پاکستان نے ہاکی ایشیا کپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کرلی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے ہاکی ایشیا کپ میں پانچویں پوزیشن اپنے نام کرلی۔
پاکستان نے ہاکی ایشیا کپ میں پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کو 0-8سے ہرادیا۔ایشیا کپ کے دوران قومی ٹیم فائنل فور میں جگہ بنانے میں ناکام رہی تھی اور ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی بھی نہیں کرسکی تھی۔
پاکستان کو جاپان کیخلاف اہم میچ میں2-3 سے شکست ہوئی تھی۔ ہاکی ایشیا کپ 2022 میں جاپان کے خلاف میچ میں گرین شرٹس 12 کھلاڑی لے کر میدان میں اتری تھی۔
اسی دوران جب قومی ٹیم کو اہم اور قیمتی گول ملا تو وہ پچ پر پاکستان کے 12 کھلاڑی موجود ہونے کی وجہ سے ضائع ہوگیا۔
خیال رہے کہاکی ایشیا کپ میں پول اے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بھارت کو آخری منٹ میں جیت سے محروم کرتے ہوئے میچ 1-1 سے برابر کردیا تھا۔
دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے انڈونیشیا کے خلاف گولز کی بارش کرتے ہوئے 0-13 سے کامیابی سمیٹی تھی۔
جاپان کے خلاف گروپ کے تیسرے میچ میں قومی ٹیم کو صرف دو گول مسترد ہونے کا خمیازہ 2-3 کی شکست کے ساتھ اٹھانا پڑا تھا۔

اچھی ٹیم تسلسل کیساتھ ہی کھیلتی ہے، بابر اعظم

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ اچھی ٹیم تسلسل کے ساتھ ہی کھیلتی ہے اور ٹیم نے ماڈرن کرکٹ میں خود کو منوایا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کل سے کیمپ کا آغاز ہو رہا ہے جس کے لیے پرجوش ہوں اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنا چاہتے ہیں۔ رضوان پر پورا اعتماد ہے کہ وہ اچھی کارکردگی دکھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے اور بطور کھلاڑی نمبر ون پر آنا خواب ہوتا ہے۔ کھلاڑی کو ہمیشہ اچھے پرفارمنس پر توجہ دینی چاہیے جبکہ ٹف ٹائم اور دباؤ میں کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ محمد رضوان ٹیم میں اچھا سپورٹ دے رہے ہیں او ہم اس وقت ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔ شان مسعود اوپر کھیلتا ہے اسے اوپر ہی کھلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے وائٹ بال کا کیمپ لگا تھا اب ریڈ بال کا لگ رہا ہے اور اب ہم سخت گرم موسم میں کھیلنے کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔ ہم نے بہترین فارمیٹ میں کارکردگی دکھانی ہے۔
کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ 2 ماہ کا آف ملا تھا اور پھر ہماری بین الاقوامی کرکٹ شروع ہوئی۔ بہترین ٹیم کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کریں گے اور اچھی ٹیم تسلسل کے ساتھ ہی کھیلتی ہے جبکہ ٹیم بنانے کے لیے تو مسلسل موقع لینا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے کھلاڑیوں کو تسلسل سے کھلانا ہو گا اور ٹیم نے ماڈرن کرکٹ میں خود کو منوایا ہے۔

آسٹریلیا میں دنیا کا سب سے بڑا اور قدیم آبی پودا دریافت

آسٹریلیا : (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں دنیا کا سب سے بڑا اور قدیم پودا دریافت کرلیا گیا، پینتالیس سو سال پرانے پودے کا حجم بیس ہزار فٹ بال میدانوں کے برابر ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ ویسٹرن آسٹریلیا کے ساحلوں میں ایک ہی بیج سے اگا سی گراس کا یہ پودا 180 مربع کلو میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے، ماہرین کے مطابق وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ’شارک بے‘ کے علاقے میں دریافت کیے گئے اس پودے میں کتنے مزید پلانٹس اُگے ہیں اور ان کی ماہیت کیا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق ایسی نباتات کے مطالعہ سے ماحول اور ایکو سسٹم کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے جبکہ عالمی درجہ حررات میں اضافے اور ماحولیاتی تبدیلوں کو بارے میں کئی راز افشا ہو سکتے ہیں۔
یہ نسل عام طور پر گارڈن کی طرح ایک سال میں 35 سینٹی میٹر تک بڑھتی ہے۔ اس طرح محققین کا اندازہ ہے کہ اسے اپنے موجودہ سائز تک پھیلنے میں چار ہزار پان سو سال لگے ہیں۔

