اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کروڑوں ڈالر کی چائے درآمد کرتا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ مہنگائی کے پیش نظر قوم چائے کے ایک یا دو کپ کم کردے تا کہ جب تک بحران سے نہیں نکلتے ہمیں چائے کم درآمد کرنا پڑے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے آنے والی حکومت کو پھنسانے کے لیے پٹرول پر سبسڈی دی، جب 2018 میں حکومت چھوڑی تھی تو قرض 1500 ارب روپے تھے اور اب قرضوں کی ادائیگی 4 ہزار ارب روپے ہے، جب حکومت چھوڑیں گے تو ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکا ہوگا، حکومت کے سخت فیصلوں کا مقصد ملکی معیشت کو بچانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اربوں ڈالر خوردنی تیل درآمد کررہا ہے، اسی طرح چائے بھی درآمد کر رہا ہے ، پوری دنیا میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے جس کی وجہ سے عوام خوردنی تیل، چائے سمیت جو چیزیں درآمد کی جا ری ہیں اس کے استعمال میں کمی لائی جائے، پاکستان کی تاجر برادری نے ہر مشکل صورتحال میں حکومت کا ساتھ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے عوام دشمن معاہدہ تحریک انصاف کی حکومت نے کیا، اس معاہدے پر حفیظ شیخ نے دستخط کئے، ہمیں پی ٹی آئی کا اور قومی حکومت کا پتہ نہیں البتہ پاکستان کے وزرائے خزانہ نے اس معاہدے پر دستخط کئے ہیں اور اب موجودہ حکومت کو من و عن اس کو آگے بڑھانا پڑے گا، اگر ہم اس معاہدے پر عملدرآمد نہ کریں تو ملک کی معیشت مزید خراب ہو گی، اتحادی حکومت کے قیام کا مقصد ملکی معیشت کو بچانا تھا اور حکومت کے سخت فیصلوں کا مقصد ملکی معیشت کو بچانا ہے، جب حکومت چھوڑیں گے تو ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکا ہو گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت زراعت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور زراعت کے شعبے کو سبسڈی دی ہے تاکہ اجناس درآمد نہ کرنی پڑیں، پاکستان کے کسانوں نے ایٹمی دھماکوں کے دوران بھی ہمیں سرخرو کیا تھا اور زراعت کی پیداوار کو بڑھایا تھا، ملکی معیشت کو بچانے کے لئے حکومت کو مشکل فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ اس وقت توانائی اور پوری دنیا میں تیل کی قیمتوں کو پر لگ چکے ہیں، ہمیں چاہیے کہ توانائی کے استعمال میں بھی کمی لائیں تاکہ درآمدی بل میں بھی کمی لائی جا سکے، عمران نیازی جھوٹ پہ جھوٹ بول رہے ہیں کہ موجودہ حکومت نے سابقہ فاٹا کے ترقیاتی بجٹ میں کمی کی ہے، میں ان کو بچانا چاہتا ہوں کہ سابقہ فاٹا کا ترقیاتی بجٹ 54 ارب روپے ان کے دور حکومت میں تھا، انہوں نے اس میں کمی لا کر 38 ارب روپے کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی حکومت کے مقابلہ میں ہماری حکومت نے سابقہ فاٹا کا بجٹ 55 ارب روپے مختص کیا ہے، سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں ہم نے 50 ارب روپے مختص کئے ہیں مگر وزیراعظم کی ہدایت پر اس میں مزید 5 ارب روپے کا اضافہ کیا ہے تاکہ ملک میں تعمیر و ترقی کے کام میں رکاوٹ نہ آئے۔
Monthly Archives: June 2022
امریکی ڈالر 206 روپے کی حد بھی عبور کر گیا
کراچی: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مسلسل اپنی قدر کھو رہا ہے، آج ایک مرتبہ پھر اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر میں مزید 2 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 206 روپے 50 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
