سول ایوی ایشن اتھارٹی کا پاکستانی مسافروں کیلئے پریشانی کا سبب بننے والی ائیرلائنز کو نوٹس

کراچی: پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) نے حالیہ ہفتوں میں پروازوں کی منسوخی کے ذریعے مسافروں کے لیے تکلیف کا باعث بننے پر غیر ملکی ائیرلائنز بشمول قطر ائیر ویز، ترکش ائیر لائن، امارات ائیر لائن ، اتحاد ائیر ویز اور فلائی دبئی کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق متاثرہ پاکستانی مسافروں کو رہائش کھانے اور مالی نقصان کی صورت میں تکلیف اور ذہنی تناؤ کا شدید سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی ائیر لائنز کو 8 جولائی تک مسافروں کے تمام مسائل حل کرنے کی مہلت دی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں غیر ملکی ائیر لائنز کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مسافروں کو ٹکٹوں کی رقوم کی واپسی اور ہونے والے نقصانات کے ازالے کو معاوضے کی صورت میں یقینی بنایا جائے۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ ائیر لائنز پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے جلد از جلد پرواز اور  رہائش کی سہولت کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر سول ایوی ایشن اتھارٹی ان ائیر لائنز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا حق رکھتی ہے۔

کراچی میں پانی کی فراہمی کے تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں گے، صدرِ مملکت

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کراچی میں پانی کی فراہمی کے تمام منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرِ صدارت کراچی میں پانی کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں پانی کی قلت کے حل کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں پانی کے حوالے سے جاری منصوبوں پر ہونے والے پیشرفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، کراچی کو روزانہ 1100 سے 1200 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی کیلئے پانی کے منصوبے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر مکمل کرنے کی ضرورت ہے، کراچی کے مسائل کا جلد حل اور شہریوں کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور مربوط کوششوں سے مسائل کا جلد حل ممکن ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی و پٹرولیم حماد اظہر، ممبر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی، سی ای او حبکو، کامران کمال اور دیگراعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور ممبر سندھ اسمبلی سمر خان نے آن لائن شرکت کی۔

عالمی ادارہ صحت کی اسکولوں میں کورونا ٹیسٹ کروانے کی تجویز

عالمی ادارہ صحت نے اسکولوں میں کورونا ٹیسٹ کروانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہےکہ ریموٹ ایجوکیشن کے نقصان دہ اثرات سے بچنے کے لیے اسکولوں میں کورونا کے ٹیسٹ ہونے چاہییں۔

اس سے قبل اسکولوں میں صرف اس وقت اسکریننگ کی ہدایات تھیں جب وہاں کورونا کے کیسز ظاہر ہوں تاہم اب عالمی ادارہ صحت کا ماننا ہے کہ اسکولوں میں اسٹاف اور بچوں میں علامات نہ ہونے پر بھی وہاں کورونا کے پی سی آر  ٹیسٹ یا  ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ کیے جانے چاہییں۔

عالمی ادارہ صحت کے علاقائی ڈائریکٹر  برائے یورپ ہنس کلوج کا یونیسف اور یونیسکو کے ہمراہ جاری کردہ بیان میں کہنا تھا کہ موسم گرما کے مہینوں کی وجہ سے حکومتوں کے پاس موقع ہے کہ وہ صحیح اقدامات اٹھائیں تاکہ انفیکشن کی شرح میں کمی آسکے اور اسکولوں کی بندش ختم ہوسکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکولز کی بندش کی وجہ سے بچوں اور نوجوانوں کی تعلیم کا بہت نقصان ہوا اور وہ ذہنی دباؤ کا بھی شکار ہوئے۔

ہنس کلوج کے مطابق ہم عالمی وبا کو اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ ہمارے بچوں کی تعلیم و ترقی میں رکاوٹ کا باعث بنے۔

مارک کیونڈش نے ٹور ڈی فرانس کا چھٹا مرحلہ بھی جیت لیا

مارک کیونڈش نے مشہور زمانہ ٹور ڈی فرانس کا چھٹا مرحلہ بھی جیت لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادرے کے مطابق ٹور ڈی فرانس سائیکلنگ ریس کے چھٹے مرحلے میں سائیکلسٹ نے ٹورز سے شیتو ہوتک 160.6کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا ۔

