یوم تکبیر؛ 23 سال قبل آج کے دن پاکستان نے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا،آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آربابر افتخار نے یوم تکبیرپرکہا کہ 23 سال قبل آج کے دن پاکستان  خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا۔

یوم تکبیرپرڈی جی آئی ایس پی آربابر افتخارنے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان نے 23 سال قبل آج کے دن اپنی جوہری طاقت کا مظاہرہ کیا، مسلح افواج اورقوم خواب کی تکمیل میں حصہ لینے والے تمام افراد کوخراج تحسین پیش کرتی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آرنے کہا کہ آج کے دن پاکستان نے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا، پاکستان نے کم ازکم قابل اعتماد ایٹمی ڈیٹرنس برقراررکھتے ہوئے طاقت کا توازن قائم کیا۔

واضح رہے کہ پڑوسی ملک بھارت 1974 میں ہی ایٹمی تجربہ کر کے خطے میں ایٹمی اسلحہ کی دوڑ شروع کرچکا تھا جس نے مئی 1998 میں ایک مرتبہ پھر ایٹمی دھماکے کئے تاکہ پاکستان پر دباؤ ڈالا جاسکے جس کے جواب میں پاکستان نے بھی 28 مئی 1998 کو صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے مقام پر 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کوبھرپور جواب دیا۔

رواں مالی سال مظبوط معاشی گروتھ رہی ہے، اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ رواں مالی سالترسیلا زر میں 34 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ رواں مالی سال معاشی گروتھ مضبوط رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ دوہزار چار اور دوہزار پانچ کے بعد رواں سال معیشت میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے صنعتیں بری طرح متاثر ہوئی ہے لیکن حکومت کی جانب سے صنعتوں کیلئے پیکج کے اچھےاثرات سامنے آئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا ہے کہ سالانہ منصوبہ بندی کمیٹی میں آئندہ سال کے پلان کی منظوری دے دی گئی ہے اور یہ پلان آئندہ ہفتے وزیر اعظم کے پاس اقتصادی کونسل میں پیش کیا جائے گا۔

 اسد عمر نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کیلئے معاشی گروتھ 4.8 فیصد رکھنے کا ہدف ہے، تعمیراتی شعبے میں بھی آئندہ مالی سال کے دوران گروتھ میں اضافہ ہو گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کے دوران 26 ارب 80 کروڑ ڈالر برآمدات کا ہدف ہے جبکہ آئندہ مالی سال ترسیلات کا ہدف 31 ارب تیس کروڑ ڈالر ہوگا۔

بشارالاسد شام کے ایک بار پھر صدر منتخب، 95 فیصد ووٹ حاصل کئے

دمشق:  بشارالاسد شام کے ایک بار پھر صدر منتخب ہو گئے ہیں، اُنہوں نے 95 فیصد ووٹ حاصل کئے۔

بشارالاسد چوتھی مرتبہ سات سالہ مدت کیلئے صدر منتخب ہوئے ہیں، انہوں نے 1 کروڑ 30 لاکھ ووٹ حاصل کئے جبکہ ووٹنگ کی شرح 78 فیصد رہی۔ ان کے مدمقابل امیدوار اور حکومت کے باغی اتحاد نیشنل فرنٹ کے سابق سیکرٹری جنرل محمود احمد ماری صرف3.1 فیصد ووٹ حاصل کر سکے جبکہ سوشلسٹ نینسٹ پارٹی کے عبداللہ سلم عبداللہ 1.5 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

امریکی حمایت یافتہ کردوں کے علاقے ادلب میں الیکشن کا بائیکاٹ کیا گیا۔ بشارالاسد کے مخالفین اور مغربی ممالک نے انتخابات میں دھوکہ دہی کاالزام عائد کیا ہے۔

وزیر خارجہ عراق کے تین روزہ دورے پر روانہ

عراقی ہم منصب کی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی عراق کے تین روزہ دورے پر روانہ ہوگئے ہیں۔

