4 ہزار 732 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل، وزیراعظم کی ایف بی آر کو مبارکباد

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایف بی آر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر نے 4 ہزار 732 ارب روپے کےٹیکس محاصل کا ہدف حاصل کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکس ہدف گزشتہ سال کی نسبت 18 فیصد زیادہ ہے، ٹیکس اہداف اس بات کا ثبوت ہے کہ معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہے۔

 دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ 18 فیصد اضافے کے ساتھ پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ ایکسپورٹ کا ہدف اس سال حاصل ہوگیا، اگر سروس سیکٹر کو شامل کریں تو یہ 31 ارب ڈالر سے زیادہ کی ایکسپورٹ ہیں، آئندہ سالوں میں پاکستان کا ایکسپورٹر پاکستان کے معاشی استحکام کا اہم ستون ہوگا۔

’پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں 360 ارب روپے کمی متوقع ہے‘ – وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ مؤثر حکومتی اقدامات سے پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں 360 ارب روپے کمی متوقع ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ حکومت نے گردشی قرض کے معاملے پر کامیابی سے قابو پالیا، مالی سال 21-2020 میں گردشی قرض میں صرف 177 ارب روپے اضافہ ہوا جب کہ اس سے پچھلے مالی سال میں یہ اضافہ 538 ارب روپے تھا ۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن کو گیس سپلائی بھی بہتر ہوگئی ہے اورکمپنی کو دی جانے والی ایک ارب 15 کروڑ مکعب فٹ یومیہ گیس میں سے صرف 80 لاکھ مکعب فٹ یومیہ کا فرق رہ گیا ہے، یہ کنر پساکھی فیلڈ کی بروقت سالانہ مرمت اور دیگر فیلڈز سے اضافی گیس دینے سے ممکن ہوا۔

ایل پی جی کی قیمت میں 19 روپے فی کلو اضافہ

لاہور:  پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے بعد عوام کیلئے ایک اور بری خبر ہے، ایل پی جی کی قیمت میں 19 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا۔

ماہ جولائی کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ایل پی جی 19روپے فی کلو مہنگی ہوگئی، گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 244روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 863 روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔

پہلی بار گرمیوں میں ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ایل پی جی غریب کا فیول ہے۔ قیمت تاریخ کی بلند سطح تک پہنچ گئی۔

کوئٹہ کے علاقے ایئرپورٹ روڈ پر دھماکا،3 سیکیورٹی اہلکار زخمی، ہسپتال منتقل

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے علاقے ایئرپورٹ روڈ دھماکے میں 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اس قدر زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ ذرائع کے مطابق دھماکے سے گاڑی میں بھی آگ لگ گئی۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے پورا علاقہ سیل کرکے دھماکے کے شواہد اکھٹے کرنے شروع کر دیئے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ دھماکے میں 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہیں جنھیں امدادی ٹیموں نے ایمبیولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا، صورتحال کے پیش نظر سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

زلفی بخاری کا بلاول پر ہتک عزت کا نوٹس، 10 کروڑ پاؤنڈ ہرجانے کا دعویٰ

اسلام آباد: وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے دورہ اسرائیل سے متعلق بیان پر بلاول بھٹو زرداری پر ہتک عزت کا دعوی کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق زلفی بخاری نے اپنے وکیل کے ذریعے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوایا ہے، جس میں انہوں نے دورہ اسرائیل سے متعلق خبروں پر بیان دینے پر بلاول بھٹو زرداری کو 100 ملین پاؤنڈ کا ہتک عزت کا دعویٰ کردیا۔

اپنی ٹوئٹ میں زلفی بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ناسمجھی کے باعث وہ سب بول جاتے ہیں جو انہیں بتایا جائے۔ انہوں نے حال ہی میں میرے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیان دیا ہے۔ جس پر انہوں نے اپنے قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد نوٹس نھیجنے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے زلفی بخاری کے دورہ اسرائیل کی خبروں پر کہا تھا کہ حکومت زلفی بخاری کے مبینہ دورہ اسرائیل کی تفصیلات سامنے لائے۔

