مریخ پر سانس لینے میں بے احتیاطی جان لے سکتی ہے

لاہور: (ویب ڈیسک) کیا آپ کو معلوم ہے کہ اگر آپ نے اسپیس سوٹ کے بغیر مریخ کی سطح پر سانس لینے کی کوشش کی تو آپ کی موت واقع ہو سکتی ہے۔
فرض کریں آپ ایک خلاباز ہیں جو ابھی ابھی مریخ سیارے پر اترے ہیں، تو سب سے پہلے آپ کو سوچنا ہوگا کہ آپ کو زندہ رہنے کے لیے کیا کرنا چاہیے۔؟ ظاہر ہے کہ آپ کے پاس کم از کم پانی، خوراک، سونے کی مناسب جگہ اور آکسیجن کا ہونا ناگزیر ہے۔
آپ یقینا جانتے ہیں کہ یہاں زمین پر ہم جو سانس لیتے ہیں تو ہوا میں موجود آکسیجن استعمال کرتے ہیں، جو کہ پودوں اور کچھ اقسام کے دیگر بیکٹیریاز ہمیں فراہم کرتے ہیں۔
زمین پر ہمارے ماحول میں آکسیجن ہی واحد گیس نہیں ہے اور نہ ہی یہ وافر مقدار میں ہے۔ سائنسدانوں کی تحقیق کے مطابق ہماری ہوا کا محض 21 فی صد حصہ ہی آکسیجن پر مشتمل ہے۔ اس کو علاوہ تقریباٰ 78 فی صد نائیٹروجن موجود ہے۔
یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب زمین پر نائیٹروجن زیادہ ہے تو ہم صرف آکسیجن کیوں اور کیسے لیتے ہیں؟
اس کا اصول یوں ہے کہ تکنیکی طور پر جب ہم سانس لیتے ہیں تو فضا میں موجود ہر چیز ہماری ناک کے ذریعے ہمارے جسم میں داخل ہوتی ہے مگر ہمارا جسم طے شدہ قدرتی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے صرف آکسیجن ہی کو استعمال کرتا ہے اور جب آپ سانس چھوڑتے ہیں تو دیگر اجزا خودبخود باہر آ جاتے ہیں۔
سائنس دانوں کے مطابق مریخ کا فضائی غلاف بہت پتلا ہے اور یہ زمین کے فضائی غلاف کے مقابلے میں صرف 1 فی صد ہے۔ اسے آسانی سے سمجھنے کے لیے یوں بھی کہا جا سکتا ہے کہ مریخ پر ہوا زمین کے مقابلے میں 99 فی صد کم ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ مریخ کا سائز زمین کی نسبت تقریباٰ نصف ہے جب کہ دیگر وجوہات میں اہم یہ بات بھی ہے کہ یہاں کی کشش ثقل بھی اتنی طاقت ور نہیں کہ ماحول کی گیسوں کو خلا میں جانے سے روک سکے۔
مریخ کے پتلے ماحول میں سب سے زیادہ (وافر) گیس کاربن ڈائی آکسائیڈ ہے۔ زمین پر تو انسانوں کے لیے یہ ایک زہریلی گیس ہے، جو کہ مارس پر سب سے زیادہ ہے۔ زمین پر بسنے والوں کی خوش قسمتی ہے کہ یہ ہمارے ماحول میں صرف 1 فی صد سے بھی کم ہے لیکن مریخ پر کاربن ڈائی آکسائیڈ کا تناسب ہوا کا 96 فی صد ہے۔
علاوہ ازیں مریخ پر آکسیجن تقریبا نہ ہونے کے برابر ہے یعنی ہوا کے ایک فی صد کا بھی دسواں حصہ ہے، جو انسان کے زندہ رہنے کے لیے ناکافی ہے۔
ایسی صورت میں اگر آپ مریخ پر آکسیجن فراہم کرنے والے اسپیس سوٹ کے بغیر سانس لینے کی کوشش کریں گے، تو یہ یقینی ہے کہ پہلے تو آپ کا دم گھٹنے لگے گا اور نتیجتا آپ کی موت واقع ہو جائے گی۔
سائنس دانوں کو مریخ پر زندگی کے تاحال کوئی آثار نہیں ملے، تاہم اس سلسلے میں تلاش اور تحقیق مسلسل جاری ہے۔
مختصر یہ کہ مریخ پر ایک انتہائی ماحول پایا جاتا ہے، جہاں نہ صرف یہ کہ ہوا نہیں ہے، بلکہ یہاں کی سطح پر بہت کم پانی ہے۔ مریخ کا درجہ حرارت ناقابل یقین حد تک سرد ہے جب کہ رات کے وقت یہ منفی 100 ڈگری فارن ہائیٹ (منفی 73 ڈگری سیلسیس) سے زیادہ رہتا ہے۔

