راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) — پاک فوج نے ایک بار پھر دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم سربلند کر دیا۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، برطانیہ میں ہونے والی بین الاقوامی فوجی مشق “کیمبرین پیٹرول 2025” میں پاک فوج کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، اس مشق میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو انتہائی مشکل اور چیلنجنگ حالات میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا پڑا۔ فوجی دستوں کو صرف 48 گھنٹوں میں 60 کلومیٹر طویل دشوار گزار اور غیر موزوں علاقے میں مختلف اسپیشل ملٹری ٹاسکس مکمل کرنا تھے، جنہیں حقیقی جنگی ماحول کے مطابق تیار کیا گیا تھا۔
اس سال کی مشق میں 36 ممالک کی 137 ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاکستان آرمی کی نمائندگی کپتان محمد سعد کی قیادت میں کرنے والی ٹیم نے ہر مرحلے پر شاندار کارکردگی دکھائی اور دیگر ممالک کی ٹیموں پر سبقت حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کامیابی نہ صرف پاک فوج بلکہ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے، جو فوج کے پیشہ ورانہ معیار، عزم، اور اعلیٰ تربیتی نظام کی عکاسی کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، پاک فوج مستقبل میں بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھارنے اور بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا پرچم سر بلند رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کیمبرین پیٹرول 2024 میں بھی پاک فوج نے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا، جب 42 ممالک کی 128 ٹیموں نے اس میں حصہ لیا تھا۔ مسلسل دوسری بار یہ اعزاز حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فوج دنیا کی بہترین تربیت یافتہ اور پیشہ ور افواج میں شمار ہوتی ہے۔




