مارک کیونڈش نے مقررہ فاصلہ 3 گھنٹے 17 منٹ اور 36 سیکنڈ میں پورا کرتے ہوئے اسٹیج اپنے نام کر لیا ۔

واضح رہے کہ مارک کیونڈش اپنے کیرئیر میں ٹورڈی فرانس کے مجموعی طور پر 32 مرحلے جیت چکے ہیں۔

مارک کیونڈش بیلجیئم کے ایڈی مرک کے 34 اسٹیجز جیتنے کے عالمی  ریکارڈ سے صرف دو فتوحات کے فاصلے پر ہیں۔

سندھ میں شادی ہال، سینما اور تھیٹر کھولنے کا اعلان

سندھ حکومت نے ایس او پی کے ساتھ شادی ہال، سینما اور تھیٹر کھولنے اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں کورونا پابندیوں میں مزید نرمی کرتے ہوئے ہالز میں شادی بیاہ کی تقاریب پر عائد پابندی ختم کردی گئی۔

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) فیصلوں کے تحت محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نئے فیصلوں کا اطلاق 31جولائی تک ہوگا۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سماجی فاصلوں اور ماسک کےساتھ شادی ہالز میں تقاریب کا انعقاد ہوسکے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آؤٹ ڈور شادی ہال میں تقریب میں 400 افراد شرکت کرسکتے ہیں جبکہ ان ڈور شادی کی تقریب میں 200 افراد شرکت کرسکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شادی ہال میں موجود عملے کی ویکسین بھی لازمی ہے جبکہ شادی ہال کا عملہ تقریب میں شرکت کرنے والوں کے ویکسین سرٹیفکیٹ بھی چیک کرے گا۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ریسٹورنٹ ان ڈور اور آؤٹ کھولنے کی اجازت ہے، رات 12 بجے تک ریسٹورنٹ کھولے جاسکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کلچر ، میوزیکل کنسرٹ پر پابندی ہے جبکہ واٹر پارک ، کبڈی وغیرہ پر بھی پابندی برقرار ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے ایس او پی کے ساتھ سینما اور تھیٹر کھولنے کی اجازت دے دی جس کے تحت سینما ، تھیٹر رات ایک بجے تک کھولے جاسکتے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہفتے میں ایک روز تجارتی مراکز بند رہیں گے جبکہ چھوٹے بڑے سماجی، ثقافتی و مذہبی عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہےگی۔

موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں

امریکا سے موڈرنا ویکسین کی 25 لاکھ خوراکیں اسلام آباد پہنچا دی گئیں۔

امریکی سفارتخانے کے مطابق موڈرنا ویکسین امریکا کی جانب سے عطیہ کی گئی ہے۔

امریکی سفارتخانہ کی ناظم الامور اینجلا پی ایگلر کا جیو نیوز سے گفتگو میں کہنا تھاکہ امریکانے کورونا ویکسین پاکستان بھجوائی اور ویکسین پاکستان پہنچنا، باہمی اشتراک داری کے بغیر ممکن نہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ویکسین پاکستان کے حوالے کر دی گئی ہے  جبکہ وبا میں مدد کیلئے پاکستان کو 50 ملین ڈالرزعلیحدہ فراہم کیے تھے تاہم ویکسین کے معاملے پرپاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔

دوسری جانب ایسٹرازنیکا ویکسین کی مزید خوراکیں بھی رواں ماہ ملنے کا امکان ہے۔

امریکا نے 20 برس بعد بگرام ائیربیس افغان فوج کے حوالے کر دی

افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلا جاری ہے اور امریکا نے 20 سال بعد بگرام ائیربیس افغان حکام کے حوالے کر دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے اعلیٰ حکام نے بگرام ائیربیس مکمل طور پر افغان نیشنل سکیورٹی ڈیفنس فورس کے حوالے کر دی ہے۔

امریکی حکام نے نام نا ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ افغانستان میں امریکی کمانڈر جنرل آسٹن ملر کے پاس اب بھی امریک فورسز کے تحفظ کے اختیارات اور صلاحیت موجود ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق بگرام ائیر بیس سے فوجی انخلا واضح اشارہ ہے کہ افغانستان میں موجود 2500 سے 3000 امریکی فوجی افغانستان چھوڑ چکے ہیں یا چھوڑنے کے قریب ہیں۔