بجٹ میں مختلف وزارتوں کیلئے ترقیاتی فنڈز میں کمی کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئندہ مالی سال مختلف وزارتوں کے لیے ترقیاتی فنڈز میں کمی کیے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی بجٹ 23-2022 میں حکومت کو مشکل معاشی حالات کا سامنا رہے گا اور آئندہ مالی سال مختلف وزارتوں کے لیے ترقیاتی فنڈز میں کمی کیے جانے کا امکان ہے۔وفاقی بجٹ 23-2022 میں ترقیاتی بجٹ کا حجم بھی کم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مالی سال 23-2022 میں ترقیاتی بجٹ 700 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ رواں مالی سال ترقیاتی بجٹ کا حجم 900 ارب روپے رکھا گیا تھا۔ ترقیاتی بجٹ آئندہ مالی سال میں رواں مالی سال کے مقابلے میں 22 فیصد کم ہو گا۔
آئندہ مالی سال میں پاور ڈویژن کے لیے 50 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز ہے اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے لیے آئندہ بجٹ میں 120 ارب روپے رکھے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔ آئندہ مالی سال میں این ایچ اے کا بجٹ رواں بجٹ کے مقابلے میں 6 ارب روپے کم ہو گا۔
ذرائع کے مطابق ضم شدہ اضلاع کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے 40 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں اور ضم شدہ اضلاع کے لیے رواں مالی سال کے مقابلے میں 14 ارب روپے کی کمی ہو گی۔ ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے آئندہ مالی سال کے لیے 30 ارب روپے کی تجویز ہے جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے لیے آئندہ بجٹ میں اضافے کا امکان بھی ہے۔ وزیر اعظم کی جانب سے ایچ ای سی کے لیے بجٹ میں کٹوتی نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تجاویز کو حتمی منظوری اور مزید جائزے کے لیے پلان کوآرڈینشن کمیٹی میں پیش کیا جائے گا اور پلان کو آرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 4 جون کو طلب کیا گیا ہے۔

کراچی میں ایمبولنس سروس 1122 کا افتتاح

کراچی : (ویب ڈیسک) تاخیر سے سہی، کراچی والو کی سن لی گئی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ایمبولنس سروس ڈبل ون، ڈبل ٹو کا افتتا ح کردیا۔ پہلے مرحلے میں پچاس ایمبولنسز کراچی پہنچی ہیں، عملے کی تقرری اور تربیت کا عمل بھی شروع کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ ری ہیبلٹیشن نے 50 جدید ایمبولنسز محکمہ صحت سندھ کے حوالے کردیں ہیں، سندھ انٹیگریٹڈ ایمرجنسی اینڈ ہیلتھ سروس کے تحت شہر میں چلنے والی ایمبولنس سروس کو سندھ ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کا نام دیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ 230 ایمبولنسز میں سے پہلے مرحلے میں 50 ایمبولنسز کراچی آئی ہیں۔ ایمبولنسز کو ورلڈ بینک کے تعاون سے خریدا گیا ہے۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ہیڈ ناجے بھیسن کا کہنا تھا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر ہے۔ ان حالات میں اس سروس کا شروع کیا جانا ضروری تھا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اگلے مرحلے میں پولیس، فائر بریگیڈ سروس اور ایمبولنسز کو ایک ہی نمبر پر یکجا کرنے کا ارادہ ہے۔ ایمبولنس سروس کو چلانے کے لیے اسٹاف کی تقرری اور ٹریننگ کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

کوئٹہ : عدالت نے گریڈ 20 کے افسر کو اربوں کی کرپشن پر جیل بھجوا دیا

کوئٹہ : (ویب ڈیسک) کوئٹہ کی احتساب عدالت نے بلوچستان کے گریڈ 20 کے ایک اور حاضر سروس افسر کواربوں روپے قومی خزانے کونقصان پہنچانے کے جرم میں قید اورجرمانے کی سزا سنا کر جیل بھجوا دیا۔
ترجمان کے مطابق نیب بلوچستان نے کچھ عرصہ قبل حاضر سروس ڈی جی خزانہ اینڈ اکاونٹس و سابق ڈی جی پسنی فش ہاربرعلی گل کرد کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تو دوران تفتیش ثابت ہوا کہ ملزم نے شہر کے مہنگے علاقے سمنگلی روڈ پر کمرشل پلازے بنا رکھے ہیں۔ مزید تحقیقات کے نتیجے میں ملزم اوراسکے بیٹے کے نام کوئٹہ اور مستونگ میں کئی ایکڑ اراضی، 90فلیٹس، شادی ہال اور 25 دکانیں سامنے آئیں۔ جس پرنیب بلوچستان نے ملزم کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ آفتاب احمد لون کی عدالت میں دائر کرایا۔
عدالت نے ٹرائل کے بعد ملزم کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں اور دلائل کی روشنی میں حاضر سروس افسر سابق ایم ڈی پسنی فش ہاربر علی گل کرد کو 63 کروڑ روپے جرمانے، 7 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی ہے جبکہ شہر کے مہنگے علاقے میں اربوں روپے مالیت کے کمرشل پلازے اور ایکڑوں اراضی بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ عدالت کے فیصلے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا۔