دوسری طرف سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 30 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی نئی قیمت 203 روپے 86 پیسے سے بڑھ کر 205 روپے 16 پیسے ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ اپریل میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نئی حکومت آنے کے بعد سے منگل (14 جون) تک ڈالر کی قیمت میں 22 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اور اگر موجودہ رجحانات جاری رہے تو ممکنہ طور پر اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ماہرین کے مطابق ڈالر کی قیمت میں اضافے کی ایک وجہ جون میں مالی سال کا اختتام اور تیل کے درآمدی بل کی ادائیگیاں ہیں۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ حتمی مراحل میں پہنچنے تک روپے پر دباؤ جاری رہ سکتا ہے جبکہ اگلے مالی سال کے لیے درآمدات اور برآمدات کے جو اہداف رکھے گئے ہیں ان میں خاصا فرق ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے آئندہ سال بھی اس فرق کو کم کرنے کے لیے مزید قرض لینے کی ضرورت پیش آئے گی۔ بینکاری کے شعبے میں ڈالر کے سٹہ باز بھی میں سرگرم ہیں اور انہوں نے تجویز پیش کی کہ ڈالر کی فاروڈ ٹریڈنگ پر پابندی عائد کرکے روپے کو مستحکم کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 174.75 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس 174.75 پوائنٹس بڑھ کر 41054.68 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ہے، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.43 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 5 کروڑ 57 لاکھ 61 ہزار 379 شیئرز کا لین دین ہوا۔ تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔
الیکشن کمیشن ایک مخصوص پارٹی کا ونگ بننے سے باز رہے، عمران خان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی، جس میں عمران خان نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک مخصوص پارٹی کا ونگ بننے سے باز رہے۔
ملاقات میں قانونی، آئینی و سیاسی معاملات پر مشاورت کی گئی۔ اس دوران عمران خان نے ڈاکٹر بابر اعوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی جمہوری پارٹی کو الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں۔
عمران خان نے الیکشن کمیشن سے متعلق قانونی معاملات کا ٹاسک بابر اعوان کو دے دیا۔
سونے کی قیمت میں معمولی کمی
کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 36ڈالر کی کمی سے 1822 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں منگل کو فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 350روپے اور 298روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 142450 روپے ہوگئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 122130 روپے ہوگئی۔
تاہم اسکے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1540روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1320روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔
گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں کمی کے باوجود پاکستان میں سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
سندھ اسمبلی بجٹ اجلاس،حکومتی اور پی ٹی آئی اراکین لڑ پڑے، ایک دوسرے کو بجٹ کتابیں دے ماریں
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران حکومتی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اراکین میں ہاتھا پائی اور تلخ کلامی ہوئی ہے۔
اجلاس میں ارکان نے ایک دوسرےکو بجٹ کی کتابیں ماریں جب کہ شرجیل میمن ، مکیش کمار چاولہ اور پی ٹی آئی ارکان میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔
دوسری جانب پنجاب میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہونے سے پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع نہ ہوسکا۔
پنجاب میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ پنجاب اسمبلی کا ایوان اراکین کا منتظر ہے ۔ لیکنایک گھنٹہ بعد بھی کوئی رکن اسمبلی ایوان میں نہ پہنچ سکا۔
پنجاب حکومت نے آئی جی پنجاب اور چیف سیکرٹری کو اسمبلی میں پیش نہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور صوبائی وزیر عطا تارڑ کو بھی ایوان میں لے جانےپر ڈٹ گئے ہیں۔
