یہ افسران بھی ذمہ دار ہوں گے۔
جج راجہ حسن جواد نے کہا کہ عمران خان کو عدالت کے سامنے پیش ہونا پڑےگا جس پر بابر اعوان نے کہا کہ اپنے مؤکل کو 12 بجے لے آتا ہوں، جج نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس ضمانت پر آج ہی دلائل سنے گی۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ پہلے ملزم کو عدالت میں پیش کریں پھر ہم بحث کریں گے جس پر جج نے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ جن کو دھمکی دی گئی ان کا بیان بھی پڑھ کر سنائیں، اس فرض شناس افسر نے اس سے پہلے کتنے دہشتگردی کے مقدمے کیے ہیں۔
جج راجہ حسن جواد نے بابر اعوان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آج تین عدالتیں کھلی ہیں، آپ جو لسٹ دیں گے وہی وکلا کمرہ عدالت میں آئیں گے، گزشتہ سماعت کی طرح عدالت میں غیر متعلقہ افراد نہ آئیں۔
دوران سماعت بابر اعوان ایڈووکیٹ نے عمران خان کو دیا گیا تھریٹ لیٹر عدالت میں جمع کرا دیا جس پر جج نے کہا کہ عمران خان کے خلاف دھمکیاں دینے سے متعلق کیس کی سماعت بھی آج ہی ہو گی، عدالت نے کیس کی سماعت 12 بجے تک ملتوی کر دی۔
بعدازاں سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت نے دلائل سننے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی 12 ستمبر تک ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

حکومت سیلاب کے بہانے بھارت سے تجارت، اسرائیل سے دوستی کرے گی، شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب کے بہانے بھارت سے تجارت اور اسرائیل سے دوستی کرے گی۔
سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ دنیا میں تیل کی قیمت کم ہو رہی ہے لیکن حکومت نے یہاں اضافہ کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیزل 10 روپے اور بجلی ساڑھے 4 روپے مہنگی کر رہی ہے جبکہ عوام کو بے زبان اور بے آواز سمجھنے والے پچھتائیں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ عدلیہ کا ذمہ دارانہ اور دانشمندانہ رویہ قابل تعریف ہے جبکہ حکومت سیلاب کے بہانے بھارت سے تجارت اوراسرائیل سے دوستی کرے گی۔
سابق وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ ستمبر اور اکتوبر ستمگر مہینے ہیں اور یہ سیاسی بھونچال لائیں گے۔ ن اور ش ہی آمنے سامنے نہی بلکہ پی ڈی ایم بھی ٹوٹ پوٹ کا شکار ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ تعیناتیاں، تنزلیاں، تبدیلیاں اور اہم عدالتی فیصلے انہی 2 مہینوں میں ہوں گے۔ سیلاب کے بعد غذائی اور وبائی بحران آئے گا جبکہ نواز شریف کے راستے کی رکاوٹ شہباز شریف خود بنیں گے۔