کراچی : جیل چورنگی کے قریب سپر سٹور میں آتشزدگی، ایک شخص زخمی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں جیل چورنگی کے قریب سپر سٹور میں آتشزدگی سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔
فائر بریگیڈ کی تیرہ گاڑیاں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، حکام نے آگ تیسرے درجے کی قرار دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ایسٹ کے مطابق عمارت میں بنے فلیٹس میں مقیم افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے۔
چیف فائر افسر کا کہناہے کہ بلڈنگ کے پچھلے حصے سے احتیاطی طور پر دیوار توڑی جارہی ہے۔ آگ کے شوللں تک پہنچ چکے ہیں جلد قابو پالیں گے تاہم حتمی وقت نہیں دے سکتے۔

‘کسی قانون میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ کسی بھی قانون میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا گیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے داؤد غزنوی کی درخواست پر سماعت کی۔ پٹیشنر کی جانب سے عارف چودھری ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ گزشتہ حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا، نئی ترمیم خلاف آئین ہے۔
عدالت نے کہا جو پہلے ترمیم تھی وہ بھی یہی تھی۔ اب والی ترمیم میں زیادہ وضاحت دی گئی ہے۔ لوگ باہر سکونت رکھتے ہیں، دونوں ترامیم ان کے حقوق کو ختم نہیں کر رہیں۔ بادی النظر میں گزشتہ حکومت کی ترمیم سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نہیں تھی۔
عارف چودھری ایڈووکیٹ نے عدالتی استفسار پر بتایا نوے لاکھ لوگ بیرون ملک میں مقیم ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا ایک جواب دے دیں، نوے لاکھ بیرون ملک پاکستانی کس حلقے میں ووٹ دیں گے؟ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کےطریقہ کار کو اداروں نے طے کرنا ہے عدالت نے نہیں۔ ملک کے آئینی اداروں اور پارلیمنٹ کا احترام کریں۔ کیس کی مزید سماعت تین جون تک ملتوی کردی گئی۔

انٹر بینک میں ڈالر مزید سستا، سٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان

کراچی : (ویب ڈیسک) انٹر بینک میں ڈالر سستا ہونے سے روپے کی قدر میں مزید بہتری کا عمل جاری ہے، انٹر بینک میں آج ڈالر 66 پیسے سستا ہو کر 197 روپے 80 پیسے کا ہوگیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سے پاکستانی روپے کی قدر میں بہتری آرہی ہے، آج بھی انٹر بینک میں ڈالر 66 پیسے سستا ہونے کے بعد 197 روپے 80 پیسے کا ہو گیا، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 197 روپے 50 پیسے کا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج کاروبار کا منفی آغاز رہا، پی ایس ایکس ہنڈریڈ انڈیکس 153 پوائنٹس کم ہوکر 42 ہزار 924 پر موجود ہے۔

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس، معاملے کو مزید التواء کا شکار نہیں بننے دینگے، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست پر کہا کہ ایسا تاثر جارہا ہے کہ دانستہ معاملہ لٹکایا جارہا ہے، معاملے کو مزید التواء کا شکار نہیں بننے دینگے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں تحریک انصاف کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ آپ نے آج فنڈز کا موازنہ مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، ہم تو مزید سننے کو تیار ہیں، پی ٹی آئی فنڈز پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں، اس موقع چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ کے فنانشل ایکسپرٹ کو مزید کتنا وقت چاہیے؟ وکیل انور منصور نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں کیس اسلام آباد ہائیکورٹ کے کیس پر اثر انداز ہورہا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے تک الیکشن کمیشن سکروٹنی کا عمل مؤخر کرے۔
وکیل کے دلائل پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا الگ دائرہ اختیار ہے، پہلے ہی یہ کیس کئی سال سے زیر التواء ہے، بین الاقوامی سطح پر اس کیس کی وجہ سے پی ٹی آئی کا خراب تاثر جارہا ہے۔
وکیل انور منصورنے کہا کہ کل فنانشل ایکسپرٹ کے ساتھ بیٹھ کر بتا دوں گا مزید کتنا وقت چاہیے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا یہ ریکارڈ سمجھانا پانچ منٹ کا کام ہے، ہمیں آپ کا ریکارڈ ذبانی یاد ہو چکا ہے، الیکشن کمیشن معاملے کو مزید التوا کا شکار نہیں کرے گا، کل تک بتائیں دلائل مکمل کرنے میں مزید کتنا وقت لگے گا۔
بعدازاں چیف الیکشن کمشنر نے کیس کی مزید سماعت کل ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کردی۔