خیال رہے کہ 2001 میں افغانستان پر حملے کے بعد امریکا نے القاعدہ اور طالبان کے خلاف کارروائیوں کے لیے بگرام ائیربیس کو اپنا مرکز بنایا تھا اور افغان جنگ کے عروج کے دور میں بگرام ائیر بیس میں تقریباً ایک لاکھ امریکی فوجی تعینات تھے۔

امریکی صدر جو بائیڈن 11 ستمبر تک افغانستان سے مکمل فوجی انخلا کی ڈیڈ لائن دے چکے ہیں جبکہ سابق افغان صدر حامد کرزئی امریکی فوج کے انخلا کو شکست قرار دے چکے ہیں۔

کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کی نظربندی میں توسیع کی استدعا مسترد

لاہور ہائیکورٹ کے نظر ثانی بورڈ نے کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی نظر بندی میں توسیع کی استدعا مسترد کردی۔

کالعدم تنظیم کے سربراہ سعد رضوی، ان کے دو ساتھیوں عثمان اور وزیر علی کو پولیس نے لاہور ہائیکورٹ کے نظر ثانی بورڈ کے روبرو پیش کیا۔

جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس صداقت علی خان پر مشتمل نظر ثانی بورڈ نے بند کمرے میں سماعت کی۔

نظر ثانی بورڈ نے محکمہ داخلہ کی جانب سے نظر بندی کی مدت میں توسیع کی استدعا مسترد کر دی۔

سماعت کے بعد سعد رضوی کے وکیل برہان معظم کا کہنا تھا کہ نظربندی میں ابھی کچھ دن باقی ہیں، دیگر مقدمات میں ضمانتیں دائر کرنے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

آصف زرداری کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

سابق صدر  آصف علی زرداری کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز ہونے کے باعث انہیں ڈاکٹروں کی ہدایت پر اسپتال میں داخل کروایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع ایک نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ڈاکٹرز کے ان کے طبی معائنے کے لیے مختلف نمونے حاصل کر لیے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد اور بختاور بھٹو خاوند محمود چوہدری کے ہمراہ دبئی سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔

ویڈیو چیئرمین نیب کو کہیں کا نہیں چھوڑے گی: سعید غنی

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے قومی احتساب بیورو کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ویڈیو  چیئرمین نیب کو کہیں کا نہیں چھوڑے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی ایک ویڈیو حکومت کے پاس ہے جس پر انہیں نچایا جا رہا ہے، ویڈیو کی آڑ میں حکومت ان سے کیا کیا کروا رہی ہے، چیئرمین نیب سلیکٹڈ حکومت سے سر سے پاؤں تک بلیک میل ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب قانون کا سب سے غلط استعمال چیئرمین کررہے ہیں، چیئرمین نیب کی کارروائیوں کی وجہ سے لوگوں نے خودکشی کی، چیئرمین نیب ویڈیو کی وجہ سے بلیک میل ہو رہے ہیں تو انہیں یہ عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں حلیم عادل شیخ کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہا ہوں، چیئرمین نیب کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہی ہے، میں کہہ رہا ہوں حلیم عادل کا نام ای سی ایل میں ڈالو تو انہیں تکلیف ہو رہی ہے، نیب کو خدشہ تھا کہ اینٹی کرپشن حلیم عادل کو گرفتار کر لے گی اس لیے کیس پر بیٹھ گئی۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ نیب نے مجھے دھمکی دی تھی، میں کہتا ہوں آکر دیکھیں مجھے، آپ غلط آدمی کےساتھ پنگا لے رہے ہیں پنگا نہ لیں، میں تو پہلی پیشی میں کہوں گا پورے سال کا ریمانڈ لے لو، جھوٹے مکاروں کا مقابلہ کروں گا۔

وزیر تعلیم سندھ کا نیب قانون کو سیاہ اور ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب نے جو بدمعاشی مچائی ہوئی ہے وہ نہیں چلے گی، نیب کی غیر قانونی دخل اندازی کی وجہ سے حکومتیں اپنا کام نہیں کر پا رہیں، نیب اور ملکی معیشت ساتھ نہیں چل سکتے، حکومت کو روز کے معاملات چلانے میں مشکلات آرہی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نیب کے قوانین میں اگر بہتر تبدیلی ہو سکتی ہے تو ہونی چاہیے۔