نوٹس کا پس منظر

چند روز قبل اسرائیلی اخبار میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نومبر 2020 میں پاکستانی وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔ وہ لندن سے بذریعہ اسرائیل پہنچے تھے اور تل ابیب میں انہوں نے اسرائیلی وزارت خارجہ کے عہدیداروں سے ملاقات کرکے انہیں پاکستانی حکام کا پیغام پہنچایا تھا۔ اسی خبر کو ایک نیوز ویب سائیٹ ’مڈل ایسٹ مانیٹر‘ نے بھی شائع کیا تھا۔
غلط خبر شائع کرنے پر زلفی بخاری نے “مڈل ایسٹ مانیٹر ” کو بھی قانونی نوٹس بھیجا تھا، جس پر ویب سائٹ نے معافی مانگی تھی۔

ندا ڈار ٹی ٹوئنٹی میں 100 وکٹیں لینے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئیں

ندا ڈار نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرلیا۔

گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی 34 سالہ کرکٹر پہلی پاکستانی اور دنیا کی پانچویں خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

ندا ڈار نے یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں حاصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ خوشی ہے وکٹوں کی سینچری مکمل کی، زیادہ خوشی ہوتی اگر پاکستان بھی میچ جیت جاتا۔

فوڈ سیکیورٹی ہمارے لیے قومی سلامتی کا مسئلہ بن سکتی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے ملک کے فوڈ سیکیورٹی کو سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں 40 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں۔

اسلام آباد میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے اپنی قوم کو آنے والے مسائل سے بچانا ہے تو اس کے لیے زراعت کا شعبہ بہت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 40 فیصد بچے غذا کی کمی کی وجہ سے معمول کے مطابق نشو ونما نہیں کرپاتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پہلی مرتبہ پروگرام لے کر آرہے ہیں اور ان مسائل سے متعلق ہے، ہم جب آئے تو پتہ چلا کہ بچوں کو دودھ بھی خالص نہیں مل رہا اور اس میں مختلف اشیا ملائی جارہی ہیں، جب خالص کرنے کی کوشش کی گئی تو دودھ کی قیمیتیں بڑھ گئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جب غلط راستے پر چڑھا تو جس طرح منشیات لینے والے کو نشہ ہوتا ہی اسی طرح ہمیں بھی امداد کی عادت ہوگئی ہے، اللہ نے ہمیں اتنے مواقع دیے، یہاں 12 موسم ہیں اور ہم کچھ بھی اگا سکتے ہیں لیکن کبھی اس طرف ہم نے سوچا ہی نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اگر ہم اسی طرح چلتے رہے تو فوڈ سیکیورٹی اتنا بڑا مسئلہ بن جائے گا کہ ہمارے لیے قومی سلامتی کا مسئلہ بن جائے گا، قوم میں 15 یا 20 فیصد لوگ بھوکے رہ گئے تو وہی قوم کو نیچے لے جانے کے لیے کافی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج سے فیصلہ کر رہے ہیں کہ آگے ہمیں فوڈ سیکیورٹی کا مسئلہ نہ ہو بلکہ ہم غذائی اجناس برآمد کریں گے، ہمارے پاس اللہ نے بے شمار مواقع دیے ہیں اور ہم کچھ بھی اگا سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ نہ صرف کسان کی مدد کرنی ہے بلکہ تحقیق کرکے بتانا ہے کہ کس علاقے میں کیا اگا سکتے ہیں، سی پیک میں زراعت کو شامل کیا ہے اور چین کی تیکنیک لے کر آئیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین نے غربت ختم کیا تو سب سے زیادہ زور چھوٹے کسانوں پر دیا تھا اور دیہات میں غربت ختم کی، اسی طرح ہم بھی چھوٹے کسان کی مدد کریں گے کیونکہ ان کے پاس وسائل نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کو قرضے دینے کا پروگرام شروع کیا، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کسان کارڈ کا پروگرام زبردست منصوبہ ہے، جس کے تحت کسانوں کو براہ راست قرضے ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چولستان اور بلوچستان، سابق فاٹا کے ضم اضلاع میں زمین خالی پڑی ہے، ہمارا کام ہے کہ ساری دنیا سے کسانوں کے لیے جدید مشینری اور تیکنیک لے آئیں گے اور انہیں بتائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے پھل اور سبزیاں اسٹوریج اور ٹرانسپورٹیشن کے باعث 30 فیصد ضائع ہوجاتی ہیں، کسان اور مارکیٹ کے درمیان رکاوٹیں ہیں لیکن اس کو ختم کرنے کے لیے نئی چیزیں لے کر آئیں گے اور کوشش کریں گے کہ کسان خوش حال ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کسان کو خوش حال کرتے جائیں گے تو ملکی پیداوار بڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا ایمان ہے کہ اللہ نے اس ملک کو خاص مقصد کے لیے بنایا اور ان شااللہ دنیا میں اس کا ایک بڑا مقام ہوگا، قائد اعظم اور علامہ اقبال نے اس کے لیے خواب دیکھا تھا تو عام ملک کا خواب نہیں دیکھا تھا بلکہ کہا تھا کہ مثالی ریاست بنے گی، جہاں انصاف ہوگی اور ایک خود دار ملک بنے گا۔