حکومت الیکشن شیڈول کا اعلان کرے ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں، فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کوئی عزت دار شخص موجودہ سسٹم کے ذریعے عہدہ قبول نہیں کرے گا۔ حکومت الیکشن شیڈول کا اعلان کرے ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بغیر حکومت کے چل رہا ہے اور حمزہ شہباز غیر قانونی طریقے سے وزیراعلیٰ بنے ہیں۔ حمزہ شہباز کا مقدمہ روزانہ کی بنیاد پر چلنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر ری الیکشن کا آرڈر کریں اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ نہیں رہے اور حمزہ شہباز کے پاس اب اکثریت بھی نہیں رہی۔ پنجاب کے لوگوں کو آئینی حق سے محروم نہ کیا جائے۔کوئی عزت دار شخص موجودہ سسٹم کے ذریعے عہدہ قبول نہیں کرے گا۔
فواد چودھری نے کہا کہ کوئی عزت دار شخص موجودہ سسٹم کے ذریعے عہدہ قبول نہیں کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 224 کو معطل کر دیا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ کسی طرح غیر آئینی انداز سے حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ رہنے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کوئی شدت پسند گروہ نہیں اور ایسا نہیں ہوتا کہ بات چیت نہ کریں بلکہ آپ پہلے الیکشن کا شیڈول دیں پھر ہم بات چیت کریں گے اور الیکشن کی ٹرمز اور فریم کے لیے بیٹھیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم مذاکرات کے ذریعے ہی آگے بڑھنا چاہتے ہیں تاہم اب اسپیکر کے پاس کوئی اختیار نہیں کہ وہ ہمیں طلب کر کے ہماری رائے لیں اور جب اسپیکر کے پاس رائے لینے کا اختیار ہی نہیں تو اراکین ان کے پاس کیوں جائیں۔

پی ٹی آئی منحرف خاتون رکن کا الیکشن کمیشن فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کی منحرف خاتون رکن پنجاب اسمبلی عائشہ نواز نے الیکشن کمیشن فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا، فیصلہ کالعدم قرارد دینے استدعا بھی کردی۔
عائشہ نواز کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ قانون کے بر خلاف کیا گیا ،الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ فیصلوں میں طے کردہ اصولوں کی خلاف ورزی کی۔پارٹی سربراہ کا ڈیکلریشن قانون کے مطابق نہیں ۔الیکشن کمیشن فیصلے میں پارٹی سربراہ اور پارلیمانی سربراہ کے عہدوں میں تفریق نہیں کی گئی ۔پی ٹی آئی کی جانب سے قانون کے مطابق شوکاز نوٹس جاری نہیں کیے گئے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ گزشتہ تاریخوں سے شوکاز جاری کئے گئے قانون کے مطابق شوکاز نوٹس جاری کرنا لازم ہےاراکین پنجاب اسمبلی کو پی ٹی آئی سربراہ کی ووٹ کیلئے جانب سے کوئی ہدایات نہیں تھیں۔ ریفرنس دائر کرنے والے شخص نے اپنی ہار کی وجہ سے ریفرنس دائر کئے۔ الیکشن کمیشن فیصلے کو کالعدم قرار اور سپریم کورٹ کے فیصلے تک الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا جائے۔

ترکی اور پاکستان کو باہمی سرمایہ کاری کیلئے رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا: وزیراعظم

انقرہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکی نے صدر اردوان کی قیادت میں زبردست ترقی کی ہے، پاکستان اور ترکی کو باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورترکی کے درمیان قریبی تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، برصغیر کے مسلمانوں نے ترکی کی جنگ آزادی کیلئے بھرپور تعاون کیا۔ ترک قوم کبھی اپنےدوستوں کونہیں بھولتی، ترکی نے زلزلے، سیلاب اور قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ ترکی کی برآمدات 270 ارب ڈالرسے بڑھ گئی ہیں، ترکی نے اپنے انفراسٹرکچر کو بہت ترقی دی ہے۔ پاکستان مختلف شعبوں خصوصا صنعت میں ترکی کے تجربات سےاستفادہ کرنا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، عوامی روابط بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، ٹیکسٹائل انڈسٹری کے شعبے میں تعاون کیا جا سکتا ہے، ترک تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