دورہ عراق کے دورا ن وزیر خارجہ، عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ خصوصی ملاقات سمیت اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ، مسلم امہ کو درپیش چیلنجز سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ عراقی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں ہر سال “زیارات کیلئے عراق آنے والے زائرین” کی مشکلات اور ان کی سہولت کے لئے اقدامات کے حوالے سے بھی تبادلہ ء خیال کریں گے۔

عراقی قیادت کے ساتھ دو طرفہ سیاسی و دفاعی تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہو گی۔

وزیر خارجہ کا یہ دورہ ء عراق، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں مسلم ممالک کے ساتھ اعلیٰ سطحی روابط کے فروغ کی ایک کڑی ہے۔

توقع ہے کہ وزیر خارجہ کے اس دورہ ء عراق سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کیا جائیگا

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کیا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک مانیٹری کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں آئندہ 2 ماہ کے لئے نئی مانیٹری پالیسی کے حوالے سے مشاورت کی جائیگی۔

بعد اجلاس اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے  بذریعہ پریس ریلیز نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا جائیگا۔

خیال رہے کہ اس وقت ملک میں شرح سود 7 فیصد پر ہے۔

اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ 10ویں روز بھی جاری مظاہرے

سرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ 10ویں روز بھی جاری مظاہرے
داتا گنج بخش زون ملازمین نے اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیاکوکا کولا کی درجنوں بوتلیں ضائع، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی
صرافہ یونین زیلدار روڈکا کوکا کولا کی بوتلیں پھینک کر احتجاج ، یہودیوں کو فائدہ حاصل نہیں ہونے دیں گے

پاکستان کا مستقبل صنعت میں ہے، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مستقبل صنعت میں ہے جس کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

نوشہرہ میں رشکئی اسپیشل اکنامک زون کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ‘پاکستان کا مستقبل صنعت میں ہے، ملک کی ترقی صنعت کے بغیر نہیں ہوسکتی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘رشکئی اکنامک زون سی پیک کے اندر ہے جو خوش آئند بات ہے اور یہ خوش آئند اس لیے ہے کیونکہ آج چین، دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیزی سے ترقی کرنے والا ملک ہے، اس کی ترقی سے ہم سب سے زیادہ سیکھ سکتے ہیں، مغربی ممالک کی صنعتیں پرانی ہیں اس لیے پاکستان ان سے زیادہ نہیں سیکھ سکتا’۔

عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو رشکئی اکنامک زون کے متعلق انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘اس کی زمین کسی صورت فروخت نہ کی جائے بلکہ کم قیمت پر لیز پر دیا جائے، کیونکہ یہ زمین فروخت کی گئی تو یہ ریئل اسٹیٹ بننے کا خطرہ ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان میں برآمدات میں اضافے کے لیے صنعتیں لگانے کی ضرورت ہے، چین کی برآمدات میں اضافہ صنعتیں لگانے سے ہوا اور جب تک برآمدات میں اضافہ نہیں ہوتا ملک ترقی نہیں کرے گا’۔

وزیراعظم نے کہا کہ ‘اسپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو سہولت دیں گے، سرمایہ کاروں کے لیے جتنی آسانیاں ہوں گی اتنی زیادہ سرمایہ کاری ہوگی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے ملک کو مشکل وقت نکالا ہے اور جب اس مشکل وقت سے معیشت کو نکال رہے تھے تو کورونا آگیا، مجھ پر لاک ڈاؤن کے لیے دباؤ ڈالا گیا، اگر مکمل لاک ڈاؤن لگا دیتا تو آج ملک کا بھارت جیسا حال ہوتا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ملک ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے اور اچھا وقت آنے والا ہے، صنعت بھی چل پڑی ہے، بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات زر بھیجی ہیں، اب ملک میں ڈالر زیادہ آرہے ہیں اور باہر کم جارہے ہیں’۔

بی جے پی حامیوں نے کورونا معاملے پر بے حسی دکھانے پر مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