پہلا ون ڈے: پاکستانی ویمن ٹیم نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور: (ویب ڈیسک) تین ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستانی ویمن ٹیم نے سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیدی۔
سری لنکا کی ویمن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 169 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کویشا دلہاری 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، دیگر خواتین کھلاڑیوں میں پریرا 4، اتاپاتو25، کرونارتنے 12، ویراکوڈی 30، ڈی سلوا 16 سکور بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ غلام فاطمہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثناء نے دو دو شکار کیے۔
قومی ویمن ٹیم نے ہدف 42 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، منیبہ علی 14، سدرہ امین 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، بسمہ عمروف 62 اور عمائمہ سہیل 1 سکور پر ناٹ آؤٹ رہیں۔

فیفا ورلڈ کپ ٹرافی ٹور کوکا کولا 7جون کو لاہور پہنچے گا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شائقین اب فٹبال کے سب سے زیادہ پسندیدہ انعام،کوکا کولا کی جانب سے پانچویں فیفا ورلڈ کپ ٹرافی ٹور کا تجربہ کرسکیں گے۔یہ ٹرافی 7جون2022کو لاہور پہنچے گی اور یہ شائقین کےلئے فٹبال کے سب سے زیادہ پسندیدہ انعام کو قریب سے دیکھنے کا ایک غیر معمولی موقع ہوگا،جس سے فٹبال کے سب سے بڑے ایونٹ ،فیفا ورلڈ کپ کے جوش و خروش اور توقعات میں اضافہ ہوگا۔
کوکا کولا پاکستان و افغانستان کے نائب صدر فہد اشرف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ”کھیل قوموں اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیںاور کوکا کولامیں ہم اتحاد کے اس جذبہ کو آگے بڑھاتے ہوئے بے حد خوش ہیں۔“
فیفا ورلڈ کپ کے فاتح اور لیجینڈری فٹبالر کرسٹین کریمبیوٹرافی کے ساتھ ہوں گے ،تاکہ پاکستان میں شقائقین کو فٹبال میںسب سے زیادہ پہچانی جانے والی علامت کو دیکھنے کا موقع فراہم کیا جاسکے۔
پاکستان ان 51ممالک میں سے ایک ہے ،جن کا اس سال فیفا ورلڈ کپ ٹرافی دورہ کرے گا،فیفا کے ساتھ ملکر کوکاکولا 2030تک تمام211فیفا ممبر ایسوسی ایشنز کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

دورہ سری لنکا سے قبل آسٹریلوی ٹیم کو بڑا دھچکا

سڈنی: (ویب ڈیسک) سری لنکا کے دورے پر روانگی سے پہلے آسٹریلوی ٹیم اپنے ہیڈکوچ سے محروم ہوگئی۔
آسٹریلیا میڈیا کے مطابق کولمبو روانگی سے قبل اینڈریو میکڈونلڈ کے کوویڈ ٹیسٹ کی رپورٹ پازٹیو آگئی،جس کے باعث انہیں سات روز تک میلبرن میں آئسولیشن کردیا گیا ہے۔
آسٹریلوی ہیڈکوچ اینڈریو میکڈونلڈ کا دوبارہ کوویڈ-19 ٹیسٹ لیا جائے گا جس کے بعد منفی آنے کی صورت میں وہ ٹیم کو جوائن کرسکیں۔
دوسری جانب ٹی20 سریز کے ابتدائی میچز میں معاون کوچ مائیکل دی وینو ان کی جگہ ذمہ داری سنھالیں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز کا باقاعدہ آغاز 7 جون سے ہوگا۔
واضح رہے کہ میکڈونلڈ پاکستان کے خلاف سیریز میں عبوری کوچ تھے اور اب یہ پہلا موقع ہے جب باقاعدہ طور پر انہیں ہیڈکوچ مقرر کیا گیا۔