پاکستان ٹیلیویژن کے آرٹسٹ محمد انور اقبال بلوچ رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے

پاکستان ٹیلیویژن کے سینئر ترین آرٹس محمد انور اقبال بلوچ رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلیویژن کے سینئر ترین آرٹس محمد انور اقبال بلوچ کی نماز جنازہ بیت المکرم مسجد میں بعد نماز عشاء ادا کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اداکار انور اقبال بلوچ کی تدفین میوا شاہ قبرستان میں کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے بھی آج میرے مؤقف پر مہر لگادی ہے ، عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بھی آج میرے مؤقف پر مہر لگادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے عثمان بزدار کے الیکشن کمیشن کا نوٹس ملنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے نوٹس بھیجنے والے کو خود دو نوٹس مل گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کو پہلا نوٹس 9 مئی اور دوسرا نوٹس 8 جون کو ملا ہے ، جس کا جواب ابھی تک نہیں دیا گیا،دوسروں سے حساب مانگنے والوں کا یوم حساب قریب ہے۔

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے عثمان بزدار کو اثاثوں میں واضع فرق پر نوٹس بھیجے ہیں،ان کے اثاثوں میں سو گنا اضافہ ہوا ہے ، الیکشن کمیشن نے بھی وہی بات کی جو میں نے اپنی پریس کانفرنس میں کی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عثمان بزدار کے 2018میں اثاثے اور تھے اور آج ان میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے ،  عثمان بزدار تونسہ سے لاہور طاہر بشیر چیمہ کی پراڈو پر پہنچے لیکن آج عثمان بزدار پچاس گاڑیوں کے پروٹوکول کے ساتھ تونسہ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزدار صاحب کو ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا ، ابھی جعلی شراب لائسنس اور گندم کی چوری اور چینی سبسڈی اور ڈکیتی میں حصہ وصولی کا بھی حساب دینا ہے۔

پاکستان کسی دباؤ پر چین سے تعلقات تبدیل نہیں کریگا: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد:  وزیراعظم نے کہا ہے کہ چین نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا، پاکستان کسی دباؤ پر چین سے تعلقات تبدیل نہیں کرے گا، خطے میں چین اور امریکا میں اختلافات کی وجہ سے پیچیدگیاں پیدا ہوتی ہیں، دوست ملک سے اقتصادی، تجارتی اور سیاسی تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں، سی پیک کا اگلا مرحلہ پاکستان کیلئے بہت حوصلہ افزا ہے، امید ہے چینی صنعت سی پیک کے خصوصی زونز کی طرف متوجہ ہوگی، پاکستان میں لیبر سستی ہے، امید ہے چینی صنعتکار متوجہ ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے چینی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین کو کمیونسٹ پارٹی کی 100 سالہ تقریبات پر مبارکباد دیتا ہوں، پاکستان میں چینی صدر کو جدید دور کا سیاستدان سمجھا جاتا ہے، چینی صدر کی کرپشن کیخلاف جنگ سے پاکستانی متاثر ہیں، چینی صدر کی انسداد بدعنوانی مہم مؤثر اور کامیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات انتہائی گہرے اور قریبی ہیں، میڈیا اور ثقافتی تعلقات اتنے قریبی نہیں جتنے سیاسی تعلقات ہیں، آج کی ملاقات کا مقصد میڈیا رابطوں کو فروغ دینا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ چین کا بڑی تعداد میں لوگوں کو غربت سے نکالنا بڑا کارنامہ ہے، چین نے چند سالوں میں 70 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا، چین نے غربت کے خاتمے کا اعلان کیا جو غیر معمولی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں کسی نظام میں تبدیلی بہت مشکل ہے، کمیونسٹ پارٹی کی کامیابی طویل مدت منصوبہ بندی ہے، انتخابی جمہوریت میں صرف 5 سال کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے، ہم چین سے زراعت کے شعبے میں تعاون کے خواہاں ہیں، پاکستان زرعی ملک ہے اور ہم چین سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ چینی صدر اور وزیراعظم نے دیہات کی سطح سے جدوجہد شروع کی، چینی صدر اور وزیراعظم 30 سالہ جدوجہد سے اس مقام تک پہنچے ہیں، امریکی صدر کو اس قسم کی سخت محنت اور جدوجہد سے نہیں گزرنا پڑتا، چینی قیادت جب اعلیٰ عہدے پر پہنچتی ہے تو انہیں تجربہ حاصل ہوچکا ہوتا ہے، چینی قیادت نظام کو مکمل سمجھتی ہے، انہیں پتہ ہوتا ہے نچلی سطح پر لوگ کیسی زندگی بسر کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ چین غربت کے خاتمے میں کامیاب رہا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کوکبھی کم نہیں کرے گا، جتنا بھی دباؤ ہو ہمارے تعلقات تبدیل نہیں ہوں گے، سی پیک سے اقتصادی مستقبل وابستہ ہے، تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، سنکیانگ کے حوالے سے مغربی میڈیا اور چین کے مؤقف میں فرق ہے، ہم چینی مؤقف کو تسلیم کرتے ہیں، کشمیر سمیت دنیا میں ناانصافی کے متعدد واقعات ہوئے مگر کوئی توجہ نہیں دیتا، کشمیر کے حوالے سے مغربی میڈیا میں بہت کم کوریج ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو ملک ترقی کرتا ہے اس کا کھیلوں کا شعبہ بھی ترقی کرتا ہے، جب ادارے مضبوط ہوتے ہیں تو اس ملک کے کھیل کو بھی فروغ ملتا ہے۔