بھارت حکم ران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور مودی کے احمقانہ فیصلوں کی وجہ سے قبرستان میں تبدیل ہوتا جارہا ہے،  کمبھ میلے اور انتخابات میں بی جے پی کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی دھجیاں بکھیری گئی، جن کا خمیازہ بھارتی عوام اب تک بھگت رہے ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق نریندرا مودی کی وجہ سے کورونا وائرس کی ہلاکت خیزی میں اضافے نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے وفادار کارکنوں اور ہمدردوں کو بھی مودی سے متنفر کردیا ہے۔ کورونا کے معاملے پرمودی کی بے حسی کی وجہ سے ان کے حامی انہیں آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اب وہ کبھی مودی کو ووٹ نہیں دیں گے۔

اکشے کاپاکستان مخالف ڈائیلاگ ختم نہ کرنے پر فلم چھوڑنے کا اعلان

بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے پاکستان کے خلاف فلم میں نامناسب زبان استعمال کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے فلم میں پاکستان کے خلاف زہر اگلنے سے صاف انکار کردیا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کما رنے  فلم ’اب تمہارے حوالے وطن ساتھیو‘ میں پاکستان کے خلاف نہ صرف نامناسب زبان استعمال کرنے سے انکار کیا بلکہ دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسکرپٹ سے پاکستان مخالف لائنز ختم نہیں کی گئیں تو میں فلم چھوڑ دوںگا۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ میں آئے روز پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر متعدد فلمز بنتی رہتی ہیں۔

سندھ حکومت چاہے تو رینجرزکی مدد دینے کو تیار ہیں، وزیر داخلہ شیخ رشید

کراچی:  وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم سندھ میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے، سندھ حکومت چاہے تو رینجرزکی مدد دینے کو تیار ہیں، کراچی میں آپریشن ہو گا نہ گورنر راج لگے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم یا وزارت داخلہ کا آپریشن سے کوئی تعلق نہیں، ڈاکو راج کا خاتمے کیلئے تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ اگر سندھ حکومت مدد کے لیے کہے گی تو کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی آیا ہوں، یہاں تمام اداروں کے سربراہان سے ملاقات ہوئی۔ وفاق اور صوبائی حکومت مل کر ڈاکوؤں سے نمٹیں گے۔ امن وامان کا قیام صوبے کا مسئلہ ہے۔ سندھ حکومت چاہے تو رینجرز کی مدد دینے کو تیار ہیں۔ رینجرز کن علاقوں میں چاہیے یہ صوبائی حکومت کی صوابدید ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کو جتنا اسلحہ چاہیے فراہم کریں گے۔ ڈاکو راج ختم کرنے کیلئے ڈرون سمیت ہر قسم کا اسلحہ دیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ شکار پور کی صورتحال سے خود نمٹنا چاہتے ہیں۔ سندھ حکومت کو جہاں مدد کی ضرورت پڑی کریں گے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی وزیراعلیٰ سندھ سے اہم ملاقات میں صوبہ میں امن وامان کی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خاتمے کیلئے آپریشن ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی نے بتایا کہ پاکستان خطرناک ممالک کی فہرست میں چھٹے نمبر پر تھا، اب 126 پر آ گیا ہے۔ سندھ میں پہلے کانوائے کے ساتھ سفر کرتے تھے، 2007ء میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے سخت آپریشن کرکے ہائی وے کلئیر کروائے۔ کراچی میں امن و امان خراب ہونے کی وجہ سے نوگو ایریا بن گئے تھے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پورا سندھ گڈو سے کوٹری بیراج تک کچا ہے۔ 5 سے 6 کلومیٹر گھنا جنگل ہے۔ 23 مئی کو پولیس نے 8 مغویوں کو بازیاب کرانے کیلئے شکار پور میں آپریشن کیا۔ بکتر بند گاڑی خراب ہونے کے باعث ڈاکوؤں نے حملہ کیا، جس میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے شیخ رشید سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ وزیر داخلہ ہیں، جب چاہیں آ جائیں، ہم مل کر کام کریں گے، آپ کو سندھ میں ویلکم کرتے ہیں۔