سعید غنی کا کہنا تھا اعجاز جاکھرانی کی گرفتاری کے موقع پر نیب کے ساتھ جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اعجاز جاکھرانی نے بھی نیب اہل کاروں پر حملے کا نہیں کہا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، آصف زرداری اور اعجاز جاکھرانی کے ساتھ ناانصافی اور انتقامی کارروائی ہو رہی ہے۔

امریکہ نے بگرام ائیر بیس 20 برس بعد افغان فورسز کے حوالے کر دی

کابل:  افغانستان سے غیر ملکی افواج کا انخلا جاری ہے، امریکا نے 20 سال بعد بگرام ائیربیس افغان فورسز کے حوالے کر دی۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی فورسز کا مکمل انخلا قریب ہے، امریکا نے بیس سال بعد بگرام بیس کا چارج چھوڑا، صوبہ پروان میں قائم یہ ائیر فیلڈ کابل سے 69 کلومیٹر دور ہے، افغان جنگ کے عروج کے دور میں بگرام ائیر بیس میں ایک لاکھ امریکی فوجی تعینات تھے۔ امریکی صدر جو بائیڈن 11 ستمبر تک افغانستان سے مکمل فوجی انخلا کی ڈیڈ لائن دے چکے ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکہ نے 2001 میں افغانستان پر حملہ کیا تھا جس کے دوران طالبان اور القاعدہ کے خلاف کارروائیوں کیلئے بگرام ائیر بیس کو مرکز بنایا تھا، اس دوران بگرام ائیر بیس پر ایک لاکھ کے قریب امریکی فوجی تعینات کئے گئے تھے۔

پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ برائے 22-2021 کا اعلان کردیا

پی سی بی  نے مینز سینٹرل کنٹریکٹ برائے 22-2021 کا اعلان کردیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق کنٹریکٹ میں تین مختلف کٹیگریز اور ایمرجنگ کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔

تفصیلات میں  بتایا گیا ہے کہ  بابراعظم ، حسن علی ، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کٹیگری اے میں شامل ہیں جبکہ  اظہر علی ، فہیم اشرف ، فخر زمان ، فواد عالم ، شاداب خان اور یاسر شاہ کٹیگری بی میں شامل ہیں ، اسکے علاوہ سی کٹیگری میں عابد علی ، امام الحق ، حارث رؤف ، محمد حسنین ، محمد نواز ، نعمان علی اور سرفراز احمد شامل ہیں۔

عمران بٹ ، شاہنواز دہانی اور عثمان قادر کو ایمرجنگ کٹیگری میں شامل کرلیا گیا ہے۔

وہیں دوسری جانب ناقص کارکردگی پر 9 کھلاڑیوں سے سینٹرل کنٹریکٹ واپس لیا گیا ہے جن میں  وسیم خان ، اسد شفیق ، حیدر علی ، حارث سہیل ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، محمد عباس ، نسیم شاہ ، شان مسعود اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹ سے خارج ہونے والے 9 کھلاڑیوں کے لیے دروازے کھلے ہیں اور وہ پلانز کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی ماہوار آمدنی میں 25 فیصد اضافہ اور تمام کٹیگریز کے لیے یکساں میچ فیس مقرر کردی گئی ہے۔

عوام بدعنوان عناصر کا کڑا احتساب چاہتے ہیں، بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کرپشن کاخاتمہ اور بدعنوان عناصر کا کڑا احتساب چاہتے ہیں،لوگ چاہتےہیں کہ ملک لوٹنےوالوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے۔

عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرپٹ عناصرنے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ملک کو لوٹنے والے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دور میں کرپشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، تحریک انصاف کی کرپشن کیخلاف جدوجہد نتیجہ خیز ثابت ہورہی ہے،کرپشن کیخلاف جنگ میں سربلند رہنے پر وزیراعظم کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کرپشن کرنیوالوں کیساتھ نہیں، دیانتدار قیادت ہی ملک کو مسائل سے نکالے گی، نئے پاکستان میں شفافیت کے مینار قائم ہوں گے۔