ایکسپریس ٹرینوں کا کرایہ 10، فریٹ کا 15 فی صد بڑھانے کا اعلان
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ایکسپریس ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فی صد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فریٹ کے کرایوں میں بھی 15 فی صد اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسافر ٹرینوں کا کرایہ نہیں بڑھے گا۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اب ریلوے صرف ریلوے افسران ہی چلائیں گے، اس میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کے اندر سی سی ٹی وی لگانے پر ڈسکشن ہو رہی ہے، تاہم ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
خواجہ سعد رفیق نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ 2013ء میں ریلوے کا چارج سنبھالا تھا، 18 ارب روپے کمایا تھا، آمدن بڑھ کر 50 ارب ہو چکی تھی اور ریلوے کا خسارہ ساڑھے 36 ارب تھا۔ اب واپس آئے ہیں تو آمدن 53.3 ارب جب کہ خسارہ 37 ارب سے زائد ہے جہ 45 ارب تک جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی آمدن بھی سست روی سے چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں نظام خراب کیا گیا ہے۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر کے فیصلے اسلام آباد لے جائے گئے۔
ٹرین میں زیادتی کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کو نوکری دی جائے گی اور ان کے نام پر ایک اکاؤنٹ بنا کر اس میں کچھ پیسے جمع کرائے جائیں گے۔ اس کیس کو پورا فالو کرتے ہوئے ملزمان کو سزا دلوائیں گے۔ انہوں نے بڑے بڑے وکیل کیے ہیں، ہمیں بھی کرنے پڑے تو کریں گے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ٹرینوں میں صفائی کے نظام کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فیول کی قیمتیں بڑھنے سے 8ارب کا فسکل نقصان ہو رہا ہے۔ ہر ماہ74کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسافر ٹرینوں کا کرایہ نہیں بڑھا رہے کیونکہ اس میں غریب سفر کرتا ہے۔ مگر ایکسپریس کا 10 فی صد اور فریٹ کا 15 فی صد کرایہ بڑھا رہے ہیں۔ اس سے تقریباً ایک ارب روپے کی بچت کا موقع ملے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس وقت پاکستان پر مشکل ترین وقت ہے، تاہم اللہ کی مدد سے اس آزمائش سے نکل جائیں گے۔ دھڑے یا افراد جو چاہتے ہیں کہ ساری طاقت ان کے پاس ہو، اب یہ نہیں چلے گا۔میرٹ پالیسی لاگو کر دی ہے، کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہوگی بلکہ باقاعدہ اشتہار جاری کیا جائے گا۔
بجٹ پیش ہوگا، 3ماہ سے ہونیوالے کھلواڑ کا بندوبست بھی کریں گے، انا کی پرواہ نہیں: وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ بجٹ پیش ہو گا اور تین ماہ سے ہونیوالے کھلواڑ کا بندوبست بھی کریں گے، کبھی ایوان میں تماشہ تو کبھی سڑکوں پر، ایسے لگتا ہے کہ جیسے یہ بادشاہت ہے۔
ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ن لیگی رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ
آئین کے ساتھ کھلواڑ کا سلسلہ جاری ہے، سب کو انتظار تھا کہ بجٹ میں کیا آئے گا؟ میں تو اپنے چیمبر میں بیٹھا تھا،
مجھے اپنی انا کی پرواہ نہیں، اپنے عوام کے لیے فکر مند ہوں۔
انہوں نے ق لیگی رہنما چودھری پرویز الٰہی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا رویہ غیر مناسب ہے، اگر صوبے کی بہتری کیلئے انا قربان کرنا پڑتی ہے تو میں کروں گا، ہم آج بھی یہیں ہیں، اسے ہم عوام کی عدالت میں پیش کریں گے، جواب دینا ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ روز آئین و قانون کی پامالی کر تا ہے، اللہ کو منظور ہوا تو بجٹ پاس بھی ہو گا۔ انہوں نے نام لیے بغیر استفسار کیا کہ آپ کو کسی کی شکل پسند نہیں، کوئی پرانا دکھ یا غصہ ہے تو آئین کو کیوں پامال کر رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ رات گئے تک بیٹھوں گا، عوام دیکھیں گے کہ یہ شخص تماشہ کررہا ہے، یہ وہی اسپیکر ہے جس کے اپنے خلاف عدم اعتماد ہے