جنوبی پنجاب صوبےکیلئےہرفورم پرآوازاٹھاؤں گا،جہانگیرترین

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبےکیلئےہرفورم پرآوازاٹھاؤں گا۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے کہا کہ میراکسی جماعت سےرابطہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر قربانی دینے کو تیار ہیں،اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا چاہیے ، تمام پارٹیوں نے بڑے بڑے وعدے کیے ، زندہ رہا تو جنوبی پنجاب صوبہ بنا کر رہوں گا۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیا م میں رکاوٹ ڈالنےوالوں کوڈھونڈیں ، امیدہےشوکت ترین نےجووعدےکیےعوام کوفائدہ ہوگا ، شوکت ترین سمجھداروزیرخزانہ ہیں۔

ہم پر دھونس جمانے والوں کا سر دیوار چین پر مار کر پاش پاش کردیں گے، چینی صدر

بیجنگ: چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ اگر غیر ملکی طاقتوں نے چین پر اپنا تسلط  دھونس جمانے کی کوشش کی تو ہم ان کا سر دیوار چین پر مار کر پاش پاش کردیں گے۔

کمیونسٹ پارٹی کے 100 سال مکمل ہونے پر سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو بھی چین پر اپنا تسلط اور دھونس جمانے نہیں دیں گے، قومی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے کسی کو بھی چینی قوم کی صلاحیتوں کو نظر انداز نہیں کرناچاہیے تاہم اگر غیر ملکی طاقتوں نے چین پر اپنا تسلط یا دھونس جمانے کی کوشش کی تو ہم ان کا سر دیوار چین پر مار کر پاش پاش کردیں گے۔

چینی صدر نے کہا کہ صرف سوشلزم میں ہی چین کی بقا اور ترقی ہے، ہم اپنی خود مختاری، سیکیورٹی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کے لیے قابل اعتماد اور زبردست صلاحیتوں سے آراستہ ہیں تاہم ملکی دفاع اور مسلح افواج کو مزید جدید خطوط پر استوار کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

عمران خان آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہے ہیں: شیخ رشید

راولپنڈی:  شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان آزاد کشمیر میں حکومت بنانے جا رہے ہیں، وزیراعظم میرپور، راولاکوٹ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے، امید ہے آزاد کشمیر میں بہت سے مخالف امیدوار کاغذات واپس لے لیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن کیلئے کردار ادا کیا، وزیراعظم نے کہا ہم امن کیلئے امریکا کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ایک کروڑ تک ہوسکتے ہیں، مستقبل میں ملکی سالمیت کی سیاست ہونے جا رہی ہے۔