اے این ایف کی کارروائی، کپڑے کے کنٹینر سے بھاری مقدار میں کیٹامائن پکڑی گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) اے این ایف انٹیلیجنس اور اے این ایف کراچی کی ساؤتھ ایشیاء پورٹ پر کارروائی کے دوران ہانگ کانگ کیلئے بک کئے گئے کپڑے پر مشتمل کنٹینر سے بھاری مقدار میں کیٹامائن پکڑی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق 145 کلو کیٹامائن مہارت کے ساتھ کپڑے کے تھانوں میں چھپائی گئی تھی۔ کنٹینر ڈائنامک انٹرپرائزز کراچی کی جانب سے بک کروایا گیا تھا۔ کنٹینر بک کروانے والے کراچی کے رہائشی نعمت اللّٰہ خان نامی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیا۔

امپورٹڈ حکومت کیخلاف جدوجہد کو سیاست نہیں جہاد سمجھیں: عمران خان

پشاور : (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے لیے فیصلہ کن وقت ہے، طاقتور خود کو قانون سے بالا تر سمجھتا ہے، امپورٹڈ حکومت کیخلاف جدوجہد کو سیاست نہیں جہاد سمجھیں۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دیتا، 30 سال سے جرم کرنیوالے آج اوپر آ کر بیٹھ گئے، حق کے راستے پر چلتے ہیں تو بات ذات سے بہت آگے نکل جاتی ہے، ان چوروں کیساتھ کبھی نہ کبھی جنگ لڑنی پڑے گی، جس طرح ظلم کر کے شیلنگ کی گئی یہ جنرل ڈائر کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف، راناثنا نے ماڈل ٹاؤن میں 14 لوگوں کوقتل کیا، ڈرپوک شخص کوئی بڑا کام نہیں کر سکتا، پاکستان کے 62 سالوں میں 30 سال فوج نے اور 30سال ان دو خاندانوں نےحکومت کی، انصاف کی ضرورت تو کمزور کو ہے، طاقتور تو خود قانون سے بالاتر ہے، ہم ان لوگوں کو شکست دیں گے تو پاکستان اوپر چلا جائے گا،
عمران خان نے مزید کہا کہ ہم سپریم کورٹ سے رولنگ لے رہے ہیں، سپریم کورٹ رولنگ کے بعد ہم بہتر تیاری اور بہتر طریقے سے نکلیں گے، کیا سپریم کورٹ ایسے مجرموں کو اجازت دے سکتی ہے کہ لوگوں پر شیل برسائے، میڈیا نے 25 مئی کو مشکل وقت میں کوریج کی۔

حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہیں کیا، اسد عمر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہیں کیا اور ہمارے کارکنوں پر تشدد اور گرفتاریاں کی گئیں۔
سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ لانگ مارچ سے متعلق سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے جبکہ وزیر خزانہ نے روس سے تیل کی خریداری نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کی گئی اور ہمارے ہزاروں کارکنوں پر شیلنگ اور تشدد کیا گیا۔ مارچ کو ناکام بنانے کے لیے حکومت نے ہر حربہ استعمال کیا۔ 25 مئی کو لوگوں کی پراپرٹیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
اسد عمر نے کہا کہ کراچی میں خواتین، بچوں اور شہریوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔ شیریں مزاری، کنول شوذب، یاسمین راشد، قاسم سوری اور سیف اللہ کو روکا گیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو غیر قانونی طور پر روکا گیا۔ آزادی مارچ سے 2 روز قبل پکڑ دھکڑ شروع ہوئی اور مارچ سے پہلے پی ٹی آئی کے ہزاروں کارکنوں کوگرفتار کیا گیا۔ یاسمین راشد کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکا کو روکنے والے کون تھے؟ یہ ماڈل ٹاون کے مجرم تھے۔ پولیس اہلکار کارکنان کے گھروں کی دیواریں پھلانگ کر داخل ہوئے اور ہمارے کارکنان کے گھروں کی خواتین کو ہراساں کیا گیا۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہیں ہوا اور عمران خان جتھے نہیں بھجواتے کہ عدالت پر جا کر حملہ کرو۔ ن لیگ کے حوالے سے عابد باکسر کا بیان سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان دنیا میں امن کے خواہاں ہیں اور پی ٹی آئی نے کسی آرمی چیف کو جہاز پر بٹھا کر باہر بھیجنے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی تحریک انصاف نے کبھی تشدد کا راستہ اپنایا۔ آج عمران خان کا آئندہ کے لانگ مارچ سے متعلق بیان سامنے آجائے گا۔