حمزہ شہباز نے کہا کہ 12 کروڑ کے صوبے کا بجٹ آپ نے جام کیا ہے، ہماری نیت صاف ہے، تین ماہ سے ان کا سامنا کررہا ہوں۔
سعودی عرب میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانی طلبا کیلیے بڑی خوشخبری
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے اپنی 25 جامعات میں پاکستانی طلبا کے لیے اسکالرشپ کا اعلان کردیا جس کے تحت منتخب طلبا کو ماہانہ وظیفہ اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے مطابق سعودی عرب نے پاکستانی طلبا کے لیے سیاسیات، قانون، تعلیم، ایڈمنسٹریشن، معاشیات، انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس ، ذراعت، عربی، اسلامک اسٹیڈیز اور میڈیا سائنسز کے شعبے میں اسکالر شپ کا اعلان کیا ہے جس سے ڈپلومہ، بیچلرز، ماسٹر اور پی ایچ ڈی کے طلبا مستفید ہوسکتے ہیں۔
اسکالر شپ کے حامل طلبا کو 850 ریال ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا جب کہ سائنس کے شعبے کے طلبا کے لیے وظیفہ 900 سعودی ریال ہوگا۔ اس کے علاوہ طلبا کو ریٹرن ٹکٹ کے ساتھ 3 ماہ کا وظیفہ سمیت مفت میڈیکل کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اسکالرشپ میں پاکستان اور کشمیر کے طلبا درخواستیں دے سکتے ہیں، درخواست دینے والے طلبا کی عمر 17 سے 25، ماسٹرز کے لیے30 اور پی ایچ ڈی کے لیے 35 سال مختص کی گئی ہے۔
اسکالر شپ میں پاکستان میں مقیم طلبہ کے لیے 75 فیصد جبکہ یو اے ای میں مقیم پاکستانی طلبہ کے لیے 25 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی ویب سائٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق پاکستانی طلبا کو درج زیل 25 جامعات میں اسکالر شپ دی جائیں گی۔
جدہ یونیورسٹی
بشاہ یونیورسٹی
اُم القرا یونیورسٹی
اسلامک یونیورسٹی
امام محمد ابنِ سعود اسلامک یونیورسٹی
کند سعود یونیورسٹی
کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی
حفار الباطن یونیورسٹی
کنگ فیصل یونیورسٹی
کنگ خالد یونیورسٹی
قاسم یونیوسٹی
طیبہ یونیورسٹی
طائف یونیورسٹی
یونیورسٹی آف حائل
جزان یونیورسٹی
الجوف یونیورسٹی
البہا یونیورسٹی
طابق یونیورسٹی
نجران یونیورسٹی
نادرن بارڈر یونیورسٹی
پرنس ستام بن عبدالعزیز یونیورسٹی
شقرا یونیورسٹی
مجمہ یونیورسٹی
سعودی محکمہ تعلیم کے مطابق 23 جامعات میں 5 فیصد طلبہ کو انرول کیا جائے گا جب کہ نور بنتِ عبدالرحمٰن یونیورسٹی برائے خواتین (ریاض) میں 8 فیصد پاکستانی اور کشمیری طلبہ جب کہ مدینہ منورہ میں واقع جامعہ اسلامیہ میں مجموعی طور پر 85 فیصد نشستوں پر رجسٹریشن کی جائے گی۔
سعودی عرب کے نئے پاسپورٹ کیلیے حرمین شریفین کی تصاویر کا انتخاب
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں نئے پاسپورٹ کے لیے دو معروف سعودی فوٹوگرافروں کی بنائی ہوئی تصاویر کا انتخاب کیا گیا ہے، جس میں حرمین شریفین کی تصاویر بھی شامل ہوں گی۔
سعودی میڈیا کے مطابق ظافر الشھری اور عماد الحسینی نے مملکت کے مختلف تاریخی مقامات کی خوبصورت اور دلچسپ تصاویر بنائی تھیں، جن میں سے کچھ کا انتخاب سعودی پاسپورٹ کے لیے کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ظافر الشھری نے ٹوئٹر پر اطلاع دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ مجھے بہت اچھا لگ رہا ہے کہ میری بنائی ہوئی تصاویر نئے سعودی پاسپورٹ کا حصہ ہوں گی۔
فوٹوگرفروں نے بتایاکہ انہیں متعلقہ ادارے کی جانب سے شکریہ کے خطوط بھی لکھے گئے ہیں۔
پشاور میں وکیل پر تشدد کرنے والا ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر معطل
پشاور: (ویب ڈیسک) حکومت نے وکیل پر تشدد کرنے والے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (اے اے سی) آفتاب احمد کو وکلاء کے مطالبے پر معطل کردیا۔
ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ فاروق آفریدی نے کہا کہ اے اے سی کی معطلی ہمارا پہلا مطالبہ تھا، جو حکومت نے مان لیا ہے، اب اس واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور اے اے سی کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔
فاروق آفریدی نے کہا کہ ہم روڈ بند کرنا نہیں چاہتے تھے لیکن حکومت نے مجبور کیا تو سڑک پر دھرنا دیا، حکومت اگر ہمارے مطالبے کو پہلے مان لیتی تو دھرنے کی نوبت نہ آتی، حکومت نے پہلا مطالبہ منظور کرلیا ہے جس پر دھرنا ختم کردیا ہے، اب عدالتی بائیکاٹ جاری رکھنا ہے یا ختم کرنا ہے یہ فیصلہ خیبرپختونخوا بار کونسل کرے گی۔
فاروق آفریدی نے مزید کہا کہ اے اے سی قانون کا سامنے کرے گا، ہم بھی قانون کے مطابق اس کے خلاف جنگ لڑیں گے۔
واضح رہے کہ 2 اور 3 جون کے درمیانی شب ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اور اس کے گارڈز نے سپریم کورٹ کے وکیل غفران اللہ شاہ کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا ، جس کے خلاف صوبے بھر کے وکلاء نے 4 جون سے عدالتی بائیکاٹ کیا ہوا ہے اور سماعت کےلیے پیش نہیں ہورہے۔ وکلا نے آج صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنا بھی دیا تھا۔
آسٹریلیا میں ایک بار پھر مینڈکوں کی پُراسرار ہلاکتیں
سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں موسمِ سرما کے دوران مینڈکوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم سائنسدانوں کی جانب سے ان ہلاکتوں کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جاسکا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سِڈنی کی نیو ساؤتھ ویلز یونیورسٹی کی ماہرِ حیاتیات جوڈی رولے نے پیر کو ایک ٹوئٹ میں کہا کہ گزشتہ موسمِ سرما میں پورے آسٹریلیا میں ہزاروں مینڈک ہلاک ہوئے تھے۔ گزشتہ چند ہفتوں میں جیسے ہی موسم سرد ہوا ہے، ہمیں ویسی ہی رپورٹس موصول ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
ہلاکتوں کے اسباب اور پیمانے کو سمجھنے کے لیے محققین نے براعظم میں رہنے والے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ بیمار یا مردہ مینڈک کے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات وہ آسٹریلین میوزیم کو بھیجیں۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ انہیں کچھ مینڈکوں کی کم ہوتی تعداد اور دیگر کی ہلاکتوں کے حوالے سے ای میلز موصول ہونا شروع ہوچکی ہیں۔
محققین کا کہنا ہے کہ بیمار، بوڑھے یا زخمی مینڈک موسمِ سرما میں اپنے مدافعتی نظام کے کمزور ہوجانے کی وجہ سے مرجاتے ہیں۔ گزشتہ برس ایسی رپورٹس میں جون کے آخر اور جولائی میں اضافہ ہوا تھا۔
سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ مینڈکوں کی تعداد میں تیزی سے کمی ہمارے ماحول پر ممکنہ طور پر سنگین نتائج مرتب کرسکتی ہے۔
کوویڈ-19 کے تحت لگائے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے سائنسدان خود سے مینڈکوں کی ہلاکتوں کے اسباب جاننے میں ناکام رہے تھے، جس کے بعد انہوں نے مقامی برادریوں سے مدد کی درخواست کی تھی۔
دنیا کا حساس ترین تھری ڈی اسکینر
لاس اینجس: (ویب ڈیسک) اگرآپ زیورات ڈیزائن کرتے ہیں یا صنعت کے لیے پرزے ڈھالتے ہیں تو صنعتی معیارات کے ساتھ دنیا کا حساس اور درست ترین تھری ڈی اسکینر آپ کے لیے ہی تیار کیا گیا ہے۔
اسے ریووپوائنٹ تھری ڈی منی کا نام دیا گیا ہے جو 0.02 ملی میٹر درستگی سے باریک ترین اشیا کی درست ترین اسکیننگ کرکے اسے اسکرین پر تھری ڈی ماڈل میں پیش کرتا ہے۔ اس طرح صرف 0.05 ملی میٹر دوری سے بھی یہ اپنا کام کرتا رہتا ہے اور دس فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے برق رفتاری سے کسی بھی ٹھوس شے کو اسکین کرسکتا ہے۔
سب سے حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس کا وزن صرف 160 گرام ہے اور یوں اسے تھامنا اور گھمانا بہت ہی آسان ہے۔ 2021 میں اسکینر کی روداد کراؤڈ فنڈنگ ویب سائٹ پر چلائی گئی تھی۔ اس میں کئی لوگوں نے دلچسپی لے کر سرمایہ کاری کی تھی۔