اس پر وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ کسی بھی چیز کی ضرورت پڑے، وزارت داخلہ مہیا کرے گی، رینجرز حاضر ہے، جب چاہے سندھ حکومت ان کی آپریشن میں خدمات لے سکتی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ حساس ساز و سامان چاہیے، ان کا بندوبست سندھ حکومت کر رہی ہے، ہم جلد کچے کے ایریا سے ڈاکؤوں کا صفایا کر دیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ امن و امان سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم مدد کرنے کیلئے تیار ہیں، ڈاکوؤں کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات درج کرائے جائیں۔

پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ میچز کیلئے ٹیمیں ابوظہبی روانگی کیلئے تیار

لاہور:  پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کیلئے ٹیمیں ابوظہبی روانگی کیلئے تیار ہو گئیں، بھارت اور جنوبی افریقہ کے براڈ کاسٹرز کو انٹری سے انکار پر بورڈ حکام نے متبادل آپشنز پر غور شروع کر دیا۔

لاہور اور کراچی ایئرپورٹس پر پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں شرکت کیلئے کھلاڑی پہنچ گئے ہیں، 25 ارکان کو تاحال ویزوں کا انتظار ہے۔ اس سے پہلے ایونٹ کے بقیہ میچز مشکلات میں پڑتے دکھائی دینے لگے تھے، بھارتی اور جنوبی افریقہ کے براڈکاسٹرز کو ابو ظہبی آمد پر مسائل کا سامنا کرنا پڑا جس پر پی سی بی حکام اور فرنجائز مالکان کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا۔ ویڈیو لنک اجلاس میں ابو ظہبی میں منعقد ہونے والے بقیہ میچز پر بات ہوئی، انتظامی معاملات طے پائے جانے پر ایونٹ کروانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب پی ایس ایل ایونٹ پہلے بھی معطل کیا جاتا رہا ہے جس پر شائقین مایوسی کا شکار نظر آئے۔ تاہم پی سی بی نے فرنچائز مالکان کے ساتھ آج ہونے والے اجلاس میں بولڈ فیصلے کئے ہیں جس سے کرکٹ کی جیت اور کورونا کی ہار ہو گی۔

امریکہ کا فلسطین کے لئے امداد کا اعلان

امریکہ کی جانب سے فلسطین کے لئے 360 ملین ڈالر امداد کا اعلان کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے 38 ملین ڈالر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غزہ اور مغربی پٹی کو مہیا کیے جائیں گے۔

 اسکے علاوہ امریکہ یو ایس ایڈ کے تحت پچھتر ملین ڈالر فلسطینی عوام کے لئے مختص کیے گئے ہیں جبکہ خطے میں تشدد کے تدارک کے لئے بھی دس ملین ڈالر رکھے جائیں گے۔

وزیراعظم کی مصری صدر سے گفتگو، مقبوضہ فلسطین سے اسرائیل کی مکمل واپسی پر زور

وزیر اعظم عمران خان نے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ٹیلی فونک گفتگو اور فلسطین کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی فورسز کی مکمل واپسی کا مطالبہ کیا۔

وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ‘عمران خان نے بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی افواج کی مکمل واپسی، فلسطینیوں کو ان کا حق خودارادیت دینے سمیت ان کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق دو ریاستی حل کے طور پر ایک آزاد، فعال اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر زور دیا، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو’۔

عمران خان نے فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت بند کرانے کے لیے مصر اور اس کی قیادت کے اہم کردار کو سراہا۔

وزیر اعظم نے بے گناہ فلسطینیوں بالخصوص خواتین اور بچوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور رمضان المبارک کے دوران مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے فوری اور منصفانہ حل کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے غزہ کی موجودہ صورتحال کو فلسطینیوں کے لیے کھلی جیل قرار دیا۔

عمران خان نے مسلم امہ کے درمیان یکجہتی اور مسلمانوں اور بالخصوص غیر ملکی قبضے کے شکار مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے پلیٹ فارم کے ذریعے اجتماعی سوچ اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

فلسطینی عوام کی آواز اٹھانے کے لیے پاکستان کی حالیہ کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