حکومت کا حج پر سبسڈی دینا جائز ہے: اسلامی نظریاتی کونسل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے حج پر سبسڈی دینا جائز ہے، اس میں کوئی حرج نہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے حج سبسڈی کے حوالے سے خبریں چلنے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے حج سبسڈی سے متعلق استفسار کیا تھا جس پر اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا ہے کہ یہ عمل حجاج کے صاحب استطاعت ہونے کے منافی نہیں، سبسڈی بلا تفریق دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاہے حج سرکاری ہو یا پرائیویٹ سبسڈی بلا تفریق دی جائے، حکومت زکوۃ کی رقوم سے سبسڈی دینے سے احتیاط برتے تو زیادہ بہتر ہے۔

آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے: فرخ حبیب

لاہور: (ویب ڈیسک) مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
فرخ حبیب نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ حلقہ بندیوں میں تبدیلی اور ووٹر لسٹوں میں ووٹرز کے ردوبدل کی بہت سی شکایات موصول ہو رہی ہیں ۔ الیکشن کمیشن بارے اپنے تحفظات کا اظہار پہلے ہی کر چکے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے الیکش کمیشن میں دو اپنے نئے ممبران تعینات کروا لئے ہیں لیکن دھاندلی کا کوئی منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی صورت داخل نہیں ہونے دیں گے،رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی صورت داخل نہیں ہونے دیں گے۔اسلام آباد پولیس اور ایف سی کی تنخواہیں، الاونسز اور شہداء پیکیج کو ائندہ مالی سال سے پنجاب اور کے پی کے مساوی کر دیا جائے گا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اجلاس میں اسلام آباد کی سیکیورٹی اور پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ سے متعلق غور کیا گیا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہاہے کہ ملک کو شرپسند عناصر کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا نہیں جا سکتا۔اسلام آباد میں فسادی مارچ کو کسی بھی صورت داخل نہیں ہونے دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ شر پسند عناصر کو سختی سے کچلا جائے گا۔قانون ہاتھ میں لینے والوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔وفاقی کابینہ نےپولیس، رینجرز اور ایف سی اہلکاورں پر حملوں کی مذمت کی۔
اجلاس میں اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں اورالاؤنسز کو پنجاب پولیس کے مساوی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے شہدا پیکج کے ایک ارب کے بقایاجات فی الفورادا کرنے کا فیصلہ ہوا۔فرنٹیئر کانسٹیبلری کی تنخواہیں، الاونسز اور شہدا پیکج خیبر پختونخوا پولیس کے مساوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں امن و امان کیلئے اسلام آباد پولیس اورفرنٹیئر کانسٹیبلری کومزید مالی،تکنیکی وسائل اور لیگل سپورٹ دینے کا فیصلہ کیاگیا۔فرنٹیئر کانسٹیبلری کو پولیس کی معاونت کیلئے بطور فساد مخالف فورس استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
فرنٹیئر کانسٹیبلری کو بطور فساد مخالف فورس استعمال کرنے کیلئے ضروری تربیت دینے کا بھی فیصلہ ہوا۔اسلام آباد کی فُول پروف سیکیورٹی کیلئے لاہور کی طرز پر سیف سٹی کو جدید ترین بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے اسلام آباد میں کیمروں کی کوریج کو 100 فیصد کی جائےگی۔راولپنڈی اسلام آباد کی پولیس اور انتظامیہ کے درمیان کوآرڈی نیشن میکنزم قائم کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔

توانائی بحران بے قابو، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 475 میگاواٹ تک پہنچ گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں توانائی کا بحران برقرار ہے، بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 475 میگاواٹ تک پہنچ گیا، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک پہنچ گیا۔
پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 525 میگاواٹ جبکہ طلب 26 ہزار میگاواٹ ہے۔ اس وقت پانی سے 5 ہزار 147میگا واٹ، سرکاری تھرمل پلانٹس سے 1307 میگا واٹ جبکہ نجی شعبے کے بجلی گھروں سے 9 ہزار 209 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
ونڈ پاور پلانٹس سے 1 ہزار508 میگا واٹ، بگاس سے 168 میگاواٹ اور جوہری ایندھن سے 2ہزار 134 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔

سیکولر بھارت کے چہرے پر بد نما داغ، شہید بابری مسجد کی جگہ رام مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

اتر پردیش: (ویب ڈیسک) سیکولر بھارت کے چہرے پر ایک اور بد نما داغ، شہید بابری مسجد کی جگہ رام مندر کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رام مندر کی سنگ بنیاد بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیراعلی یوگی ادتیہ ناتھ نے رکھی، تقریب وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مندر کا پہلا سنگ بنیاد رکھنے کے دو سال بعد ہوئی۔
واضح رہے بھارتی سپریم کورٹ نے 9 نومبر 2020کو بابری مسجد کیس کا فیصلہ سنایا تھا، عدالت نے مسجد کی زمین کو ہندوؤں کے حوالے کرتے ہوئے مندر تعمیر کرنے کا حکم دیا تھا، رام مندر 2024 میں ہونے والے اگلے پارلیمانی انتخابات سے پہلے تیار ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ 1992 میں مشتعل ہندو گروہ نے ایودھیا کی بابری مسجد کو شہید کردیا تھا جس کے بعد بدترین فسادات نے جنم لیا اور ہزارو افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
بابری مسجد کو شہید کیے جانے کے بعد سے اس مقام کا کنٹرول سپریم کورٹ نے سنبھال لیا تھا۔

گرفتاریاں ہوں نا رکاوٹیں، لانگ مارچ کی اجازت دی جائے،پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ سے رجوع

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف نے لانگ مارچ کی اجازت دیے جانے سے متعلق درخواست سپریم کورٹ میں جمع کروادی۔
تحریک انصاف نے لانگ مارچ سے متعلق درخواست عدالت عظمیٰ میں دائر کر دی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کو احتجاج کیلئے اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران کسی کارکن کو گرفتار نہ کیا جائے۔احتجاج کے راستے میں رکاوٹیں حائل نہ کی جائیں۔وفاقی اور پنجاب حکومت کو تشدد اور طاقت کے استعمال سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ احتجاج کاحق لینے سپریم کورٹ جائیں گے۔ انہوں نے گزشتہ روز کہا ہے کہ پُرامن احتجاج کے تحفظ کے لیے سپریم کورٹ رولنگ دے، ورنہ اس بار ہم تیاری کے ساتھ جائیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ سے رولنگ لے رہے ہیں کہ پر امن احتجاج کا حق ہےکہ نہیں،کس بنیاد پر انہوں نے ہمیں روکا تھا۔ سپریم کورٹ کو کہہ رہا ہوں کہ آپ ہمیں رولنگ دیں۔ ہمیں بتائیں کہ کس بنیاد پہ ہمیں روکا گیا اور انتشار پھیلا یا گیا۔میں نے لوگوں کو احتجاج کے لیے تاریخ دینی ہے آئندہ جب ہم آئیں گے تو ہمیں بتائیں کہ کیا سپریم کورٹ اس طرح کے غیر جمہوری عمل کی اجازت دے گی؟
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر سپریم کورٹ ہمیں تحفظ دیتی ہے تو ہماری حکمت عملی الگ ہوگی اور اگر ہمیں تحفظ نہیں ملتا تو میں سب کے سامنے کہہ رہاہوں کہ پھر ہماری دوسری حکمت عملی ہوگی اور اس بار تو ہماری تیاری نہیں تھی لیکن اب ہم تیاری کے ساتھ جائیں گے۔ یہ میرے لیے جہاد ہے، امپورٹڈ حکومت کو ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